Tag: Kuwait

کویت اردو نیوز

Kuwait News Urdu

کویت سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

 

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

  • کویتی حکومت کی گاڑی مالکان کو اہم ہدایات

    کویتی حکومت کی گاڑی مالکان کو اہم ہدایات

    کویت : ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے گاڑیوں کے تکنیکی معائنے کی فیسوں کا اطلاق یکم جون سے ہو جائے گا، اس حوالے سے کویتی محکمہ ٹریفک نے تمام گاڑی مالکان کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

    اگلے ہفتے منگل سے محکمہ جنرل ٹریفک کے  ٹیکنیکل انسپیکشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تمام پرائیویٹ گاڑیوں کے تکنیکی معائنے کے لئے فیس کی  وصولی شروع کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت جنرل ٹریفک کا ٹیکنیکل انسپیکشن ڈیپارٹمنٹ تمام پرائیویٹ گاڑیوں کے تکنیکی معائنے کے لئے 01 جون بروز منگل سے فیس وصول کرنا شروع کردے گا۔

    جس کے مطابق چھوٹی گاڑیوں کے معائنے کے لئے دو دینار فیس وصول کی جائے گی جبکہ ٹرکوں، بیرون ممالک سے ایکسپورٹ کی جانے والی گاڑیوں و موٹر سائیکلوں، ٹرکوں اور ٹریلرز کے بیرونی تکنیکی معائنے کے لئے 10 دینار سے 30 دینار تک فیس وصول کی جائے گی۔

    اس تناظر میں محکمہ ٹریفک نے ایک فیصلہ جاری کیا ہے جس کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس معاملے کو انجام دینے سے قبل اسٹمپ مشینوں میں مناسب ڈاک ٹکٹ موجود ہوں اور صرف متعلقہ ملازمین کو ہی اسٹمپ مشینوں سے ٹکٹیں وصول کرنے کی اجازت دی جائے۔

  • اسرائیل کی حمایت کرنے پر کویتی حکومت کا امریکی خاتون کیخلاف اہم اقدام

    اسرائیل کی حمایت کرنے پر کویتی حکومت کا امریکی خاتون کیخلاف اہم اقدام

    کویت سٹی : پرائیویٹ اسکول میں ٹیچر کے فرائض انجام دینے والی ایک امریکی خاتون کو اسرائیل کی حمایت ‏کرنے پر نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

    ‏ تفصیلات کے مطابق کویت کی خصوصی تعلیم انتظامیہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر صیہونی (یہودیوں) کے ‏ساتھ ہمدردی کرنے کے ردعمل میں نجی اسکول میں کام کرنے والی ایک نامعلوم امریکی خاتون ٹیچر کا اجازت ‏نامہ منسوخ کرنے کا فیصلہ جاری کیا ہے۔

    اس حوالے سے تعلیمی ذرائع نے کا کہنا ہے کہ محکمہ خصوصی تعلیم نے تفتیشی طریقہ کار کا آغاز کیا ہے اور ‏ٹیچر کی تحقیقات اور اس واقعے سے متعلق ایک رپورٹ پیش کرنے کے لئے اسکول انتظامیہ کو ایک خط بھی ‏ارسال کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کہ محکمہ خصوصی تعلیم نے اپنے خط میں کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو سیاست میں شامل ‏ہونے سے روکنے والے ضابطے اور فیصلے خصوصی طور پر موجود ہیں اور ان پر عمل درآمد بھی بہت ‏ضروری ہے۔

    ‏ واضح رہے کہ اس واقعہ نے قواعد و ضوابط کو نظرانداز کرنے اور تعلیمی امور کو کسی بھی غیرمتعلقہ رائے ‏سے دور رکھنے سے متعلق فیصلوں کی خلاف ورزی کرنے پر والدین اور خصوصی تعلیم انتظامیہ کے غصے ‏کو جنم دیا جس کا تعلیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ‏

