Tag: Kuwait

کویت اردو نیوز

Kuwait News Urdu

کویت سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

 

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

  • مختلف ممالک میں پھنسے اساتذہ کو کویت واپسی کی اجازت مل گئی

    مختلف ممالک میں پھنسے اساتذہ کو کویت واپسی کی اجازت مل گئی

    کویت سٹی: کویت نے 34 ممالک میں پھنسے ہوئے 330 اساتذہ کو کویت واپسی کی اجازت دے دی جبکہ 600 اساتذہ کو نوکریوں سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق وزارت تعلیم نے ہائر ہیلتھ کمیٹی کے تعاون سے انٹری ویزا جاری کر کے پھنسے ہوئے اساتذہ میں سے 330 اساتذہ کو وطن واپس لانے پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت نے اس کے ساتھ ساتھ 600 ایسے اساتذہ کی نوکریوں کو بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو بیرون ملک پھنسے ہوئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پبلک ایجوکیشن سیکٹر نے بیرون ملک پھنسے ہوئے ایسے اساتذہ کے ناموں کی فہرست پر کام کرنا ختم کردیا ہے جو اضافی عملے کے ساتھ تعلیمی خصوصیات میں کام کرتے ہیں۔

    600 کے قریب ان اساتذہ میں کمپیوٹر، انٹیریئر ڈیزائن اور اسلامی تعلیم میں مہارت رکھنے والے اساتذہ شامل ہیں کیونکہ یہ ایسی مہارتیں ہیں جس کے لیے شہریوں، کویتی خواتین کے غیر کویتی بچوں، خلیجی شہریوں اور بیرون رہائشیوں کے ساتھ مقامی معاہدوں کے ذریعے ان کی سہولیات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

    آخری مرحلے کے دوران اس شعبے نے تعلیمی زون سے درخواست کی ہے کہ وہ ان اساتذہ کے نام بتائیں جو اضافی تدریسی عملے کے ساتھ کام کرتے ہیں کیونکہ ان کاموں کے لیے مقامی طور پر اساتذہ دستیاب ہیں۔

    تقریباً 330 اساتذہ ایسے ہیں جو ریاضی، کیمسٹری، فزکس اور انگریزی زبان جیسے مضامین میں مہارت رکھتے ہیں اور ملک ایسے مضامین میں مہارت رکھنے والے مقامی اساتذہ کی کمی کا شکار ہے۔

    وزارت ان کے کام پر واپس آنے کے لیے خصوصی انٹری ویزا جاری کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کرے گی۔ نوکری سے برخاست کیے جانے والے بیرون ممالک پھنسے ہوئے اساتذہ کے بارے میں سی ایس سی سے ہم آہنگی کے بعد ان کے واجبات کی ادائیگی کا مناسب طریقہ تلاش کیا جائے گا جس کا امکان ان کے ممالک میں کویتی سفارت خانے کے ذریعہ ہوگا۔

  • کویت : نئے سال کیلئے تعطیل کا اعلان

    کویت : نئے سال کیلئے تعطیل کا اعلان

    کویت سٹی : نئے سال 2021کی آمد پر کویت کی بینکنگ فیڈریشن نے ملک میں تعطیل کا اعلان کردیا، سرکاری چھٹی یکم کے بجائے تین جنوری بروز اتوار کو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت بینکوں کی فیڈریشن کی ڈائریکٹر تعلقات عامہ شیخہ العیسی نے نئے سال کی چھٹی سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقامی بینک اگلے سال یکم جنوری کو جمعہ کے بجائے سرکاری تعطیل کے طور پر 3جنوری 2021 بروز اتوار کو اپنا کاروبار معطل کردیں گے۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ نئے سال میں سرکاری امور کے اوقات پیر4جنوری 2021کو شروع ہوں گے اس حوالے سے  حتمی فیصلہ کویت کے مرکزی بینک کے جاری کردہ سرکلر کی بنیاد پر ہے۔

