Tag: #KPvSIN

  • فخر اور رضوان کا لاٹھی چارج، خیبرپختونخوا کی فائنل میں رسائی

    فخر اور رضوان کا لاٹھی چارج، خیبرپختونخوا کی فائنل میں رسائی

    راولپنڈی: نیشنل ٹی 20 کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں خیبرپختونخوا نے سندھ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، محمد رضوان کو شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20 کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 142 رنز اسکور کیے، خیبرپختونخوا کی ٹیم ہدف باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    خیبرپختونخوا کے اوپنر فخر زمان اور محمد رضوان نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور 113 رنز کی شراکت قائم کرکے جیت کی بنیاد رکھی، فخر زمان نے 57 اور کپتان محمد رضوان نے67 رنز کی اننگز کھیلی۔

    محمد حفیظ 12 اور شعیب ملک 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سندھ کی جانب سے دانش عزیز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل سندھ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 142 رنز بنائے تھے، سندھ کی ابتدائی 5 وکٹیں 47 رنز پر گرنے کے بعد دانش عزیز اور خرم منظور کے درمیان پارٹنر شپ قائم ہوئی، خرم منظور 74 اور دانش عزیز 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    سندھ کے صرف دو کھلاڑی ہی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے، کپتان سرفراز احمد 4، اعظم خان صفر، شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔

    اسد شفیق بھی ایک رن بنا کر عمران خان سینئر کا نشانہ بنے، سہیل خان 9 اور انور علی 3 رنز بناسکے۔

    خیبرپختونخوا کی جانب سے عمران خان سینئر اور عثمان شنواری نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
    واضح رہے کہ راولپنڈی میں کل شام ساڑھے سات بجے سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں فائنل میں ٹکرائیں گی، سدرن پنجاب نے دفاعی چیمپئن ناردرن کو پہلے سیمی فائنل میں شکست دی تھی۔

  • محمد رضوان کا ناقابل یقین کیچ، کمنٹیٹر بھی حیران

    محمد رضوان کا ناقابل یقین کیچ، کمنٹیٹر بھی حیران

    راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ کے 23ویں میچ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرنے والے محمد رضوان نے سندھ کے خلاف ناقابل یقین کیچ پکڑ لیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے خلاف میچ میں محمد رضوان وکٹ کیپر کی بجائے فیلڈنگ کرتے ہوئے دکھائی دئیے اور جب انور علی نے 19ویں اوورز میں چھکا لگانے کی ناکام کوشش کی تو محمد رضوان بھاگتے ہوئے آئے اور مشکل کیچ پکڑ کر انور علی سمیت کمنٹیٹر کو بھی حیران کردیا۔

    کمنٹیٹرز کو ویڈیو میں یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ رضوان نے گلوز کے بغیر بھی مشکل کیچ پکڑا ہے۔

    سندھ کی ٹیم کو اس وقت 12 گیندوں پر 28 رنز درکار تھے اور انور علی 33 رنز کے ساتھ کریزپر موجود تھے، رضوان کے کیچ کی بدولت سندھ کی ٹیم کو دھچکا لگا۔

    تاہم انور علی کے ساتھ دوسری اینڈ پر کھڑے دانش عزیز نے میچ وننگ اننگز کھیل کر سندھ کو یقینی شکست سے بچالیا اور میچ کا ٹرننگ پوائنٹ بننے والا رضوان کا ناقابل یقین کیچ بھی خیبرپختونخوا کو شکست سے نہ بچاسکا۔