Tag: Kuwait

کویت اردو نیوز

Kuwait News Urdu

کویت سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

 

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

  • کویت نے تارکین وطن کو بڑی خوشخبری سنا دی

    کویت نے تارکین وطن کو بڑی خوشخبری سنا دی

    کویت سٹی: کویتی حکومت نے تارکین وطن کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے 3 لاکھ افراد کے اقاموں کی تجدید کردی، مختلف ممالک میں پھنسے تارکین وطن واپس کویت آسکیں گے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے تارکین وطن کے لیے 3 لاکھ اقاموں کی تجدید کردی گئی ہے۔

    وزارت داخلہ اور عوامی افرادی قوت کی دو باڈیز اور سول انفارمیشن مشترکہ خود کار نظام کا حصہ ہیں جس میں کرونا وائرس کے نتیجے میں ہوائی اڈوں کی بندش اور ٹکٹوں کے بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے ہوئے تارکین وطن کے 3 لاکھ سے زائد رہائشی اقاموں اور ورک پرمٹ کی تجدید پر عملدر آمد کیا گیا۔

    سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اداروں نے وزارت داخلہ کے تعاون سے بیرون ملک مقیم افراد کے رہائشی اقاموں کی تجدید کی اجازت دینے کے فیصلے کی روشنی میں اور وبائی مرض کی وجہ سے صحت کی ضروریات کے تسلسل کے ساتھ 6 ماہ سے زائد کا عرصہ ملک سے باہر رہنے کے باوجود آن لائن مشترکہ خود کار نظام کے ذریعے تجدید کا طریقہ کار مکمل کرلیا ہے۔

    ذرائع نے تصدیق کی کہ پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے کاروباری مالکان پر کارکنوں کے حقوق کی ضمانت اور مالی واجبات کی ادائیگی کے سلسلے میں نئے طریقہ کار کا اطلاق کرنا شروع کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ نئے ضوابط کے تحت کارکنوں کو خود کار نظام کے ذریعہ معلومات جمع کروانے اور تفویض کردہ نمبروں کے ذریعے ملک سے باہر ہونے پر بھی اپنی شکایات درج کرنے کی اجازت ہوگی۔

    اتھارٹی میں ایمپلائمنٹ پروٹیکشن سیکٹر، کاروباری مالکان کے خلاف مالی واجبات کی ادائیگی اور ماہانہ تنخواہوں کے سلسلے میں درج ہزاروں شکایات کا بھی مطالعہ کر رہا ہے۔

  • کویت: محکمہ ٹریفک کی بڑی کارروائی

    کویت: محکمہ ٹریفک کی بڑی کارروائی

    کویت سٹی: کویت میں گاڑیوں سے سائلنسر تبدیل کرنے کے جرم میں گیراج مالکان قانون کی گرفت میں آگئے، سینکڑوں گیراج مالکان کو چالان جاری کردیے گئے۔

    کویتی ویب سائٹ کے مطابق گیراجوں اور گاڑیوں کے آلات بیچنے والی دکانوں پر آواز تبدیل کرنے والے سائلنسر فروخت کرنے کے جرم میں مالکان کے خلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا۔

    سیکریٹری برائے داخلہ لیفٹننٹ جنرل عسام النہم کی ہدایت پر دکانوں اور گیراجوں کے مالکان کو صوتی آلات نصب کرنے کے جرم میں 57 چالان جاری کیے گئے۔ یہ چالان وزارت داخلہ نے وزارت تجارت و صنعت کے تعاون سے جاری کیے ہیں۔

    ان صوتی آلات کی تنصیب کے نتیجے میں گاڑیوں سے دوران ڈرائیونگ تیز آواز نکلتی ہے جو دوسروں کو اذیت پہنچاتی ہے۔

    محکمہ ٹریفک کے جنرل محکمہ نے کہا ہے کہ محکمہ اس غیر معمولی رجحان کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور لاپرواہ ڈرائیورز کے خلاف قانونی اقدامات اٹھاتا رہے گا۔

