Tag: KPK

  • ضیاءاللہ آفریدی کیخلاف اثاثوں کی چھان بین، الزام ثابت نہ ہوسکا

    ضیاءاللہ آفریدی کیخلاف اثاثوں کی چھان بین، الزام ثابت نہ ہوسکا

    پشاور : احتساب کمیشن نے خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر ضیاءاللہ آفریدی کیخلاف اثاثوں کی چھان بین کی فائل بند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن کے الزام میں زیرحراست صوبائی وزیر ضیا اللہ آفریدی خلاف انکوائری ختم کردی گئی۔ احتساب کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کےدوران ضیاءاللہ آفریدی کے کسی قسم کے غیرقانونی اثاثے ثابت نہ ہوسکے۔

    احتساب کمیشن کے ذرائع کے مطابق ضیاءاللہ آفریدی کے منجمد بینک اکاؤنٹس بھی بحال کردیئے گئے ہیں اور ان کی ایک سال کی تنخواہ ان کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفرکردی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کے بعد ضیاءاللہ آفریدی کی ضمانت کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : تحریک انصاف کے وزیرِمعدنیات کرپشن کے الزام میں گرفتار

     

    واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں خیبرپختونخوا احتساب کمیشن نےتحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ضیاءاللہ آفریدی کو کرپشن کے الزامات میں گرفتارکیا تھا۔

    گرفتاری کے بعد اعلیٰ قیادت نے انہیں معدنیات کی وزارت سے بھی فارغ کردیا تھا۔ ضیااللہ آفریدی پراختیارات کے ناجائز استعمال کرنےکےالزمات تھے۔

     

  • کے پی کے بجٹ، ترقیاتی پروگرام کیلئے 166ارب مختص، اسمارٹ اسکول سسٹم لانے کی تجویز

    کے پی کے بجٹ، ترقیاتی پروگرام کیلئے 166ارب مختص، اسمارٹ اسکول سسٹم لانے کی تجویز

    پشاور:نئے مالی سال کے لیے خیبر پختون خوا کے بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی،ترقیاتی پروگرام کے لیے 166 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں پہلی بار 20ارب روپے قرضہ لیا جائےگا ۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے مالی سال 2016-17ء کے لیے خیبر پختون خوا کے بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کی مد میں پہلی بار قرضہ لیا جارہا ہے ، یہ قرضہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک اور بینک آف خیبر سے حاصل کیا جائےگا جسے ترقیاتی پروگرام کی رقم میں شامل کرکے زیر تکیمل اور نئے منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔

    اطلاعات ملی ہیں کہ خیبر پختون خوا میں پہلا اسمارٹ اسکول سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت صوبے بھر میں چار سو اسکول قائم کیے جائیں گے، بجٹ میں اس حوالے سے تجویز شامل کردی گئی ہے، تجویز منظور ہونے کی صورت میں اس مد میں رقم مختص کی جائے گی اور مقررہ جگہوں پر اسکول کھولنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

  • سابق گورنرخیبرپختونخواہ افتخارحسین  شاہ کی تحریک انصاف میں شمولیت

    سابق گورنرخیبرپختونخواہ افتخارحسین شاہ کی تحریک انصاف میں شمولیت

    پشاور: سابق گورنر خیبرپختونخواہ لیفٹیننٹ جنرل (ر)افتخار حسین شاہ نے عمران خان سے ملاقات کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق گورنر خیبرپختونخواہ نے چیئرمین تحریک انصاف اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک سے ملاقات کے بعد اپنی رہائش گاہ پر  پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

    اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر)افتخار حسین شاہ کو تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارک باد پیش کی اور ان کی آمد کو تحریک انصاف کے لیے خوش آئند قرار دیا، عمران خان نے اس موقع پر خیبرپختونخواہ کے شہر کوہاٹ میں جلسے کا اعلان بھی کیا۔ جلسے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ افتخار حسین کے پاس حکومتی نظام چلانے کا وسیع تجربہ موجود ہے جس سے ہم ضرور استفادہ حاصل کریں گے اور بلدیاتی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

