اسلام آباد : دوست ملک کویت پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرےگا، یہ سرمایہ کاری توانائی،تعمیرات اورفوڈ سیکیورٹی کےمنصوبوں میں متوقع ہے۔
تفصلات کے مطابق پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے . کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی نےعندیہ دےدیا، سرمایہ کاری کابڑاحصہ توانائی کےشعبےمیں کیاجائےگا۔
سرمایہ کاری کیلئے معاہدے کئے جائیں گے اور صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کی جائےگی۔
کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی کےمطابق اتھارٹی نے بلوچستان میں بھی سرمایہ کاری کیلئے حکومت کےساتھ ایم اویوپر دستخط کئےہیں، اس کےعلاوہ سندھ میں گھروں کی تعمیر میں بھی کویتی اتھارٹی نےدلچسپی ظاہر کی ہے۔
اس سےپہلےبھی کویت پاکستان میں سرمایہ کاری کرچکاہے، قابل ذکر منصوبوں میں میزان بینک شامل ہے۔
کویت انوسٹمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے سرمایہ کاری کایہ دوسرا مرحلہ ہے۔اس مرحلے میں پاکستان میں بیس ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔
خیال رہے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی امیر کویت کے لیے وزیراعظم عمران خان کا خصوصی خط لے کر 2 روزہ دورے پر کویت روانہ ہوگئے ہیں ۔
مزید پڑھیں : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پرکویت روانہ
شاہ محمود قریشی نے کویت روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج دو روزہ دورے پر کویت روانہ ہو رہا ہوں، دورہ دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے معاون ثابت ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ کویت کے وزیرخارجہ سے ون آن ون ملاقات ہوگی، جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے، مذاکرات میں ویزا سمیت دیگر دوطرفہ معاملات پر گفتگو ہوگی۔
یاد رہے ستمبر 2018 میں سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کویت کے تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کویت کے سرمایہ کار گاڑیوں کے پرزہ جات، فوڈ پروسیسنگ اور ٹیکسٹائل سمیت تیل اور گیس کی تلاش کے شعبوں میں پاکستان میں قائم خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
واضح رہے مارچ 2017 میں کویت نے پاکستانیوں پر لگائی گئی ویزا پابندی ختم کردی ہے،کویت نے پاکستان پر چھ سال قبل ویزا پابندی عائد کی تھی۔