Tag: KPL

  • کشمیر پریمئیر لیگ میں نئی فرنچائز کا اضافہ

    کشمیر پریمئیر لیگ میں نئی فرنچائز کا اضافہ

    کشمیر پریمئیر لیگ میں ایک نئی فرنچائز کا اضافہ ہو گیا ہے، کے پی ایل سیزن ٹو میں 6 کی بجائے اب 7 ٹیمیں ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کے پی ایل 2022 کے دوسرے سیزن کے لیے این او سی جاری کر دیا، یہ سیزن سات فرنچائزز پر مشتمل ہوگا، لیگ کی ساتویں ٹیم جموں جانباز کے نام سے کھیلے گی، جب کہ سیزن ٹو کی ڈرافٹنگ عید الضحیٰ کے بعد کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کے پہلے سیزن میں 6 ٹیموں نے شرکت کی تھی، جن میں راؤلاکوٹ ہاکس، مظفر آباد ٹائیگرز، میرپور رائلز، کوٹلی لائنز، باغ اسٹالینز، اوورسیز واریئرز شامل تھیں۔

    پہلا سیزن راؤلا کوٹ ہاکس نے جیتا تھا، مظفر آباد ٹائیگرز دوسرے نمبر پر رہی تھی، میرپور رائلز تیسرے، اوورسیز واریئرز چوتھے، باغ اسٹالینز پانچویں اور کوٹلی لائنز چھٹے نمبر پر رہی تھی۔

    کے پی ایل: راشد لطیف کو اہم ذمے داری مل گئی

    بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے جارح مزاج بلے باز شرجیل خان 296 رنز بنا کر پہلے سیزن کے ٹاپ اسکور رہے تھے، جب کہ سلمان ارشاد 16 وکٹیں حاصل کر کے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بالر قرار پائے تھے۔

  • کے پی ایل کھیلنے والے کھلاڑیوں کے چیک باؤنس ہونے لگے

    کے پی ایل کھیلنے والے کھلاڑیوں کے چیک باؤنس ہونے لگے

    کراچی: کشمیرپریمئیر لیگ کے پہلے کامیاب ایڈیشن کے بعد مالی بد انتظامی دیکھنے کو ملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیر پریمئیر لیگ میں حصہ لینے والے کھلاڑی ان دنوں پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ انہیں دئیے گئے چیک باؤنس ہونے لگے ہیں۔

    کے پی ایل کنٹریکٹ کے مطابق بیشتر کھلاڑیوں کو ایونٹ سے قبل ہی 50 فیصد ادائیگی کردی گئی تھی، بقیہ ادائیگی کا معاہدہ اگست میں دینے کا کیا گیا تھا اور کھلاڑیوں کو چیک بھی دئیے گئے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی ایل فرنچائزر کی جانب سے رقم لیگ انتظامیہ کو دی جاچکی ہے، اس کے باوجود کھلاڑیوں کے چیک باؤنس ہوجانے سنگین غلطی ہے۔واضح رہے کہ کے پی ایل میں پاکستانی ٹاپ کرکٹرز سمیت100کھلاڑیوں نےحصہ لیا تھا۔

    کشمیر پریمیئر لیگ کے افتتاحی سیزن میں کھیلنے والی ٹیموں میں باغ اسٹالینز، کوٹلی لائنز، میرپور رائلز، مظفر آباد لائنز، راولاکوٹ ہاکس اور اوورسیز وارئیرز شامل تھیں۔

