Tag: Kuwait

کویت اردو نیوز

Kuwait News Urdu

کویت سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

 

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

  • کویت : تارکین وطن کے ورک پرمٹ کا نیا قانون تیار

    کویت : تارکین وطن کے ورک پرمٹ کا نیا قانون تیار

    کویت سٹی : کویت میں 60 سال کی عمر کے افراد کے لیے ورک پرمٹ کی تجدید کے حوالے سے ایک نیا مسودہ تیار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افرادی قوت کے لیے پبلک اتھارٹی نے ملک میں رہائش پذیر 60 سال کی عمر کے ایسے افراد کے لیے ورک پرمٹ کی تجدید کے حوالے سے ایک نیا مسودہ تیار کیا ہے جن کے پاس ہائی اسکول ڈپلومہ یا اس سے کم تعلیم ہے۔

    باخبر ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ نیا مسودہ فیصلہ افرادی قوت کے لیے پبلک اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا جس کی سربراہی وزیر انصاف اور وزیر مملکت برائے سالمیت کے فروغ جمال الجلاوی کریں گے۔

    ذرائع نے انکشاف کیا کہ آئندہ فیصلے کے نئے مسودے میں ہیلتھ انشورنس کے علاوہ ورک پرمٹ کی تجدید کے عوض 250 دینار کی فیس مقرر کرنا بھی شامل ہے، یہ بتاتے ہوئے کہ مذکورہ فیس بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے طے شدہ فیس سے کم ہے۔

    سابق وزیر تجارت عبداللہ السلمان کی سربراہی میں اس کے آخری اجلاس میں اور پرائیویٹ ہیلتھ انشورنس کے علاوہ کام کرنے کی اجازت کے لیے 500 دینار مقرر کیے گئے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ نئے فیصلے کا مسودہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران کو ووٹ کے لیے پیش کیا جائے گا اور پھر عمل درآمد کے لیے ورک ڈپارٹمنٹس پر دستخط کرنے کے بعد فیصلے کا نیا ورژن فوری طور پر گردش میں لایا جائے گا۔

    مزید برآں اور فیصلے کے حتمی ورژن کے لیے وزیر الجلاوی کی ترمیم اور منظوری کی توقع کی روشنی میں وزارت داخلہ اب بھی ان رہائشیوں کے لیے رہائشی اجازت نامے (اقامہ) میں توسیع یا تبدیلی کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

    اقاموں میں توسیع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جن غیر ملکی تارکین وطن کی عمر 60 سال سے زیادہ ہے اور اسکول ڈپلومہ یا اس سے کم تعلیم ہے کیونکہ ان میں سے ہزاروں کو اپنے فیملی ویزا میں شامل ہونے کے لیے رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنے کی اجازت دی ہے۔

  • کویت کے صحرائی علاقوں کے عوام کیلئے اچھی خبر

    کویت کے صحرائی علاقوں کے عوام کیلئے اچھی خبر

    کویت : محکمہ موسمیات نے سردی کی شدید لہر آنے کی پیشنگوئی کردی ہے، محکمہ موسمیات نے آج بروز جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ دن کے وقت موسم سرد جبکہ رات کو شدید سرد رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بعض علاقوں بالخصوص زرعی اور صحرائی علاقوں میں ٹھنڈ پڑنے کے قوی امکانات ہیں۔

    موسم کی پیشن گوئی کرنے والے مبصر عبدالعزیزالقراوی نے مزید کہا کہ ملک شمال مغرب سے یورپی ہواؤں توسیع سے متاثر ہوا ہے اس کے ساتھ تیز ٹھنڈی ہوا بھی ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

    القراوی نے کہا کہ متوقع زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 13 سے 15 ڈگری سیلسیس کے درمیان اور کم سے کم درجہ حرارت ایک سے 5 ڈگری سیلسیس کے درمیان متوقع ہے۔

    انہوں نے وضاحت کی کہ جیسے جیسے جمعرات کو دن بڑھتا جائے گا یورپی ہوا کا حجم گہرا ہوتا جائے گا اس کے ساتھ ایک بہت ہی سرد اور تیز ہوا کا ماس ہوگا جو کچھ علاقوں خاص طور پر کھلے علاقوں میں دھول اُٹھائے گا اور سمندری لہریں 6 فٹ سے زیادہ بلند ہوں گی۔

    انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کل شام موسم انتہائی سرد رہے گا اور صحرائی علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت صفر ڈگری سیلسیس سے نیچے گر جائے گا۔

