Tag: KPK

  • مشعال خان کے قتل میں ملوث مزید 2 ملزمان گرفتار

    مشعال خان کے قتل میں ملوث مزید 2 ملزمان گرفتار

    مردان: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مردان میں عبد الولی خان یونیورسٹی کے طالب علم مشعال خان کے قتل کے الزام میں مزید 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ کیس میں گرفتار ملزمان کی تعداد 36ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق عبد الولی خان یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ عامہ کے طالب علم مشعال کے قتل کیس میں پیشرفت جاری ہے۔ پولیس نے مزید 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اشفاق خلجی کو ویڈیو کے ذریعے شناخت کیا گیا۔ مشعال قتل کیس میں سیکیورٹی انچارج بلال بخش سمیت گرفتار ملزمان کی تعداد 36 ہوگئی ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل مشعال کے قتل کے حوالے سے کچھ ویڈیوز بھی منظر عام پر آچکی ہیں جن میں سے کچھ قتل سے پہلے اور کچھ قتل کے بعد کی ہے۔

    ایک ویڈیو قتل سے پہلے کی ہے جس میں مشتعل ہجوم مشعال کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ دوسری ویڈیو میں قتل کے بعد یونیورسٹی کے طالب علموں کا جتھا ایک دوسرے کو مبارکباد دیتا اور ایک دوسرے سے قاتل کا نام نہ بتانے کا حلف لیتا دکھائی دے رہا ہے۔

    ایک اور ویڈیو میں مشتعل طلبا یونیورسٹی سے باہر جانے والی گاڑیوں میں مشعال کی لاش تلاش کر رہے ہیں تاکہ بہیمانہ تشدد سے اسے موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد اس کی لاش کو بھی جلا دیا جائے۔

    مجسٹریٹ کے سامنے ایک ملز م سدیس نے اعتراف جرم کرلیا تاہم 7 ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔ مشعال قتل کیس کے مرکزی ملزمان تاحال گرفتار نہیں کیے جاسکے۔

    یاد رہے کہ 13 اپریل کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر مردان کی عبدالولی یونیورسٹی میں ایک مشتعل ہجوم نے طالب علم مشعال خان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

    مشعال پر توہین رسالت کا الزام لگایا گیا تاہم چند روز بعد انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود نے بتایا کہ مشعال کے خلاف توہین رسالت سے متعلق کوئی شواہد نہیں ملے۔

    مزید پڑھیں: توہین مذہب کا الزام عائد کرنے والوں کو تعلیم کی ضرورت ہے، امام کعبہ

    بعد ازاں کیس کے مرکزی ملزم وجاہت نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے واقعے کی تمام تر ذمہ داری یونیورسٹی پر ڈال دی تھی۔ ملزم کا کہنا تھا کہ ایسا کرنے کے لیے جامعہ کی انتظامیہ نے کہا تھا۔

    ملزم کے مطابق انتظامیہ نے اسے کہا کہ مشعال اور ساتھیوں نے توہین رسالت کی ہے جس پر ملزم نے یونیورسٹی انتظامیہ کے کہنے پر طالب علموں کے سامنے مشعال اور ساتھیوں کے خلاف تقریر کی، تقریر میں کہا کہ ہم نے مشعال، عبداللہ اور زبیر کو توہین کرتے سنا ہے۔

    مشعال کے قتل کے خلاف قومی اسمبلی میں بھی مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

    دوسری جانب چند روز قبل سپریم کورٹ میں مشعال خان کے قتل کی ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کو جوڈیشل کمیشن بنانے سے روک دیا۔ آئی جی خیبر پختونخواہ نے مکمل رپورٹ مرتب کرنے کے لیے مزید مہلت مانگ لی۔

  • مشال قتل کیس، یونیورسٹی کے سات ملازمین کو معطل کردیا گیا

    مشال قتل کیس، یونیورسٹی کے سات ملازمین کو معطل کردیا گیا

    مردان : عبد الولی خان یونیورسٹی کی انتظامیہ نے مشال خان قتل کیس میں یونیورسٹی کے 7 ملازمین کو معطل کر کے تنخواہیں روکنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عبد الولی خان یونیورسٹی مردان کی انتظامیہ نے مشال خان قتل کیس کی تفتیش مکمل ہونے تک سات ملازمین کو معطل کردیا ہے اور ان ملازمین کی تنخواہیں بھی روک دی گئی ہیں۔


