Tag: Kuwait

کویت اردو نیوز

Kuwait News Urdu

کویت سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

 

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

  • کویت: غیر ملکیوں کے لیے بری خبر

    کویت: غیر ملکیوں کے لیے بری خبر

    کویت سٹی: کویت میں بھاری تنخواہیں وصول کرنے والے غیر ملکیوں کے لیے ورک پرمٹ جاری نہ کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی وزرا کونسل کویتائزیشن پالیسی کے تحت کئی منصوبے زیر غور لا رہی ہے، ایک منصوبہ نجی شعبے میں بھاری تنخواہوں والے مناصب کا بھی ہے، جن پر کویتی شہریوں کو سرکاری شعبے کے ہم منصبوں کے برابر مالی فائدہ دیا جائے گا۔

    روزنامہ الجریدہ کے مطابق حکومت ان تارکین وطن کے لیے ورک پرمٹ کے اجرا پر پابندی عائد کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے جو بھاری تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، تاکہ نجی شعبے میں کویتی شہری ان کی جگہ لے سکیں۔

    پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت برائے قومی لیبر امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے اس حوالے سے کہا کہ اگلے دو سالوں میں نجی شعبے میں شہریوں کے لیے 12 ہزار ملازمتیں پیدا کی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ دنیا بھر میں کرونا مرض پھیلنے کے بعد کویت سمیت تمام خلیجی ممالک میں سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر میں مقامی شہریوں کی زیادہ سے زیادہ کھپت کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت اب غیر ملکی کارکنان کی جگہ اپنے شہریوں کو نوکری دینے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

    اس پالیسی کی وجہ سے خلیجی ممالک میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے، اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

  • کویت: نرسوں کے لیے بڑی خوش خبری

    کویت: نرسوں کے لیے بڑی خوش خبری

    کویت سٹی: کویت میں نرسوں کے الاؤنس میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں نرسوں کے لیے 450 سے 850 دینار الاؤنس کا اعلان کیا گیا ہے، یہ اضافہ سرکاری اداروں میں کام کرنے اور کویتی شہریت رکھنے والی نرسز کے الاؤنسز میں کیا گیا ہے۔

    کویت میں بہترین کام پر ایوارڈز

    وزارت صحت کویت نے کہا ہے کہ جن لوگوں کو ’بہترین کام کے ایوارڈز‘ کے بارے میں شکایات ہیں وہ 16 ستمبر 2021 سے پہلے وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر آن لائن درج کروا سکتے ہیں، اس کے بعد کوئی شکایت قبول نہیں کی جائے گی۔

    ایک بار شکایت درج ہونے کے بعد متعلقہ ملازم شکایت کی وصولی کو تسلیم کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر ایک ٹیکسٹ میسج وصول کرے گا۔

    شرائط کے طور پر شکایت پیش کرتے وقت 2020 کے کام کی تشخیص کی فائل پی ڈی ایف فارمیٹ میں منسلک ہونی چاہیے، اور پورے سال کے دوران ان کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی گئی ہو۔

    بیماری کی وجہ سے 15 دن سے زیادہ اسپتال میں داخل ہونے کے علاوہ ملازم کی چھٹیاں 15 دن سے زیادہ نہیں ہونی چاہیئں، اور سال 2020 کے لیے اسے ’بہترین کام‘ کے لیے ادائیگی نہیں کی گئی ہو، اور کارکنوں کے کام کے ایام کی تعداد 180 دن ہونے چاہئیں۔

  • گھریلو ملازمین کا کویت میں داخلہ مشکل ہو گیا

    گھریلو ملازمین کا کویت میں داخلہ مشکل ہو گیا

    کویت سٹی: گھریلو ملازمین کا کویت میں داخلہ مشکل ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں گھریلو ملازمین کی آمد مسئلہ بن گئی ہے، کویت میں آمد کے لیے 390 سے 490 کویتی دینار تک کے اخراجات مختص کر دیے گئے ہیں۔