    صیہونیوں کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے اور فلسطینی عوام کے لئے کویت کا مؤقف واضح ہے اس وضاحت ‏کے ساتھ کہ جس غیر ملکی اسکول میں متعلقہ ٹیچر کام کرتی تھی اس نے ٹیچر کی نوکری ختم کرنے کا اقدام ‏اٹھایا ہے اور اس کے لئے خصوصی تعلیم کو مطلع کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسپیشل ایجوکیشن ایڈمنسٹریشن نے متعلقہ استانی کو بلیک لسٹ کر دیا ہے جو اسے کویت ‏ریاست میں کسی بھی اسکول میں پڑھانے سے روکتی ہے۔

  • کویت: غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے شان دار اعلان

    کویت: غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے شان دار اعلان

    کویت سٹی: غیر ملکیوں کی کویت واپسی کے لیے وزرا کونسل نے شان دار اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں کرونا وبا کی صورت حال پر قابو پائے جانے کے سبب جہاں ایک طرف ریاست میں ریسٹورنٹس اور کیفے دوبارہ کھولے جانے کی منظوری دی گئی ہے وہاں غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے بھی اہم اعلان کیا گیا ہے۔

    منگل کو وزرا کونسل نے ہفتہ وار اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ مزید نوٹس جاری ہونے تک براہ راست پروازوں کو صرف بھارت، نیپال، پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے لیے صرف کویت سے روانہ ہونے والی پروازوں تک محدود کیا جائے گا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ مذکورہ ممالک کے لیے کارگو پروازیں بدستور جاری رہیں گی، نیز ان پروازوں کے عملے کو تبدیل نہ کرنے کا بھی پابند کیا گیا ہے۔

    کابینہ نے ریاست میں آنے والے مندرجہ ذیل مسافروں کے لیے شرائط کے ساتھ قرنطینہ ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، مسافروں نے کویت پہنچنے کی تاریخ سے تین دن کے اندر پی سی آر ٹیسٹ کروایا ہو جو منفی ہو۔

    وہ مسافر جنھوں نے ریاست کویت سے منظور شدہ کرونا وائرس ویکسین لگوائی ہو، اور وہ مسافر جو کرونا وائرس کے انفیکشن سے ٹھیک ہوئے ہیں اور انھیں صحت یاب ہوئے 90 دن سے زیادہ مدت نہ ہوئی ہو۔

    کابینہ نے 2 مئی 2021 کو ملک سے باہر جانے کے لیے شہریوں کو حفاظتی ویکسین لگائے جانے کے سلسلے میں ایک قرارداد بھی منظور کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ 22 مئی 2021 سے مندرجہ ذیل زمرے اس فیصلے سے خارج ہوں گے۔

    ایسے شہری جن کے پاس وزارت صحت کا منظور شدہ سرٹیفیکٹ ہو، کہ وہ صحت کی وجوہ کی بنا پر ویکسین حاصل کرنے سے قاصر ہیں، اور حاملہ شہری خواتین جن کے پاس وزارت صحت کا منظور شدہ حمل کے ثبوت کا سرٹیفکیٹ ہو۔

  • کویت: غیر ملکی ملازمین ریاست میں 5 مقامات سے داخل ہو سکتے ہیں

    کویت: غیر ملکی ملازمین ریاست میں 5 مقامات سے داخل ہو سکتے ہیں

    کویت سٹی: کویتی حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی گھریلو ملازمین پانچ مقامات سے کویت میں داخل ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے کے سرکاری ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ 20 نمبر ویزا رکھنے والے گھریلو ملازمین کی کویت ریاست میں واپسی کی سہولت کے لیے ’بلسلامہ‘ پلیٹ فارم میں 5 نئے شہر شامل کر دیے گئے ہیں۔

    حکام نے اسپانسرز اور ٹریول آفسز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اڈیس ابابا، استنبول، ابوظبی، دبئی اور شارجہ سے گھریلو ملازمین کی کویت واپسی کے لیے فلائٹ ٹکٹ کے ساتھ پیکجز بک کر سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ کویتی صحت حکام نے بھارت سے کویت آنے والے مسافروں کے داخلے پر حال ہی میں پابندی لگائی ہے، تاہم وہ ایک غیر ممنوعہ ملک میں 14 دن تک قیام کرنے کے بعد کویت میں داخل ہو سکتے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گھریلو ملازمین کی واپسی کے لیے راستے کھلے ہیں، اور وہ متعدد مقامات سے کویت میں داخل ہو سکتے ہیں لیکن انھیں صحت کے حوالے سے ہدایات کی مکمل اور سخت پیروی کرنی ہوگی۔