    *مشال کو مارنے کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا، مرکزی ملزم کا اعتراف


    ذرائع کے مطابق معطل کیے گئے ملازمین میں سپرنٹنڈنٹ افسرخان، اسٹورکیپرشہزاد، اسسٹنٹ اجمل، سینئرکلرک حنیف احمد آفس اسسٹنٹ انس علی،علی خان اور نواب علی شامل ہیں جنہیں ویڈیوز دیکھ کر شناخت کیا گیا ہے۔

    معطل کیے گئے سات ملازمین میں سے تین کو پہلے ہی حراست میں لیا جا چکا ہے جب کہ بقیہ ملازمین کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی ان ملازمین کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔


    میرے بیٹے کو بے رحمی سے قتل کیا گیا، مشال کی والدہ*


    یاد رہے کہ 13 اپریل کو عبدالولی یونیورسٹی مردان میں ایک مشتعل ہجوم نے طالب علم مشال خان پر اہانت مذہب کا الزام لگا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

    اس پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس میاں ثاقب نثار نے بھی مشال خان کے بہیمانہ قتل کا از خود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا کو 36 گھنٹے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • ہماری حکومت آئی تو کرپشن سے پکڑا تمام پیسہ تعلیم پرخرچ کریں گے، عمران خان

    ہماری حکومت آئی تو کرپشن سے پکڑا تمام پیسہ تعلیم پرخرچ کریں گے، عمران خان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کےچیئر مین عمران خان کا کہنا ہے کہ وفاق میں ہماری حکومت آئی تو کرپشن سے پکڑا تمام پیسہ تعلیم پرخرچ کریں گے۔ میں آج جو پڑھا لکھا ہوں وہ صرف اپنی ماں کی وجہ سے ہوں۔

    اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا حکومت نے 40ہزاراساتذہ میرٹ پربھرتی کئے، سیاسی بھرتیاں اور کوٹے پر اساتذہ کو بھرتی نہیں کیا گیا، ایم این اے بنا تو چائے والے نے کہا مجھے ٹیچر بھرتی کرادیں، خیبر پختونخوا حکومت نے سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پرخرچ کیا، پختونخوا حکومت کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ انگلش میڈیم اسکول صرف اعلیٰ تعلیم کے لئے ہونا چاہئے، لوگوں کو معاشرے کے مطابق تعلیم دی جانی چاہئے، اس سے بڑا ظلم اور کیا ہوگا کہ اساتذہ سفارش پر بھرتی ہوں، سیاسی بنیادوں پر بھرتی کچھ اساتذہ بیرون ملک کام کررہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ مدرسے کے ٹیچرز کو ٹریننگ دینے کی بات کی تو ملک میں شور مچ گیا، ہمیں تعلیم کو ترجیح دینا ہوگی، اس پرپیسہ خرچ کرنا ہوگا، حکومت میں آکر کرپشن سے پکڑا گیا پیسہ تعلیم پر خرچ کریں گے۔


    مزید پڑھیں : پہلی بار خیبر پختونخواہ میں غیر حاضر اساتذہ کو سزا دی جا رہی ہے، عمران خان


    پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ سوا 2کروڑ بچے آج بھی اسکولوں سے باہر ہیں، نوجوان اس لئے بے روزگارہیں کیوں کہ انکواچھی تعلیم نہیں ملتی، بدقسمتی سے جان بوجھ کرملک میں تعلیم کونظرانداز کیا گیا، خیبرپختونخوا میں بننے والے 70فیصدادارے خواتین کے لئے ہیں، میں آج جو پڑھا لکھا ہوں وہ صرف اپنی ماں کی وجہ سے ہوں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے لئے زیاہ سے زیادہ وسائل استعمال کرنے چاہئیں، انگریزی کے ذریعے بچوں کو اپنے کلچر سے دور نہیں کرنا چاہتے ہیں۔