    راولا کوٹ ہاکس کشمیر پریمیئر لیگ کی پہلی چیمپئن ہے۔

  • کے پی ایل: باغ اسٹیلینز کے ہاتھوں میرپور رائلز کو شکست

    کے پی ایل: باغ اسٹیلینز کے ہاتھوں میرپور رائلز کو شکست

    مظفرآباد: کے پی ایل کے چوتھے میچ میں باغ اسٹیلینز نے میرپور رائلز کو پندرہ رنز سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق مظفرآباد اسٹیڈیم میں باغ اسٹالینز نے پہلے کھیلتے ہوئےچھ وکٹوں پردوسو گیارہ رنزبنائے،شان مسعود اٹھہتررنزبنا کر نمایاں رہے،اسد شفیق نے بھی نصف سنچری اسکور کی، میرپوررائلز کی جانب سے سلمان ارشاد نے تین جبکہ محمد عرفان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    میرپوررائلز دو سو گیارہ رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک سو چھیانوے رنز بناسکی، میرپوررائلز کی جانب سے شرجیل خان اور محمد اخلاق نے نصف سنچریاں بنائیں لیکن ٹیم کو نہ جتوا سکے، باغ اسٹیلینز کی جانب سے عامر سہیل اور محمد عمران نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    https://twitter.com/kpl_20/status/1424352484043239425?s=20

    کے پی ایل کا پانچواں میچ شاہد آفریدی کی راولاکوٹ ہاکس اورکامران اکمل کی کوٹلی لائنز کھیلا جانا تھا مگر بارش کے باعث میچ منسوخ کردیا گیا۔

  • کشمیر پریمیئر لیگ، راولا کوٹ ہاکس نے میرپوررائلز کو ہرا دیا

    کشمیر پریمیئر لیگ، راولا کوٹ ہاکس نے میرپوررائلز کو ہرا دیا

    مظفر آباد : کشمیر پریمیئر لیگ(کے پی ایل) کا افتتاحی میچ شاہد آفریدی کی ٹیم راولا کوٹ ہاکس اور شعیب ملک کی ٹیم میرپور رائلز کے درمیان کھیلا گیا،

    راولاکوٹ ہاکس نے میرپوررائلز کو43رنز سے شکست دے دی، راولاکوٹ ہاکس نے20اوورز میں6وکٹوں پر194رنز بنائے۔

    احمد شہزاد69،بسم اللہ خان59رنز بنا کر نمایاں رہے، میرپور رائلز کے عماد بٹ نے3وکٹیں حاصل کیں۔

    195رنز کے ہدف کے تعاقب میں میرپور رائلز151رنز ہی بناسکی، میرپور رائلز کی جانب سے شعیب ملک74رنز بنا کر نمایاں رہے

    قبل ازیں کشمیر پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہوئی جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔

    ایونٹ کی رنگارنگ تقریب میں پیراگلائیڈنگ کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔

    کشمیر پریمیئر لیگ کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز تیمور خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس لیگ کے حوالے سے خواب 2018 میں دیکھا تھا اور 2019 میں اس حوالے سے حکومت سے بات کی۔

    کے پی ایل کے شیڈول کے مطابق کل سے شروع ہونے والی کشمیر پریمیئر لیگ کا فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا اور تمام میچز مظفر آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

  • شعیب ملک کا مظفر آباد پہنچ کر انوکھی خواہش کا اظہار

    شعیب ملک کا مظفر آباد پہنچ کر انوکھی خواہش کا اظہار

    مظفرآباد: کے پی ایل کی ٹیم میرپور رائلز کے کپتان شعیب ملک نے مظفر آباد پہنچ کر انوکھی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک مظفر آباد کے موسم اور نظاروں کے گرویدہ ہو گئے ہیں، وہ کشمیر پریمیئر لیگ کے میچز میں حصہ لینے کے لیے آزاد کشمیر پہنچے ہیں، اور جاتے ہی کشمیر کی بلند و بالا پہاڑوں کے نظاروں کے گرویدہ ہو گئے۔

    آل راؤنڈر نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں مظفر آباد آزاد کشمیر آنے کا کافی وقت سے انتظار تھا، مظفر آباد کے بارے میں جتنا سنا تھا اسے ویسا ہی پایا، انھوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ ان دل کش پہاڑوں پر جانا چاہتے ہیں۔ویڈیو میں شعیب ملک دھند میں لپٹے سحر طاری کر دینے والے بلند و بالا پہاڑوں کی طرف اشارہ بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
    کے پی ایل کی ٹیم میرپور رائلز کی کپتانی کرنے والے کھلاڑی نے کہا کہ انھوں نے مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم کی بھی بہت تعریف سنی ہے، یہاں کے نظارے بہت خوب صورت ہیں، میں خود بھی ان دل کش پہاڑوں پر جانا چاہتا ہوں۔

