Tag: kurd

  • انجلینا جولی کاعراق میں شامی پناہ گزیروں کے کیمپ کا دورہ

    انجلینا جولی کاعراق میں شامی پناہ گزیروں کے کیمپ کا دورہ

    بغداد: معروف اداکارہ اور اقوامِ متحدہ کے کمیشن برائے مہاجرین کی خصوصی سفیر انجلینا جولی شامی پناہ گزینوں کے لیے عراق میں واقع دومیز کیمپ پہنچ گئیں، ان کا کہنا ہے صورتحال محض خراب نہیں بلکہ بدترین ہے۔

    تفصیلات کےمطابق انجلینا جولی نے گزشتہ روز دومیز کیمپ کا دورہ کیا اور شامی پناہ گزینوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا شام کے مہاجرین کے مسئلے کے حل میں ناکام ثابت ہورہی ہے جس کا خمیازہ متاثرہ خاندانوں بالخصوص عورتوں اور بچوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

    دومیز نامی یہ کیمپ عراق کے نیم خود مختار کرد علاقے میں واقعہ ہے اور یہاں گزشتہ سات سال میں بے گھر ہونے والے 33 ہزار شامی مہاجرین پناہ گزین ہیں ۔ انجیلینا جولی نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کو ملنے والی فنڈنگ نصف رہ گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بد ترین انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ، جب ہم امداد کے حصول کے کم از کم ٹارگٹ کو بھی حاصل نہیں کرپائیں گے تو مہاجرین کے خاندانوں کو مناسب میڈیکل ٹریٹمنٹ نہیں مل سکے گا۔ خواتین بالخصوص نوجوان لڑکیوں کو جنسی ایذا رسانی کا سامنا کرنا پڑے گا اور کئی بچے اسکول جانے سے محروم رہ جائیں گے اور ہم مہاجرین پر سرمایہ کاری کا ایک نادر موقع ضائع کردیں گے۔

    اقوام متحدہ کا کمیشن برائے انسانی حقوق آئندہ روز اعداد و شمار جاری کرے گا جس میں دنیا بھر میں بے گھر لوگوں کی تعداد اور وہ کتنے عرصے سے بے گھر ہیں ظاہر کی جائے گی۔ جولی کا کہنا تھا کہ یہ شرح اب تک کی سب سے بلند شرح ثابت ہوگی ۔

    اداکارہ نے مزید کہا کہ اس موقع پر ہم مسئلے کے حل کے لیے کسی بھی قسم کی سیاسی خواہش کا مکمل فقدان دیکھ رہے ہیں اور اس فقدان کو محض امداد سے پورا نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر متوازن لفظ صورتِ حال کی مکمل منظر کشی نہیں کرتا کہ درحقیقت یہاں صورتحال کس قدر اندوہناک ہے۔

    یاد رہے کہ شام سنہ 2011 سے خانہ جنگی اور غیر ملکی مداخلت کا شکا ر ہے جس کے سبب انسانی تاریخ کے سب سے بڑے المیے نے جنم لیا ہے، لاکھوں کی تعداد میں مہاجرین نے دنیا کے مختلف ممالک کا رخ کیا ہے، بدقسمتی سے بہت کم ممالک نے شامی مہاجرین کو پناہ دینے پررضا مندی ظاہر کی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • کرد اورعرب جنگجوؤں نے داعش سے منبج شہرکا کنٹرول حاصل کرلیا

    کرد اورعرب جنگجوؤں نے داعش سے منبج شہرکا کنٹرول حاصل کرلیا

    دمشق : شام میں امریکا کے حمایت یافتہ کرد اور عرب جنگجوؤں نے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے زیرِقبضہ شام کے شہر منبج پر تقریباً مکمل کنٹرول حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شام میں اتحادی فورسز کو عالمی شدتپسند تنظیم داعش کے خلاف اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے، ترکی کی سرحد کے قریب اس شہر پر گذشتہ دو برس سےدولتِ اسلامیہ کا قبضہ تھا۔

    اطلاعات کے مطابق کرد اور عرب جنگجوؤں کے اتحاد نے منبج پرکنٹرول حاصل کرنےکے لیے تقریباً دو ماہ قبل کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق شہر کا 90 فیصد حصہ دولتِ اسلامیہ کےقبضے سے آزاد کروا لیا گیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق جون سے اس شہر کو جنگجوؤں نے مکمل طور پر گھیرے میں لے رکھا تھا۔

    کارروائی کے دوران امریکی فضائیہ کے طیارے بھی شہر میں موجودشدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ امریکی فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں شہر سے بھاگنےوالے عام شہریوں کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

    خیال رہے کہ مارچ 2011 سے شام میں شروع ہونے والےاس تنازع کے بعد سے اب تک دو لاکھ 80 ہزار افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ تین لاکھ افراد تاحال ان علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

     

  • ترکی:داعش کےخلاف احتجاج،جھڑپوں میں14 افراد ہلاک

    ترکی:داعش کےخلاف احتجاج،جھڑپوں میں14 افراد ہلاک

    استنبول:ترکی میں کرد شہری داعش کے خلاف سڑکوں پرنکل آئے،پولیس سے جھڑپوں میں چودہ افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    ترکی کے مختلف شہروں میں داعش کے خلاف کرد شہریوں نے زبردست احتجاج کیا ، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے گولیاں اورآنسو گیس کے شیل فائر کئے، جس کی زد میں آکرچودہ شہری مارے گئے۔

    کرد شہری شام میں ترکی کی سرحد کے قریب واقع کرد قصبے کو بانی پر قبضے کے بعد حکومت کا شدت پسند تنظیم کے خلاف کاروائی نہ کرنے پراحتجاج کر رہے تھے۔