    بلسلامہ پلیٹ فارم نیشنل ایوی ایشن سروسز کمپنی (این اے ایس) کا قائم کردہ ہے، جس کے تحت ایک مقررہ قیمت پر براہ راست پروازوں کے ذریعے کویت میں داخل ہوا جا سکتا ہے، اس میں 3 پی سی آر ٹیسٹ، کھانے اور ادارہ جاتی قرنطین کے لیے مخصوص مقامات شامل ہیں، اور اس پیکج کی قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا جاتا۔

  • کویت میں کرونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں پر اہم پابندی عائد

    کویت میں کرونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں پر اہم پابندی عائد

    کویت سٹی: کویت میں کرونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کے سفر پر پابندی عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت نے کرونا ویکسین نہ لگوانے والے کویتی شہریوں، ان کے رشتہ داروں اور گھریلو ملازمین پر بیرون ملک سفر پر پابندی لگا دی۔

    کویتی کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق اس پابندی پر 22 مئی 2021 سے عمل درآمد شروع ہوگا، اور اس سے وہ لوگ مستثنیٰ ہوں گے جن کے لیے ویکسین لینا ضروری نہیں ہے۔

    کابینہ اجلاس میں غیر ملکیوں کے کویت آنے پر پابندی میں توسیع کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، دریں اثنا بیرون ملک سفر کے لیے ویکسین لگوانے والوں کے حوالے سے تفصیلات بھی جاری کر دی گئیں۔

    کویت میں ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے منفرد ایپ متعارف

    وہ شہری بیرون ملک سفر کر سکتے ہیں جنھوں نے 2 خوراکیں لیں اور دوسری خوراک پر 2 ہفتے سے زیادہ گزر گئے ہیں، وہ شہری جنھوں نے ویکسین کی ایک خوراک لی ہو اور 5 ہفتے سے زیادہ گزر گئے ہوں۔

    وہ شہری جو کرونا میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوئے اور ویکسین کی ایک خوراک لے چکے ہوں اور انھیں 2 ہفتے سے زیادہ گزر چکے ہوں۔

  • کویت میں عید الفطر کے لیے عام تعطیلات کا اعلان

    کویت میں عید الفطر کے لیے عام تعطیلات کا اعلان

    کویت سٹی: کویت میں عید الفطر کے لیے 4 دن کی عام تعطیلات دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں  عید الفطر کے لیے چار دن کی چھٹیاں دی گئی ہیں، جب کہ تنخواہوں کی ادائیگی وقت پر پوری ہوگی۔

    عید کی چھٹیوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ذرائع نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اگر عید کا پہلا دن جمعرات کو اس مہینے کی 13 تاریخ کو پڑتا ہے تو چھٹی جمعہ کی بجائے جمعرات، جمعہ ، ہفتہ اور اتوار سمیت 4 دن ہوگی جو 13 ، 14 ، 15 اور 16 مئی سے مطابقت رکھتے ہیں، جب کہ 17 مئی کو باضابطہ طور پر ڈیوٹی پر واپس آنا ہوگا۔

    انھوں نے مزید کہا اگر عید کا پہلا دن رواں ماہ کی 12 تاریخ کو آجاتا ہے تو تعطیلات 4 دن ہوں گی جو بالترتیب یہ ہیں: 12 ، 13 ، 14، 15 (بدھ، جمعرات، جمعہ اور ہفتہ) جب کہ کام کے اوقات معمول کے مطابق 16 مئی بروز اتوار سے شروع ہوں گے۔

    ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق بتایا گیا کہ سرکاری اداروں کو واجب الادا قسطوں کے لیے صارفین کے کسی بھی پریمیم کی کٹوتی کے بغیر بینکوں سے ملازمین کو مئی کی تنخواہیں بر وقت اور مکمل تقسیم کی جائیں گی، جب کہ ریٹائرڈ افراد کی تنخواہ عید سے قبل ان کے کھاتوں میں جمع کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ قانون کے مطابق کویتی شہریوں کی جانب سے لیے گئے قرضوں کی قسطوں میں کٹوتی اگلے اکتوبر تک ملتوی کی گئی ہے۔

