Tag: Kulbhushan Yadav

  • بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کو 8 سال مکمل

    بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کو 8 سال مکمل

    اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کو 8 سال مکمل ہوگئے ، کلبھوشن یادیو پاکستان میں حسین مبارک پٹیل کے نام سے دہشت گردی کا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سیکورٹی فورسز نے 8 سال پہلے بھارت کے حاضر سروس آفیسر کلبھوشن یادو کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر عالمی سطح پر بھارتی دہشت گردی کو بےنقاب کیا۔

    3مارچ 2016 کو پا کستانی ایجنسیوں نے چمن کے علاقے ماشخیل سے کلبھوشن کو گرفتار کیا تھا، 54 سالہ کلبھوشن یادیو بھارتی نیوی کا کمانڈر رینک کا حاضر سروس افسر تھا، کلبھوشن 2003 سے بھارتی ایجنسی ”را“ کیلئے پاکستان میں منظم دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا۔

    کلبھوشن یادیو 2003 میں چاہ بہار ”ایران“ میں جعلی پاسپورٹ پر داخلہ ہوا، کلبھوشن نے اسکریپ کے کاروبار کی آڑ میں بلوچ علیحدگی پسندوں کا نیٹ ورک پروان چڑھایا، کلبھوشن یادیو نے اپنے بیان میں ”را“ کی طرف سے پاکستان میں دہشت گردی کا اعتراف کیا۔

    کلبھوشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارا ہدف سی- پیک گوادربندرگاہ اور بلوچستان میں علیحدگی پسند تحریک کو ہوا دینا تھا، را پاکستان میں انتشارپھیلانے، معصوم پاکستانیوں کے خون بہانے میں ملوث تھی، پاکستان نے کلبھوشن کی دہشت گردانہ کارروائیوں پر مبنی ڈوزیئر یواین کے حوالے کیا۔

    بھارت نے کلبھوشن یادیو کو بھارتی شہری تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا، 10 اپریل 2017 کو کلبھوشن کی سزائے موت کے اعلان پر بھارت میں کھلبلی مچ گئی تھی جس کے بعد بھارت نے کلبھوشن کا مقدمہ لڑنے اور پاکستان میں بھارت کی دہشت گردانہ کاروائیوں کا اعتراف کیا تھا۔

    اعلیٰ حاضر سروس انٹیلی جنس افسر کا پاکستان میں گرفتار ہونا ”را“ کی  دہشتگردی پھیلانے کا ثبوت ہے، ماضی میں سری لنکا، نیپال اور میانمار بھی بھارت پردہشت گردی کا الزام لگا چکے ہیں، کیا عالمی برادری بھارت کے ہمسایوں کے کیخلاف دہشتگردی کی شکایات پر کوئی ایکشن لیں گی؟ کیاہندو توا نظریہ کے تحت پنپتا ہندوستان خطے میں انتشار پھیلا کر عالمی امن کیلئے خطرہ نہیں بن رہا؟۔

  • بھارت کو کلبھوشن یادیو کے لیے وکیل مقرر کرنے کی دوبارہ پیشکش کی جائے، عدالت کا حکم

    بھارت کو کلبھوشن یادیو کے لیے وکیل مقرر کرنے کی دوبارہ پیشکش کی جائے، عدالت کا حکم

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کوحکم دیا ہے کہ بھارت کو کلبھوشن یادیو کے لیے وکیل مقرر کرنے کی دوبارہ پیشکش کی جائے ، اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم تیار ہیں دفتر خارجہ کے ذریعے دوبارہ بھارت سے رابطہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل اورنگزیب نے بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادوکیلئے سرکاری وکیل مقرر کرنے کی درخواست پرسماعت کی۔

    سماعت سے قبل ہائی کورٹ کے اطراف اضافی سیکیورٹی تعینات کی گئی جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے عدالت کو کلیئر قرار دیا تھا اورچیف جسٹس کےکورٹ روم میں داخلے کے لئے 2 وال تھرو گیٹ نصب کئے گئے تھے۔

    وفاق کی جانب سےاٹارنی جنرل خالد جاوید خان عدالت میں پیش ہوئے، اٹارنی جنرل نے بتایا 2016کوکلبھوشن یادیوپاکستان سےگرفتارہوا، مجسٹریٹ کےسامنے کلبھوشن نےجرم قبول کیا۔

