Tag: Kuwait

کویت اردو نیوز

Kuwait News Urdu

کویت سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

 

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

  • کویتی حکومت کی تارکین وطن کو اقامے کیلیے اہم ہدایت

    کویتی حکومت کی تارکین وطن کو اقامے کیلیے اہم ہدایت

    کویت سٹی : کویتی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے غیر ملکیوں کو مطلع کیا ہے کہ تعلیمی سرٹیفکیٹ منسلک نہ کرنے کی صورت میں ان کے رہائشی اقامے کی تجدید ممکن نہیں ہوگی۔

    اس حوالے سے کویتی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ پبلک اتھارٹی کی منظوری کے بغیر یونیورسٹی یا ڈپلومہ سرٹیفکیٹ رکھنے والوں کی ملازمت کی معطلی کی تصدیق کردی گئی ہے۔

    پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے وضاحت کی ہے کہ کمپنیوں کو کام کی اجازت کی تجدید، منتقلی یا ترمیم کے لئے درخواست دینے سے پہلے یونیورسٹی اور ڈپلوما قابلیت کی منظوری کے لئے اپنے ملازمین کے سرٹیفکیٹ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سیکٹر میں جمع کروانے ہوں گے۔

    اس کی وجہ یہ ہے کہ پبلک اتھارٹی کا نیا نظام مختلف شعبوں سے منسلک ہے اور متعلقہ محکمہ کارکن کی فائل سے منسلک قابلیت کی عدم موجودگی میں اس طرح کے لین دین کی منظوری نہیں دے سکتی۔ غیر مجاز تعلیمی قابلیت کے ساتھ رجسٹرڈ ہونے کی صورت میں خودکار نظام میں تجدید کی لین دین کو مسترد کردیا جائے گا۔

    ذرائع نے انکشاف کیا کہ پی ایم اے کے خودکار نظاموں میں جن کارکنوں کی اسناد کی منظوری دی گئی ہے ان کی تعداد8،000 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    واضح رہے کہ کویت میں داخل ہونے کے لئے نئے ورک پرمٹ کے اجراء کے لئے کمپنیوں کے ذریعہ پیش کی گئی درخواستوں پر نظرثانی کے لئے کل33 کارکنوں نے وزراء کونسل کی متعلقہ کمیٹی کی منظوری حاصل کی ہے کیونکہ پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کی جانب سے ورک پرمٹ کے اجراء کے لئے کمیٹی سے پیشگی منظوری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

  • کویت میں غیر ملکی افراد کے لیے ملازمتوں کا فیصلہ

    کویت میں غیر ملکی افراد کے لیے ملازمتوں کا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں تین مخصوص شعبوں میں بیرون ممالک سے کارکنان کی بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان میں سرکاری معاہدوں، میڈیکل سیکٹر اور تعلیم کے شعبے شامل ہیں۔

    کویتی میڈیا کے مطابق پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے 3 مخصوص شعبوں میں بیرون ملک سے کارکنان کی بھرتیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تینوں مخصوص شعبوں میں سرکاری معاہدوں، میڈیکل سیکٹر اور تعلیم کے شعبے شامل ہیں۔

    ان تینوں شعبوں کو بیرون ملک سے مزدوروں کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دی جائے گی، اس کے علاوہ خصوصی کمیٹی لیبر مارکیٹ کی ضرورت کے لیے جو ضروری سمجھے اقدامات اٹھا سکتی ہے۔

  • کویت: آکسفورڈ کی کرونا ویکسین کے سلسلے میں اہم فیصلہ

    کویت: آکسفورڈ کی کرونا ویکسین کے سلسلے میں اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں آکسفورڈ کی کرونا ویکسین ہنگامی صورت حال میں استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی وزارت صحت نے آکسفورڈ کی کرونا ویکسین ایمرجنسی میں استعمال کرنے کی اجازت دے دی، یہ ویکسین انڈیا کی سیرم فیکٹری میں انٹرنیشنل کمپنی آسٹرازینیکا کے لائسنس سے تیار کی جا رہی ہے۔

