Tag: Kuwait

کویت اردو نیوز

Kuwait News Urdu

کویت سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

 

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

  • دنیا کا سستا ترین انٹرنیٹ مہیا کرنے والا عرب ملک

    دنیا کا سستا ترین انٹرنیٹ مہیا کرنے والا عرب ملک

    کویت سٹی: کویت دنیا کا سستا ترین انٹرنیٹ مہیا کرنے والا ملک بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا میں سستا ترین موبائل انٹرنیٹ کویت میں فراہم کیا جاتا ہے، ایک نئے عالمی سروے میں کہا گیا ہے کہ کویت میں موبائل انٹرنیٹ کی قیمتیں دنیا میں سب سے سستی ہیں، ٹیلی کام کمپنیاں فی گیگا بائٹ کے ساتھ موبائل ڈیٹا کی فراہمی بہترین قیمت پر کر رہی ہیں۔

    اس سلسلے میں مالی مطالعات کے ایک مرکز ٹاپ ڈالر نے رپورٹ شایع کی ہے، جو کہ دنیا بھر سے جمع کی گئی معلومات پر مبنی ہے، اس مطالعے کے تحت یہ دیکھا گیا تھا کہ کن ممالک میں سیلولر کمپنیاں گیگا بائٹس فی سیکنڈ (mbps) کے لیے کم ترین قیمتوں کے موبائل ڈیٹا آفرز کرتی ہیں۔

    یہ بھی دیکھا گیا کہ دنیا بھر میں بہترین قیمت کے ساتھ ساتھ فی گیگا بائٹ کی قیمت مقامی آمدنی کے مقابلے میں کتنی ہے، تاکہ اسی کے تناظر میں سستے موبائل انٹرنیٹ کی قیمتوں کا تعین کیا جا سکے۔

    جہاں تک موبائل ڈیٹا کی بدترین قیمت کا سوال ہے، اس میں نمیبیا 11.36 ڈالر کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، شام 3.2 ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر، کیوبا تیسرے ($ 2.82)، پاناما چوتھے ($ 2.34) اور تاجکستان پانچویں ($ 1.89) پر آیا۔

    مطالعے سے پتا چلتا ہے کہ نمیبیا کو سست نیٹ ورک کی رفتار کی وجہ سے ڈیٹا کے اخراجات کے مقابلے میں سب سے پہلا نمبر ملا ہے، جو اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ 10 میں سے 9 انتہائی سستے ممالک کی اوسط سالانہ آمدنی 30،000 ڈالر سے زیادہ ہے۔

  • کویت کو ایک اور اعزاز مل گیا

    کویت کو ایک اور اعزاز مل گیا

    کویت سٹی: خلیجی ممالک کی فہرست میں کویت کو دوسرے نمبر پر امیر ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت خلیج میں دوسرا امیر ترین ملک قرار دے دیا گیا، قطر پہلے جب کہ سوئٹزرلینڈ دنیا کے پہلے نمبر پر امیر ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

    سوئس کریڈٹ کی جانب سے جاری کردہ سال 2021 کی گلوبل ویلتھ رپورٹ کے مطابق کویت قطر کے بعد 2020 کے آخر تک اوسط فی کس دولت کے لحاظ سے دوسرا امیر ترین خلیجی ملک ہے۔

    کویت کی اوسط دولت سال 2000 میں 62،064 ڈالر سے 2020 تک 129،890 ڈالر تک تجاوز کرگئی، جو دو دہائیوں میں 109.3 فی صد اضافہ ہے۔

    کویت میں کل دولت 409 بلین ڈالر ہے جو 2020 میں دنیا کی کل دولت کا 0.1 فی صد ہے، اور فی کس GDP 34،339 ہے۔

    کریڈٹ سوئس کی رپورٹ کے مطابق قطر خلیجی خطے میں پہلے نمبر پر ہے، جس کی اوسط فی کس دولت 146،730 ڈالر ہے اور کل دولت 352 ارب ڈالر ہے۔

    تیسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات ہے جس کی اوسط دولت 115،476 ڈالر ہے اور کل دولت 930 بلین ڈالر ہے۔

