Tag: Kuwait

کویت اردو نیوز

Kuwait News Urdu

کویت سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

 

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

  • کویت جانے کے منتظر تارکین وطن کے لیے اہم خبر

    کویت جانے کے منتظر تارکین وطن کے لیے اہم خبر

    کویت سٹی: کویت ایئر ویز کارپوریشن ایک اجلاس منعقد کرے گی جس میں 34 کالعدم ممالک سے تارکین وطن کی واپسی کے لیے موزوں طریقہ کار طے کیا جائے گا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق 34 ممنوعہ ممالک میں پھنسے تارکین وطن کی واپسی کے پیکج اس قدر مہنگے ہو چکے ہیں کہ زیادہ تر تارکین وطن کویت واپس آنے کے لیے تیار ہی نہیں۔

    کویت ایئر ویز کارپوریشن (کے اے سی) آئندہ ہفتے نیشنل ایوی ایشن سروسز (این اے ایس) کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرے گی جس میں 34 کالعدم ممالک سے تارکین وطن کی واپسی کے لیے موزوں طریقہ کار اور گھریلو ملازمین کی وطن واپسی کے حتمی منصوبے کے لیے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    اس پر عمل درآمد قومی اسمبلی کے انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کمپنیوں کے عہدیداروں اور ایگزیکٹو انتظامیہ اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس کے ایجنڈے میں 14 روزہ قرنطینہ کی لازمی مدت، کرونا ٹیسٹ اور ریٹرن فلائٹ کے لیے پیکج کی قیمت کا تعین کرنا شامل ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزرائے کونسل ڈی جی سی اے، کے اے سی، جزیرا ایئر ویز اور این اے ایس کے واپسی کے منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد ممنوعہ ممالک سے تارکین وطن کی واپسی کی اجازت دینے کا فیصلہ جاری کرے گی۔

  • کویت: اے ٹی ایم کے ذریعے رقم نکلوانے پر نئے چارجز لاگو

    کویت: اے ٹی ایم کے ذریعے رقم نکلوانے پر نئے چارجز لاگو

    کویت سٹی: کویت میں اے ٹی ایم کے ذریعے رقم نکلوانے پر نئے چارجز لاگو کردیے گئے، مقامی بینکوں نے اپنے صارفین کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کویت میں بینکس کی جانب سے اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے پر نئے چارجز لاگو کر دیے گئے، نئے چارجز کا اطلاق اگلے ماہ سے اے ٹی ایم خدمات کے ذریعے ملک سے باہر کیش نکالنے پر ہوگا۔

    مقامی بینکوں نے اپنے صارفین کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ اے ٹی ایم کارڈز کا استعمال کرتے ہوئے کویت ریاست سے باہر کی جانے والی ہر نقد رقم کی واپسی کے عمل کے لیے اضافی رقم چارج ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق نئے چارجز کا اطلاق حفاظتی طریقہ کار اور ضروری تحفظ کے لحاظ سے اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے بینکوں کی فراہم کردہ خدمات کے ساتھ ساتھ دنیا کی کسی بھی جگہ سے نقد رقم نکالنے کے امکان کے مطابق ہے۔

  • کورونا ویکسین : کویتی حکومت نے عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

    کورونا ویکسین : کویتی حکومت نے عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