    جمعے کو ایک بیان میں معاون سیکریٹری صحت ڈاکٹر عبداللہ البدر نے کہا کہ تکنیکی کمیٹی نے متعدد ویکسینز کا جائزہ لیا، اور آکسفورڈ ویکسین کے حق میں رائے دی۔

    کویت میں کرونا ٹیسٹ کی قیمت مقرر

    ان کا کہنا تھا حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں ویکسین پروگرام پر عمل درآمد میں تاخیر نہ ہو، اس لیے ویکسین کے ایمرجنسی میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے، آکسفورڈ ویکسین کی پہلی کھیپ چند روز میں کویت پہنچ جائے گی۔

    آکسفورڈ ویکسین سے متعلق ڈاکٹر عبداللہ البدر نے کہا کہ اس ویکسین کو برطانیہ کا متعلقہ ادارہ منظور کر چکا ہے، عالمی ادارہ صحت نے سیرم فیکٹری کے حق میں بھی رائے دی ہے، جب کہ جی سی سی ہیلتھ کونسل نے بھی اس کی منظوری دی ہے۔

    معاون سیکریٹری صحت نے واضح کیا کہ آکسفورڈ ویکسین کے استعمال کی منظوری تکنیکی کمیٹی نے تحقیق اور مطالعے کے بعد دی ہے۔

  • کویت میں تارکین وطن کے لیے بینکوں کی نئی پالیسی

    کویت میں تارکین وطن کے لیے بینکوں کی نئی پالیسی

    کویت سٹی: کویت میں بینکوں نے تارکین وطن صارفین کے لیے سخت پالیسی اپناتے ہوئے متعدد کریڈٹ کارڈ منجمد کردیے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق بینکوں نے اپنے ایسے تارکین وطن صارفین کے لیے، جن کی تنخواہ 3 ماہ سے زائد عرصے سے معطل ہے، سخت پالیسی اپنا لی ہے۔

    یہ اقدامات صرف ان ملازمین کو، جو برطرف ہوچکے ہیں نئے قرضوں کی فراہمی روکنے تک محدود نہیں، بلکہ ان کے کریڈٹ کارڈ خاص طور پر ماسٹر اور ویزا کارڈ بند کرنا بھی شامل ہیں۔

    بینکوں کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ ان صارفین میں وہ صارفین بھی شامل ہیں جن کی تنخواہوں میں 6 ماہ سے زائد عرصے کے دوران کمی ہوئی ہے اور وہ ابھی اس حد پر واپس نہیں آئے جن کی بنیاد پر ان کو دیے گئے کریڈٹ کارڈ کی رقم کی حد کا اندازہ لگایا گیا تھا۔

    ایسے اکاؤنٹ ہولڈرز جن کی تنخواہ 90 دن گزر جانے کے بعد بھی اکاؤنٹ میں جمع نہیں ہوئی، ایسے صارفین کے کریڈٹ کارڈز کو نئی بینکاری پالیسی کے تحت منجمد کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

    کچھ بینکوں نے محتاط پالیسی کا سہارا لیتے ہوئے کریڈٹ کارڈز کو ازخود منجمد کردیا، خاص طور پر ایسے تارکین وطن جو طویل عرصے سے کویت سے باہر ہیں اور ان کے کریڈٹ کارڈز میں ابھی بیلنس باقی ہے۔

    اس سلسلے میں بعض صارفین کا کہنا تھا کہ وہ لگاتار 5 مہینے سے ملک سے باہر تھے اور انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ ان کے کریڈٹ کارڈ کی توثیق کی تاریخ ختم نہ ہونے اور ان کی تنخواہیں اکاؤنٹ میں مسلسل جمع ہونے کے باوجود کریڈٹ کارڈ معطل کردیے گئے۔

    کویت واپسی کے بعد انہیں بینک کی جانب سے بتایا گیا کہ ایسا اس لیے کیا گیا کیونکہ ان کی تنخواہوں میں کمی آئی ہے اور ہر ماہ ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جانے والی رقم اس طے شدہ رقم سے کم تھی جو کارڈ جاری کرنے سے پہلے تھی لہٰذا کریڈٹ کارڈ میں ترمیم ضروری تھی۔