    پانامہ لیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ اپوزیشن نے نہیں اٹھایا بلکہ یہ ایک اہم اور عالمی مسئلہ ہے۔

    یہ ایک سنہری موقع ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کرپٹ لوگوں کا احتساب کیا جاسکتا ہے اور ملک میں آئندہ کے لیے کرپشن کی روک تھام کے لیے باقاعدہ قانون لاگو کیا جاسکتا ہے۔

    پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ آف شور کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے لیے ملکی پیسہ یا تو چوری کیا گیا ہے یا پھر اُس پیسے پر ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہمارے پاس پانامہ لیکس کے حوالے سے تین پہلو موجود ہیں، سب سے پہلا یہ کہ 12 رکنی کمیٹی کے ٹی او آرز مکمل ہونے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں کمیشن جلد از جلد تشکیل دیا جائے۔

    دوسرا اہم پہلو یہ ہے کہ الیکشن کمیشن میں کرپٹ افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے ایسے تمام افراد کو نااہل قرار دلوایا جائے، تیسرا اہم پہلو یہ ہے کہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کو کرپشن کے خلاف سڑکوں پر لایا جائے۔

    ایک سوا ل کے جواب میں تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ مختلف بار کونسلز کے وکلاء کی جانب سے بھی ٹی او آرز تشکیل دیئے گئے ہیں انہیں بھی ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔

    وزیراعظم پاکستان کی صحت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر عمران خان نے کہا کہ میں وزیر اعظم کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔

  • خیبرپختونخواہ میں اب حقیقی تبدیلی آئے گی، وزیراعظم نوازشریف

    خیبرپختونخواہ میں اب حقیقی تبدیلی آئے گی، وزیراعظم نوازشریف

    سوات : وزیر اعظم نوا شریف نے کہا ہے کہ لوگ کہتے ہیں ہم سڑکوں پر آئیں گے، میں کہتا ہوں ہوں اگر تم نے سڑکیں بنائیں ہوتیں تو تم سڑکوں پر آتے، ہم سڑکیں بناتے جائیں گے تم سڑکوں پر آتے رہنا یہ اپنا اپنا مقدر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ جس تبدیلی کا خواب مینگورہ اور سوات کے لوگ دیکھ رہے تھے بدقسمتی سے وہ تبدیلی نہیں آئی، وہ تبدیلی اب ہم لائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے پورے علاقے کا فضائی دورہ کیا مجھے کہیں بھی تبدیلی نظر نہیں آئی، وہی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، وہی اسپتال نظرآئے، یہ مجمع بتا رہا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں کی جانے والی غلطی پر آپ لوگ پچھتا رہے ہیں، سوات والے جھانسے میں نہ آتے تو تبدیلی اب تک آ چکی ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ میں مینگورہ اورسوات کے عوام کوخوشخبری سناتا ہوں اورآپ لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ حقیقی تبدیلی اب آئے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ میں یہاں کڈنی سینٹر کا افتتاح کرنے آیا تھا یہ کڈنی سینٹر بین الاقوامی طرز کا جدید اسپتال ہے اور یہ جدید اسپتال پنجاب کی جانب سے خیبر پختونخواہ کی عوام کیلئے تحفہ ہے۔

    پشاور کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ انتخابات میں صوبائی حکمران جماعت چوتھے نمبر پر آئی۔ ہم پشاور جیتیں گے نہیں جیت چکے ہیں۔

    وزیراعظم نے مینگورہ میں سیدو شریف ایئر پورٹ کو دوبارہ فعال کرنے کا اعلان بھی کیا، انہوں نے کہا کہ خواتین کی یونیورسٹی کے سب کیمپس بھی بنائے جائیں گے، انہوں نے انتظامیہ کو چکدرہ کالام روڈ کو ایکسپریس وے بنانے بھی ہدایت کی۔