    اٹارنی جنرل نے کہا کہ بھارت نےویاناکنونشن رول 36کےتحت عالمی عدالت سےرجوع کیا اور عالمی عدالت انصاف نے قونصلر رسائی کا حکم دیا تھا، 7جون 2020 کو کلبھوشن نےنظرثانی کیلئے معذرت کی، قونصلر رسائی کے معاملے پر بھارت کو بھی خط لکھا گیا، بیرسٹرشاہنواز سے رابطہ کیا گیا مگر دستاویز فراہم نہیں کی گئیں۔

    ٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ بھارت کلبھوشن کیس میں نقائص تلاش کرکے ریلیف لینا چاہتا ہے، بھارت نے یہ تاثر دیا کہ کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی نہیں دی گئی، عالمی عدالت انصاف نے سزائے موت پر حکم امتناع جاری کیا جو آج بھی موجود ہے۔ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے آرڈیننس جاری کر کے سزا کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کرنے کا موقع دیا گیا۔

    خالد جاوید خان نے عدالت کو بتایا پاکستان عالمی قوانین کی پاسداری کرتا ہے، کلبھوشن سے رحم کی درخواست کا کہا گیا مگر کلبھوشن نےمعذرت کی، کلبھوشن یادیو کومجرم پایا گیا، بھارت کی استدعاعالمی عدالت نےمستردکی اور عالمی عدالت کے احکامات پرسزائے موت روک دی گئی، کلبھوشن یادیو صحت مند ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کیایہ بہتر نہیں ہو گاکہ بھارتی سفارت خانےکوبلایاجائے، جس پر اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ حکومت خوش ہو گی اگر بھارتی حکومت اپنامؤقف دے۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ بھارت اور کلبھوشن یادیو کو ایک بار پھر قانونی نمائندہ مقرر کرنے کی پیشکش کریں، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم تیار ہیں بھارت اور کلبھوشن کو وکیل کی پیشکش کریں گے، ہم دفتر خارجہ کے ذریعے دوبارہ بھارت سے رابطہ کریں گے۔

    چیف جسٹس اطہرمن نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا آپ کو کتنا وقت چائیے، اےجی نے بتایا 2سے3 ہفتےچاہییں، وفاقی حکومت کو ہائی کمیشن سے رابطے کے لیے، جس پر چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہرمن اللہ نے کہا شفاف ٹرائل سب کا حق ہے۔

    بعد ازاں اسلام آبادہائی کورٹ نے بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادوکیلئے سرکاری وکیل مقرر کرنے کی درخواست پرسماعت 3ستمبرتک ملتوی کر دی۔

    یاد رہے وزارت قانون نےا سلام آبادہائی کورٹ میں کلبھوشن کا قانونی نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے، درخواست میں وفاق کو بذریعہ سیکریٹری دفاع اور جج ایڈووکیٹ جنرل برانچ جی ایچ کیو کو فریق بنایا گیا ہے۔

    حکومت کی عدالت میں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ بھارتی جاسوس نے سزا کے خلاف درخواست دائر کرنے سے انکار کیا، وہ بھارت کی معاونت کے بغیر پاکستان میں وکیل مقرر نہیں کرسکتا، بھارت بھی آرڈینینس کے تحت سہولت حاصل کرنے سے گریزاں ہے

    درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت اس حوالے سے حکم صادر کرے تاکہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق پاکستان کی ذمہ داری پوری ہو سکے۔

    خیال رہے فوجی عدالت نے کلبھوشن کوجاسوسی کے الزام میں سزائےموت سنارکھی ہے ، 17جولائی2019کوعالمی عدالت انصاف نے پاکستان کو فیصلے پر نظرثانی اور کلبھوشن یادیوکوقونصلررسائی کا حکم دیا تھا۔

    فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کلبھوشن یادیو کو فیصلہ اور سزا کے خلاف موئثر جائزہ اور دوبارہ غور کا حق دینے کا پابند ہے جو کہ ویانا کنونشن کی شق 36میں حقوق کی خلاف ورزی کے حوالے سے اس کے حق کو یقینی بناتاہے جبکہ فیصلہ کا پیرانمبر 139، 145اور146 اسی تناظر میں ہے۔

  • پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو دوسری بار قونصلر رسائی دے دی

    پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو دوسری بار قونصلر رسائی دے دی

    اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو دوسری بارقونصلر رسائی فراہم کردی اور کہا پاکستان عالمی عدالت کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کررہا ہے، بھارت سےامید ہے وہ بھی فیصلے پرپاکستان سے تعاون کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ناظم الامور سے بھارتی جاسوس کلبھوشن کی ملاقات جاری ہے اور بھارتی ہائی کمیشن کے افسر بھی چند گھنٹے سے وزارت خارجہ میں موجود ہیں۔

    دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلررسائی فراہم کردی، بھارت کی درخواست پر آج دوسری قونصلر رسائی دی گئی، کلبھوشن کو پہلی قونصلررسائی 2 ستمبر 2019 کو دی گئی تھی جبکہ 25 دسمبر2017 میں کلبھوشن یادیو سے اس کی والدہ اور اہلیہ کی ملاقات کرائی گئی تھی۔

    ترجمان کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے 2 افسران کو بلاتعطل قونصلر رسائی آج 3 بجے دی گئی، پاکستان عالمی عدالت کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کررہا ہے، بھارت سےامید ہے وہ بھی فیصلے پر پاکستان سے تعاون کرے گا۔

    دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : بھارت نے کلبھوشن تک قونصلر رسائی کی پاکستان کی پیشکش قبول کرلی

    اس سے قبل بھارتی ناظم الامور سے دفتر خارجہ میں کلبھوشن یادیو کی قونصلر رسائی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا تھااور بھارت نے اپنی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو تک قونصلررسائی کی پاکستان کی پیشکش قبول کرلی تھی۔

    یاد رہے کہ 8 جولائی کو پاکستان نے کلبھوشن کے معاملے پر بھارت کو دوسری قونصلر رسائی کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا آئی سی جے فیصلے کے تحت نیا آرڈیننس جاری کیا ہے، آرڈیننس کے سیکشن 20 کے تحت کلبھوشن یادیو نظرثانی اپیل دائر کرسکتا ہے۔

    واضح رہے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016ء کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا، کلبھوشن نے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا، باضابطہ مقدمہ چلایا گیا اور 2017ء میں فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی

  • بھارت کا کلبھوشن یادیو کی سزا کیخلاف نظرِثانی اپیل دائر کرنے سے انکار

    بھارت کا کلبھوشن یادیو کی سزا کیخلاف نظرِثانی اپیل دائر کرنے سے انکار

    اسلام آباد : بھارت نے پاکستان میں گرفتار اور سزا یافتہ خفیہ ایجنسی ‘را’ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی سزا کے خلاف نظرِ ثانی اپیل دائر کرنے سے انکار کردیا ہے، سابق اٹارنی جنرل اشتراوصاف نے کہا بھارت کا انکار حیران کن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے سزا یافتہ خفیہ ایجنسی ‘را’ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی سزا کیخلاف نظرِثانی کی اپیل دائرکرنے سے انکار کردیا ، اس حوالے سے سابق اٹارنی جنرل اشتراوصاف نے کہا جب پاکستان کی جانب سےآرڈیننس جاری کردیا گیا تو بھارت کا انکار حیران کن ہے۔

    اشتراوصاف کا کہنا تھا کہ بھارت نے انکارنہیں کیا کہ کلبھوشن حاضرسروس نیول افسرنہیں، کیا بھارت صرف پروپیگنڈا کرنا جانتا ہے، بھارت اپنے ہی بوجھ تلے ڈوب رہا ہے،اسے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔

    یاد رہے پاکستان نے کلبھوشن کے معاملے پر بھارت کو دوسری قونصلر رسائی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی سی جےفیصلےکےتحت نیاآرڈیننس جاری کیا، آرڈیننس کے سیکشن 20 کے تحت کلبھوشن یادیو نظرثانی اپیل دائر کرسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان نے کلبھوشن کے معاملے پر بھارت کو دوسری قونصلر رسائی کی پیشکش کر دی

    ڈی جی ساؤتھ ایشیا کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیونے پاکستان میں دہشت گردی کا اعتراف کیا اور پاکستان نے آئی سی جے کے فیصلے کے مطابق کئی اقدامات کئے، پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کےفیصلے کے مطابق کونسلررسائی سمیت متعدد اقدامات کئے، توقع ہے بھارت کلبھوشن کے معاملے پر سیاست کرنے کے بجائے قانونی طریقہ کارپرعمل کرے گا۔