    صارفین کی جانب سے یہ ثابت کیے جانے کے باوجود، کہ وہ ابھی بھی ملازمت پر موجود ہیں، بینکوں نے کریڈٹ کارڈز کی تجدید سے انکار کردیا اور نئے کریڈٹ کارڈز کی پیشکش کی۔

  • کویت میں ملازمتوں کے حوالے سے نیا بل پیش

    کویت میں ملازمتوں کے حوالے سے نیا بل پیش

    کویت سٹی: کویت کے ایک رکن اسمبلی نے نوکریوں کے لیے نیا بل پیش کردیا جس سے تارکین وطن کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔

    کویتی میڈیا کے مطابق رکن قومی اسمبلی ہاشم الصالح نے سرکاری شعبے کی ملازمتوں کو قومیانے کے لیے سول سروس قانون نمبر 1976/15 میں ترمیم کا بل پیش کیا ہے۔

    بل کے مطابق ملازمین کی تقرری، رد و بدل اور ترقی متعلقہ ایگزیکٹو ادارے کے فیصلے پر مبنی ہونی چاہیئے۔

    بل میں یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ تارکین وطن کی بھرتی عارضی بنیادوں پر ہونی چاہیئے اور صرف اسی صورت میں ہو جب کوئی کویتی شہری یا دیگر مندرجہ ذیل افراد ملازمتوں کے لیے دستیاب نہ ہوں۔

    کویتی شہری

    ایسی کویتی خواتین کے بچے جنہوں نے غیر کویتیوں سے شادی کی ہوئی ہو

    بدون

    خلیج تعاون کونسل ممالک کے شہری

    آخری کیٹگری کے ملازمین اگر 750 دینار سے زیادہ تنخواہ کے ساتھ ملازمت پر رکھے گئے ہیں تو ان کے نام اور ملازمت کی تفصیل سرکاری گزٹ میں شائع کی جانی چاہیئے۔

    کیٹگری 4 کے تحت ملازمین کی تقرری سے قبل متعلقہ ادارے کو سول سروس کمیشن سے مشورہ کرنا ہوگا تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ درخواست دہندگان میں سے مندرجہ بالا کیٹگریز میں سے کوئی بھی اس ملازمت کے لیے دستیاب نہیں۔

    بل میں کہا گیا ہے کہ جو بھی انتظامی حکم نامے کی خلاف ورزی کرے اسے زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کی قید اور 1 ہزار دینار یا ان میں کوئی بھی ایک سزا دی جائے گی۔

  • کویت میں کرونا ٹیسٹ کی قیمت مقرر

    کویت میں کرونا ٹیسٹ کی قیمت مقرر

    کویت سٹی: وزارت صحت کویت نے کہا ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت 30 دینار مقرر کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی اسپتالوں اور نجی طبی مراکز کے لیے کرونا وائرس کا پی سی آر ٹیسٹ کی فیس 30 دینار مقرر کی گئی ہے۔

    وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح کا ویکسی نیشن سے متعلق کہنا تھا کہ ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ان افراد کو خارج کرے گی جو ویکسین لینے کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتے۔

    بدھ کو کویت کے وزیر اعظم شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ویکسی نیشن کے لیے مقرر کیے جانے والے نظام الاوقات کے تحت اب تک 35 ہزار شہریوں کو کرونا ویکسین دی جا چکی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ویکسین کی ترسیل پوری دنیا میں رک چکی ہے کیوں کہ سپلائی کرنے والے ضرورتوں کا دوبارہ جائزہ لے رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ 15 فروری تک ویکسین کی نئی کھیپ کویت پہنچ جائے گی، انھوں نے کہا کہ کویت کرونا کے خلاف ویکسین دینے والے تمام ریاستوں میں سر فہرست ہے۔

    ادھر وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویکسین کی دوسری خوراک لینے والے افراد میں وائرس کا کوئی انفیکشن نہیں پایا گیا، ویکسی نیشن کے بعد انفیکشن کا امکان 95 فی صد کم ہو جاتا ہے۔