     

    وزیراعظم نے سوات میں جدید کڈنی سینٹر کا افتتاح کیا

    اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے سنگھوٹہ میں کڈنی سینٹر کا افتتاح کیا۔ 110 بستروں پر مشتمل اس اسپتال کی تعمیر پر 80 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

    وزیراعظم نے کڈنی ہسپتال کے ساتھ ہی اس میں موجود شہباز شریف آپریشن تھیٹر کمپلیکس کا افتتاح بھی کیا۔ وزیراعظم نے افتتاح کے بعد مریضوں سے ملاقات کر کے ان کی خیریت بھی دریافت کی۔

    اسپتال کو پنجاب اسپتال ٹرسٹ نے تعمیر کیا ہے۔ اسپتال میں 14 ڈائیلیسز مشینیں، دو آپریشن تھیٹر، ایک سی ٹی اسکین مشین ، ایکس رے مشین اور دیگر جدید آلات موجود ہیں۔

     

     

  • عنبرین قتل کیس : کے پی کے حکومت ملزمان کو سزا دلوانے کیلئے سر گرم

    عنبرین قتل کیس : کے پی کے حکومت ملزمان کو سزا دلوانے کیلئے سر گرم

    ایبٹ آباد : عنبرین قتل کیس میں خیبر پختو نخواہ حکومت مقدمہ کی مدعی بن گئی، کے پی کے حکومت اس سفاک قتل میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے سرگرم ہوگئی، وزیر اعظم پاکستان نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ مکول میں پندرہ سالہ عنبرین کو قتل اور جلائے جانے والے واقعہ کا وزیر اعلی پرویز خٹک نے چند روزقبل نوٹس لیا تھا،ملزمان کی گرفتاری کے بعد صوبائی حکومت اس قتل کیس میں فریق بن گئی اور کیس کی پیروی کرنے لگی۔

    کیس کی پیروی کا مقصد ملزمان اور ان کے ورثاء کی جانب سے لڑکی کے والدین پر راضی نامہ کا دباؤ نہ ڈالا جاسکے، اور ملزمان کو سخت ترین سزادلوائی جائے۔

    وزیر اعلی خیبر پختو نخواہ کے نوٹس کے بعد ہی ملزمان کے خلاف ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں تھیں،وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے بھی عنبرین قتل کیس کا نوٹس لیا اور واقعہ کی مذمت کی، وزیر اعظم نے حکام کو ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا۔

    وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ غیرت کے نام پر قتل غیر اسلامی بلکہ غیر انسانی بھی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چند افراد نے 15 سالہ عنبرین کو جرگے کے فیصلے کے بعد گاڑی میں باندھ کر زندہ جلا دیا تھا۔

    بعدازاں ملزمان نے وارادات کو حادثے کا رنگ دینے کیلئے قریب کھڑی تین گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی تھی۔

     

  • چوہوں سے ڈرنے والے شیروں پر ہاتھ ڈال رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان

    چوہوں سے ڈرنے والے شیروں پر ہاتھ ڈال رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان

    بنوں : جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کہا چوہوں سے ڈرنے والے شیروں پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس خیبر پختونخوا کا مینڈیٹ ہے وہی لوگ اس کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کی خاطر پوری اپوزیشن سے پنگا لے لیا۔ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم نواز شریف کی بنوں آمد کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے صوبے میں چوہوں سے ڈرنے والے شیروں پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    اس موقع پروزیر اعظم نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کا ہاتھ تھام کر نعرے لگائے، اپنے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو شیرقراردیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو جیل بھیجنے کی باتیں کرنے والوں کی باری آئی تو نہ انہیں گھر ملے گا اور نہ ہی پاکستان بلکہ ان کو اپنی سسرال جانا ہوگا۔

    مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے بے گھر ہونے والے آئی ڈی پیز کی باعزت طور پر گھروں کی واپسی یقینی بنائی جائے۔