  • کورونا سے صحت یابی : کویت نے علاج کی شرح میں نمایاں مقام حاصل کرلیا

    کورونا سے صحت یابی : کویت نے علاج کی شرح میں نمایاں مقام حاصل کرلیا

    کویت سٹی : کویت میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا جارہا ہے، وبا کے شکار افراد کے علاج کی شرح کے لحاظ سے خلیجی ممالک میں کویت تیسری پوزیشن پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عرب تعاون کونسل ریاستوں کی صحت کونسل نے جی سی سی ممالک میں کوویڈ19کے مریضوں کے علاج کی اعلیٰ شرح کی تصدیق کی ہے جس میں کویت تیسری پوزیشن پر ہے جبکہ متحدہ عرب امارات معمولی سے فرق کے ساتھ پہلے نمبر پر اور سعودی عرب دوسرے نمبر پر ہے۔

    کونسل کے جاری کردہ اعدادوشمار میں متحدہ عرب امارات 96.4 کی شرح کے ساتھ پہلے، سعودی عرب 95.9 کی شرح کے ساتھ دوسرے جبکہ کویت 93.5 فیصد کی شرح کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

    اس کے بعد بحرین چوتھے نمبر پر93.4 فیصد کی شرح کے ساتھ، قطر 89.3 فیصد شرح کے ساتھ پانچویں نمبر اور آخر میں سلطنت عمان89.1 فیصد شرح کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

    کویتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید نئے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے تمام ایس او پیز کا خیال رکھا جائے اور ضرورت کے تحت ہی گھر سے باہر نکلا جائے۔

  • کویت : 12ہزار تارکین وطن انجینئرز کی ڈگریاں مشکوک قرار

    کویت : 12ہزار تارکین وطن انجینئرز کی ڈگریاں مشکوک قرار

    کویت سٹی : سوسائٹی آف انجینئرز آف کویت نے 12ہزار تارکین وطن انجینئرز کی ڈگریاں مشکوک قرار دے دیں، متعدد انجینئرز نے دوبارہ امتحان دینے سے ہی انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت سوسائٹی آف انجینئرز کے سربراہ انجینئر فیصل الاطل نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ انجینئروں کی فہرست سے12ہزار سے زیادہ تارکین وطن انجینئرز کے نام فہرست سے اس لئے نکال دیئے گئے ہیں کیونکہ ان کی ڈگریوں کی متعلقہ حکام نے تصدیق نہیں کی ہے جبکہ بعض انجینئرز نے سوسائٹی کے تیار کردہ امتحانات دینے سے ہی انکار کردیا ہے۔

    انجینئر الاطل نے میڈیا کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ سوسائٹی آف انجینئرز کو ایک الجھن میں ڈال رہا ہے کیونکہ حکومت نے ابھی تک اس مسئلے پر کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔

    انجینئر الاطل نے مزید کہا کہ چونکہ ڈگریوں کی اکثریت کو تسلیم اور تصدیق نہیں کیا گیا ہے لہذا سوسائٹی کو اب تک "جعلی” ڈگریوں کی تعداد کا قطعی علم نہیں ہے۔

    علاوہ ازیں سوسائٹی کے جاری کردہ سرٹیفکیٹ میں بھی دھوکہ دہی کا انکشاف ہوا ہے تاہم تفتیش کے بعد مشتبہ افراد کو پبلک پراسیکیوشن کے پاس بھیج دیا گیا ہے جبکہ تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ ان میں سے متعدد ملزمان پراسیکیوشن میں مقدمات درج ہونے سے قبل ہی ملک چھوڑ کر جاچکے ہیں۔

  • کویت: ادارہ جاتی قرنطینہ کے حوالے سے بڑا ریلیف

    کویت: ادارہ جاتی قرنطینہ کے حوالے سے بڑا ریلیف

    کویت سٹی: مملکت کویت میں منظور شدہ ویکسینز لینے والے افراد کو ادارہ جاتی قرنطینہ سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں آنے والے وہ افراد اب ادارہ جاتی قرنطینہ کی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے جنھوں نے کویت کی منظور شدہ ویکسینز میں سے کوئی ایک لی ہوگی۔