    عمران خان نے یہ بھی کہا کہ نمل یونیورسٹی میں 75 فیصد بچے اردو میڈیم سے آتے ہیں، نمل یونیورسٹی میں اردو میڈیم سے آنے والے بچوں کا کردار متاثرکن ہے۔

  • خیبرپختونخواہ میں مردم شماری کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ

    خیبرپختونخواہ میں مردم شماری کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ

    پشاور: پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مردم شماری کے لیے پولیس کو تاحال فنڈ نہیں ملے ہیں، جس کے باعث انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مشکلات آڑے آرہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فنڈزکی عدم ادائیگی کی وجہ سے خیبرپختونخواہ میں مردم شماری متاثر کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے،  مکمل منصوبے کی سیکیورٹی سمیت دیگراخراجات کے لئے پولیس نے صوبائی حکومت 525.427 ملین روپے مانگ لئے ہیں.

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس نے ڈی پی اوزکی رپورٹ پرتفصیلات سے آگاہ کیا ہے.

    مردم شماری کے فیزون میں 16 ہزار اہلکار ڈیوٹیاں دیں گے جبکہ فیز ٹو میں 15 ہزار اہلکار اپنے فرائض سرانجام دیں گے، فیزون کے تحت 11 اضلاع میں مردم شماری شروع کی جائے گی.

    انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے لیے پولیس کو تاحال فنڈ نہیں ملے ہیں، جس کے باعث انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مشکلات آڑے آرہی ہیں۔

    مزید پڑھیں:قبل ازمردم شماری دھاندلی روکنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے‘ فاروق ستار

    واضح رہے کہ چند روز قبل سربراہ ایم کیوایم ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا تھا کہ غلط مردم شماری کی وجہ سے سندھ کے شہری عوام میں احساس محرومی پایا جاتا ہے، ہم نے احساس محرومی ختم کرنے کے لئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے.

  • فاٹا کے اختیارات گورنرخیبر پختونخوا کے پاس ہونگے, پرویزخٹک

    فاٹا کے اختیارات گورنرخیبر پختونخوا کے پاس ہونگے, پرویزخٹک

    پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں فاٹا کے انضمام کا خیر مقدم کرتے ہیں، فاٹا کے لوگ بھی تیار ہیں کہ ہمارا سسٹم وہاں رائج کیا جائے، اختیارات فاٹا سیکریٹریٹ میں نہیں بلکہ سب اختیارات گورنر کے پاس ہونگے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پرویز خٹک نے کہا کہ فاٹا اصلاحات میں کچھ غلطیاں بھی ہیں اس حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھیں گے، مجھے نہیں معلوم فاٹا سے متعلق مسودہ دیگر جماعتوں نے پڑھا بھی ہے یا نہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پنجاب سے شکایات آئی ہیں کہ وہاں کے پختونوں سے ناانصافی ہورہی ہے، ہم کل لاہورجارہے ہیں، پنجاب میں پختونوں کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جارہا ہے اس کا جائزہ لیں گے، پنجاب کےحاکم سمجھتے ہیں کہ ہم اس ملک کاحصہ نہیں۔

    انہوں نے سوال کیا کہ اگر پختون پاکستانی ہیں تو صرف ان کو ہی رجسٹرڈ کیوں کیا جارہاہے؟ رجسٹریشن کرنی ہے تو بلاتفریق سب کی ہونی چاہئیے، ہمارے پاس شناختی کارڈ ہے اور یہی ہماری نشانی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ کے پی کے کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ جیتنے پر پشاور زلمی کو مبارک باد دیتا ہوں، جمعرات کے روز پشاور زلمی کی ٹیم کو دعوت دی ہے، تقریب میں کھلاڑیوں کو تحائف دیئے جائیں گے۔