    جی ڈی ٹی کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے ہوں گے اور انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے گا۔

  • کویت : شہریوں کو نئے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے

    کویت : شہریوں کو نئے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے

    کویت سٹی : کویتی حکومت نے شہریوں کیلئے نئے اسمارٹ ڈرائیونگ لائسنس کی منظوری دے دی، منصوبے کے تحت دس ملین لائسنس عوام کو فراہم کیے جائیں گے۔

    اس حوالے سے کویتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کو اسٹیٹ آڈٹ بیورو کی جانب سے اسمارٹ ڈرائیونگ لائسنس کی منظوری حاصل ہوگئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے 10 ملین اسمارٹ ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کیلئے ایک کمپنی سے معاہدہ کرلیا ہے۔

    اسٹیٹ آڈٹ بیورو نے وزارت داخلہ کی جانب سے محکمہ ٹریفک کیلئے خصوصی پرنٹنگ کی فراہمی کے ساتھ 1.7ملین دینار کیلئے نئے اسمارٹ ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کی درکواست کی منظوری دی ہے۔

    کویتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس لائسنس منظوری کی میعاد 90دن ہوگی، واضح رہے کہ اسمارٹ ڈرائیونگ لائسنس کی نمایاں خصوصیات کے ساتھ دور حاضر کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس لائسنس ہوں گے۔

  • کویت : تارکین وطن کے اقامے کیلئے حکومت کا اہم اعلان

    کویت : تارکین وطن کے اقامے کیلئے حکومت کا اہم اعلان

    کویتی حکومت نے مملکت میں رہنے والے غیر ملکی افراد کے اقاموں کے حوالے سے گردش کرنے والی خبر کی سختی سے تردید کردی ہے جس میں 60سال سے زائد عمر کے تارکین وطن کے اقاموں کی تجدید کا کہا گیا ہے۔

    اس حوالے سے کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے اپنے ایک بیان میں60سال سے زائد افراد کے اقاموں کی عدم تجدید کرنے کا فیصلہ مؤثر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    اس حوالے سے پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت پی ایم اے کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 12جنوری سے نئے آن لائن سسٹم کے آغاز میں60سال کی عمر تک پہنچنے والے تارکین وطن کے ویزا کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ یکم جنوری سے تاحال برقرار ہے۔

    پی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ کویتی حکومت اس فیصلے پر مزید غور وخوص کررہی ہے۔

  • کویت : ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرغیرملکیوں کو کڑی سزا کا سامنا

    کویت : ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرغیرملکیوں کو کڑی سزا کا سامنا

    کویت : ٹریفک قوانین کی 25ہزار سے زائد خلاف ورزیوں پر کویت پولیس نے ہزاروں گاڑیاں ضبط کرلیں متعدد غیر ملکی افراد کو ملک بدر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کے تمام گورنریٹس میں سخت ترین ٹریفک مہم کا آغاز کیا گیا جس میں قوانین کی خلاف ورزی پر کویتی باشندوں پر جرمانے، گرفتاری اور ان کی گاڑیاں ضبط کی گئیں جبکہ سنگین خلاف ورزی کے مرتکب متعدد غیر ملکیوں کو ملک بدر کردیا گیا۔

    کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار میں مجموعی طور پر خلاف ورزیوں کے 25ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ مہم کے دوران 40 نابالغ افراد اور تین غیر ملکیوں کی گاڑیوں کوق بغیر لائنسنس چلانے پر ضبط کرلیا گیا جبکہ69افراد کو ٹریفک پولیس کے حوالے کیا گیا۔

    اس کے علاوہ ایک شہری کو گرفتار کیا گیا ہے جس کو عدالت سے سزا سنائی جاچکی تھی۔ پولیس نے شراب اور منشیات رکھنے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لیا، ایک اور کارروائی میں ایک غیر ملکی کو بغیر لائنسنس گاڑی چلانے کے جرم میں ڈیپوٹیشن سیل منتقل کیا۔