    کویت میں گھریلو لیبر مارکیٹ کے حالات کا مطالعہ کرنے کے لیے بنائی گئی تکنیکی رضاکارانہ کمیٹی کے سربراہ بسام الشمری نے میڈیا کو بتایا کہ فلپائن سے آنے والے گھریلو ملازمین کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں بے حد اضافہ ہوا ہے اور ٹکٹ ایک ہزار دینار تک پہنچ گیا۔

    تاہم انھوں نے واضح کیا کہ منیلا یا کسی دوسرے ملک سے گھریلو ملازمین کے لیے بسلامہ پلیٹ فارم پر قیمتیں مخصوص ہیں اور فی الحال تبدیل نہیں ہوں گی۔

    فلپائن سے آنے والوں کے لیے اخراجات 490 دینار مقرر کیے گئے ہیں، فلائٹ کے ٹکٹوں کے علاوہ، اس رقم میں جنھوں نے ویکسین نہیں لگوائی یا ویکسین حال ہی میں لگانے والوں کے لیے دو ہفتے کی مدت کی مطلوبہ قرنطینہ بھی شامل ہے، جب کہ بھارتی اور دیگر قومیتوں کے ملازمین کی بھرتیوں کی قیمت 390 دینار مقرر کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ کویت میں یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ کویت کی منظور شدہ ویکسین حاصل کرنے والے گھریلو ملازمین کو ملک میں بسلامہ ایپلی کیشن پر رجسٹر کیے بغیر اور دو ہفتوں کے ادارہ جاتی قرنطینہ کی شرط پوری کیے بغیر داخلے کی اجازت دی جائے۔

    اس تجویز کے مطابق گھریلو ملازمین کو بیرون ملک سے رہائشیوں کی واپسی کے لیے مقرر کردہ تقاضوں کو پورا کرنا لازم ہوگا، ان تقاضوں میں صرف ان لوگوں کے لیے اندراج شامل ہے جنھوں نے منظور شدہ ویکسین کی دو ڈوز حاصل کی ہیں اور جن کی امیون ایپلی کیشن میں سبز اسٹیٹس موجود ہے۔

  • کویت : موٹر سائیکل سواروں کیلئے حکومت کی سخت ہدایات جاری

    کویت : موٹر سائیکل سواروں کیلئے حکومت کی سخت ہدایات جاری

    کویت : کویت کی جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے ڈلیوری کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کو 3 اکتوبر سے شاہراہوں اور مرکزی سڑکوں پر بائیک چلانے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت فیڈریشن فار ہوم ڈلیوری سروسز کمپنیوں کے سربراہ ابراہیم عبداللہ التویجری نے کہا ہے کہ جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ 3 اکتوبر سے ہوم ڈلیوری سروس موٹر سائیکلوں کو رِنگ روڈ اور شاہراہوں پر ڈرائیو کرنے سے روک دے گا۔

    ساتھ ہی انہوں نے جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے لئے گئے اس فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیوروں اور سڑک استعمال کرنے والوں کے بہترین مفادات اور حفاظت کیلئے  یہ ایک اچھا فیصلہ ہے۔

    التویجری نے میڈیا کو دیئے گئے ایک بیان میں کہا کہ اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے ٹریفک اور آپریشن امور ، میجر جنرل جمال السایغ نے فیڈریشن کو آگاہ کیا ہے کہ جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ ان علاقوں اور مرکزی سڑکوں کا تعین کرے گا جہاں یہ ڈلیوری کرنے والے موٹرسائیکل سوار آرڈر دے سکتے ہیں۔

    انہوں نے السایغ کے اس فیصلے کی بھی تعریف کی جو ملک، شہریوں اور ڈلیوری کمپنیوں کے مفاد میں لیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ ہوم ڈلیوری موٹر بائیک مقررہ شاہراہوں پر نہیں چل سکتیں۔