    انہوں نے اشارہ کیا کہ سرد موسم اگلے جمعہ اور ہفتہ کو دن کے وقت تک جاری رہے گا جس میں اعتدال سے تیز شمال مغربی ہوائیں چلیں گی اور متوقع زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 11 سے 13 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا جبکہ موسم رات کے وقت شدید سرد ہو گا جس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 سے 3 ڈگری سیلسیس اور سمندری لہریں 7 فٹ سے زیادہ اٹھ سکتی ہیں۔

  • کورونا وائرس : کویت حکومت نے نئی پابندیاں عائد کردیں

    کورونا وائرس : کویت حکومت نے نئی پابندیاں عائد کردیں

    کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے پیش نظر کویت میں ایک بار پھر مساجد اور شادی کی تقریبات کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات نافذ کردیے گئے ہیں۔

    عرب نیوز نے کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کونا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مساجد جانے والوں کو سماجی فاصلہ اختیار کرنے، ماسک پہننے اور اپنی ذاتی جانماز لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    مساجد کی انتظامیہ کو خطبوں اور نماز کے اوقات کے دوران کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ کونا کے مطابق جمعے کے خطبے کا دورانیہ بھی صرف 15 منٹ تک محدود کردیا گیا ہے۔ نوجنوری سے شادی کی تقریبات میں صرف چھ لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

    کویت کی حکومت نے 9 جنوری سے 28 فروری تک بند جگہوں میں تمام عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کویت میں 27 ہزار 541 نئے ٹیسٹ کے دوران دو ہزار 413 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد چار لاکھ 25 ہزار 455 ہوگئی ہے جبکہ دو ہزار 469 اموات ہوچکی ہیں اور چار لاکھ 12 ہزار 749 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • جنگل کا بادشاہ ہوا خاتون کے ہاتھوں بے بس، ویڈیو وائرل

    جنگل کا بادشاہ ہوا خاتون کے ہاتھوں بے بس، ویڈیو وائرل

    کویت میں گھر سے فرار ہونے والے پالتو شیر کو بہادر خاتون نے سڑک سے پکڑ لیا، جنگل کے بادشاہ کے فرار پر علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا تھا

    ذکر کسی خاتون کا ہو تو انسانی ذہن میں عموماْ نزاکت کا تصور ابھرتا ہے جو عام پالتو جانوروں سے بھی خوفزدہ نظر آتی ہے لیکن دنیا میں ایسی خواتین کی بھی کمی نہیں جو بہادری میں مردوں سے کم نہیں ہیں۔

    .جی ہاں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا کویت میں جہاں خاتون نے گھر سے فرار ہونے والے ایک شیر کو دلیری سے پکڑ کر بہادری کی مثال قائم کردی

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون بچوں کی طرح شیر گود میں پکڑے ایک مصروف شاہراہ سے گزر رہی ہے عرب ٹائمز کے مطابق یہ ویڈیو کویت کی ہے۔

    رپورٹر کے مطابق گھر سے فرار ہونے والا شیر وسط شہر ایک سڑک پر نمودار ہوا تھا، شیر کو اس طرح سے آزادانہ گھومتے دیکھنا کسی بھی شخص کو خوفزدہ کرسکتا ہے لیکن یہاں ایک خاتون نے دیدہ دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے لمحوں میں جنگل کے بادشاہ کو گردن سے دبوچ کر قابو میں کرلیا اور عام بچوں کی طرح اسے گود میں اٹھا لیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیر خود کو خاتون کی گرفت سے چھڑانے کے لیے ہاتھ پاوٗں مار رہا تھا لیکن اس کی ایک نہ چلی، بہادر خاتون اسے اٹھائے گلی پار کر گئی اور کچھ دور چلنے کے بعد شیر کو چھوڑ دیا لیکن اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ دوبارہ گھر سے فرار نہ ہوسکے۔

    واقعہ کویت شہر کے علاقے سباہیا میں پیش آیا جس کے بعد وہاں کے رہائشیوں میں خوف وہراس پھیل گیا تھا۔

    شیر کے لاپتہ ہونے کی اطلاع پر امدادی کارکن، رپورٹرز اور پولیس جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوگئے تھے لیکن ان کے پہنچنے سے پہلے ہی مذکورہ خاتون نے شیر کو قابو کرلیا تھا

    یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اکثر سوشل میڈیا صارفین نے خاتون کو زو کیپر یا شیروں کی دیکھ بھال کرنے والی پروفیشنل ماہر قرار دیا جب کہ کئی لوگ خاتون سے متاثر بھی ہوئے ۔

    واضح رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ کویت میں گھر سے پالتو شیر فرار ہوا ہو، دو ہزار تیرہ میں بھی ایک شیر گھر سے فرار ہوا تھا جسے پولیس نے پکڑ کر وین کے ذریعے واپس پہنچایا تھا۔