    یہ تمام کارروائیاں کویتی دار الحکومت کویت سٹی، فروانیہ، الجہرہ، مبارک الکبیر گورنریٹ اور دیگر علاقوں میں کی گئیں۔

  • کویت میں تیل کے نئے ذخائر دریافت

    کویت میں تیل کے نئے ذخائر دریافت

    کویت سٹی: کویت کے وزیر تیل و بجلی نے تیل کی نئی فیلڈز دریافت ہونے کا اعلان کیا ہے، اس کے ساتھ پرانی آئل فیلڈز میں بھی توسیع کا اعلان کیا ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق وزیر تیل و بجلی اور پانی ڈاکٹر محمد الفارس نے کویت آئل کمپنی کے ذریعے ملک کے مختلف خطوں کی جراسک لیرز میں تیل کی 2 نئی فیلڈز کی دریافت کے انکشافات کے علاوہ فیلڈ کی ترقیاتی کارروائیوں کے حصے کے طور پر بڑی برقان فیلڈ کے شمالی حصے میں توسیع کا بھی اعلان کیا ہے۔

    وزیر کا کہنا تھا کہ پہلی دریافت حومہ فیلڈ میں کی گئی جو کویت کے شمال مغربی حصے میں واقع ہے جس پر حال ہی میں ایک تھری ڈائمینشنل تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے سروے کیا گیا تھا۔

    ڈرلنگ کے بعد پتہ چلا کہ اس فیلڈ کا رقبہ 70 مربع کلو میٹر تک پھیلا ہوا ہے جس کی پیداواری صلاحیت روزانہ 14 سو 52 بیرل ہلکے تیل کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس دریافت کو بہت معاشی اہمیت حاصل ہے کیونکہ اس نے کویت کے مغربی اور شمال مغربی حصوں میں واقع ان بڑے علاقوں کی طرف اشارہ کیا ہے جو کویت آئل کمپنی کے 2 ہزار 40 اسٹریٹجک منصوبے کے مطابق تیل کے ذخائر اور پیداوار کی صلاحیت میں اضافہ کرنے میں براہ راست حصہ ڈالتے ہیں۔

    کویتی وزیر کے مطابق 2 نئی دریافتوں سے ملک کے شمالی حصے میں اسٹریٹجک اہمیت بڑھ گئی ہے کیونکہ ان علاقوں کی دریافت پہلے نہیں کی گئی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ بڑی برقان فیلڈ کے شمال وراہ، مودود اور برقان کے ذخیروں میں بھی روایتی تیل دریافت کیا گیا ہے کیونکہ اس فیلڈ کی یومیہ حد کا تعین کرنے کے لیے گزشتہ برس 2020 میں کھودے گئے کئی کنوؤں سے تیل تجارتی مقدار میں بہہ رہا تھا، اس کی 2000 بیرل سے زائد کی پیداواری شرح تھی جو کہ مزید ذخائر شامل کرنے کی راہ ہموار کرتی ہے۔

    وزیر کا کہنا تھا کہ نتائج کویت آئل کمپنی کو آسان اور کم لاگت کے ذخائر تک رسائی فراہم کرتے ہیں جو ممالک اور تیل کمپنیوں کے مابین اپنے مسابقتی فائدے کو برقرار رکھنے کے لیے کمپنی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پیداوار کی مقدار میں اضافہ کرنے کے لیے کمپنی دریافت شدہ فیلڈ میں نئے کنویں کھودے گی۔

    الفارس نے سال 2020 میں کویت آئل کمپنی کی ان تینوں دریافتوں کے حصول میں کامیابی کی تعریف کی، انہوں نے کویت کے ایک روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے کویت آئل کمپنی کی تلاش اور ترقیاتی کاموں میں لچک اور واضح عزم کو نوٹ کرتے ہوئے تاریک ترین حالات میں تیل کے شعبے کی صلاحیت پر بھی زور دیا۔