    التویجری نے وضاحت کی کہ جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے علاقوں اور چوراہوں میں چلنے والے موٹر سوار کے لئے مخصوص علاقوں کی بھی وضاحت کی ہے۔ انہوں نے اشارہ کیا کہ جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے موٹر سائیکل سواروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہدایات کی پابندی کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل کے پچھلے حصے میں ڈلیوری باکس میں اندھیرے میں روشن ہونے والی سیفٹی پٹی (عکاس روشنی کی پٹی) ہونی چاہیے، سوار کو ہیلمٹ پہننا ضروری ہو گا اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس لازمی ہونا چاہیے۔

  • کویت: آسٹرازینیکا ڈوز کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت: آسٹرازینیکا ڈوز کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی: آسٹرازینیکا کی دونوں ڈوز کے درمیان وقفہ کم کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں ویکسینیشن کا عمل تیز کرنے کے لیے آکسفورڈ آسٹرازینیکا کی دونوں ڈوز کے درمیان وقفہ کم کر دیا گیا ہے۔

    کویت وزارت صحت نے فیصلہ کیا ہے کہ آکسفورڈ-آسٹرازینیکا ویکسین کی دوسری ڈوز 3 ماہ کی بجائے پہلی ڈوز کے 6 ہفتے بعد ہی دی جائے گی۔

    شہریوں اور رہائشیوں کو گزشتہ چند دنوں میں اپنی دوسری ڈوز کے تعین کے لیے پیغامات موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

    عمان: غیر ملکی اساتذہ کے حوالے اہم خبر

    یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب کویت ایک ماہ کے اندر 70 فی صد آبادی کی قوت مدافعت کو حاصل کرنے کے لیے ویکسینیشن مہم تیز کر رہا ہے، رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت کو آکسفورڈ ویکسین کی ایک نئی کھیپ موصول ہوئی ہے، جس میں تقریباً دس لاکھ ڈوز موجود ہیں۔

    وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح نے ٹویٹر پر منگل کو کہا کہ کویت میں کووِڈ 19 کے لیے ویکسینیشن 70 فی صد آبادی تک پہنچ چکی ہے، انھوں نے کہا کرونا وائرس سے متعلقہ اموات، انفیکشن اور اسپتال میں داخل ہونے کے کیسز میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔

  • کرونا وائرس سے نبردآزما کویت سے حوصلہ افزا خبر

    کرونا وائرس سے نبردآزما کویت سے حوصلہ افزا خبر

    کویت سٹی: بھرپور ویکسی نیشن اور ایس او پیز پر موثر عملدرآمد کے باعث کویت میں کرونا کی صورت حال مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے۔

    میڈ یا رپورٹ کے مطابق کویت وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک میں صحت کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور کرونا انفیکشن کی شرح دو فیصد سے بھی نیچے آگئی ہے۔

    وزارت صحت کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ دو افراد کی موت جبکہ دو سو چھبیس نئے کووڈ نائنٹین انفیکشن ریکارڈ کیے گئے تھے، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کیسز کی کل تعداد بڑھ کر 407،878 ہوگئی ہے۔

    السند نے کویت نیوز ایجنسی کو بتایا کہ دو نئی اموات ریکارڈ ہونے کے ساتھ اموات کی کل تعداد 2،401 ہے جبکہ 610 نئے کیس شفایابی کے ہیں، وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 98.1 فیصد کے ساتھ 400،148 ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کویتی حکومت کی غیر ملکی افراد کیلئے اہم ہدایات

    وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند نے بتایا کہ اسپتال کے وارڈز میں انفیکشن کیسز میں مسلسل کمی واقع ہوئی ہے جبکہ انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں بحالی کی شرح اضافے کے ساتھ 98.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے، یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ملک میں کرونا انفیکشن دو فیصد سے کم سطح پر آئے۔

