Tag: Kuwait

کویت اردو نیوز

Kuwait News Urdu

کویت سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

 

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

  • کویت میں اقامہ منتقلی کے سلسلے میں بڑا فیصلہ

    کویت میں اقامہ منتقلی کے سلسلے میں بڑا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے اقامہ منتقلی کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کا اقامہ منتقلی پر بڑا فیصلہ سامنے آگیا، اتھارٹی نے بغیر کسی شرط کے سرکاری اور تمام شعبوں میں کارکنوں کی منتقلی کے لیے اجازت دے دی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے ڈائریکٹر جنرل احمد الموسی نے ایک فیصلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی شعبوں کے کارکنوں کو ملازمت کے لیے مزید کسی نوٹس کے جاری ہونے تک اجازت دی جائے گی۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آجر کی رضا مندی اور بغیر مدت شق کے تمام شعبوں میں مقامی طور پر ملازمین کی منتقلی جائز ہے۔

    کویت: اقامہ منسوخ ہونے والے غیر ملکیوں کے لیے خوشخبری

    نوٹیفکیشن کے مطابق جن سیکٹرز کی تمام سرگرمیوں کے لیے اگلا نوٹس جاری ہونے تک اور آجر کے اجازت نامے کے بعد ملازمین کی منتقلی کی اجازت ہوگی، ان میں صنعت، زراعت اور کوآپریٹو یونینز فری ٹریڈ زون شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ جنوری میں اتھارٹی کے ترجمان نے خوش خبری سنائی تھی کہ کویت سے باہر پھنسے افراد جن کے ورک پرمٹ (اقامہ) منسوخ کر دیے گئے ہیں، وہ اپنے مالی واجبات ایک خصوصی پاور آف اٹارنی کے ذریعے حاصل کرنے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔

  • کویت: دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ہوشیار

    کویت: دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ہوشیار

    کویت سٹی: کویت میں دوران ڈرائیونگ موبائل فونز استعمال کرنے والوں کے لیے جرمانوں میں اضافہ کرنے کی تجویز پیش کر دی گئی، ممکنہ طور پر جرمانہ 75 دینار تک کردیا جائے گا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت میں ڈرائیونگ کے دوران فون استعمال کرنے پر وزارت داخلہ کی جانب سے سخت سزائیں دی جائیں گی۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے کچھ عرصے میں غیر ذمہ دارانہ انداز میں گاڑی چلانے کی 20 ہزار 880 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جبکہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے کی 29 ہزار 62 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    دوسری جانب ایک لمبے عرصے کے دوران ملک میں کئی ماہ تک جاری رہنے والے کرفیو کے دوران گزشتہ سال جس میں سڑک کے استعمال کی شرح اور خلاف ورزیوں و ٹریفک حادثات کی رجسٹریشن میں کمی واقع ہوئی، اس کے باوجود اتنی خلاف ورزیاں تشویش ناک ہیں۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس موبائل فون استعمال کرنے والوں کی نگرانی کرنے کے ایک سے زائد طریقے موجود ہیں، چاہے وہ سڑکوں پر تعینات گشت کے ذریعہ روکے جائیں یا کیمروں سے ان کی نگرانی کی جائے۔

    وزارت کے مطابق ایسی صورت میں جب کوئی بھی شہری یا غیر ملکی ویڈیو پوسٹ کرتا ہے اور اسے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر دیکھا جاتا ہے کہ وہ گاڑی چلارہا ہے تو وہ فوری طور پر طلب کر لیا جائے گا اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    حکام نے عوام سے مطالبہ کیا کہ جو کوئی بھی خلاف ورزی کا مرتکب ہو اس کی فوری طور پر تصویر بنائیں اور واٹس ایپ کے ذریعے ٹریفک کے جنرل ڈائریکٹر کو بھیجیں تاکہ خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف ضروری قانونی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

    وزارت کی جانب سے نئے ٹریفک بل کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا جو قومی اسمبلی میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پیش کیا گیا ہے۔