  • کویت آنے والے تمام مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    کویت آنے والے تمام مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    کویت سٹی: کویت میں آنے والے تمام مسافروں کو مفت پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت دے دی گئی، تمام آنے والوں مسافروں کے ٹیسٹ ریاست اور وزارت صحت کے خرچ پر بلا معاوضہ ہوں گے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویت آنے والے تمام مسافروں کے لیے مفت پی سی آر ٹیسٹ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے میڈیکل پروٹوکول کا ایک حصہ ہے۔

    پی سی آر کے ٹیسٹ تمام آنے والے مسافروں کے لیے ریاست اور وزارت صحت کے خرچ پر بلا معاوضہ ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق اس سے ملک میں صحت کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے کیونکہ طبی ٹیمیں کویت آنے والے ہر مسافر کی جانچ پڑتال کریں گی جو صحت کے تمام ضروری اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی کے طریقہ کار میں ہر پرواز سے کویت آنے والوں میں سے 10 فیصد مسافروں کا بے ترتیب ٹیسٹ شامل تھا لیکن اب کے طریقہ کار میں ہر پرواز سے آنے والے تمام مسافروں کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پر پی سی آر کے امتحان میں گزشتہ صحت کی ضروریات کے مطابق مسافر کو ملک آنے پر پی سی آر سرٹیفکیٹ لانے سے مستثنیٰ نہیں رکھا گیا تھا۔

  • کویت میں آنے اور جانے کیلئے کن شرائط پرعمل کرنا لازمی ہے؟

    کویت میں آنے اور جانے کیلئے کن شرائط پرعمل کرنا لازمی ہے؟

    کویت سٹی : کویت کی سول ایوی ایشن کی انتظامیہ نے مسافروں کی آمد اور روانگی کیلئے شرائط کا اعلان کردیا ہے جن کو پورا کیے بغیر کوئی مسافر بین الاقوامی سفر نہیں کرسکے گا۔

    اس حوالے سے کویتی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تجارتی پروازوں کے دوبارہ آغاز کے بعد ہماری اولین ترجیح مسافروں کی صحت اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی ہے۔

    ایئر پورٹ انتظامیہ نے جن شرائط کا اعلان کیا ہے ان میں پہلی یہ ہے کہ مسافر کو پلیٹ فام پر رجسٹریشن کرانا ہوگی، دوسرا یہ کہ شہریوں کیلئے ہیلتھ انشورنس حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ عہد نامے پر دستخط کرنا اور مخصوص ممالک کی جانب سے مطلوبہ پی آر سی ٹیسٹ فراہم کرنا شامل ہے۔

    ایئر پورٹ انتظامیہ کے مطابق کویت میں داخلے کیلئے بھی تین شرائط عائد کی گئی ہیں، جن میں پہلی یہ کہ "شلونک” ایپلی کیشن پر رجسٹریشن کروانا، دوسرا یہ کہ96گھنٹے قبل پی آر سی ٹیسٹ کی رپورٹ مہیا کرنا جو یہ ظاہر کرتی ہو کہ متعلقہ مسافر کا کورونا ٹیسٹ منفی ہے۔

    تیسری شرط میں کہا گیا ہے کہ کویت آنے کے بعد مسافر کو قرنطینہ کی 14روز کی مدت بھی پوری کرنا ہوگی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ تمام شرائط کو پورا کیے بغیر کوئی مسافر کویت میں داخلے اور روانگی کیلئے سفر نہیں کرسکے گا۔

  • کویت: بیرون ملک پھنسے کویتی شہریوں کی واپسی میں مزید سہولت

    کویت: بیرون ملک پھنسے کویتی شہریوں کی واپسی میں مزید سہولت

    کویت سٹی: کویت کی سول ایوی ایشن نے بیرون ملک پھنسے کویتی شہریوں کی واپسی کے لیے مزید سہولت فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

    کویتی میڈیا کے مطابق سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ تجارتی پروازوں کی بحالی کے بعد بیرون ملک پھنسے ہوئے شہریوں کی واپسی کے لیے اضافی پروازوں کے عمل میں سہولت فراہم کی جائے گی۔