  • کویت کا اپنے شہریوں کو یورپی ممالک چھوڑنے کا حکم

    کویت کا اپنے شہریوں کو یورپی ممالک چھوڑنے کا حکم

     برطانیہ، فرانس اور جرمنی میں اومی کرون کیسز میں تیزی سے اضافے کے باعث کویت نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر  تینوں ممالک چھوڑنے کا  حکم دیا ہے

    ایک غیر ملکی ویب سائٹ عاجل کے مطابق مذکورہ تینوں یورپی ممالک میں کویت کے سفارتخانوں نے اپنے الگ الگ بیانات جاری کیے ہیں جس میں کویتی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی شکل اومی کرون  برطانیہ، فرانس اور جرمنی  میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور متاثرین کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، اس صورتحال میں احتیاط کا تقاضا ہے کہ کویتی شہری پہلی فرصت میں ان ممالک سے نکل جائیں

    کویتی سفارتخانوں نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ احتیاطاْ ان دنوں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کا سفر نہ کریں

    کویتی سفارتخانوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر اس حوالے سے ان کے ذہن میں کوئی سوال ہے تو پہلی فرصت میں قونصل یا سفارتخانے رابطہ کریں، اس حوالے سے چوبیس گھنٹوں میں کسی بھی وقت رابطہ کیا جاسکتا ہے

  • سعودی عرب جانے والے افراد کیلئے ویزے، اہم خبر آگئی

    سعودی عرب جانے والے افراد کیلئے ویزے، اہم خبر آگئی

    کویت سٹی : کویت میں سعودی سفارتخانہ یکم جنوری سے ویزوں کے اجرا کی کارروائی کا آغاز کررہا ہے۔

    ویزے لگانے کے لیے خدمات کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے جس کے لیے "تاشیر” کمپنی کی خدمات پیش کی گئی ہیں۔

    کویت میں موجود سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ سعودی عرب جانا چاہتے ہوں وہ عمرہ ویزے کے علاوہ کسی بھی قسم کے ویزے کی درخواست "تاشیر” کمپنی کے توسط سے جمع کراسکتے ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ عمرہ ویزے کی کارروائی رجسٹرڈ ایجنسیوں کے ذریعے ہی کی جائے گی، ماضی میں عمرہ ویزے کے حوالے سے جو طریقہ کار رائج تھا آئندہ بھی اسی کے مطابق عمرہ ویزے جاری ہوں گے۔

    سعودی سفارت خانے نے توجہ دلائی ہے کہ "تاشیر” کمپنی کی ویب سائٹ پر ویزوں کی کارروائی سے متعلق تفصیلات معلوم کی جاسکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ بیشترممالک کے سفارت خانوں کی جانب سے ویزے کی کارروائی آوٹ سورس کردی گئی ہیں۔ سفارت خانے معروف کمپنیوں کی خدمات حاصل کر کے ان کے ذریعے ویزے حاصل کرنے والے خواہشمندوں کی درخواستیں وصول کرتی ہیں۔

  • کویت: ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا طریقہ کار جاری

    کویت: ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا طریقہ کار جاری

    کویت سٹی: کویت کی وزارت داخلہ کی جانب سے ٹریفک قوانین کی کچھ شقوں میں ترمیم کی گئی ہے، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا طریقہ کار بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ شیخ ثامر العلی نے ٹریفک قانون کی کچھ شقوں میں ترمیم کرتے ہوئے ایک فیصلہ جاری کیا ہے۔

    جو ترامیم کی گئی ہیں وہ یہ ہیں۔

    ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی درخواست ڈرائیونگ لائسنس کی میعاد ختم ہونے سے 30 دنوں کے اندر ایک فارم پر جمع کروائی جائے گی۔

    شناخت کا ثبوت (سول شناختی کارڈ)، رہائش کا پتہ ٹریفک کی خلاف ورزی پر جرمانے کا سرٹیفکیٹ منسلک کیا جائے جبکہ غیر ملکیوں کو رہائش کا ثبوت (سول شناختی کارڈ) فراہم کرنا ضروری ہے۔

    لائسنس کی تجدید مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد کی جائے گی۔

    وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ 4 لاکھ 21 ہزار 131 ڈرائیونگ لائسنسز کی تجدید کی گئی ہے اور 23 ہزار 754 کو ضبط یا تبدیل کیا گیا ہے جبکہ ٹریفک جرمانے کی مد میں 13 لاکھ 20 ہزار 26 دینار وصول کیے گئے ہیں۔

