Tag: KPK

  • کے پی حکومت نے وزار تنخواہوں کے ترمیمی بل پر اعتراض خلاف آئین قرار دے دیا

    پشاور: کے پی حکومت نے وزار تنخواہوں کے ترمیمی بل پر اعتراض خلاف آئین قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کی حکومت نے وزرا کی تنخواہوں اور مراعات کے ترمیمی بل پر گورنر کا اعتراض مسترد کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر کے پی اسمبلی سیکرٹریٹ نے گورنر ہاؤس کو ایک مراسلہ ارسال کر کے کہا ہے کہ وزرا کی تنخواہوں اور مراعات کے ترمیمی بل پر اعتراض آرٹیکل 115، 116 کی خلاف ورزی ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گورنر صوبائی حکومت کی جانب سے منظور کردہ منی بل پر دستخط کرنے کے پابند ہیں۔

    واضح رہے کہ ترمیمی بل میں صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کے حوالے سے ترامیم کی گئی ہیں، جب کہ گورنر کے پی نے وزیر اعلیٰ اور گورنر کے سوا دیگر افراد کے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت پر بل پر دستخط سے انکار کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق گورنر کے پی نے بل پر اعتراضات لگا کر اسمبلی سیکریٹری کو واپس بھجوا دیا تھا۔

  • ’چین کو عمران نیازی نے اتنا ناراض کردیا تھا کہ آپ حیران ہوجائیں گے‘

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین کو عمران نیازی نے اتنا ناراض کردیا تھا کہ آپ حیران و پریشان ہوجائیں گے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا، انہوں نے صوبے کے جنوبی حصوں میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

    وزیر اعظم نے چشمہ رائٹ بینک کینال سے متعلق پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا، انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک زام ڈیم، سی پیک کے مغربی روٹ موٹر وے یارک سگو سیکشن اور گومل یونیورسٹی پہاڑ پور کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔

    وزیر اعظم نے عبدالخیل 132 کے وی اور بند کورائی 132 کے وی گرڈ اسٹیشنز اور حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ حال سڑکوں کی بحالی کے کام کا افتتاح بھی کیا۔

    وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیر اعظم کو ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔

    ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج ملک میں ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، اس سے پہلے ڈی آئی خان کے لوگوں نے سیلاب کا سامنا کیا، پختونخواہ میں گورننس کی جو غلطیاں تھیں وہ سب نے دیکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب سے تباہی کے اثرات اب بھی پورے پاکستان میں موجود ہیں، پہاڑی علاقوں میں آج بھی لوگ شدید سردی میں ٹھٹھر رہے ہیں، وفاقی حکومت نے 90 ارب روپے خرچ کر کے فی خاندان 25 ہزار امداد دی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے تباہی بہت بڑی ہے، جتنے بھی وسائل جھونک دیں وہ کم ہیں، مخلوط حکومت اور صوبوں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سنہ 2018 کے بعد ملک میں ترقی رک گئی تھی، برادر ممالک ہم سے ناراض ہوگئے تھے، چین کے دورے پر گیا تو چینی صدر اور وزیر اعظم نے بہت عزت دی، چین کو عمران نیازی نے اتنا ناراض کردیا تھا کہ آپ حیران پریشان ہوجائیں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 11 اپریل کو حلف اٹھایا تھا تو احساس نہیں تھا معیشت اتنی زیادہ تباہ ہوچکی ہے، پاکستان ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا، مخلوط حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، آپ کا خادم، مخلوط حکومت اور ادارے پاکستان کو مشکل سے نکالیں گے۔

  • 2022: کے پی میں سرکاری محکموں میں کرپشن پر کتنے اہلکار گرفتار ہوئے؟

    پشاور: محکمہ اینٹی کرپشن خیبر پختون خوا نے سال 2022 میں 141 ملازمین کو گرفتار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن خیبر پختون خوا کی سال 2022 کی رپورٹ سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کرپشن میں ملوث سرکاری محکموں کے افسران اور اہل کاروں سمیت 141 ملازمین گرفتار کے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق کرپشن کے الزامات میں گرفتار افراد سے 6 کروڑ روپے ریکور کیے گئے۔