    علاوہ ازیں کویت کی بینکوں کی فیڈریشن نے اس موقع پر امیر کویت شیخ نواف الاحمد، ولی عہد شہزادہ شیخ میشال الاحمد اور وزیر اعظم کویت شیخ صباح الخالد کو مبارکباد پیش کی اور کویت کے عوام اور تمام بینک صارفین کی جانب سے نئے سال کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

  • کورونا وائرس : پاکستانی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیم کویت پہنچ گئی

    کورونا وائرس : پاکستانی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیم کویت پہنچ گئی

    کویت سٹی : کورونا وائرس کے سدباب اور مریضوں کے علاج کیلئے پاکستان اور کویتی حکومت کے مابین ہونے والے ایک معاہدے کے تحت پاکستانی طبی عملہ کویت روانہ کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے کویتی وزارت صحت نے کہا ہے کہ پاکستان سے196 افراد پر مشتمل طبی عملہ کورونا کے انسداد کے لیے کویت پہنچ گیا ہے۔

    کویتی نیوز ایجنسی کے مطابق پاکستانی طبی عملے میں 41 ڈاکٹر، 131 نرس اور 24 ٹیکنیکلز ہیں جو کویت کے مختلف اسپتالوں میں خدمات انجام دیں گے۔

    پاکستان میں کویت کے سفیر نصار المطیری نے طبی عملہ بھیجنے پر کرنے پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کویت اور پاکستان کے تعلقات انتہائی مستحکم ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کویت کورونا وائرس کے انسداد کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر طرح سے تعاون جاری رہے گا۔

    واضح رہے کہ کویتی وزارت صحت نے پاکستانی وزارت صحت کے ساتھ چار جولائی کو صحت کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ دستخط کیا تھا۔

    اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان طبی عملے کا تبادلہ اور صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

  • کویت نے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا

    کویت نے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا

    کویت سٹی: کویت کی وزرا کونسل نے یکم جنوری سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا، کویت میں کرونا وائرس کی صورتحال قابو میں ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق وزرا کونسل کا وزیر اعظم کویت شیخ صباح الخالد کی زیر صدارت سیف پیلس میں ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا۔

    کونسل کو بتایا گیا کہ عزت مآب شیخ نواف الاحمد کو برادر مملکت سعودی عرب کے بادشاہ کی طرف سے پیغام موصول ہوا جس میں امیر کویت کو خلیج تعاون کونسل رہنماؤں کی مجلس اور اعلیٰ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت شامل ہے۔

    وزرا کی کونسل نے مثبت برادرانہ ماحول پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا جو اس سربراہی اجلاس کے ذریعے خلیج کے اتحاد کو مضبوط بنانے اور خلیج تعاون کونسل کے اتحاد کو یکجہتی اور اتحاد کو بڑھانے کی اہمیت میں ذمہ داری اور خلوص عقیدے کی عکاسی کرتا ہے۔

    کابینہ نے دنیا بھر میں کووڈ 19 کی تازہ ترین پیشرفتوں کے بارے میں وزیر صحت کی طرف سے فراہم کردہ وضاحت کو بھی سنا۔

    کونسل کے مطابق اعداد و شمار کی بنیاد پر ملک میں صحت کی صورتحال مستحکم ہوگئی ہے، اعداد و شمار سے مریضوں اور اموات کی تعداد میں کمی کا اشارہ ملتا ہے کیونکہ اس وبا کے پھیلنے کے بعد سے ریکارڈ شدہ کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 49 ہزار 653 ہے۔

    کونسل کے مطابق 1 لاکھ 45 ہزار 579 مریض صحت یاب ہوئے جبکہ 931 مریض جاں بحق ہوئے۔

    وزیر صحت نے تصدیق کی کہ یکم جنوری کو سفری پابندی ختم کرنے کا فیصلے کیا گیا ہے۔ کونسل نے اگلے ہفتے کے روز یعنی 2 جنوری سے روزانہ کی بنیاد پر صبح 9 بجے سے شام 3 بجے تک سمندری اور زمینی سرحدوں کو کھولنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