    انہوں نے بتایا کہ انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں طبی نگہداشت حاصل کرنے والوں کی تعداد ایک سو تہتر تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثر ہونے کی تصدیق شدہ اور اب بھی علاج معالجہ وصول کرنے والے کیسوں کی مجموعی تعداد 5،329 ہے جبکہ (کوویڈ 19) وارڈز میں کیسوں کی کل تعداد 340 ہے۔

    گورنریٹس میں انفیکشن کی شرح کے حوالے سے السند نے کہا کہ حولی 28 فیصد ، فروانیہ 22 فیصد ، احمدی 20 فیصد ، جھرا 17 فیصد اور دارالحکومت میں انفیکشن کی شرح 13 فیصد ہے۔

  • کویتی حکومت کی غیر ملکی افراد کیلئے اہم ہدایات

    کویتی حکومت کی غیر ملکی افراد کیلئے اہم ہدایات

    کویت : کویتی حکومت نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کیلئے ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت ان افراد کو اپنی تعلیمی اسناد تصدیق کیلئے ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق کویتی حکومت نے فیصلہ کیا ہےکہ 55 سال سے کم عمر کے غیرملکی افراد کو گریجویشن ، ڈپلومہ اور اس سے اعلیٰ سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی درخواست جمع کروانی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت پی اے ایم نے اعلان کیا کہ اسے 55 سال یا اس سے زیادہ عمر کے غیر ملکیوں کی گریجویشن ڈگری کی تصدیق کے لیے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو نجی شعبے کے لیے کام کرتے ہیں۔

    تاہم پی اے ایم نے واضح کیا کہ ان لوگوں کو لازمی طور پر اتھارٹی میں متعلقہ محکمہ کا بذاتِ خود دورہ کرنا ہوگا۔ ایک پریس بیان میں پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے کہا کہ یہ منظوری ان لوگوں کے لیے ہے جو لیبر مارکیٹ سٹینڈرڈ ڈیپارٹمنٹ میں سائنسی ڈگریاں ، ڈپلومہ اور اس سے اعلی ڈگری رکھتے ہیں۔

    ذرائع نے نشاندہی کی کہ 55 سال سے کم عمر کے غیرملکی افراد کو "اشل” الیکٹرانک سروس کے ذریعے منظوری کی درخواستیں جمع کروانی ہوں گی۔

    یاد رہے کہ پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کی جانب سے جاری کردہ نئے احکامات کے مطابق ڈگری و ڈپلومہ کی بنیاد پر مختلف شعبوں میں کام کرنے والے غیرملکی رہائشیوں کو اپنے اقامہ کے لئے اپنے دستاویزات کی تصدیق کرانا لازم ہے۔

  • ممنوعہ ممالک سے کویت آنے کے شرائط و ضوابط

    ممنوعہ ممالک سے کویت آنے کے شرائط و ضوابط

    کویت سٹی: حکام نے کویت میں ممنوعہ ممالک سے داخلے کے لیے شرائط و ضوابط کے چارٹ جاری کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں داخلے کے لیے ممنوعہ ممالک سے آنے والے تارکین وطن کو نیچے دیے گئے چارٹس کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔

    یہ طریقہ کار وزارت صحت کی جانب سے پیش کردہ اصولوں کے مطابق ہے، جس کی منظوری کویت کی وزرا کونسل نے دی ہے۔

    چارٹس میں دی گئی ہدایات اور ضوابط ان تمام تارکین وطن پر لاگو ہوتے ہیں، جو ممنوعہ ممالک سے کویت میں داخلے کے خواہش مند ہیں، اور کویت کا جائز رہائشی اقامہ رکھتے ہیں۔

    دوسری جانب کویت ایئر پورٹ پر پہنچنے والے ممنوعہ ممالک کے تارکین وطن کو کس طرح وصول کیا جائے گا، اور ان کی انٹری وغیرہ کس طرح کی جائے گی، اس کی ہدایات فی الحال کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے کے حکام کو ابھی تک جاری نہیں کی گئیں، جو کہ ممکنہ طور پر جلد ہی جاری کر دی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ کویت وزرا کونسل نے 6 ممنوعہ ممالک پاکستان، بھارت، مصر، بنگلا دیش، سری لنکا اور نیپال سے کویت کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کی منظوری دے دی ہے، جن کا آغاز آئندہ چند دنوں میں کر دیا جائے گا۔