    اب تک چونکہ فون کے استعمال کی خلاف ورزی کا جرمانہ 5 دینار سے زیادہ نہیں تھا اور یہ ہی اس مسئلے کے حل میں اصل رکاوٹ بن رہا ہے لہٰذا اس نئے قانون میں جرمانہ تقریباً 75 دینار تک کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

  • کویت ایئر پورٹ پر سیکڑوں جدید ترین سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب

    کویت ایئر پورٹ پر سیکڑوں جدید ترین سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب

    کویت سٹی: کویت کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر 870 جدید ترین سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سیکیورٹی کیمروں کے جدید ترین سسٹم کی تنصیب کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

    ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر پرانے سسٹم کی جگہ نیا سیکیورٹی سسٹم لایا جا رہا ہے، جس میں پہلی بار چہرے کی شناخت کے لیے مختلف قسم کے جدید کیمرے شامل کیے گئے ہیں۔

    ایک مقامی روزنامے کے مطابق یہ کیمرے کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تمام عمارتوں بشمول T4 اور T5 میں نصب کیے جا رہے ہیں۔

    ڈی جی سی اے ایک اعلیٰ درجے کا کنٹرول روم بھی تعمیر کر رہا ہے، جس میں دیوہیکل اسکرینیں، 20 نگرانی والی ٹی وی اسکرینز اور 4×2 میٹر کی ایک بڑی ویڈیو دیوار بنائی جائے گی۔

    جدید ترین سیکیورٹی روم میں تقریباً 9 آپریٹرز اور ایک سپروائزر موجود ہوں گے۔

    بتایا گیا ہے کہ جدید ترین کیمروں میں لوگوں اور کاروں کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹریکنگ کی خصوصیات موجود ہیں، کار پلیٹ نمبروں کی نشان دہی کرنے کے لیے لگ بھگ 5 کیمرے لگائے جائیں گے۔

    ان کیمروں میں آگ اور دھواں اور نقل و حرکت کی نشان دہی کرنے کی بھی خصوصیات موجود ہیں۔

  • کویت میں بارہ سالہ بچے نے خود کشی کیوں کی؟

    کویت میں بارہ سالہ بچے نے خود کشی کیوں کی؟

    کویت سٹی: کویت میں ایک 12 سالہ لڑکے کی خود کشی کے واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں غربت کے باعث چھٹی جماعت کے ایک بارہ سالہ طالب علم علی خالد یاسر الشمری نے کمرے کے ایئر کنڈیشنر میں تار ڈال کر خود کشی کی، اس واقعے نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

    کویتی جریدے الرائی کی رپورٹ کے مطابق لڑکے کے والد کا کہنا تھا کہ محتاجی اور غربت ان کے جگر گوشے کی موت کا باعث بنی۔

    انھوں نے نہایت دکھ سے بتایا کہ علی خالد اور اس کا بھائی کھلونوں، ملبوسات یا موبائل وغیرہ کے لیے فرمائش کرتے رہتے تھے، لیکن میں ان سے دکھی لہجے میں کہتا کہ میرے پاس اس کے لیے پیسے نہیں، میرا بیٹا اس دکھ کو محسوس کرتا تھا۔

    والد کا کہنا تھا کہ وہ 150 دینار تنخواہ پر کام کرتے ہیں لیکن وہ بھی 3 ماہ سے نہیں ملی، اور 6 بچوں اور بیوی کے نان نفقہ کی ذمہ داری سر پر ہے۔

    والد نے بیٹے کے خراب پلے اسٹیشن کے بارے میں بتایا کہ دو روز قبل بیٹے نے ان سے 12 دینار مانگے تھے، وہ اپنا پلے اسٹیشن ٹھیک کرانے لے گیا تھا لیکن کئی ہفتوں سے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے نہیں لا سکا تھا، بار بار پیسے طلب کرتا اور میں اسے ایک ہی جواب دیتا کہ میرے پاس ہوں گے تو دوں گا۔