    وزیر صحت نے کونسل کو وزیر اعظم کی سرپرستی میں تجرباتی ویکسین کا استعمال کر کے ویکسی نیشن مہم کو نافذ کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ ویکسین لینے والوں پر کسی بھی قسم کے غیر متوقع منفی اثرات کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

  • کویت: حکام کا منافع خوری کرنے والے تاجروں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

    کویت: حکام کا منافع خوری کرنے والے تاجروں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت کی وزارت تجارت و صنعت نے تاجروں سے سختی سے نمٹنے کی ٹھان لی، شہریوں کو دھوکا دہی کی اطلاعات دینے کی تاکید کردی گئی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی وزارت تجارت و صنعت نے ہاٹ لائن نمبر پر دھوکا دہی یا زیادہ قیمتوں کی اطلاع دینے کی تاکید کی ہے۔

    وزارت تجارت و صنعت (ایم او سی آئی) نے شہریوں اور تارکین وطن سے ہاٹ لائن نمبر 135 کے ذریعے تجارتی دھوکا دہی یا زیادہ قیمتوں کی اطلاع دینے کو کہا ہے۔

    وزارت نے تصدیق کی ہے کہ وہ کسی بھی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی اقدامات اٹھائے گی اور جو بھی جواز کے بغیر قیمتوں میں اضافے کی کوشش کرتا ہے، اس پر قانونی طور پر منظور شدہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ عائد کیا جائے گا کیونکہ یہ پرائس کنٹرول اور صارفین کے تحفظ کے ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔

  • کویت میں تارکین وطن کی ضرورت

    کویت میں تارکین وطن کی ضرورت

    کویت سٹی: کویت کی پیٹرولیم کارپوریشن نے حکومت سے تارکین وطن کو بھرتی کرنے کی سفارش کردی ہے۔ پیٹرولیم کارپوریشن نے حکام سے غیر ملکی کارکنوں کو داخلے کے لیے استثنیٰ دینے کی درخواست کی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق تیل کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم کارپوریشن نے متعلقہ سرکاری ایجنسیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کویت کے ذریعہ عمل میں لائے جانے والے اسٹریٹجک منصوبوں کے لیے غیر ملکی کارکنوں کے داخلے کے لیے استثنیٰ دے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تیل کے ایسے پروجیکٹس ہیں جو گزشتہ اگست سے ختم ہو چکے ہیں جبکہ کویت ہوائی اڈے کی بندش سے اب مختلف ممالک سے مینو فیکچر داخل ہونے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    علاوہ ازیں تیل کے شعبے کے منصوبوں جیسے ماحولیاتی ایندھن کے منصوبے، الزور ریفائنری، گیس کی درآمد کی سہولت اور تیل اور گیس کی تیاری کے کچھ اہم منصوبے اپنے آخری مراحل میں ہیں۔

    ان منصوبوں کے لیے تیار کی گئی مینو فیکچررز اور مشاورتی فرموں کو حتمی کارروائی میں داخل ہونے کی ضرورت ہے بصورت دیگر ان منصوبوں کا آغاز ملتوی ہوجائے گا اور عدم عمل کے نتائج مہینوں تک برداشت کرنا ہوں گے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات لاکھوں دینار تک پہنچ سکتے ہیں۔

  • کویتی حکام کا گھریلو ملازمین کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویتی حکام کا گھریلو ملازمین کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویت کی حکومت نے گھریلو ملازمین کے لیے سخت فیصلہ کرتے ہوئے ان کے راشن کارڈ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    کویتی میڈیا کے مطابق وزارت تجارت نے 60 ہزار گھریلو ملازمین کے راشن کارڈ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس فیصلے سے ریاست کو 4 لاکھ دینار سالانہ کی بچت ہوگی۔

    وزارت تجارت نے اعلان کیا کہ وہ جنوری کے آغاز سے اپنے کفیل کے تحت کام نہ کرنے والے 60 ہزار گھریلو ملازمین کے فوڈ راشن کارڈ منسوخ کردیں گے۔