    جلسے کے دوران وزیراعظم اور مولانا کوساتھ اور دونوں رہنماؤں کی محبت دیکھ کر سابق وزیراعلٰی اکرم درانی جذبات میں آگئے۔

    انہوں نے دعا دیتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک جوڑی سلامت رکھے۔ سابق وزیراعلٰی اکرم درانی نےکہا وزیر اعظم حکم کریں ایک مہینے میں صوبائی حکومت گرادیں گے۔

    بنو ں کے مشترکہ جلسےمیں ن لیگ کے کارکن کم اور جے یو آئی کے حامیوں کی تعداد زیادہ نظر آئی۔

     

  • لازمی سروسزایکٹ : خیبر پختونخوا میں ڈاکٹروں نے ہڑتال کردی

    لازمی سروسزایکٹ : خیبر پختونخوا میں ڈاکٹروں نے ہڑتال کردی

    پشاور : خیبر پختونخوا میں لازمی سروس ایکٹ کے خلاف مسیحاؤں نے ہڑتال کردی۔ ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت نےخبر دار کیا ہے کہ ہڑتالی ڈاکٹرز کی نوکری کی کوئی ضمانت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے ہڑتالی ملازمین کو سدھارنے کے لئے صوبے کے تمام اسپتالوں میں لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ کیا تو ڈاکٹرز بھی خم ٹھونک کر میدان میں نکل آئے۔

    پشاور بنوں ، چارسدہ سمیت مختلف شہروں میں مسیحا حکومتی فیصلے کے خلاف سراپا حتجاج ہیں۔ اسپتالوں میں کام متاثر ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    حیات آباد کمپلیکس میں ڈاکٹرز او پی ڈی کے سامنے ٹینٹ لگا کر مریض دیکھ رہے ہیں تو دوسری جانب لاٹھی، ڈنڈوں سے لیس پولیس بھی مظاہرین سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔

    حکومت نے خبر دار کر رکھا ہے کہ ہڑتالی ڈاکٹرزکی نوکری کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔

    دوسری جانب خیبر پختونخوا میں لازمی سروس ایکٹ کے خلاف احتجاج کرتے ڈاکٹرز سے بات چیت کے لئےوزیر اعظم کے مشیر خاص امیر مقام حیات آباد کمپلیکس پہنچ گئے ہیں۔ امیر مقام کا کہنا ہے کہ ہڑتالی ڈاکٹرز کے مطالبات جائز ہیں۔

  • پرویزخٹک کا شہید پروفیسرحامد حسین کےگھرجا کراظہارتعزیت

    پرویزخٹک کا شہید پروفیسرحامد حسین کےگھرجا کراظہارتعزیت

    صوابی : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک صوابی میں باچا خان یونیورسٹی سانحہ کے شہید پروفیسر حامد حسین کے اہلخانہ سے تعزیت کیلئے ان کے گھر پہنچ گئے۔

    اس موقع پر شہید پروفیسر کے گھرپرسوگ کاعالم تھا اور لوگ تعزیت کےلئےآرہے تھے۔ وزیراعلٰی پرویز خٹک پہنچے تو شہید کےگھروالوں کےصبرکاپیمانہ لبریزہوگیا۔

    شہید کےبیٹے کوگود میں اٹھائے ایک رشتہ دار بھڑک اٹھا،اور وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتےہوئے کہا کہ اس بچے کا کیا کریں گے۔ اگرآپ ہماری حفاظت نہیں کرسکتےتواستعفٰی دے دیں، ہمیں انصاف چاہیئے۔

    اس کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کب تک بے گناہ شہریوں کی جانوں سے کھیلتے رہیں گے، پرویزخٹک سرجھکائے ان کی باتیں سنتےرہے۔ کچھ دوسرے لوگوں نے بھی کہاکہ یہ کیسی حکومت ہے جس میں ہمارے بچے محفوظ نہیں،ہم سب کوماردو،ختم کردو۔