  • کویت: چینی و روسی ویکسین لگوانے والوں کے لیے خوش خبری

    کویت: چینی و روسی ویکسین لگوانے والوں کے لیے خوش خبری

    کویت سٹی: کویت نے چینی اور روسی ویکسین لگوانے والے افراد کو ریاست میں داخل ہونے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق چینی اور روسی ویکسین سائنوفام، سائنوویک اور اسپوتنک لگوانے والوں کو کویت میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔

    یہ فیصلہ گزشتہ رات کویت وزرا کی کونسل نے کیا ہے، تاہم یہ شرط بھی لگائی گئی ہے کہ کویت میں منظور شدہ ویکسینز (فائزر، آسٹرازینیکا، موڈرنا) میں سے کسی ایک کی دو ڈوز یا جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی ایک ڈوز لگوانی لازم ہوگا۔

    گزشتہ رات کویت وزرا کونسل نے اپنے ہفتہ وار اجلاس کے دوران کرونا وبائی مرض کے پیش نظر عرصہ دراز سے 6 ممنوعہ ممالک (پاکستان، مصر، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال) کی پروازوں کو ملک میں براہ راست داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

    کویتی حکومت کا غیر ملکی پروازوں سے متعلق بڑا اعلان

    یاد رہے کہ کویت کا پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے قریباً 50 ممالک نے ملک ‏میں داخلے کے لیے بڑی سہولت مہیا کر دی ہے، کویتی میڈیا کے مطابق 48 ممالک نے کویتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو آن ارائیول ویزا کی سہولت ‏فراہم کی ہے۔

    کویتی شہری اپنے پاسپورٹ کے ذریعے ان ممالک میں داخلے ہو کر آن آرائیول ویزا حاصل کر سکیں ‏گے، ان ممالک میں 9 یورپی، 6 ایشیائی، 4 افریقی، 12 امریکی، 14 عرب، 3 آسٹریلوی اور پڑوسی ممالک ‏شامل ہیں۔

  • کویتی حکومت کا غیر ملکی پروازوں سے متعلق بڑا اعلان

    کویتی حکومت کا غیر ملکی پروازوں سے متعلق بڑا اعلان

    کویت : کویت کی کابینہ نے مصر ، بھارت اور دیگر ایشیائی ممالک کے لیے براہ راست پروازیں کھولنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کابینہ نے پاکستان، مصر ، بھارت اور دیگر ایشیائی ممالک کے لیے براہ راست پروازیں کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔

    کابینہ نے آج بدھ کی شام اپنے اجلاس کے دوران  پاکستان ، مصر ، بھارت اور دیگر ایشیائی ممالک کے لیے براہ راست پروازیں کھولنے پر اتفاق کیا ہے۔

    وزراء کونسل اپنے جاری اجلاس کے دوران کچھ معاشی مسائل اور کورونا وائرس سے متعلقہ دیگر امور سے نمٹنے کے لیے تبادلہ خیال کرے گی۔

    کویت کے باخبر ذرائع کے مطابق کابینہ نے آج بدھ کی شام اپنے اجلاس کے دوران پاکستان ، مصر ، بھارت اوردیگر ایشیائی ممالک جن میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال شامل ہیں کے لیے براہ راست پروازیں کھولنے پر اتفاق کیا ہے۔

    باخبر ذرائع نے تجویز دی کہ ان ممالک کے لیے براہ راست پروازیں اگلے اتوار کو کھول دی جائیں گی۔ قبل ازیں ذرائع کو معلوم ہوا ہے کہ وزراء کونسل اپنی میٹنگ کے دوران کچھ معاشی مسائل اور "کورونا” سے لڑنے کی فائل سے متعلق دیگر بات چیت کرے گی۔