    کویت سٹی : امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے کویت کے ساتھ کورونا ویکسین کی فراہمی کا معاہدہ طے کرلیا ہے، حکام کی منظوری کے بعد مذکورہ ویکسین آئندہ سال فراہم کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی کمپنی فائزر اور بائیو ٹیک نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے کویت میں وزارت صحت کے ساتھ ایک معاہدہ طے کیا ہے جس کے تحت عالمی وبا کوویڈ نائنٹین کی روک تھام کیلئے آر این اے پر مبنی ویکسین بی این ٹی162کویت کو فراہم کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق کوہتی وزارت صحت کی درخواست پر مذکورہ ویکسین کلینیکل ٹرائلز کی تکمیل اور مقامی ریگولیٹری اتھارٹی کی منظوری کے بعد رواں سال کے آخر یا سال2021تک فراہم کی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ابھی اس معاہدے کی مالی تفصیلات کو ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب فائزر کمپنی کے خلیجی شعبے کے سربراہ لنڈسے ڈیچ نے کہا ہے کہ ہمیں کویتی حکومت سے تعاون کرنے کا اعزاز حاصل ہے کہ کویت کی عوام کو ممکنہ کوویڈ19ویکسین کی فراہمی کے مقاصد کے حصول کیلئے اپنے تمام وسائل کو جلد از جلد بروئے کار لائیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ فائزر کمپنی کو دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی زندگیاں بچانے کیلئے یہ ہدف حاصل کرنا پہلے سے زیادہ ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری ویکسین اس مقصد کو حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوگی لیکن یقینی طور پر اس کا انحصار کلینیکل اور ریگولیٹری پہلوؤں میں کامیابی پر منحصر ہے۔

  • کورونا وائرس کے کیسز اور اموات : کویت سے بڑی خبر آگئی

    کورونا وائرس کے کیسز اور اموات : کویت سے بڑی خبر آگئی

    کویت سٹی : کورونا کے نئے کیسز میں کمی واقع ہورہی ہے، اس بات کا انکشاف کویتی وزارت صحت نے کیا ہے ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا مریضوں کی صحت یابی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی وزارت صحت کی جانب سے ملک میں کورونا وائرس کے کیسوں اور اموات میں کمی کی نوید سنائی گئی ہے۔

    اس حوالے سے وزراء کونسل کا ہفتہ وار اجلاس بذریعہ ویڈیو کال ہوا جس کی سربراہی شیخ صباح الخالد نے کی اس موقع پر وزیر صحت شیخ باسل الصباح نے کابینہ کو ملک میں صحت کی موجود صورتحال سے آگاہ کیا۔

    وزیر صحت نے اجلاس کے شرکاء کو کورونا وائرس کے اعداد وشمار کی تفصیلات بتائیں، انہوں نے جن میں پچھلے ہفتے کی نسبت کورونا مریضوں اور اموات کی تعداد میں کمی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل مریضوں کے علاج اور ان کے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ظاہر کیا۔

    کونسل نے ایک بار پھر تمام شہریوں اور رہائشیوں سے صحت کی تمام ضروریات کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس عالمی وبا سے محفوظ رہنے اس کے اثرات اور خطرات سے بچنے کی ہر ممکن کوششوں پر کاربند رہنے کی کوشش کی جائے۔

    دوسری جانب وزراء کونسل نے سعودی عرب میں شال سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہونے والی جی 20سربراہی کانفرنس میں حاصل ہونے والے اہم اور مثبت نتائج کی تعریف کی۔

    شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اجلاس سے لوگوں میں اعتماد اور اطمینان کی امید پیدا ہوگی خاص طور پر ان مشکل حالات میں جو کورونا کی وجہ سے تمام ملکوں کو درپیش ہیں۔

  • کویت میں تارکین وطن پر بھاری جرمانے عائد

    کویت میں تارکین وطن پر بھاری جرمانے عائد

     کویت سٹی: کویت نے سول آئی ڈی کارڈ نہ حاصل کرنے پر غیر ملکی تارکین وطن پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق وہ تارکین وطن جو کویت میں رہائشی اجازت نامہ ملنے کے بعد مخصوص وقت کے اندر اپنا سول شناختی کارڈ حاصل کرنے میں ناکام رہے ، ان پر پبلک اتھارٹی برائے سول انفارمیشن (پی اے سی آئی) کی جانب سے بیس کویتی دینار جرمانہ عائد کیا گیا ہے، ان میں کویت میں سرکاری اداروں میں دوبارہ کام شروع کرنے والے نومولود بچوں کے کفیل بھی شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی اے آئی سی نے یہ فیصلہ اس نوٹس کے بعد کیا جب نومولود بچوں کے کئی کفیلوں نے اپنی سول شناخت حاصل نہیں کی، حالانکہ انہیں پہلے ہی رہائشی اجازت نامے اور پاسپورٹ فراہم کئے جاچکے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کویت، ساحل جانے والوں پر نئی پابندیاں عائد، 500 دینار تک جرمانہ ہوگا