    بحرین چوتھے نمبر پر ہے جس کی فی کس دولت 87،559 ڈالر ہے اور کل دولت 115 بلین ڈالر ہے۔ سعودی عرب 68،697 ڈالر کی فی کس دولت اور 1.662 ٹریلین ڈالر کی مجموعی دولت کے ساتھ پانچویں نمبر پر آیا ہے۔ چھٹے نمبر پر عمان ہے جس کی فی کس دولت 39،433 ڈالر اور مجموعی طور پر 148 بلین ڈالر ہے۔

    تقریبا 674،000 ڈالر کی اوسط فی کس دولت کے ساتھ سوئٹزرلینڈ کو کریڈٹ سوئس نے دنیا کا امیر ترین ملک قرار دیا ہے، جب کہ امریکا 505،420 ڈالر کی اوسط فی کس دولت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

  • کویت:طلبہ کی اسکول واپسی سے متعلق بڑا اعلان

    کویت:طلبہ کی اسکول واپسی سے متعلق بڑا اعلان

    کویت سٹی: کویت میں نئے تعلیمی سال میں سرکاری و نجی اسکولوں میں طلبہ کی سو فیصد حاضری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    مقامی اخبار الرای کے مطابق وزارت تعلیم کے تحت کام کرنے والی کمیٹی نے بتایا کہ سرکاری و نجی اسکولوں سمیت انٹرنیشنل اور کمیونٹی اسکول طلبہ کے لیے کھولے جائیں گے۔

    کمیٹی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل اور کمیونٹی اسکولوں میں جہاں طلبہ کم تعداد میں ہیں، وہاں صبح کی شفٹ میں تدریسی عمل ہوگا البتہ سرکاری اور ان نجی اسکولوں میں جہاں طلبہ کی تعداد زیادہ ہے وہاں صبح کے وقت دو شفٹوں میں تدریسی عمل جاری رکھا جائے گا۔

    کمیٹی نے کہا کہ نئے تعلیمی سال میں اسکول صبح ساڑھے ساڑھے سات بجے کھلیں گے اور تین بجے دوپہر تک تعلیمی سلسلہ جاری رہے گا، طلبہ کو کرونا وبا سے بچانے کے لئے کلاسوں میں سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: کویت: شہریوں اور غیر ملکیوں کو اہم ہدایت جاری

    اسکولز کو کب کھولا جائے گا؟ اس سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

    دوسری جانب کویت میں سرکاری دفاتر کو بھی پندرہ اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کویتی کابینہ نے اہم ترین فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔

    کویت کے وزیر صحت ڈاکٹر باسل حمود الصباح کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اعداد وشمار سے واضح ہوتا ہے کہ ملک میں کرونا کی صورتحال قابو میں آگئی ہے۔

  • کویت: شہریوں اور غیر ملکیوں کو اہم ہدایت جاری

    کویت: شہریوں اور غیر ملکیوں کو اہم ہدایت جاری

    کویت سٹی: کویت ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے شہریوں اور غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل ٹریفک جرمانے ادا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق کویت ٹریفک حکام نے خبردار کیا ہے کہ شہری اور غیر ملکی سفر سے قبل ٹریفک جرمانے ادا کریں، ورنہ سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے تجویز دی گئی تھی کہ جب ٹریفک خلاف ورزی پر عائد جرمانے ادا نہ کیے جائیں، غیر ملکیوں کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی لگائی جائے، وزارت داخلہ دیگر وزارتوں سے کویتیوں اور غیر ملکیوں کے لیے ہر قسم کی سروس بند کرنے کے لیے بھی رابطہ کرنا چاہتی ہے، جب تک کہ وہ ادائیگیاں نہ کر دیں۔

    واضح رہے کہ اس قسم کی سروس کئی خلیجی ممالک پہلے ہی سے موجود ہے، ٹریفک ڈیپارٹمنٹ اس تجویز کو وزیر داخلہ شیخ ثامر العلی کو پیش کرنے پر غور کر رہی ہے، تاکہ کویتی شہریوں اور غیر ملکیوں کے ٹریفک جرمانوں کو اکھٹا کیا جا سکے جس کا تخمینہ لاکھوں دینار ہے۔