    اس سلسلے میں کویتی وزارت صحت نے سول ایوی ایشن کو ایک نوٹس بھی جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق وزارتِ صحت کی جانب سے منظور شدہ ویکسین کی فہرست میں فائزر بائیو این ٹیک، آسٹرا زینیکا آکسفورڈ، موڈرنا اور جانسن اور جانسن کی تیار کردہ کرونا ویکسینز شامل ہیں۔

    وزارت صحت کے سکریٹری ڈاکٹر مصطفیٰ رضا نے جاری نوٹس میں منظور شدہ ویکسینز کی فہرست میں مسلسل اپڈیٹ سے بھی آگاہ کیا۔

    وزارت صحت کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ریاست کویت کے ذریعے منظور شدہ ویکسینز کے وصول کنندگان کو چھوٹ اور سہولیات دی جا رہی ہیں، خواہ یہ ویکسی نیشن ریاست کویت میں ہو یا بیرون ملک، ان افراد کو ادارہ جاتی قرنطینہ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

    یہ افراد کابینہ کی 22 مارچ 2021 کو جاری کردہ قرار داد کے مطابق گھر کا قرنطینہ کریں گے، جب کہ استثنیٰ کے حوالے سے دیگر شرائط مندرجہ ذیل ہوں گی:

    منظور شدہ ویکسینز لینے والے وہ افراد ادارہ جاتی قرنطینہ سے مستثنیٰ ہوں گے جنھوں نے ویکسین کی ایک خوراک لی ہو اور 5 ہفتوں سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہو۔ وہ افراد جنھوں نے کسی ویکسین کی 2 خوارکیں لی ہوں اور دوسری خوراک کے بعد 2 ہفتے سے زیادہ دن گزر چکے ہوں۔

    وہ لوگ جو کرونا وائرس کے انفیکشن سے صحت یاب ہوئے اور ریاست کویت میں منظور شدہ ویکسین میں سے کسی ایک کی ایک خوراک وصول کی ہو، اور 2 ہفتے ہو چکے ہوں، وہ بھی ادارہ جاتی قرنطینہ کی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    واضح رہے کہ کویت آمد سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط جاری ہے، جب کہ گھریلو قرنطینہ کے بعد بھی پی سی آر ٹیسٹ لازم ہے۔

  • سعودی عرب کے بعد کویت کا بھی لبنان کیخلاف بڑا فیصلہ

    سعودی عرب کے بعد کویت کا بھی لبنان کیخلاف بڑا فیصلہ

    کویت سٹی : سعودی عرب کے بعد کویت نے بھی لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کویتی اخبارالرائے کے مطابق وزارت تجارت کے حکام اور درآمد کنندگان کے درمیان ملاقات کے بعد زبانی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کویتی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ کویت نے منشیات کی روک تھام کے لیے لبنان سے پھل اور سبزیوں کی درآمد روکنے کے فیصلے پر سعودی عرب کی مکمل حمایت کی ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت کا یہ خود مختار فیصلہ اپنی سرزمین میں غیر قانونی منشیات میں داخل ہونے سے روکنے اور سعودی شہریوں کے تحفظ کے لیے ہے۔

    کویتی وزارت خارجہ نے لبنانی حکام پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں کہ ان کی درآمدات ممنوعہ مواد سے پاک ہوں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے منشیات کی روک تھام کے لیے لبنان سے درآمد ہونے والے پھل اور سبزیوں پر پابندی عائد کی تھی۔

    فیصلے کے مطابق لبنان سے درآمد ہونے والے پھل اور سبزیوں سعودی عرب میں داخل نہیں ہو سکیں گی اور نہ ہی انہیں ہمسایہ ممالک میں ٹرانزٹ کیا جائے گا۔

    دوسری جانب اس حوالے سے لبنانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ لبنانی حکام کو سمگلنگ کی سرگرمیاں روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب نے لبنان پر بڑی پابندی عائد کردی

    لبنان سے بھیجے جانے والے پھلوں اور سبزیوں کے ٹرکوں یا کنٹینرز کے ذریعے نشہ آور اشیا کی سمگلنگ ملکی معیشت، کاشتکاروں اور لبنان کی ساکھ کے لیے نقصان دہ ہے۔