    والد نے بتایا کہ واقعے سے قبل اس نے میرا اور اپنی والدہ کا ماتھا چوما اور کہا میں نہیں چاہتا کہ میری والدہ مجھ سے خفا ہوں، اور بیڈ روم چلا گیا، رات ڈھائی بجے دوسرا بیٹا میار چیختا ہوا آیا کہ بھائی مر گیا، اس کے کمرے میں گیا تو وہ ایئر کنڈیشنر کی وائر سے لٹکا ہوا تھا۔

    کویتی جریدے کے مطابق علی الشمری کی خود کشی کے واقعے کے بعد کویتی ارکان پارلیمنٹ کے حلقوں میں ہنگامہ ہے، ایک رکن پارلیمنٹ صالح الشلاحی نے کہا ہم پارلیمانی تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کریں گے، یہ لوگ جو ہمارے درمیان رہ رہے ہیں، ہمیں انھیں کم از کم پروقار زندگی گزارنے کا موقع دینا ہوگا۔

  • کرونا وائرس کیسز: کویت نے اہم اقدام کرلیا

    کرونا وائرس کیسز: کویت نے اہم اقدام کرلیا

    کویت سٹی: کویت میں کل سے بری و بحری سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کابینہ نے ریستورانوں میں ڈائن ان سروس پر بھی پابندی عائد کردی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کویتی کابینہ نے بدھ 24 فروری سے 20 مارچ تک بری اور بحری سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس فیصلے سے کارگو آپریشن، سعودی عرب اور کویت کے درمیان تقسیم شدہ علاقے کے اہلکار مستثنیٰ ہوں گے جبکہ بری اور بحری راستوں سے کویتی شہری، ان کے قریبی رشتے داروں اور گھریلو ملازمین واپس آسکیں گے۔

    کویتی کابینہ نے وزارت داخلہ اور محکمہ کسٹم کو بری اور بحری سرحدیں بند کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کی ذمہ داری دی ہے۔

    کویتی کابینہ نے ریستورانوں اور قہوہ خانوں میں ہر طرح کی ٹیبل سروس اور شاپنگ سینٹرز میں کھانے پینے کی اشیا ٹیبل پر فراہم کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

    ریستورانوں میں ہوم ڈلیوری سروس پر اکتفا کیا جائے گا، یہ فیصلہ 24 فروری سے غیر معینہ مدت تک نافذ العمل رہے گی۔

    کویتی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سربراہی میں مشترکہ کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے رکن وزارت صحت اور محکمہ شہری ہوا بازی ہوں گے۔

    یہ کمیٹی کویت آنے والے تمام افراد پر لاگو قرنطینہ کا فیصلہ اپنی نگرانی میں نافذ کروائے گی، باہر سے آنے والوں کے لیے ہوٹلوں میں آئسولیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    کویتی کابینہ نے اسپورٹس پبلک اتھارٹی کو وزارت داخلہ و وزیر صحت اور کویتی اولمپک کمیٹی کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے اسپورٹس کے اداروں اور کھلاڑیوں پر مقرر حفظان صحت کے ضوابط نافذ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کا ٹاسک دیا ہے۔

  • کویت: قرنطینہ کے لیے ہوٹلوں کی نئی قیمتیں جاری

    کویت: قرنطینہ کے لیے ہوٹلوں کی نئی قیمتیں جاری

    کویت سٹی: کویت میں ادارہ جاتی قرنطینہ کے لیے ہوٹلوں کی نئی قیمتیں جاری کر دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں کرونا وائرس کے حوالے سے ہائی رسک ممالک کو براہ راست اجازت دیے جانے کے بعد ادارہ جاتی قرنطینہ کے لیے ہوٹلوں کی بکنگ کے لئے نئی قیمتیں مقرر کردی گئیں۔

    مقامی روزنامے نے ہوٹل قرنطینہ کے لیے ہوٹلوں کی نئی مقرر کردہ قیمتیں شائع کی ہیں، سول ایوی ایشن کی جنرل انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ ان قیمتوں کا اطلاق کل اتوار سے ہوگا۔