    ذرائع کے مطابق کویت میں ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کی ایک بڑی تعداد یا تو قید ہے یا وفات پا چکی ہے جب کہ غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد مستقل طور پر ملک چھوڑ چکی ہے۔

    تارکین وطن کو ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے بغیر ملک چھوڑنے سے روکنے کے لیے زمینی، سمندری اور ہوائی بندرگاہوں پر جرمانوں کی وصولی کے لیے خصوصی دفاتر قائم کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

    ٹریفک خلاف ورزی پر فون پر ٹیکسٹ میسج بھیجنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جس میں بتایا جائے گا کہ خلاف ورزی کون سی ہے اور کتنا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

  • کویت: ویکسین سرٹیفکیٹ میں پاسپورٹ نمبر کا اندراج

    کویت: ویکسین سرٹیفکیٹ میں پاسپورٹ نمبر کا اندراج

    کویت سٹی: کرونا ویکسین سرٹیفکیٹ میں پاسپورٹ نمبر کا اندراج لازم قرار دے دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کویت نے ہدایت کی ہے کہ سفر کے دوران کسی پریشانی سے بچنے کے لیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ میں پاسپورٹ نمبر کی ترمیم لازمی کروالیں۔

    شہریوں اور تارکینِ وطن کو ہدایت کی گئی ہے کہ جنھوں نے کرونا وائرس سے حفاظتی ویکسین کی مطلوبہ ڈوزز وصول کرنے کے بعد اپنے پاسپورٹ کی تجدید کروائی ہے، وہ ویکسینیشن کے سرٹیفکیٹ میں اپنے پاسپورٹ نمبر میں ترمیم کے لیے مِشرف کے کویت ویکسینیشن سینٹر میں ’Ask Me‘ ڈیسک سے رجوع کریں۔

    کویتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ نمبر میں ترمیم لازمی ہے، اس سے سفر کے دوران پریشانی سے بچے رہیں گے، وزارت صحت نے یہ تصدیق بھی کی کہ ’آسک می‘ ڈیسک ویکسین لینے والوں کے ڈیٹا میں ترمیم کرنے یا ڈیٹا شامل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے خواہ ناموں میں ترمیم کرنا ہو یا پاسپورٹ نمبر وغیرہ۔

  • قطر میں داخلے کی کیا شرائط ہیں؟ حکام کا اہم بیان جاری

    قطر میں داخلے کی کیا شرائط ہیں؟ حکام کا اہم بیان جاری

     قطر نے پاکستان ، بھارت اور دیگر ایشیائی ریاستوں سے آنے والوں کے لیے نئے سفری قواعد وضع کردیئے، قطر نے 23 دسمبر کو اس وائرس کے خلاف بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن کا آغاز کیا۔

    تفصیلات کے مطابق قطر نے پاکستان اور بھارت سمیت چھ ایشیائی ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے اپنی سفری پالیسی کو تبدیل کیا ہے اور ان کے لیے ہوٹل قرنطینہ کی شرط لازم کردی گئی ہے۔

    وزارتِ صحت نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کیا جس میں آج بروز پیر 2 اگست سے بنگلہ دیش ، بھارت ، نیپال ، پاکستان ، فلپائن اور سری لنکا سے آنے والے جو ریاست قطر میں ہی کوویڈ 19 ویکسین وصول کرچکے ہیں یا کورونا سے شفایاب ہو چکے ہیں وہ ملک آمد کے بعد دو دن کی ہوٹل قرنطینہ کی مدت پوری کریں گے۔

    ان مسافروں کا دو دن بعد ادارہ جاتی قرنطین ختم ہوجائے گا اگر ان کے پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آتا ہے۔ وزارت کے مطابق ان ممالک سے آنے والے دیگر افراد کو 10 دن کے لیے ہوٹل قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔

    ریاست قطر2.7 ملین افراد پر مشتمل خلیجی ملک جس میں 2.3 ملین غیر ملکی بھی شامل ہیں قطر نے 23 دسمبر کو اس وائرس کے خلاف بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن کا آغاز کیا۔

    یاد رہے کہ قطری صحت حکام نے فائزر، بائیو ٹیک ، موڈرینا ، ایسٹرا زینیکا ، جانسن اینڈ جانسن اور سائنوفارم کی ویکسینز استعمال کرنے کی اجازت دی ہے جبکہ پچھلے مہینے قطری وزارت داخلہ نے سیاحتی اور فیملی انٹری ویزا جاری کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