    جنرل ایڈمنسٹریشن آف سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل یوسف الفوزان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان ممالک سے ایئر لائنز کے لیے اضافی پروازوں کے عمل میں سہولت فراہم کریں گے جہاں پھنسے ہوئے شہریوں کے لیے اگلے ہفتے سے تجارتی پروازوں کی بحالی دوبارہ شروع کی جانی ہیں۔

    الفوزان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد مسافروں کی واپسی کو ان غیر معمولی حالات خصوصاً کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والے مسافروں کی پروازوں کو 10 دن کے لیے روکنے کے بعد دوبارہ عمل میں لانا ہے۔

    سول ایوی ایشن کی جنرل ایڈمنسٹریشن کے سرکاری ذرائع کے مطابق صرف برطانیہ سے کویت واپس آنے کے خواہشمند کویتی شہریوں اور کویت سے واپس برطانیہ جانے والے برطانوی شہریوں کے مابین ایئر لائنز دوبارہ کھول دی گئیں ہیں۔

    یہ سہولت صرف کویتی اور برطانوی شہریوں کو دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے ممالک سفر کے حصول کو ممکن بنا سکیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پروازوں کا دوبارہ آغاز پہلے کی طرح ہی جاری رہے گا جیسا کہ کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والی تجارتی پروازوں کو معطل کرنے کے حکام کے فیصلے سے پہلے تھا۔

    یہ فیصلہ آج بھی جاری ہے جیسا کہ 10 دن پہلے تھا جس کا مطلب یہ ہے کہ 35 ممالک پر پابندی فی الحال برقرار رہے گی۔

  • کویت: خادمہ کو قتل کرنے والی خاتون کو سزائے موت

    کویت: خادمہ کو قتل کرنے والی خاتون کو سزائے موت

    کویت سٹی: کویت میں خادمہ کو قتل کرنے والی مقامی خاتون کو سزائے موت جبکہ ان کے شوہر کو 4 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویت کی فوجداری عدالت نے ایک فلپائنی خادمہ جینلن ولاونڈے کے قتل کے جرم میں ایک کویتی خاتون کو پھانسی جبکہ ان کے شوہر کو 4 سال قید کی سزا سنائی۔ سفارتخانے کے قانونی نمائندے کی اتاشی شیخہ فوزیہ الصباح ایک سال سے اس کیس سے منسلک تھیں۔

    مذکورہ خادمہ کویتی خاندان کے گھر ملازم تھی جنہیں تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ملازمہ پر تشدد کے ساتھ کئی ہفتوں تک جنسی اور جسمانی زیادتی بی کی گئی۔

    ملازمہ نے دسمبر 2019 میں اپنی موت سے چند ماہ قبل نہ صرف اپنی ایجنسی بلکہ کفیل کو بھی گھر واپس بھیجنے کے لیے کہا تھا لیکن اس کی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ ملازمہ کا کفیل کویت کی وزارت داخلہ کے لیے کام کرتا تھا۔

    وکیل شیخہ فوزیہ کا کہنا تھا کہ آج کا عدالتی فیصلہ منصفانہ ہے، ملازمہ کو حسد کی وجہ سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور کئی دن تک کمرے میں بند رکھا گیا جبکہ کسی قسم کی طبی امداد دینے سے بھی انکار کر دیا گیا جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

    دوسری جانب کویت میں فلپائن کے سفیر محمد نور دین پینڈو سینا لموندت ملک میں لاک ڈاؤن سے قبل ہی قتل کے الزام میں گرفتار ہونے والے کویتی جوڑے کے خلاف کیس کی پیروی کر رہے تھے۔

    سفیر کا کہنا تھا کہ ہم مقتولہ کے لیے انصاف کے حصول کی امید رکھتے ہیں اور انصاف کی فراہمی کے لیے کویت کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹا۔ سفیر فلپائن نے اس کیس میں فتح اور حمایت کے لیے وکیل شیخہ فوزیہ الصباح، سیکریٹری برائے امور خارجہ ٹیڈی لوکسن اور فلپائن کے صدر روڈریگو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