    کویت نے ممنوعہ ممالک کی براہ راست پروازیں بحال کر دیں

    کویت ایئرپورٹ کے امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل صالح الفداغی کا کہنا ہے ’کویت مسافر‘ پلیٹ فارم پر درج ہوٹلز کی تعداد 45 ہے، جن میں سے 11 فائیو اسٹار ہیں اور 18 فور اسٹار، جب کہ 16 تھری اسٹار ہیں، نیز قرنطینہ کے لیے مندرجہ ذیل ہوٹلوں کی قیمتیں 7 دن (6 راتوں) کے لیے مقرر کی گئی ہیں:

    5 اسٹار ہوٹل:

    سنگل روم: 245 دینار

    ڈبل روم: 335 دینار

    4 اسٹار ہوٹل:

    سنگل روم: 185 دینار

    ڈبل روم: 245 دینار

    3 اسٹار ہوٹل:

    سنگل روم: 125 دینار

    ڈبل روم: 185 دینار

    ہائی رسک ممالک سے آنے والے مسافر ہوٹلوں میں 14 دن کا قرنطینہ کریں گے، اس لیے قیمتیں بھی دگنی ہوں گی:

    5 اسٹار ہوٹل:

    سنگل روم: 595 دینار

    ڈبل روم: 725 دینار

    4 اسٹار ہوٹل:

    سنگل روم: 400 دینار

    ڈبل روم: 530 دینار

    3 اسٹار ہوٹل:

    سنگل روم: 270 دینار

    ڈبل روم: 400 دینار

  • کویت نے ممنوعہ ممالک کی براہ راست پروازیں بحال کر دیں

    کویت نے ممنوعہ ممالک کی براہ راست پروازیں بحال کر دیں

    کویت سٹی: کویت نے ممنوعہ ممالک کی براہ راست پروازیں بحال کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق کویت نے ممنوعہ ممالک کی فہرست میں موجود تمام ممالک کو نکال کر ہائی رسک ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا ہے جس سے اب ان ممالک کو بھی براہ راست کویت آنے کی اجازت ہوگی۔

    سول ایوی ایشن کی جنرل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر نئے اقدامات کیے گئے ہیں، ان اقدامات کا اطلاق اتوار 21 فروری 2021 سے کیا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق کویتی سول ایوی ایشن نے پاکستان اور بھارت سمیت دیگر 35 ممالک کو ’ممنوعہ‘ کی بجائے ’اعلیٰ خطرہ‘ کی فہرست میں شامل کیا ہے، نئے ممالک کی مذکورہ فہرست میں شمولیت سے ہائی رسک ممالک کی تعداد 60 سے زیادہ ہو گئی ہے۔

    کویتی صحت حکام نے جن 33 ممالک کو فہرست میں شامل کرنے کی درخواست کی وہ درج ذیل ہیں:

    جنوبی افریقا، پرتگال، انگولا، بوٹسوانا، جمہوری کانگو، کیپ وردے، ایسواتینی لیسوتھو، ملاوی، زمبابوے، ترکی، جاپان، ماریشس، سیچلز، بولیویا، موزمبیق، نمیبیا، تنزانیہ، زمبیا، سورینام، سویڈن، آئر لینڈ، سوئٹزرلینڈ، وینزویلا، پیراگوئے، ایکواڈور، گیانا، فرانسیسی گیانا، یوراگوئے، ٹرینیڈاڈ، ٹوباگو، متحدہ عرب امارات، جرمنی اور امریکا۔

    ان ممالک کو ان سابقہ ممالک کی ​فہرست میں شامل کیا گیا ہے جو درج ذیل ہیں:

    ایران، چین، برازیل، کولمبیا، آرمینیا، بنگلہ دیش، فلپائن، شام، اسپین، بوسنیا اور ہرزیگوینا، سری لنکا، نیپال، بھارت، عراق، میکسیکو، انڈونیشیا، چلی، پاکستان، مصر، لبنان، ہانگ کانگ، اٹلی، شمالی مقدونیہ، مالڈووا، پاناما، پیرو، سربیا، مونٹی نیگرو اور ڈومینیکنز، کوسوو، افغانستان، ارجنٹائن، فرانس، یمن اور برطانیہ۔