    ذرائع کے مطابق کچھ گھریلو ملازمین ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں اور ان کے کفیلوں نے ان کے راشن کارڈز کے اسٹیس اپ ڈیٹ نہیں کیے ہیں اور اپنے ملازمین کے راشن کارڈز پر اضافی راشن لے رہے ہیں جبکہ گھریلو ملازم اب ان کا ماتحت نہیں ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے اب ملک کو 4 لاکھ دینار کی سالانہ بچت ہوگی۔

    وزیر تجارت فیصل المدلج نے نشاندہی کی کہ گھریلو ملازمین کویتی شہریوں کے مقابلے میں فوڈ راشن کارڈ سے بالکل وہی فوائد حاصل کرتے ہیں جو ایک کویتی شہری کو حاصل ہیں۔

    جہاں تک نئے گھریلو کارکنوں کا تعلق ہے وزارت تجارت نے مطالبہ کیا کہ انہیں اپنے کفیلوں کے راشن کارڈ کے تحت فوری طور پر شامل کیا جائے، خاص طور پر چونکہ بہت سے لوگوں نے اپنے ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کیے بغیر اپنے ورک پرمٹ میں تبدیلی کی ہے لہٰذا ایسے افراد کو راشن کارڈز کے فوائد حاصل نہیں ہوں گے۔

    وزارت تجارت تمام کویتی شہریوں کو چاول اور روٹی سے لے کر تیل اور مرغی تک کی سبسڈی والی اشیائے خور و نوش فراہم کرتی ہے، ہر کویتی شہری کے گھر کو راشن کارڈ دیا جاتا ہے جبکہ گھریلو ملازمین کو گھر کا ایک حصہ ہونے کے حساب سے ہی راشن دیا جاتا ہے۔

  • کویت میں عام تعطیل کا اعلان

    کویت میں عام تعطیل کا اعلان

    کویت سٹی: کویت میں نئے سال کی عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا، وزرا کی کونسل نے ملک کو نئے سال کی مبارکباد اور برکات پیش کی ہیں۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت کے وزرا کی کونسل نے جمعہ یکم جنوری 2021 کے بجائے اتوار 3 جنوری 2021 کو سرکاری تعطیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کونسل نے عزت مآب امیر کویت، ولی عہد شہزادہ اور کویت کے معززین کے علاوہ عوام اور رہائشیوں کو نئے سال 2021 کے قریب آنے کے موقع پر مبارکباد اور برکت پیش کیں۔

    وزرا کی کونسل نے تمام شہریوں اور رہائشیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ صحت کی ہدایات پر عمل کریں اور انفرادی اور معاشرے کی صحت کو محفوظ رکھنے اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلوں کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں۔

    کونسل کا کہنا تھا کہ وائرس سے انفیکشن کی شرح اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کوویڈ 19 کی ویکسی نیشن کی قومی مہم کو نافذ کیا جارہا ہے۔

    کونسل نے کہا کہ امید کی جارہی ہے کہ اس سے اس وبا کا خاتمہ ہو گا اور اللہ نے چاہا تو ہم ایک بار پھر سے عام زندگی میں واپس لوٹ آئیں گے۔

  • کویت آنے کے لیے غیرملکی مسافروں کو کیا کرنا ہوگا؟

    کویت آنے کے لیے غیرملکی مسافروں کو کیا کرنا ہوگا؟

    کویت سٹی : کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے بعد فضائی آپریشن کی معطلی سے پیدا ہونے والے مسائل سے کویت آنے والے غیر ملکیوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔

    اس حوالے سے کویتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں غیر ممنوعہ ممالک میں 14دن گزارنے والے تارکین وطن کے پاس کویت آنے کیلئے صرف دو راستے ہیں۔

    ایئر پورٹس کو 10روز کیلئے بند رکھنے کے فیصلے کے بعد وہ مسافر جو کویت میں داخلے کی تیاری میں کسی دوسرے ملک میں 14دن گزار رہے ہیں ان کو یا تو آئندہ سال جنوری کے پہلے ہفتے میں ایئر پورٹ کھلنے تک اسی ملک میں قیام کرنا پڑے گا یا واپس اپنے ملک جانا ہوگا۔