    محکمہ صحت لائسنسنگ کے ڈائریکٹر سعود ابیل نے اسپتالوں اور نجی مراکز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کرونا کے ٹیسٹ کے لیے 30 دینار کی فیس مقرر کی گئی ہے، انھوں نے واضح کیا کہ میڈیکل لائنسنسگ کمیٹی نے اس کی منظوری دی۔

  • کویت: اقامہ منسوخ ہونے والے غیر ملکیوں کے لیے خوشخبری

    کویت: اقامہ منسوخ ہونے والے غیر ملکیوں کے لیے خوشخبری

    کویت سٹی: کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت (پی اے ایم) نے غیر ملکی کارکنان کے حقوق کے لیے خصوصی پاور آف اٹارنی کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وہ اپنے مالی واجبات وصول کرسکیں گے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کے حقوق کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پاور آف اٹارنی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کویت سے باہر پھنسے افراد جن کے ورک پرمٹ (اقامہ) منسوخ کردیے گئے ہیں، وہ اپنے مالی واجبات ایک خصوصی پاور آف اٹارنی کے ذریعے حاصل کرنے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔

    اس پاور آف اٹارنی کے اجرا کے بعد کارکنان اپنے مالی واجبات حاصل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ غیر ملکی جو ملک سے باہر پھنسے ہوئے ہیں اور ان کے ورک پرمٹ منسوخ کردیے گئے ہیں، اپنے ثبوت کے ساتھ خصوصی وکیل کے ذریعے لیبر کا مقدمہ دائر کرسکتے ہیں۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ ورک پرمٹ کی تجدید نہ ہو پانا کارکن اور کفیل کے درمیان متعلقہ معاملہ ہے جبکہ ویزا کی تجدید قانون میں موجود قانونی ضوابط اور دونوں فریقین کی خواہش سے مشروط ہے جو ایک فریق دوسری پارٹی پر مسلط نہیں کرسکتا۔

  • کویتی حکومت کا کمرشل پروازوں کی بحالی سے متعلق اہم فیصلہ

    کویتی حکومت کا کمرشل پروازوں کی بحالی سے متعلق اہم فیصلہ

    کویت سٹی : کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سدباب کے پیش نظر کویتی حکام نے ایئر پورٹ پر کمرشل پروازوں کی بحالی کا دوسرا مرحلہ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہلے مرحلے میں فضائی آپریشن صرف 18فیصد رہا، وزراء کونسل نے کمرشل پروازوں کی واپسی کے منصوبے کی بحالی کے دوسرے مرحلے کو اگلے نوٹس تک کیلئے ملتوی کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بہت سے ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کے سبب کویت میں آنے والوں کی سخت چیکنگ، جانچ پڑتال اور ان کی تعداد کو کم کرنا وزرت صحت کے اہم اقدامات میں شامل تھا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کمرشل پروازوں کی بحالی کے دوسرے مرحلے کا آغاز یکم فروری سے ہونا تھا تاہم اس آپریشن میں 60فیصد سے زیادہ ہوائی ٹریفک کا اضافہ کرنا شامل تھا تاکہ یومیہ 20ہزار مسافر سفر کرسکیں۔

    کورونا وائرس کی نئی لہر اور اور کمرشل آپریشن کی شرح میں پہلے مرحلے کی مقررہ حد تک پہنچنے میں ناکامی کے بعد یہ فیصلہ اگلے نوٹس تک موقوف کردیا گیا۔

    مزید پڑھیں : کویت ایئرویز کا سعودی عرب کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ کویت نے کورونا وبا کے بحران پر 31 ملکوں کے لیے کمرشل پروازیں معطل کردی تھیں، کویت ایئرویز نے وبا کے دوران اعلان کیا تھا کہ تا ہدایت ثانی بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی۔

     