  • پچیس سال قبل مرنے والے کویتی کا انوکھا مطالبہ

    پچیس سال قبل مرنے والے کویتی کا انوکھا مطالبہ

    کویت سٹی: کویت میں‌ ایک شہری نے وزارت انصاف سے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں‌ ’دوبارہ زندہ‘ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے عبدالمحسن العیدی نامی ایک کویتی شہری پر انکشاف ہوا کہ سرکاری دستاویزات میں انھیں 25 برس قبل مردہ قرار دیا جا چکا ہے۔

    وزارت قانون سے اپنے مختارنامے کی تصدیق کے سلسلے میں القرین سینٹر جانے والے شہری کو جب خاتون اہل کار نے کافی ساری تفتیش کے بعد اچانک کہا کہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق آپ پچیس برس قبل مر چکے ہیں، تو عبدالمحسن العیدی چکرا کر گر پڑے۔

    کویتی اخبار الرائی کی رپورٹ کے مطابق عبدالمحسن العیدی 1992 سے اپنی بیوی کے معاملات میں عمومی مختار نامے (جنرل پاور آف اٹارنی) کی رُو سے قانونی طور پر ذمہ دار ہے۔

    اپنی بیوی کے بیمار اور ضعیف ہونے کی وجہ سے جب وہ ایک کام کے سلسلے میں القرین سروس سینٹر گئے تاکہ وزارت قانون سے اس مختار نامے کی تصدیق بھی کروا کر جان سکے کہ وہ آج بھی قابلِ قبول ہے یا نہیں، تو وہاں موجود خاتون اہل کار نے مختار نامے کی نقل اس سے لے لی اور انتظار کرنے کو کہا۔

    خاصی دیر کے بعد خاتون اہل کار نے عبدالمحسن سے اس کا سرکاری شناختی کارڈ مانگا، وہ بار بار سرکاری کاغذات سے اس کے دستخط اور چہرے کو ملا کر دیکھتی رہی، تب خاتون نے پوچھا کیا آپ کو یقین ہے کہ آپ ہی عبدالمحسن ہیں؟ کیوں کہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق وہ 25 سال پہلے مرچکا ہے۔

    شہری کو معلوم ہوا کہ مرنے کی وجہ سے ان کا مختارنامہ بھی غیر مؤثر ہو چکا ہے، اس پر انھوں نے وزارت انصاف میں درخواست دے کر مطالبہ کیا کہ اسے ’دوبارہ زندہ کیا جائے‘ کیوں کہ اپنی ’موجودہ حیثیت‘ میں نہ تو مختار نامہ اس کے کام کا ہے اور نہ ہی وراثت کی تقسیم میں اس کا کوئی حصہ ممکن ہے۔

  • کویتی حکومت کا غیرملکیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویتی حکومت کا غیرملکیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی : کویت نے غیرملکیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کی دوبارہ جانچ کا فیصلہ کرلیا ہے، اطلاعات کے مطابق خلیجی ریاست کویت میں ٹریفک کا شعبہ خاص طور پر تارکین وطن کو دیے گئے ڈرائیونگ لائسنسوں کو فلٹر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ تارکین وطن کو دیے گئے لائسنسوں کے تمام ڈیٹا کا جائزہ لیا جائے اور وزارتی فیصلے میں شامل تقاضوں بالخصوص تنخواہ اور ان کی اہلیت، یا تنخواہ کی شرط پر تنظیمی فیصلے میں دیے گئے استثنیٰ پر عمل درآمد کیا جائے۔

    یہ فیصلہ سیکرٹری وزارت داخلہ لیفٹیننٹ جنرل الشیخ فیصل النواف کی ہدایت پر عمل درآمد کو یقینی بنا نے کیلئے کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ نئی ہدایات کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور تنخواہ کی شرط پوری نہ ہونے کی صورت میں لائسنس واپس لے لیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مثال کے طور پر ایسے اکاؤنٹنٹ اور ڈرائیور ہیں جنہوں نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔ ساتھ ہی ایک میڈیا ملازم جس نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا تھا اور تنخواہ کی شرط واضح نہیں تھی اور اسے استثنیٰ دیا گیا تھا لیکن وہ ایک غیر میڈیا فیلڈ میں چلا گیا۔ اس سے بھی ڈرائیونگ لائسنس لے لیا جائے گا۔

    کویتی اخبار الانبا کے مطابق جن لائسنسوں کی تجدید کی جاتی ہے اس بات کا تعین کیا جاتا ہے کہ وہ شرائط پر پورا اترتے ہوں۔ جب شرائط کی تجدید نہیں ہوتی تو ان کی تجدید نہیں کی جاتی۔