    انھوں نے کہا کشمیر پریمیئر لیگ میں کشمیری کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے کا بڑا موقع ہے، امید ہے کشمیر پریمیئر لیگ بہت کامیاب ہوگی، اور میں شائقین سے کہوں گا اسٹیڈیم آ کر میچ دیکھیں۔

  • کشمیر پریمیئر لیگ: ہرشل گبز سے متعلق اہم خبر

    کشمیر پریمیئر لیگ: ہرشل گبز سے متعلق اہم خبر

    مظفرآباد: کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک نے کہا ہے کہ ہرشل گبز بھارت کا دباؤ ٹھکراتے ہوئے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مایہ ناز جنوبی افریقی کھلاڑی ہرشل گبز کے پی ایل میں اوورسیز واریئرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، انھیں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی کہ اگر انھوں نے کے پی ایل میں شرکت کی تو بھارت میں وہ کسی ایونٹ میں شریک نہیں ہو پائیں گے۔

    ادھر کے پی ایل کے صدر عارف ملک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہرشل گبز نے بھارتی دباؤ مسترد کر دیا ہے، اور وہ لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ کے پی ایل میں کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، سیاست نہیں ہو رہی، کے پی ایل پر مقبوضہ کشمیر میں بھی بہت جوش و خروش ہے، کوشش ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی کے پی ایل دیکھ سکیں۔

    کشمیر پریمیئر لیگ کا شیڈول

    خیال رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز 6 اگست سے ہوگا اور فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا، ایونٹ کے تمام میچز مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

    کشمیر پریمیئر لیگ کے اوّلین ایڈیشن کے 19میں سے 12 میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے، مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی ٹیم راولا کوٹ ہاکس اور شعیب ملک کی ٹیم میرپور رائلز افتتاحی میچ میں مد مقابل ہوں گے۔

    ڈائریکٹر آپریشنز تیمور خان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں عالمی معیار کی کرکٹ لیگ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے، مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں بین الاقوامی معیار کی فلڈ لائٹس کی روشنیوں میں شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور یہ پلیٹ فارم نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے نہایت مناسب ثابت ہوگا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کھیلوں کے انعقاد پر ہمیں اعتراض نہیں ہوگا: وزیر خارجہ

    مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کھیلوں کے انعقاد پر ہمیں اعتراض نہیں ہوگا: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر پریمیئر لیگ میں کھلاڑیوں پر بھارتی دباؤ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو کرکٹ جیسا کھیل سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر خارجہ شاہ محمود نے مقبوضہ کشمیر اور افغانستان کی بدلتی ہوئی صورت حال پر اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو کرکٹ جیسا کھیل سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے، میں کشمیر پریمیئر لیگ میں کھلاڑیوں پر بھارتی دباؤ کی مذمت کرتا ہوں۔

    انھوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کھیلوں کے انعقاد پر ہمیں اعتراض نہیں ہوگا، کشمیری کھلاڑیوں کی عالمی سطح پر پذیرائی پر ہمیں خوشی ہے، بھارت کو بھی ہونی چاہیے، مقبوضہ کشمیر کا کوئی کھلاڑی عالمی پذیرائی حاصل کرے تو خوشی ہوگی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے حال ہی میں صدر سلامتی کونسل کو خط لکھا ہے، اس خط کا مؤقف بھی وہی ہے جو پاکستان 2 سال سے فورم پر دہراتا رہا ہے، اب دنیا کی آزاد پارلیمان ہمارے مؤقف کی توثیق کر رہی ہیں، اس خط سے بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہونے کی نفی ہوتی ہے۔

    کشمیر پریمیئر لیگ کا شیڈول

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا بھارت تاثر دے رہا تھا کہ یہ ان کا اندرونی مسئلہ ہے، یہ اندرونی مسئلہ نہیں، لیکن سلامتی کونسل میں تسلیم کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر حل طلب مسئلہ ہے۔