    انھوں نے کہا تھا کہ پاکستان کا قانون فیصلے ازسر نوجائزہ لینے کا حق دیتا ہے، کلبھوشن یادیو نے ازسرنو فیصلے کا جائزہ لینے کے حق کورد کردیا ہے ، تاہم پاکستان کلبھوشن کیس میں عالمی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے تیار ہے۔

    واضح رہے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016ء کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا، کلبھوشن نے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا، باضابطہ مقدمہ چلایا گیا اور 2017ء میں فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔

  • بھارت نے کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کا موقع گنوا دیا

    بھارت نے کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کا موقع گنوا دیا

    اسلام آباد: بھارت نے پاکستان کی قید میں‌ موجود اپنے جاسوس کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کا پہلا موقع گنوا دیا.

    حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مخلصانہ پیشکش پر بھارت نے شرطیں عائد کر دیں، جس کی وجہ سے موقع ضایع ہوگیا.

    بھارت نے پاکستان کی جانب سے ملاقات کے مقررہ وقت سے فقط دو گھنٹے پہلے اپنا جواب ارسال کیا. بھارتی جواب میں پاکستانی پیشکش پرغیر ضروری اعتراضات اٹھائے گئے.

    پاکستانی حکومت کے مطابق کلبھوشن جاسوس اور حاضر سروس کمانڈر ہے، اس ضمن میں‌ بھارتی مطالبہ درست نہیں.

    پاکستانی پیشکش میں واضح تھا کہ ملاقات آج سہ پہر تین بجے کرائی جانی تھی، البتہ اب بھارتی فرمائش پر مشاورت کے بعد جواب دیا جائے گا.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا کلبھوشن سے متعلق عالمی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم

    حکومتی ذرائع کے مطابق جاسوس کلبھوشن تک قونصلررسائی کی نئی تاریخ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا.

    خیال رہے کہ عالمی عدالت نے کلبھوشن یادیو کو بھارتی جاسوس ٹھہراتے ہوئے کہا تھا یادیو تک قونصلر رسائی دی جائے۔

    پاکستان کی بھارتی جاسوس کو قونصلر رسائی دینے کی پیشکش پر بھارت نے کلبھوشن یادیو تک تنہائی میں رسائی مانگ لی تھی، اس فرمائش کی وجہ سے بھارت نے اپنے جاسوس تک رسائی کا موقع گنوا دیا۔

  • عالمی عدالت کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ 17 جولائی کو سنائے گی

    عالمی عدالت کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ 17 جولائی کو سنائے گی

    اسلام آباد: عالمی عدالت  انصاف کلبھوشن یادیو کیس کا محفوظ فیصلہ 17  جولائی  کو  سنائے گی.

    تفصیلات کے مطابق بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو کے کیس کا فیصلہ نیدرلینڈزکے وقت کے مطابق دن 3 بجے سنایا جائے گا۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق عالمی عدالت میں  یہ کیس بہت اچھی طرح لڑا  گیا، امید ہے پاکستان کی اس میدان میں‌ فتح ہوگی.

    خیال رہے کہ 5 مارچ 2019 کو وزیرِ اعظم عمران خان کو عالمی عدالتِ انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی کام یاب پیروی کے سلسلے میں بریفنگ دی گئی تھی.

    اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور نے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی اور عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس کی پیروی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    یاد رہے کہ 21 فروری کو ہیگ میں عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت مکمل ہو ئی تھی، پاکستانی وکلا کی جانب سے مزید دلائل دیے جانے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    اٹارنی جنرل انور منصور نے عالمی عدالت میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے عدالتی نظام پر تنقید کا جواب دیا، انھوں نے پاکستان کے ملٹری کورٹس اور سول عدالتوں کے متعدد فیصلوں کے حوالے دیے۔

  • بھارت نے کلبھوشن کیس سے توجہ ہٹانے کے لئے پلوامہ کا ڈراما رچایا: ‌صادق سنجرانی

    بھارت نے کلبھوشن کیس سے توجہ ہٹانے کے لئے پلوامہ کا ڈراما رچایا: ‌صادق سنجرانی

    مردان: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بھارت نے کلبھوشن کیس سے توجہ ہٹانے کے لئے پلوامہ کا ڈراما رچایا۔

    ان خیالات کا اظہار  انھوں نے مردان آمد کے موقع پر کیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ بھارت کلبھوشن کیس سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان کامیاب رہا، ولی عہد محمد بن سلمان کی خواہش ہے کہ پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو۔

    صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستانی قیدیوں کی رہائی انقلابی قدم ہے، سعودی ولی عہد نے پاکستان سے محبت کا ثبوت دیا۔

    مزید پڑھیں: عمران خان کی قیادت پاکستان کو ترقی کی سمت لے جا رہی ہے: سعودی ولی عہد

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ قومی مسائل کی نشان دہی اورحل کے لئے قومی ہم آہنگی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی کے 16 ارکان ہیں، بیرسٹر سیف اس کے چیئرمین ہیں، اس سے مسائل میں واضح بہتری آئے گی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ولی عہد نے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا تھا، ولی عہد کا شان دار استقبال کیا گیا۔ دورے میں اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ پاکستان سے روانگی کے وقت ولی عہد نے یقین ظاہر کیا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی سمت جائے گا۔

  • پاکستان میں دہشت گردی کرنے والا بھارت، عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں

    پاکستان میں دہشت گردی کرنے والا بھارت، عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں

    اسلام آباد:‌ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے والا بھارت اب عالمی عدالت انصاف میں اپنے بزدلانہ اقدام کا دفاع کرے گا.

    تفصیلات کے مطابق دوسروں پر دہشت گردی کے الزامات عائد کرنے والے بھارت کو اپنے جاسوس کلبھوشن یادیو کے جرائم کے لیے عالمی عدالت میں جواب دینا ہوگا.

    بھارتی دہشت گرد کمانڈر کلبھوشن یادیو کی کارروائیوں پربھارت پیرکوجواب دے گا، کلبھوشن کے خلاف ثبوتوں پر پاکستان 19 فروری کو بحث کرے گا.

    یاد رہے کہ 14 فروری 2019 کو عالمی عدالت میں کلبھوشن یادیو کیس کی پیروی کے لیے پاکستانی وفد ہیگ روانہ ہوا تھا.

    کلبھوشن کیس میں 18 فروری کو بھارت دلائل کا آغاز کرے گا، پاکستان 19 فروری کو اپنے دلائل پیش کرے گا، 20 فروری کو بھارتی وکلا پاکستانی دلائل پر بحث کریں گے، 21 فروری کو پاکستانی وکلا بھارتی دلائل پرجواب دیں گے.

    مزید پڑھیں:کلبھوشن یادیو کیس: عالمی عدالت میں کیس کی پیروی کے لیے پاکستانی وفد آج ہیگ روانہ ہوگا

    سفارتی ذرائع کے مطابق ، کلبھوشن یادیو کی ریٹائرمنٹ کے بھارت نے ثبوت فراہم نہیں کیے، بھارت نے مبارک حسین پٹیل کےنام سے پاسپورٹ پرتسلی بخش جواب نہیں دیا، مبارک حسین پٹیل کے نام سے 17 بار کلبھوشن یادیو نےدہلی کا دورہ کیا.

    پاکستان عالمی عدالت کے ممکنہ فیصلے سے پرامید ہے، پاکستان عالمی عدالت کے فیصلے کا احترام کرے گا.

    عالمی عدالت سماعت مکمل ہونےکےبعد فیصلہ 3 سے 4 ماہ تک سنائے گی، دونوں ممالک کے شواہدعالمی عدالت میں جمع کرائے جا چکے ہیں، کلبھوشن کیس میں مزید دستاویزعالمی عدالت میں جمع نہیں کرائے جا سکتے.

  • جنرل باجوہ ڈاکٹرائن ملک میں پائیدار امن لائے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر

    جنرل باجوہ ڈاکٹرائن ملک میں پائیدار امن لائے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاک فوج سپاہی سے جنرل تک جنگ کی تجربہ کار فوج ہے، جنرل باجوہ پاکستان کو پُرامن ملک بنانا چاہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ ڈاکٹرائن ملک میں پائیدار امن لائے گا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ عمومی امن کو پائیدار امن میں بدلنا جنرل باجوہ کا مشن ہے۔ حاصل کیا گیا امن خراب نہیں ہونے دیں گے۔ 

    انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں ناکامی کا ذمے دار پاکستان کو نہیں ٹھہرایا جاسکتا، پاک افغان بارڈر مینجمنٹ امن کے لئے ضروری ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن قائم ہو، جنرل کیانی نے انسداد دہشت گردی جنگ کی منصوبہ بندی کی، افغان جنگ کے دوران تمام آرمی چیفس نےاچھا کام کیا۔