    رواں برس صوبے سے سرکاری محکموں میں کرپشن کی 1561 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 16 کیسز میں اینٹی کرپشن نے ایف آئی آرز درج کرائیں۔

    رپورٹ کے مطابق کیسز میں اینٹی کرپشن کی جانب سے سرکاری محکموں کے سینکڑوں افسروں اور اہل کاروں کو نامزد کیا گیا۔

  • ٹائر جلانے والی فیکٹریوں پرپابندی عائد

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں محکمہ ماحولیات نے ٹائر جلانے والی فیکٹریوں پرپابندی عائد کردی، پشاور ہائیکورٹ نے ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے محکمہ ماحولیات نے ٹائر جلانے والی فیکٹریوں پرپابندی عائد کردی، محکمہ ماحولیات نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹائر جلانے والے فیکٹریوں پر پابندی ایک سال کے لیے ہوگی۔

    خیال رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

    صوبائی ایجنسی برائے تحفظ ماحولیات (ای پی اے) ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں 11 ٹائر جلانے والے فیکٹریز موجود ہیں، 9 فیکٹریاں نوشہرہ اور 2 بڈھ بیر پشاور میں ہیں۔

    دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر ٹائر جلانے والے فیکٹریوں کو سیل کردیا گیا ہے۔

  • اپوزیشن جماعتوں کا محمود خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ لانے کا فیصلہ

    اپوزیشن جماعتوں کا محمود خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ لانے کا فیصلہ

    پشاور:اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعلیٰ محمود خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کے پی اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں نے اپنی مشاورت مکمل کر لی ہے، اور فیصلہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک نہیں لائی جائے گی۔

    اپوزیشن جماعتوں نے آئندہ انتخابات کی تیاری اور صوبے میں‌ گورنر راج سمیت دیگر آئینی آپشنز پر مشاورت کا فیصلہ کیا ہے، اور اس سلسلے میں عنقریب اپوزیشن جماعتوں کا ایک اجلاس طلب کیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر خاموش رہنے پر اتفاق کیا ہے۔

    اپوزیشن جماعتیں اس بات پر بھی متفق ہو گئی ہیں کہ خیبر پختون خوا اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے نہ تو ریکوزیشن جمع کرائی جائے گی، نہ ہی محمود خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی۔

    دوسری طرف ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد تیار ہے اور کسی بھی وقت جمع کرائی جا سکتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی ہدایت کا انتظار کیا جا رہا ہے، سگنل ملتے ہی تحریک عدم اعتماد پیش کر دی جائے گی، اس سلسلے میں نواز شریف آصف زرداری اور چوہدری شجاعت سے رابطے میں ہیں، مل کر فیصلہ کیا جائے گا۔

  • خیبر پختونخواہ سے سینکڑوں دہشت گرد گرفتار

    خیبر پختونخواہ سے سینکڑوں دہشت گرد گرفتار

    پشاور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخواہ نے سال 2022 میں سینکڑوں دہشت گرد گرفتار کر کے تخریب کاری کی درجنوں وارداتیں ناکام بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخواہ نے سال 2022 کی سالانہ رپورٹ مرتب کرلی۔

    رواں برس سی ٹی ڈی نے 768 دہشت گردوں کو گرفتار کیا، 90 دہشت گردوں کے سر پر انعام مقرر تھا۔

    قبائلی علاقوں سمیت صوبے بھر میں 2 ہزار 597 آپریشنز کیے گئے جن میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بھی شامل ہیں، 19 سو 60 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، گرفتار دہشت گردوں میں 628 ہائی پروفائل مطلوب ملزمان بھی شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق آپریشنز کے دوران 349 دستی بم، 80 ایس ایم جی گنز، 16 خودکش جیکٹس اور 7 راکٹ لانچرز اور دیگر بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں سال خیبر پختونخواہ پولیس کو 279 واقعات میں ٹارگٹ کیا گیا، رواں سال 116 پولیس جوان شہید جبکہ 125 زخمی ہوئے۔