    کویتی اخبار کے مطابق مننوعہ ممالک کی فہرست میں آنے والے تارکین وطن جو غیر ممنوعہ تیسرے ملک سے واپس لوٹنا چاہتے ہیں ان کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہیں وہیں رکنا ہے یا کویتی حکومت کے اگلے فیصلے کا انتظار کرنا ہے۔

    اس حوالے سے سیاحت اور ٹریول مارکیٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم ممالک میں رہائش پذیر تارکین وطن فلائٹ کی بکنگ اور سفر کی سہولیات سے متعلق معلومات مسلسل حاصل کررہے ہیں۔ یہ تارکین وطن پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ ان کے پاس کویت جانے کیلئے کچھ ہی دن باقی ہیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ زیادہ تر ٹریول کمپنیاں اپنے صارفین کیلئے کوئی فیصلہ کرنے سے قاصر ہیں لیکن عام تاثر یہ ہے کہ شاید ٹرانزٹ ملک کیلئے سفر کرنا میسر ہوگا جس کیلئے خاص طریقہ کار ہوگا۔ یہ کویتی حکومت پر منحصر ہے کہ وہ کب نیا فیصلہ جاری کرتی ہے جس سے ان کی واپسی آسان ہوگی۔

    اس کے علاوہ وہ لوگ جو پہلے ہی سفر کرچکے ہیں اور قرنطین کے سبب ٹرانزٹ ملک میں قیام پذیر ہیں ان کیلئے دو مختلف حالات ہیں، پہلا یہ کہ جن پاس کافی وقت ہے اور یہ ایام گزارنے کیلئے وہ اپنی خوراک اور رہائش کا انتظام باآسانی کرسکتے ہیں، اگر مدت میں مزید توسیع کردی جاتی ہے تو وہ ان کیلئے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔

    دوسری صورتحال ان لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث ہے جن کے معطلی کی مدت کے دوران ٹرانزٹ ملک میں قیام کی مدت ختم ہوجائے گی جس کے باعث وہ اس ملک میں اپنا قیام بڑھانے یا اپنے آبائی ملک واپس جانے کا فیصلہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔

  • کویت نے پروازیں بحال کرنے کی شرط عائد کردی

    کویت نے پروازیں بحال کرنے کی شرط عائد کردی

    کویت سٹی: کویت کے حکام کا کہنا ہے کہ کویت میں بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا دارومدار صحت کی صورتحال پر ہے، اس بارے میں ابھی کوئی بھی فیصلہ کرنا جلد بازی ہوگا۔

    کویتی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ کویت کے ہوائی اڈے کے دوبارہ کھلنے کا انحصار کرونا وائرس کی نئی لہر کے پھیلاؤ پر ہے جبکہ کویت کے ہوائی اڈے پر شپنگ اور سرکاری طیاروں کی پروازیں معطل نہیں کی جائیں گی۔

    سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کویت نے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والی تجارتی پروازوں کو معطل کرنے کے بارے میں جو فیصلہ لیا ہے اس کا اطلاق ہوائی کارگو اور سرکاری ایئر لائنز کے سوا تمام ایئر لائنز پر ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کو بند کرنے کا فیصلہ تحقیق، مطالعہ اور صحت کی صورتحال کی تشخیص اور ابھرتے ہوئے کرونا وائرس کی نئی لہر کے پھیلاؤ پر ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق پروازوں کی معطلی میں توسیع کے فیصلے کے بارے میں ابھی فیصلہ کرنا جلد بازی ہے، یہ معاملہ صحت حکام کی جانچ سے متعلق ہے۔

    یورپ یا کچھ ممالک میں پھنسے ہوئے شہریوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ذرائع کا کہنا تھا کہ انہیں ہوائی اڈے پر دوبارہ کام ہونے تک انتظار کرنا ہوگا۔ گھریلو ملازمین کی واپسی کے لیے طے شدہ پروازیں ہوائی اڈے کے افتتاح کے بعد طے کی جائیں گی۔