  • کار غلط پارک کرنے والی خاتون مرنے سے کیسے بچ گئی، انوکھا واقعہ

    کار غلط پارک کرنے والی خاتون مرنے سے کیسے بچ گئی، انوکھا واقعہ

    کویت : پل سے کود کر خودکشی کرنے کی کوشش کرنے والی خاتون کو بچا لیا گیا، ٹریفک پولیس اہلکار کے بروقت اقدام کی وجہ سے خاتون کی زندگی بچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کے طویل ترین پل سے خودکشی کی کوشش کرنے والی خاتون کو ٹریفک اہلکاروں نے بروقت مداخلت کرکے بچالیا
    کویتی میڈیا کے مطابق کویتی خاتون خودکشی کے ارادے سے "جابر پل” سے چھلانگ لگانے کے لیے وہاں پہنچی تھی۔

    خاتون کی گاڑی پل کے کنارے نوپارکنگ کے مقام پرکھڑی تھی اس دوران پولیس اہلکار ممنوعہ مقام پر گاڑی کھڑی دیکھ کر وہاں پہنچے، ٹریفک اہلکاروں نے خاتون کو وہاں سے گاڑی ہٹانے کے لیے کہا جسے انہوں نے نظرانداز کردیا اور وہ تیزی سے پل کے آہنی جنگلے کی جانب بڑھتی چلی گئی۔

    ٹریفک اہلکار یہ صوتحال دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے کہ خاتون چند لمحوں میں پل کی دیوار پر چڑھ گئی اور وہاں سے چھلانگ لگانے کے لیے آگے بڑھ ہی رہی تھی کہ ایک اہلکار نے انہیں پکڑ کر کھینچ لیا۔

    خاتون کو فوری طور پر قابو کرکے گاڑی میں بٹھا دیا گیا اور بعد ازاں اسے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا۔ متعلقہ اہلکار واقعے کی مزید تفتیش کررہے ہیں۔

    کویت میں محکمہ ٹریفک کے معاون ڈائریکٹر جنرل نے خاتون کو خودکشی سے روکنے کے لیے جرات مندانہ اقدام پر فیصل بن محمد الدیحانی اور محمد عقیل خلف کو اعزاز سے نوازا۔

  • کویت روانگی سے قبل مسافروں کے لئے نیا طریقہ کار متعارف

    کویت روانگی سے قبل مسافروں کے لئے نیا طریقہ کار متعارف

    کویت سٹی: کویت نے فضائی سفر کرنے والے مسافروں کے لئے نیا طریقہ کار متعارف کرادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت نے روانگی سے قبل ” کویت مسافر” پلیٹ فارم پر اندراج کی شرط کو ختم کردیا ہے، اس کا فیصل منفی مشاہدات اور پارلیمانی و عوامی مطالبات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    کویتی حکام کے مطابق کویت مسافر پلیٹ فارم کو نئی شکل میں دوبارہ لانچ کیا گیا ہے اور اب ملک سے روانگی کی پروازوں کے لئے اس میں اندراج کرنے کی ضرورت کو ختم کردیا گیا ہے تاکہ مسافر کوئی خاص اعداد و شمار اور معلومات فراہم کیے بغیر ہی بیرونِ ملک سفر کرسکیں اور جس ملک کے لئے سفر کرنا ہے وہاں کی ضروریات کو مکمل طور پر جان سکیں گے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پلیٹ فارم میں سب سے نمایاں ترامیم میں صرف ملک آمد کے سفر کے لئے اندراج کا مواد شامل تھا کیونکہ وزارت داخلہ اور سول انفارمیشن اتھارٹی سے رابطہ کرنے کے بعد اعداد و شمار کے اندراج کے مراحل کم کردیئے گئے تھے۔

    ضروری ترمیم کے بعد اب مسافر پرواز کے اندراج سے مطمئن ہیں کیونکہ ایئرپورٹ پہنچنے کی تاریخ ، سول شناختی نمبر اور سیریل نمبر کے اندراج کے ساتھ ساتھی مسافروں کے ناموں کا اندراج بھی کرنا ہوگا چاہے وہ خاندان کے افراد ہوں یا دوست۔