    وزیراعلٰی پرویزخٹک نے شہید کے بزرگوں کودلاسا دیا۔ فاتحہ خوانی بھی کی۔ دوسری جانب ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پوریز خٹک نےشہید پروفیسر کےوالد کو ایک کروڑ54لاکھ روپے کاچیک دیا۔

    ترجمان نے کہا کہ ہلڑبازی کرنے والےشخص کاشہید کےخاندان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

  • اپیکس کمیٹی کا اجلاس: سانحہ چارسدہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

    اپیکس کمیٹی کا اجلاس: سانحہ چارسدہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

    پشاور : خیبرپختونخواہ کی ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیاہے کہ باچاخان یونی ورسٹی پرحملہ کی تحقیقات سے متعلق کمیٹی قائم کی جائےگی، جوپانچ روزکے اندراپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق باچاخان یونی ورسٹی پرحملے کے بعد اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس گورنرہاؤس پشاورمیں گورنر سردار مہتاب عباسی کی زیر صدارت ہوا،جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اورکورکمانڈرپشاورسمیت دیگراعلی حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں باچاخان یونی ورسٹی پرحملے کی تحقیقات میں پیش رفت کاجائزہ لیا گیا اورفیصلہ کیا گیا کہ کمشنر پشاورکی سربراہی میں کمیٹی حملہ کے روزیونیورسٹی میں سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لیکراپنی رپورٹ مرتب کرےگی۔

    کمیٹی سیکورٹی پرغفلت کی نشاندہی ہونے پرذمہ داروں کاتعین کرےگی، اجلاس میں دہشت گردی کی روک تھام کے لئے بارڈرمنیجمنٹ کے حوالے سے مسائل کے ازالے کے لئے موثراقدامات پرزوردیا گیا۔

    اپیکس کمیٹی میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں سیکورٹی کے مطلوبہ انتظامات نہ کرنے پرذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے جائےگی۔

  • ایبٹ آباد میں لینڈ سلائڈنگ، مصنوعی جھیل وجود میں آگئی

    ایبٹ آباد میں لینڈ سلائڈنگ، مصنوعی جھیل وجود میں آگئی

    ایبٹ آباد: ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کے گاؤں پونہ میں پہاڑمیں شگاف پڑنے سے رابطہ سڑک لینڈ سلائڈنگ کی نظر ہوگئی جبکہ ایک مصنوعی جھیل بھی وجود میں آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے پچاس سے زائد مکانات خطرے میں پڑ گئے ہیں جبکہ لینڈ سلائڈنگ کے باعث ندی سمندرمصنوعی جھیل میں تبدیل ہوگئی اورعلاقہ مکین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پرمجبورہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یونین کونسل ناڑہ کے سیاحتی مقام سجی کوٹ سے چارکلومیٹر کے فاصلہ پرواقعہ گاؤں پونہ میں پہاڑمیں شگاف پڑنے سے لینڈ سلائڈنگ کے سبب رابطہ سڑک مکمل تباہ ہو گئی۔

    لینڈ سلائیڈنگ کے سبب پہاڑکے اوپررہائش پذیر پچاس سے زائد مکانات کے مکین نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے اورعلاقہ پونہ اورپچاس سے زائد دیہاتوں کا رابطہ ایبٹ آباد اوراسلام آباد سے منقطع ہوگیا۔

    بڑی تعداد میں لینڈ سلائڈنگ کا ملبہ ندی سمندرمیں گرنے سے کئی فٹ اونچی مصنوعی جھیل میں تبدیل ہوگئی۔

    کے پی کے اسمبلی میں مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی لیڈر سرداراورنگزیب نلوٹھہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے لینڈ سلائڈنگ سے متاثرہ علاقہ میں تاحال امدادی کاروائیوں کا سلسلہ شروع نہیں کیا، اگر کل تک کام شروع کیا گیا تو احتجاج کریں گے، صوبائی حکومت کا نہ تو کوئی وزیر اور نہ مشیرمتاثرین کی مدد کیلئے تاحال آیا ہے۔