  • پیٹرول پمپ پر 2 کروڑ کی ڈکیتی کرنے والا ملزم گرفتار

    پیٹرول پمپ پر 2 کروڑ کی ڈکیتی کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: صوبہ خیبر پختونخواہ میں رواں سال کی سب سے ڈکیتی کرنے والے گروہ کے ملزم کو صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بوٹ بیسن کی حدود میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم شاہ فرید کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چند روز قبل صوابی میں پیٹرول پمپ پر 1 کروڑ 82 لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی تھی، گرفتار ملزم شاہ فرید پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کرنے والے گروہ کا کارندہ ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ڈکیتی کی رقم میں اس کا حصہ اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا، گرفتار ملزم پرجیکسن تھانے میں بھی مقدمات درج ہیں۔

  • پختونخواہ میں سینکڑوں اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف

    پختونخواہ میں سینکڑوں اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں سینکڑوں پرائمری، مڈل اور ہائی اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ڈائریکٹر محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ محکمے نے کئی بند اسکولوں کو فعال بنایا اور درجنوں نئے اسکولز قائم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں 306 پرائمری، مڈل اور ہائی اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ تعلیم حافظ ابراہیم کے جاری کردہ دستاویزات کے مطابق صوبے میں 275 پرائمری، 27 مڈل اور 4 ہائی اسکولز کو فعال نہیں کیا جاسکا۔

    ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی 3 پرائمری اسکولز بند ہیں۔

    حافظ ابراہیم کے مطابق محکمہ تعلیم نے کئی بند اسکولوں کو فعال بنایا اور ان کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، محکمہ تعلیم نے گزشتہ چند سال کے دوران درجنوں نئے اسکولز قائم کیے۔

  • بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش

    بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش

    اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کا آغاز ہوگیا جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، بعض علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے، کراچی میں درجہ حرارت 29 سینٹی گریڈ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے شہر چمن اور گرد و نواح میں یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی ہورہی ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی بلوچستان کے میدانی علاقوں میں آج رات سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

    دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع شانگلہ کے مختلف علاقوں میں طویل خشک سالی کے بعد بارش ہوگئی۔

    مینگورہ، کالام، مالم جبہ اور مرغزار میں بھی بارشیں جاری ہیں جس سے موسم مزید سرد ہوگیا، مالم جبہ اور کالام میں برفباری کا بھی امکان ہے جس کے بعد سیاحوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا ہے۔

    بابو سر ٹاپ کو شدید برف باری کے باعث گزشتہ مہینے ہی بند کیا جاچکا ہے، بابو سر ٹاپ اب اگلے برس مارچ میں کھلے گا۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں درجہ حرارت 21 سینٹی گریڈ ہے۔

  • سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے لاکھوں کیسز رپورٹ

    سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے لاکھوں کیسز رپورٹ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ جاری ہے، ڈائریا، ملیریا اور ڈینگی سمیت مختلف وبائی امراض کے لاکھوں کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ جاری ہے، پختونخواہ میں اب تک 2 لاکھ 79 ہزار 535 وبائی امراض کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وبائی امراض کے بیشتر کیسز ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، چارسدہ، نوشہرہ اور دیر سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

    سیلاب زدہ علاقوں میں اب تک 95 ہزار 824 ڈائریا کے کیسز، 75 ہزار 191 سانس کی بیماریوں کے، 60 ہزار 302 جلدی امراض کے، 15 ہزار 121 ملیریا کے مشتبہ اور 13 ہزار 638 آنکھوں کی بیماری کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    علاوہ ازیں 4 ہزار 360 ڈینگی، 530 ہیپاٹائٹس اور سانپ کے ڈسنے کے 79 کیسز سامنے آئے ہیں۔