Tag: Kunduz

  • عمران خان کی قندوز کے مدرسے پر بمباری کی مذمت

    عمران خان کی قندوز کے مدرسے پر بمباری کی مذمت

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے افغان صوبے قندوز کے مدرسے پر بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کا قتل عالمی ضمیر کے چہرے پر طمانچہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دو روز قبل افغان صوبے قندوز کے مدرسے پر ہونے والی بمباری کی سخت مذمت کی ہے۔

    عمران خان نے کم سن بچوں سمیت بڑے پیمانے پر ہلاکتوں پر کرب و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کا قتل عالمی ضمیر کے چہرے پر طمانچہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف نام نہاد امریکی جنگ کا مکروہ چہرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ واقعے سے خطے سمیت عالمی امن پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔ اس واقعے نے ڈمہ ڈولہ سانحے کے زخم تازہ کر دیے ہیں۔ ڈمہ ڈولہ میں دینی مدرسے پر حملے کے بعد دہشت گردی بڑھی تھی۔

    مزید پڑھیں: افغان صدر نے مدرسے پر حملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اس قسم کی شر انگیز کارروائیاں شدت کے اسباب مہیا کرتی ہیں۔ متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل افغان صوبہ قندوز کے ضلع دشت آرچی میں واقع مدرسے پر افغان فورسز کی جانب سے فضائی حملہ کیا گیا تھا۔

    فورسز کے مطابق یہ حملہ طالبان کے تربیتی مرکز پر کیا گیا تھا جہاں انہیں طالبان کمانڈروں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، تاہم بعد ازاں حملے میں بچوں اور عام شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔

    حملے میں 50 کے قریب افراد مارے گئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • افغانستان: ملکی فورسز کا مدرسے پر فضائی حملہ، 20 جاں بحق، متعدد زخمی

    افغانستان: ملکی فورسز کا مدرسے پر فضائی حملہ، 20 جاں بحق، متعدد زخمی

    کابل: افغانستان کے صوبہ قندوز میں واقع مدرسے پر افغان فورسز کی جانب سے بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے جس وقت بمباری کی گئی اس لمحے طالبان سمیت سینکڑوں عام شہری مدرسے میں موجود تھے جبکہ ملکی فورسز نے طالبان کے اہم رہنماؤں کی موجودگی کی اطلاع پر فضائی کارروائی کی جس کے نیتجے میں درجنوں ہلاکتیں سامنے آئیں۔

    ترجمان افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بمباری افغان فورسز نے اہم اطلاعات پر کی، یہ حملہ طالبان کے تربیتی مرکز پر کیا گیا جس میں 20 طالبان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    افغانستان: ریسلنگ اسٹیڈیم کے قریب کار بم دھماکا، 14 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی ہوگئے

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ قندوز کے ضلع دشت ارچی میں واقع مدرسے میں طالبان معمول کے مطابق اپنی سرگرمیاں انجام دیتے تھے جبکہ ہلاک ہونے والوں میں طالبان کے ریڈ یونٹ کے کمانڈر اور کوئٹہ شوریٰ کا ایک اہم رکن بھی شامل ہے تاہم کارروائی کے دوران فورسز محفوظ رہے۔

    دوسری جانب واقعے سے متعلق طالبان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 150 سے زائد مذہبی اسکالر اور عام شہری جاں بحق ہوئے، تاہم حملے کے وقت ہمارا کوئی جنگجو وہاں موجود نہ تھا، افغان فوسز نے مدرسے کے عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔

    افغانستان میں گلبدین حکمت یار کی ریلی کے قریب دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 9 زخمی

    خیال رہے کہ افغانستان میں موجود امریکی افواج نے واقعے سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے، جس میں ان کا کہنا تھا کہ فضائی کارروائی افغان فورسز کی جانب سے کی گئی البتہ اس میں امریکی فوج کا کوئی عمل دخل نہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