  • خیبرپختونخوا اسمبلی میں جہیز کی لعنت کے خاتمہ کے لئے بل پیش

    خیبرپختونخوا اسمبلی میں جہیز کی لعنت کے خاتمہ کے لئے بل پیش

    پشاور : خیبرپختونخوا اسمبلی میں جہیز کی لعنت کے خاتمہ کے لئے بل ایوان میں پیش کر دیا گیا، جس کے تحت تحائف سمیت ولیمہ اور دیگر اخراجات 75 ہزار روپے مالیت سے زیادہ نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر اسد قیصر کے زیر صدارت منعقدہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں خواتین اراکین کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر مہرتاج روغانی اور راشدہ رفعت نے جہیز کی لعنت کے خاتمہ کے لئے بل ایوان میں پیش کیا۔

    جس کے تحت دلہن کے والدین کو جہیز پر مجبور کرنے والوں کو دو ماہ قید اور تین لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا، نکاح اور بارات میں مہمانوں کی تواضع صرف مشروبات سے کی جائے گی جبکہ ولیمہ میں چاول، گریوی اور سویٹ کے علاوہ دیگر ایشاء پکانے پر پابندی عائد ہوگی۔

    اسی طرح والدین یا دیگر رشتہ دار دلہن کو جہیز کی بجائے صرف تحائف دے سکیں گے، جن کی مالیت بھی دس ہزار روپے سے زائد نہیں ہوگی۔

    بل کے مطابق جہیز کی مد میں نقد رقم یا دیگر لوازمات رکھنے پر دلہن اور دلہے کے والد یا سربراہ کے خلاف قانونی کاروائی ہوگی۔

  • خیبرپختونخواہ کے 31 تعلیمی ادارے حساس قرار

    خیبرپختونخواہ کے 31 تعلیمی ادارے حساس قرار

    پشاور: وفاقی محکمہ داخلہ نے صوبہ خیبر پختوانخواہ کے ڈھائی درجن سے زائد تعلیمی اداروں کوحساس قرار دے دیا، حساس قراردیے جانے والے اداروں میں ویمن یونیورسٹی بھی شامل ہے.

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ نے صوبہ خیبرپختوانخواہ 31 تعلیمی اداروں کوحساس قرار دے دیا ہے ، فہرست محکمہ داخلہ کی جانب سےقانون نافذ کرنے والے اداروں کوارسال کردی ہے.

    فہرست میں حساس قرار دیے گئے31 نجی اورسرکاری تعلیمی ادارے شامل ہیں محکمہ داخلہ کی جانب سے16 جامعات اور 15 کالجز کو حساس قراردیا گیا ہے، حساس قراردی جانے والی جامعات میں ویمن یونیورسٹی بھی شامل ہے.

    یہاں پڑھیں:سانحہ آرمی پبلک اسکول کو دو برس بیت گئے

    واضح رہے دسمبر 2014 میں پشاور میں‌ واقع آرمی پبلک اسکول میں ناخوشگوار پیش آیا تھا، جس میں پاکستان کے مستقبل کے 134 چراغ گل ہوگئے تھے.

    بعد ازاں نیشنل ایکشن پلان مرتب ہوا تھا اورآپریشن ضرب عضب عمل میں آیا تھا، اسی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر فوجی عدالتوں کا قیام بھی عمل میں آیا تھا.

    یہاں پڑھیں:پشاورمیں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظراسکول بند کردئیے گئے

    یاد رہے کہ اسی افسوس ناک واقعے کے پیش نظر کے پی کے کے دارالحکومت پشاور میں اسکولوں کو بند کردیا گیا تھا.