    یہ بھی پڑھیں: کویت : فضائی مسافروں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    پلیٹ فارم خود کار طریقے سے نام اور مسافروں کے ذاتی ڈیٹا کی شناخت کرلے گا اور مسافروں کا ہیلتھ اسٹیٹس اور فون نمبر ڈال کر اسے امیون اور شلونک پروگراموں سے لنک کردے گا تاکہ مسافر ملک پہنچنے کے بعد اپنی صحت کے حفاظتی طریقہ کار اور پی سی آر ٹیسٹ کے نتیجے کے بارے میں جان سکیں۔

    کویت آمد کے بعد مسافر منظور شدہ لیبارٹریوں سے پی سی آر کرواسکتے ہیں جس کے لئے انہیں فیس ادا کرنا ہوگی یا پھر سات دن گھریلو قرنطیینہ کی مدت پوری کرنی ہوگی۔

  • کویت میں یکم اگست سے مسافروں کے لیے نئی ہدایات کیا ہیں؟

    کویت میں یکم اگست سے مسافروں کے لیے نئی ہدایات کیا ہیں؟

    کویت حکومت نے فضائی مسافروں کو کورونا وائرس سے بچاؤ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے احکامات جاری کیے ہیں، احکامات کے خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔

    کویت سٹی : محکمہ شہری ہوا بازی نے فضائی کمپنیوں کو ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کویت میں فضائی مسافروں سے متعلق نئے اقدامات یکم اگست سے نافذ ہوں گے۔

    کویتی خبررساں ادارے کونا کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے بتایا کہ ویکسین لگوانے والے کویتی شہری یا مقیم غیرملکی پی سی آر فیس سے مستثنیٰ ہوں گے، پی سی آر فیس "کویت مسافر” ایپ کے ذریعے بیس دینار مقرر ہے۔

    کویتی محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ کویت میں پی سی آر ان مسافروں کا کیا جاتا ہے جو ہاؤس آئسولیشن کی پابندی نہیں کرنا چاہتے۔ اگر پی سی آر رپورٹ کلیئر آئے تو ایسی صورت میں اسے ہاؤس آئسولیشن کی ضرورت نہیں ہوتی۔

    محکمہ شہری ہوا بازی کی ہدایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں نہ لینے والے کسی بھی کویتی شہری کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • کویت: جعلی کرونا ویکسی نیشن سرٹیفیکٹ بنانے والا گروہ گرفتار

    کویت: جعلی کرونا ویکسی نیشن سرٹیفیکٹ بنانے والا گروہ گرفتار

    کویت سٹی: عرب ملک کویت میں جعلی کرونا ویکسی نیشن سرٹیفکٹ بنانے والے غیر ملکی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رہائشی امور کی تفتیشی عمومی انتظامیہ کے افسران نے تارکین وطن نرسوں کے ایک منظم گروہ کو گرفتار کیا جو الجہرا اسپتال میں ڈھائی سو دینار کے عوض جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بناتے تھے۔

    کویت وزات صحت کے مطابق گروہ غیر قانونی طور پر جعلی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے افراد کو موبائل فون پر باضابطہ طور پر پیغام ارسال کرتے تھے کہ ویکسین موصول ہو چکی، جس کے بدلے انہیں 250 دینار کی رقم ادا کرنا ہوتی تھی، اس کے بعد انہیں سرٹیفکیٹ موصول ہوجاتا تھا اور وہ باآسانی سرٹیفکیٹ پرنٹ کرکے اور بغیر ویکسین حاصل لئے شاپنگ مالز اور عوامی مقامات میں داخل ہوسکتے تھے جو عوامی صحت اور ملک کی صحت کی صورتحال کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: کویت کا 24 گھنٹے میں 95 ہزار افراد کو ویکسین لگانے کا ریکارڈ کارنامہ

    روزنامہ الرای کے ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے تمام مصدقہ معلومات کی بنیاد پر اس گروہ کے خلاف کارروائی کی، کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ ملوث افراد میں الجہرہ اسپتال کا اسٹاف رکن بھی شامل ہے۔