    واضح رہے کہ سول ایوی ایشن نے ہائی رسک ممالک کے مسافروں پر لازم کیا ہے کہ وہ ’کویت مسافر‘ پلیٹ فارم کے ذریعے مقامی ہوٹل میں اپنے خرچ پر 14 دن کے قرنطینہ کے لیے بکنگ کریں گے۔

    ان ممالک کے علاوہ دیگر ممالک سے آنے والے مسافر صرف 7 دن کے قرنطینہ کے لیے بکنگ کریں گے، جب کہ بقیہ سات دن اپنے گھر میں مکمل کرنا ہوں گے۔

    حکام نے واضح کیا ہے کہ ’کویت مسافر‘ پلیٹ فارم http://kuwaitmosafer.gov.kw پر اندراج کیے بغیر کویت آنے والی پروازوں پر کسی بھی مسافر کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

  • خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے کویتی شہری کو سزا

    خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے کویتی شہری کو سزا

    کویت سٹی: کویت میں ایک 51 سالہ شخص نے ایک خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر ان سے 7 لاکھ دینار کی رقم بٹور لی، عدالت نے مذکورہ شخص کو 2 سال قید کی سزا سنا دی۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویتی شہری نے شادی کا جھانسہ دے کر ایک خاتون سے 7 لاکھ دینار اینٹھ لیے، مذکورہ شخص خاتون کو 6 برس سے شادی کے جھانسے دے رہا تھا۔

    خاتون نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ شخص 6 برس تک انہیں بیوقوف بنا کر ان سے مالی فوائد حاصل کرتا رہا۔ شہری نے صرف ایک معاملے میں ان سے 2 لاکھ 66 ہزار دینار اینٹھے تھے۔

    متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ 51 سالہ شخص ایک تعمیراتی کمپنی میں کام کر رہا تھا، خاتون نے اس کی کمپنی سے اپنا گھر بنوانے کے لیے سنہ 2012 میں اس سے رابطہ کیا تھا۔

    اس دوران دونوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوگئی، ٹھیکے دار نے خاتون سے شادی کی خواہش ظاہر کی۔

    سنہ 2017 میں اس نے خاتون کو واٹس ایپ پیغام بھیجا کہ اس کی کمپنی کے بعض ملازم ان دونوں کی آڈیوز اور ویڈیوز ریکارڈ منظر عام پر لانے کی دھمکی دے رہے ہیں، انہیں روکنے کا جواز بنا کر ٹھیکے دار نے خاتون سے 2 لاکھ کویتی دینار اینٹھے۔

    اب خاتون نے عدالت سے رجوع کرلیا ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ اب تک اس شخص کو 7 لاکھ دینار کی رقم دے چکی ہیں۔

    ہائیکورٹ نے ٹھیکے دار کو خاتون کو دھمکانے اور ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوششوں کا مجرم قرار دیا ہے اور 2 برس قید اور 5 ہزار دینار جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق یہ ملکی تاریخ میں دھوکہ دہی کا سب سے بڑا واقعہ ہے، سپریم کورٹ نے بھی ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف شہری کی اپیل مسترد کردی ہے۔

  • کورونا وائرس : کویتی حکام نے کرفیو سے متعلق اہم اعلان کردیا

    کورونا وائرس : کویتی حکام نے کرفیو سے متعلق اہم اعلان کردیا

    کویت سٹی : عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سدباب کیلئے کویت حکومت نے فی الوقت جزوی یا کل کرفیو کے بارے میں عوام کو آگاہ کردیا۔

    اس حوالے سے حکومتی ترجمان طارق المزرم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام آپشنز صحت حکام کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

    حکومتی مواصلات مرکز کے سربراہ اور حکومت کویت کے سرکاری ترجمان طارق المزرم نے کوویڈ 19 وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات میں زیادہ سے زیادہ حد تک اضافے کے امکانات کا اشارہ کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ فی الوقت جزوی یا کل کرفیو کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔

    طارق المزرم نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ کوویڈ 19 وائرس کے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام آپشنز صحت کے حکام کی میز پر موجود ہیں۔

    ایک پریس بیان میں المزرم نے افواہوں سے دور رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر ایک کو صحت کی ضروریات پر عمل پیرا ہونے اور سرکاری ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر ہی انحصار کرنا چاہئے۔

    اس سلسلے میں قابل اعتماد ذرائع نے 23 فروری بروز منگل شام 7 بجے سے صبح 7 بجے تک 21 دن کی مدت کے لئے ملک بھر میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کے ارادے کے بارے میں بھی اشارہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے مختلف اداروں اور ایجنسیوں سے خطاب کیا جن کی کرفیو کے اوقات میں ضرورت ہوتی ہے اور وہ کرفیو کے اوقات میں موجود رہتے ہیں۔

    انہوں مطالبہ کیا کہ وہ اجازت نامے جاری کرنے کے خواہشمند افراد کے نام فراہم کریں تاکہ ان کے لئے اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ اسی کے ساتھ ذرائع نے اشارہ کیا کہ جو اجازت نامے پہلے جاری کیے گئے تھے ان کو دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے کرفیو کی مدت کے آغاز سے نواصیب باڈر کو بند کرنے اور صرف دونوں بندرگاہوں میں طبی معائنے کے ضروری طریقہ کار اور قرنطینہ کے عمل کو انجام دینے کے لئے مناسب طبی عملے کی کمی کے پیش نظر صرف سالمی بارڈر کے داخلے کو کھلا چھوڑنے کے امکان کا عندیہ دیا۔

  • ممنوعہ ممالک کے شہری 21 فروری کے بعد کویت میں کیسے داخل ہو سکتے ہیں؟

    ممنوعہ ممالک کے شہری 21 فروری کے بعد کویت میں کیسے داخل ہو سکتے ہیں؟

    کویت سٹی: کویتی حکام کا کہنا ہے کہ 35 ممنوعہ ممالک کے شہری 21 فروری کے بعد کویت میں داخل ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اگلے اتوار 21 فروری سے غیر ملکی شہریوں کو کویت میں ایک بار پھر داخل ہونے کی اجازت ہوگی، تاہم وہ اپنے اخراجات پر ایک ہفتے کے لیے مقامی ہوٹل میں ادارہ جاتی قرنطین میں قیام کریں گے۔

    واضح رہے کہ 35 ملکوں کی پابندی کی فہرست میں شامل ممالک سے آنے والے شہریوں پر یہ پابندی عائد ہے کہ وہ کویت میں داخل ہونے سے قبل کسی تیسرے غیر پابندی والے ملک میں 14 دن کا قیام کریں گے۔

    کویتی حکام کے مطابق ممنوعہ ممالک کے شہریوں کو کویت جانے سے پہلے کسی تیسرے ملک میں 14 دن کا وقت گزارنا ہوگا جو پابندی والے ممالک کی فہرست میں شامل نہیں ہیں، کویت آمد کے بعد انھیں اپنے اخراجات پر ہوٹل میں ایک ہفتے کا ادارہ جاتی قرنطینہ کرنا ہوگا، اور اس کے بعد اپنے گھر میں بھی ایک ہفتے کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔

    کویت: پی سی آر ٹیسٹ کے سلسلے میں مسافروں کے لیے خوش خبری

    حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کا سرٹیفکیٹ ضروری ہے، طیارے میں سوار ہونے کی تاریخ سے نمونے لینے کی تاریخ تک 72 گھنٹے کی میعاد کی مدت ہے، اس کے علاوہ ’کویت مسافر‘ ایپلی کیشن پر مقامی ہوٹل کی بکنگ کے علاوہ کویت ایئر پورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ بھی کروانے ہوں گے۔

    خیال رہے کہ کویت آنے والوں کی تعداد روزانہ 1000 تک محدود ہے۔