    شاہ محمود نے افغانستان کے حوالے سے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان میں امن خراب ہو، ہم پر تاشقند میں بھی الزامات لگائے گئے مگر خندہ پیشانی کامظاہرہ کیا، افغانستان میں ایک چھوٹا طبقہ کسی کی ایما پر بیان بازی کر رہا ہے، ہم کہتے رہے بھارت اسپائیلر کا کردار ادا نہ کرے، افغانستان میں امن کا فائدہ پورے خطے کو ہوگا بھارت کو بھی۔

    انھوں نے کہا افغان حکومت کو گفتگو آگے بڑھانے کے لیے اسلام آباد آنے کی دعوت دی تھی جو ان کی درخواست پر ملتوی کی گئی، ہم مدد کرنا چاہتے ہیں ان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں، افغان وزیر خارجہ اسلام آباد آئیں اور بتائیں ہم کیسے مدد کر سکتے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے فیک نیوز کا سہارا لیا جا رہا ہے، کل ہی میرے نام سے ایک بیان غلط طور پر منسوب کیا گیا، اور افغانستان کا میڈیا غلط اور فیک بیان کوبڑھ چڑھ کر نشر کر رہا ہے۔

  • کشمیر پریمیئر لیگ کا شیڈول

    کشمیر پریمیئر لیگ کا شیڈول

    کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے شیڈول کا اعلان ہو گیا، ایونٹ کا آغاز 6 اگست سے ہوگا، جب کہ لیگ کا فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا۔

    کے پی ایل کے تمام میچز مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، کشمیر پریمیئر لیگ کے اوّلین ایڈیشن کے 19میں سے 12 میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے، مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی ٹیم راولا کوٹ ہاکس اور شعیب ملک کی ٹیم میرپور رائلز افتتاحی میچ میں مد مقابل ہوں گے۔

    ڈائریکٹر آپریشنز تیمور خان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں عالمی معیار کی کرکٹ لیگ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے، مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں بین الاقوامی معیار کی فلڈ لائٹس کی روشنیوں میں شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور یہ پلیٹ فارم نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے نہایت مناسب ثابت ہوگا۔

    واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی دھمکیوں کا سامنے کرنے والے مایہ ناز جنوبی افریقی کھلاڑی ہرشل گبز کے پی ایل میں اوورسیز واریئرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، جب کہ مظفرآباد ٹائیگرز کو سابق سری لنکن کپتان تلکارتنے دلشان کی خدمات حاصل ہوں گی۔