  • کرپشن کی باتیں کرنے والے خیبربینک لوٹ کرکھا گئے، سعد رفیق

    کرپشن کی باتیں کرنے والے خیبربینک لوٹ کرکھا گئے، سعد رفیق

    صوابی : وزیر ریلو ے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کرپشن کی باتیں کرنے والے خیبربینک لوٹ کرکھا گئے، چین نے وزیراعظم پراعتماد کرتے ہوئے سی پیک کا تحفہ دیا، سیاست غیر سنجیدہ لوگوں کا کام نہیں، کوئی دباؤ ڈال کر جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش نہ کرے، عمران نیازی جمہوریت کے لیے بوجھ بن چکے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے صوابی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نوازکی حکومت نے ملک میں امن قائم کیا، نوازشریف نےحکومت سنبھالی تو چین نے بھی ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قوم کو سی پیک کا تحفہ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک کسی ایک شہر کے لیے نہیں پورے ملک کی ترقی کا منصوبہ ہے، سعد رفیق نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تبدیلی آناشروع ہوئی تو کچھ لوگوں کے پیٹ میں درد شروع ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے خان صاحب کو ملک بنانے کا موقع دیا لیکن انہوں نے اس موقع کا غلط فائدہ اٹھایا اور دھرنے دینا شروع کردئیے جن میں ہر روز ایک نیا جھوٹ سننے کو ملتا تھا، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ان کا جھوٹ بڑھتے بڑھتے پاناما لیکس تک پہنچ گیا جبکہ ان کے پانامہ کا پاجامہ بن جائے گا۔

    وزیر ریلو ے نے کہا کہ کرپشن کی باتیں کرنے والے خیبربینک لوٹ کرکھا گئے، تلاشی لینے والوں کی تلاشی ہوئی تو ان کی چیخیں نکل گئیں، انہوں نے جلسے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ صوابی والوں بتاؤ، کیاجلسوں میں ناچ گانا کرنا ہمارا کلچر ہے، ایک غلطی آپ سے ہوئی، لگتا ہے ایک ہم سے بھی ہوگئی، وہ یہ کہ ہم اگر مولانا فضل الرحمان کی بات مان لیتے تو آج کے پی کے کا یہ حال نہ ہوتا، کیا اب عوام پی ٹی آئی کو دوبارہ ووٹ دینے کی غلطی کریں گے؟

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاست دان عوام سے محبت کرتا ہے، ہم سیاسی کارکن ہیں، پیرا شوٹ سے سیاست میں نہیں آئے،کے پی کے میں ن لیگ کی حکومت ہوتی تو اب تک تین 4 میٹرو بن چکی ہوتیں عمران صاحب آپ نے کے پی میں کیا کیا؟َ میگا پراجیکٹ کہاں ہے؟

    انہوں نے کہا کہ کوئی اداروں پر دباؤ ڈال کر جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش نہ کرے، عمران نیازی جمہوریت کیلئے بوجھ بن چکے ہیں، قبائلی علاقوں میں اصلاحات ہوں گی، دھرنوں کے ڈرامے بند کرو، موقع ملا تو آپ کے شہروں اور صوبے کو بدل ڈالیں گے۔

    سعد رفیق نے بتایا کہ صوابی والوں نواز شریف آپ کے پاس صوابی ضرور آئیں گے، اب جلاؤ گھیراؤ سے نہیں فیصلہ ووٹر کرے گا، ملک کی ترقی پر عمران خان صاحب کو خوشی کیوں نہیں ہوتی، فیصلہ عوام کا چلے گا، دھرنے کا نہیں۔

  • کے پی کے: احتساب کمیشن ایکٹ میں ترمیم، ارکان اسمبلی کی تںخواہوں میں اضافہ

    کے پی کے: احتساب کمیشن ایکٹ میں ترمیم، ارکان اسمبلی کی تںخواہوں میں اضافہ

    پشاور : خیبر پختونخوا حکومت نے احتساب کمیشن ایکٹ میں ترامیم اور اپنے اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا جبکہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی تنخواہ میں پانچ سو فیصد اضافہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے احتساب کمیشن ایکٹ میں ترامیم اور ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور الاونسسز میں اضافے کی منظوری دے دی، سول سیکریٹریٹ پشاور میں وزیر اعلیٰ کے پی کے کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کےاجلاس میں یہ منظوری دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے ضیاء الحق کے مطابق کابینہ اجلاس کے بعد حکومتی ترجمان مشتاق غنی نے میڈیا کو بتایا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی سے منظور شدہ متفقہ قرار داد کی روشنی میں کابینہ نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور الاؤنسس میں منظوری دی ہے۔

    مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ کابینہ نے 10 فیصد کم فارمولے کی بنیاد پر تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی ہے دیگر صوبوں کے ارکان اسمبلی کے مقابلے مں تنخواہوں اور الاونسس میں قلیل اضافہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کی تنخواہ کسی بھی وفاقی وزیر سے 10 فیصد کم بنتی ہےحکومتی ترجمان تنخواہوں اور الاؤنسس میں اضافے کے نتیجے میں خزانے پر پڑنے والے بوجھ کا جواب دینے سے کتراتے رہے۔

    خیبر پختوںخوا اسمبلی کے اجلاس میں وزراء کے مراعات کو یکم جولائی تک نافذ کر نے کا حکم صادر کر دیا ہے اس میں اسپیکر خیبر پختونخوا کی تنخواہ 80 ہزار سے بڑھا کر لاکھ 55 ہزار جبکہ ڈپٹی سپیکر 54 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ 45 کردیا گیا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی تنخواہ 40 ہزار سے بڑھا کر2 لاکھ روپے کر دی گئی۔

    احتساب ایکٹ کے تحت عدالتی حکم کے بعد ملزم کو گرفتارکیا جائیگا

    علاوہ ازیں حکومتی ترجمان مشتاق غنی نے بتایا ہے کہ احتساب ایکٹ میں کی گئی ترامیم کے مطابق اب احتساب کمیشن کسی بھی ملزم کو احتساب عدالت کے احکامات کے بعد گرفتار کرے گا جبکہ 5 کروڑ روپے سے زیادہ کرپشن کی تحقیقات احتساب کمیشن جبکہ 5 کروڑ روپے سے کم کرپشن کی تحقیقات اینٹی کرپشن کریگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ احتساب کمیشن ایکٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کابینہ کے اراکین نے مختلف ترامیم تفویض کی ہیں۔

    مزید پڑھیں : پنجاب: ارکان قومی اسمبلی کو فی کس 20 کروڑ روپے جاری

    کابینہ اجلاس میں ایف آئی آر میں اصلاحات سےاتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا کہ کسی بھی ایف آئی آر پر اس وقت تک گرفتاری عمل میں نہیں لائی جائیگی جب تک کافی شواہد موجود نہ ہوں۔

  • چین کے تعاون سے بڑے منصوبے تعمیر کیے جائیں گے، پرویزخٹک

    چین کے تعاون سے بڑے منصوبے تعمیر کیے جائیں گے، پرویزخٹک

    پشاور : وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پورے صوبے میں چین کے تعاون سے بہت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ جبکہ پرویز خٹک نے کام نہ کرنے والے بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام ان نمائندوں کا محاسبہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں چین کے دورے پر جانے والے وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے صوبے کے عوام کو بڑی خوشخبری سنادی، ان کا کہنا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پشاور تا کراچی فاسٹ ٹریک ڈبل لائن ریلوے بنائی جائے گی اوردیا میر بھاشا ڈیم تعمیر کیا جائے گا۔

    انہوں نے بتا یا کہ سی پیک منصوبے کے تحت پشاور تا ڈی آئی خان ڈبل ٹریک ہائی وے تعمیر کیا جائے گا، کوہاٹ کو جھنڈ کے ذریعے مغربی روٹ سے منسلک کیا جائے گا ،گلگت تا حویلیاں ریلوے ٹریک کے ساتھ ساتھ ڈبل روڈ اور فائبر آپٹک بچھائی جائے گی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ہتار انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے گی اس کے علاوہ خیبر پختواہ کو گلگت ،چترال ،دیر اور چکدرہ سے ملانے والا متبادل روڈ تعمیر کیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہارکیا ہے اورکہا ہے کہ اگر منتخب نمائندے کام کرنے کے اہل نہیں تو ان کامحاسبہ کریں۔

    پشاورمیں گلونہ پخورصفائی مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پروزیراعلیٰ نے صفائی کی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی اس موقع پرگفتگو میں وزیر اعلی پرویز خٹک نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کواربوں روپے کے فنڈز کے باوجود صفائی کی ناقص صورت حال کی شکایات مل رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگرمنتخب نمائندے کام نہیں کرتے توعوام ان سے پوچھنے کاحق رکھتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھرمیں عوام کامعیار زندگی بہتربنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا گیا۔