    ہم نے افغانستان میں اپنا کردار ادا کیا، اب امریکا کی باری ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف تمام اداروں میں تعاون ناگزیر ہے، مربوط منصوبے کے تحت دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کلبھوشن اناڑی حرکتوں کی وجہ سے پکڑا گیا،بھارتی اخبار کا انکشاف

    کلبھوشن اناڑی حرکتوں کی وجہ سے پکڑا گیا،بھارتی اخبار کا انکشاف

    نئی دلی : کلبھوشن یادیو جاسوس اوررا کا ایجنٹ ہے ، بھارتی اخبار نے بھانڈا پھوڑدیا اور اندرونی کہانی بیان کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار نے بھارتی دہشت گرد کلبھوشن سے متعلق اندرونی کہانی بیان کردی، جس کے مطابق کلبھوشن را کا ایجنٹ اور جاسوس کے طور پر کام کرتا رہا، کلبھوشن کو تعینات کرنے پر را کے 2افسران کو تحفظات تھے۔

    بھارتی اخبارنے اندرونی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ راکے دوافسرکلبھوشن کے پاکستان میں کام کے مخالف تھے، راکے سابق سربراہان کا کہنا تھا کلبھوشن کی تعیناتی میں بنیادی اصول نظراندازکئے گئے۔

    بھارتی اخبار نے انکشاف کیا کہ کلبھوشن پاکستان میں جاسوسی کی اہلیت نہیں رکھتا تھا، یہی وجہ ہے کہ اپنی اناڑی حرکتوں کی وجہ سے پکڑا گیا۔

    اخبارکے مطابق ایران،پاکستان ڈیسک پرکام کرنیوالے افسران کلبھوشن کی تعیناتی میں معاون ثابت ہوئے۔

    اس خبر کے بعد بھارتی اخبارکو سچ بولنا مہنگا پڑگیا اور شدید دباؤ ڈال کر خبر ہٹوا دی گئی۔

    دوسری جانب سابق سربراہان را کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کی تعیناتی میں بنیادی اصولوں کو نظر انداز کیا گیا۔


    مزید پڑھیں :  را کے لئے کام کررہا تھا، حیرت ہے میرا خفیہ بھارتی ادارہ مجھے تسلیم نہیں کرتا، کلبھوشن


    یاد رہے  بھارتی دہشت گرد کلبھوشن نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ بھارتی عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ بھارتی بحریہ کاکمیشن افسرہوں، میراکمیشن ختم نہیں ہوا، را کے لئے کام کررہا تھا، حیرت ہے میرا خفیہ بھارتی ادارہ مجھے تسلیم نہیں کرتا۔

    کلبھوشن کا مزید کہنا تھا کہ میں نےاپنی والدہ اوراہلیہ کی آنکھوں میں خوف دیکھا، بھارتی سفارتکارنےمیری والدہ کیساتھ بدتمیزی کی، بھارتی سفارتکار میری والدہ پر چلا اور انھیں دھمکارہاتھا، جس پرافسوس ہوا۔

    واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو اس وقت پاکستان میں قید ہے، بھارتی دہشتگرد کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد اس نے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیاں کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

    پاکستان کی فوجی عدالت نےکلبھوشن کوپھانسی کی سزاسنا رکھی ہے، جس پر بھارت نے دس مئی کو عالمی عدالتِ انصاف کا دروازہ کھٹکھٹایا اور سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کی درخواست دائر کی تھی۔


    مزید پڑھیں : والدہ، اہلیہ سےملاقات کرانے پرپاکستان کاشکرگزارہوں، کلبھوشن یادیو


    جس کے بعد عالمی عدالتِ انصاف نے کلبھوشن کیس میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان بھارت کو کلبھوشن تک قونصلر رسائی دے‘ اور امید ہے کہ پاکستان عالمی عدالت کا مکمل فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو سزا نہیں دی جائے گی۔

    ستمبر 2017 میں بھارت نےعالمی عدالت میں کلبھوشن کیس پر تحریری جواب داخل کیا جبکہ پاکستان نے دسمبر 2017 کوجوابی دعوی میں بھارتی الزامات کومسترد کردیا تھا۔

    کلبھوشن کیس کی سماعت آئی سی جے میں اب جنوری 2018 میں ہونے کا امکان ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئر کریں۔