    کے پی ایل شیڈول

    جمعہ 6 اگست، رات 8:30 بجے: میرپور رائلز بمقابلہ راولاکوٹ ہاکس

    ہفتہ 7 اگست، دوپہر 2:00 بجے: باغ اسٹالیئنز بمقابلہ کوٹلی لائنز

    ہفتہ 7 اگست، رات 7:30 بجے: اوورسیز واریئرز بمقابلہ مظفرآباد ٹائیگرز

    اتوار 8 اگست، دوپہر 2:00 بجے: میرپور رائلز بمقابلہ باغ اسٹالیئنز

    اتوار 8 اگست، رات 7:30 بجے: راولاکوٹ ہاکس بمقابلہ کوٹلی لائنز

    پیر 9 اگست، دوپہر 2:00 بجے: اوورسیز واریئرز بمقابلہ میرپور رائلز

    پیر 9 اگست، رات 7:30 بجے: راولاکوٹ ہاکس بمقابلہ مظفرآباد ٹائیگرز

    منگل 10 اگست، دوپہر 2:00 بجے: مظفرآباد ٹائیگرز بمقابلہ کوٹلی لائنز

    منگل 10 اگست، رات 7:30 بجے: باغ اسٹالیئنز بمقابلہ اوورسیز واریئرز

    بدھ 11 اگست، دوپہر 2:00 بجے: راولاکوٹ ہاکس بمقابلہ باغ اسٹالیئنز

    بدھ 11 اگست، رات 7:30 بجے: کوٹلی لائنز بمقابلہ میرپور رائلز

    جمعرات 12 اگست، دن 10:00 بجے: باغ اسٹالیئنز بمقابلہ مظفرآباد ٹائیگرز

    جمعرات 12 اگست، سہ پہر 3:30 بجے: راولاکوٹ ہاکس بمقابلہ اوورسیز واریئرز

    جمعہ 13 اگست، دوپہر 2:00 بجے: اوورسیز واریئرز بمقابلہ کوٹلی لائنز

    جمعہ 13 اگست، رات 7:30 بجے: مظفرآباد ٹائیگرز بمقابلہ میرپور رائلز

    ہفتہ 14 اگست، سہ پہر 4:00 بجے: کوالیفائر (1 بمقابلہ 2)

    اتوار 15 اگست، سہ پہر 4:00 بجے: ایلیمینیٹر1 (3 بمقابلہ 4)

    پیر 16 اگست، سہ پہر 4:00 بجے: ایلیمینیٹر2 (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم بمقابلہ ایلیمینیٹر 1 جیتنے والی ٹیم)

    منگل 17 اگست، شام 4:00 بجے: ایلیمینیٹر2 (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم بمقابلہ ایلیمینیٹر 1 جیتنے والی ٹیم)

    Image

  • کشمیر پریمیئر لیگ، بھارت کی ہرشل گبز کو دھمکی، دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے مذمت

    کشمیر پریمیئر لیگ، بھارت کی ہرشل گبز کو دھمکی، دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے مذمت

    اسلام آباد: بھارت نے کشمیر پریمئیر لیگ میں شرکت پر سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز کو دھمکی دی ہے، دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے کرکٹ کو سیاست کے لیے استعمال کیے جانے پر مذمتی بیان جاری کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے سابق بلے باز ہرشل گبز نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) انھیں افتتاحی کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت سے روکنے اور پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    ہرشل گبز کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے انھیں دھمکی دی ہے کہ اگر انھوں نے کے پی ایل میں شرکت کی تو انھیں بھارت میں کرکٹ سے متعلق کسی بھی معاملے کے حوالے سے داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اس معاملے میں غیر ضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لا رہا ہے، اور مجھے کے پی ایل میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش بلا جواز اور مضحکہ خیز ہے۔

    خیال رہے کہ ہرشل گبز کشمیر پریمیئر لیگ کی فرنچائز اوورسیز واریئرز کا حصہ ہیں۔

    ہرشل گبز کے ٹویٹ کے حوالے پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے بھارت کی جانب سے کرکٹ کھیل کو سیاسی بنانے پر مذمت کی، انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا بھارت کی کرکٹ پر سیاست کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کشمیریوں کو کرکٹ کے بڑے ناموں کے ساتھ کھیلنے سے محروم کرنا افسوس ناک ہے۔

    بعد ازاں ہرشل گبز نے ویب سائٹ ’اسپورٹس کیڑا‘ کو بتایا کہ انھیں دھمکی بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے دی ہے، جے شاہ نے گریم اسمتھ کے ذریعے مجھے یہ پیغام بھیجا ہے۔

    ادھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پاکستان فواد چوہدری نے ٹویٹ میں رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو مذموم سیاست کی بھینٹ چڑھایا ہو، ہرشل گبز پر کشمیر لیگ میں حصہ نہ لینے کا دباؤ اس پرانی روش کا تسلسل ہے، ہم ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ کے پی ایل کے پہلے ایڈیشن کا آغاز 6 اگست سے ہوگا جو 17 اگست تک جاری رہے گا، اس میں آزاد جموں و کشمیر کے شہروں کی نمائندگی کرنے والی 5 فرنچائزز حصہ لیں گی، جب کہ چھٹی فرنچائز کا نام اوورسیز واریئرز رکھا گیا ہے، جس میں بیرون ملک مقیم کشمیری شامل ہوں گے۔