  • کویت : غیرملکیوں کے ورک پرمٹ کی مدت کا تعین کردیا گیا

    کویت : غیرملکیوں کے ورک پرمٹ کی مدت کا تعین کردیا گیا

    کویت سٹی : کویتی حکام نے ملک میں روزگار کیلئے آنے والے غیرملکیوں کے ورک پرمٹ کو ایک معینہ مدت تک طے کردیا ہے جس کے پورا پونے کے بعد پرمٹ ازخود غیر فعال ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت (پی ایم اے) نے ورک پرمٹ کیلیے ایک سال کے حکومتی معاہدے کا نیا ضابطہ مقرر کیاہے۔

    کویتی ذرائع ابلاغ میں بتایا گیا ہے کہ آبادیاتی امور میں ترمیم اور روزگار کی شرائط کو قانونی شکل دینے کیلئے پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت (پی ایم اے) نے سرکاری منصوبوں کیلئے ورک پرمٹ دینے کے قواعد کے نئے ضابطے کی منظوری دی ہے۔

    نئے قانون کے مطابق اس معاہدے کی مدت صرف ایک سال ہوگی اور تاریخ اجراء کے ٹھیک ایک سال بعد وہ خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔

    کویتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ورک پرمٹ دینے کے بارے میں نئے ضوابط میں سرکاری معاہدوں کے ساتھ معاہدے کے اندراج کے علاوہ کارکنوں کی تعداد اور معاہدے کی مدت کا وضاحتی خط کرنا منسلک ہوگا۔

    مزید پڑھیں : کویتی حکومت کا ورک ویزے جاری کرنے سے متعلق اہم فیصلہ

    علاوہ ازیں اس حوالے سے مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت (پی ایم اے) نے حال ہی میں مفرور مزدوروں کے ورک پرمٹ کو منسوخ کرنے کی شرائط کا بھی اعلان کیا ہے۔

  • کویت: مسافروں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ، مسافر اور ایئر لائنز شدید مشکلات کا شکار

    کویت: مسافروں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ، مسافر اور ایئر لائنز شدید مشکلات کا شکار

    کویت سٹی: کویت کی سول ایوی ایشن کی جانب سے مسافروں کی تعداد کو کم کرنے کے فیصلے سے مسافر اور ایئر لائنز شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔

    کویتی میڈیا کے مطابق اتوار سے کویت کے بین الاقوامی فضائی اڈے پر آنے والے مسافروں کی تعداد کو کم کر کے 1 ہزار تک محدود کرنے کے اچانک فیصلے نے نہ صرف مسافروں کو الجھن کا شکار بنا دیا بلکہ ایئر لائنز اور ٹریول آپریٹرز بھی شدید مشکلات سے دو چار ہوگئے۔

    کویت ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے 21 ہزار ایسے مسافر متاثر ہوں گے جنہوں نے فیصلہ آنے سے قبل اپنے ٹکٹ خرید لیے تھے۔

    مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جمعے کے روز جمعے اور ہفتے کی پروازوں کے لیے ٹکٹس کی طلب میں اضافہ ہوگیا تھا جس نے ٹکٹوں کی قیمت میں 300 فیصد اضافہ کردیا تھا۔

    قریبی ممالک کے لیے کچھ ٹکٹ 500 دینار سے بھی تجاوز کر گئے تھے۔

    ذرائع کے مطابق ایئر لائنز اور ٹریول ایجنٹس نے اپنی پروازوں کو نئی ضروریات کے مطابق دوبارہ طے کرنا شروع کردیا ہے، اس سے قبل اگر ایئر لائنز کویت ایئرپورٹ پر روزانہ 3 پروازیں آپریٹ کر رہی تھیں تو اب 2 پروازیں منسوخ کر کے صرف ایک پرواز کی اجازت دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق کویت جانے والے مسافروں میں اچانک 80 فیصد کمی کرنا سفر و سیاحت کی کمپنیوں اور ایئر لائنز کے لیے مکمل تباہی ہے، اس سے ایئر لائن کی ایندھن کی قیمت بھی پوری نہیں ہوگی جبکہ مسافر بھی نہایت مہنگے ٹکٹس استطاعت نہ ہونے کے باعث خرید نہیں سکیں گے۔