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کے ہاں کرونا وبا کے درمیان بچوں کی پیدائش ہوئی، انہیں لاک ڈاؤن کے پورے عرصے میں جرمانے سے استثنیٰ قرار دیا گیا تھا مگر سرکاری اداروں میں کام شروع کرنے کے لئے ان پر یہی طریقہ لاگو ہوگا۔

  • کویت: پھنسے ہوئے تارکین کے لیے اچھی خبر

    کویت: پھنسے ہوئے تارکین کے لیے اچھی خبر

    کویت سٹی: کویت نے پھنسے ہوئے تارکین وطن کو ورک پرمٹ جاری کرنا شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت سے باہر پھنسے ہوئے تارکین وطن کے لیے ورک پرمٹ جاری ہونا شروع ہو گیا۔

    پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے ذرایع کا کہنا ہے کہ پھنسے ہوئے غیر ملکی ملازمین کو کویت واپس آنے کی اجازت دینے کے لیے ورک پرمٹ جاری کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔

    ذرایع کے مطابق ورک پرمٹ جاری کرنے کا یہ قدم کابینہ ہیلتھ کمیٹی کے فیصلے کے عین مطابق ہے، جس کے تحت مالکان کو ضروری غیر ملکی کارکنوں کی فہرست سیکورٹی سے منظوری کے حصول کے لیے وزارت داخلہ کو بھجوانی ہوگی۔

    وزارت سے سیکورٹی کی منظوری کے حصول کے بعد پھنسے ہوئے تارکین وطن کارکنوں کو ورک پرمٹ کے اجرا کے لیے کفیل کو پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کو بھی درخواست پیش کرنی ہوگی۔

    کویت: گاڑیوں کی انشورنس سے متعلق خوش خبری

    اس کے بعد کفیل ان دستاویزات کو تارکین وطن کو ان کے ممالک بھجوائیں گے جہاں وہ دیگر ضروری طریقہ کار مکمل کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے سے کرونا وائرس کے بحران کی وجہ سے کویت کے ایئرپورٹ پر پروازوں کی 8 ماہ سے جاری معطلی کا خاتمہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے تارکین وطن مزدوروں بالخصوص مصری اور شامی شہریوں کے لیے ورک پرمٹ جاری کیے جانے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اس فیصلے پر سابق ممبر پارلیمنٹ صالح عاشور نے سخت تنقید کی ہے۔

    ان کا مؤقف تھا کہ حال ہی میں آبادیاتی ڈھانچے کے معاملے کو حل کرنے کے لیے قانون منظور کیا گیا ہے، یہ فیصلہ اس قانون کے منافی ہے، انھوں نے خبردار کیا کہ جلد ہی حکومت کو اس سلسلے میں سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • کویت واپس آنے والوں کے لیے بڑی خبر

    کویت واپس آنے والوں کے لیے بڑی خبر

    کویت سٹی: کویت نے 34 پابندی والے ممالک سے واپس آنے والے گھریلو ملازمین کے یومیہ اخراجات کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں کرونا وبا کے باعث پابندی والے ممالک سے لوٹنے والے گھریلو ملازمین کی واپسی پر انھیں قرنطینہ ہونا پڑے گا جس کے لیے ادارہ جاتی طور پر یومیہ 30 کویتی دینار کا اعلان کیا گیا ہے۔

    ادھر جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے، ان پر سے پابندی ہٹانے کے لیے وزرا کونسل کے فیصلے کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے، اس کے لیے کویت ایئرویز اور جزیرہ ایئرویز نے بھی اعلان کر دیا ہے کہ ان کی جانب سے پروازیں بحال کرنے کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔

    کویت کی سول ایوی ایشن انتظامیہ اور وزرا نے اس سلسلے میں دونوں ایئرویز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز علی محمد الدوخان اور مروان بودیا کے ساتھ ہفتے کے روز تفصیلی ملاقات بھی کی۔ دوسری طرف وزارتِ صحت کے اس اعلان کا بھی انتظار کیا جا رہا ہے کہ وہ طبی عملہ ہزاروں غیر ملکی کارکنوں کی جانچ پڑتال اور ان کے تعاقب کا طریقہ کار بنانے کے بعد اب مکمل طور پر تیار ہیں۔

    ادارہ جاتی قرنطینہ کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے گھریلو ملازمین کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، یومیہ لاگت 30 کویتی دینار سے زیادہ نہیں ہوگی، جس میں 14 دن کی مدت کے لیے تین وقت کا کھانا شامل ہے، منفی رپورٹ آنے پر یہ مدت کم کر کے نصف کر دی جائے گی۔

    پابندی والے ممالک کے لیے ایئرلائن ٹکٹس کے حوالے سے ذرایع کا کہنا ہے کہ حکومت کارکنوں پر کوئی اضافی بوجھ ڈالنے کی خواہاں نہیں ہے، موجودہ اخراجات والا نظام منصفانہ اور متوازن ہے، تاہم جس طرح معمول کے مطابق قیمتوں میں معمولی اضافہ کیا جاتا ہے، ویسے معمولی اضافے کا امکان موجود ہے۔

    واضح رہے کہ گھریلو ملازمین کے کویت واپسی کے اخراجات میں ٹکٹ کی قیمت، ادارہ جاتی قرنطینہ کی لاگت، اور پی سی آر ٹیسٹس کی قیمت شامل ہے۔ خیال رہے کہ گھریلو ملازمین کے لیے ابھی جو فیصلہ کیا گیا ہے، اس میں انھیں پی سی آر ٹیسٹ فیس سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

  • پکنک منانے والے ہوشیار، کویتی حکومت نے بڑی پابندی عائد کردی

    پکنک منانے والے ہوشیار، کویتی حکومت نے بڑی پابندی عائد کردی

    کویت سٹی : عوامی اور کھلے مقامات کوئلے جلانے والوں کیخلاف کویتی حکام نے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے بار بی کیو کرنے والے افراد پر بھاری جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی ماحولیاتی پبلک اتھارٹی نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ شہر میں کھلی جگہوں سمیت عوامی اور تفریحی مقامات پر کوئلے سے آگ جلانے اور فضائی آلودگی پھیلانے پر250دینار جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    کویتی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث کیمپنگ پر ممانعت کی وجہ سے اکثر لوگ تفریحی مقامات پر زیادہ جانے لگے ہیں انہییں چاہیے کہ وہ ماحولیاتی آلودگی سے بچتے ہوئے ان مقامات کو صاف و شفاف رکھیں۔

    ماحولیاتی پبلک اتھارٹی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تفریحی مقام چھوڑنے سے قبل کچرہ اور دیگر اشیاء کو تلف کریں اور خصوصاً جلتے ہوئے کوئلے کھلی جگہ پر ہرگز نہ پھینکیں۔

    اس حوالے سے کویتی محکمہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر شیقہ الابراہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ طے شدہ ماحولیاتی قانون کے مطابق زمین پر کوئلے دہکانا قابل سزا جرم ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مذکورہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے شخص یا اشخاص پر 250کویتی دینا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

     

  • اہم خلیجی ملک کا کرونا ویکسین خریدنے سے انکار

    اہم خلیجی ملک کا کرونا ویکسین خریدنے سے انکار

    کویت سٹی: کویت نے کرونا ویکسین خریدنے سے متعلق معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کویت نے ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں سے ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حال ہی میں کئی کمپنیوں خاص کر چینی کمپنیوں کی بنائی گئی ویکسین کے غیر موثر ہونے اور منفی اثرات کے واقعات منظر عام پر آئے۔وزارت نے ان واقعات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ کویت کے عوام کی زندگیوں کی حفاظت کو فوقیت دیتے ہوئے معاہدوں پر دستخط سے انکار کیا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں محکمہ صحت کے نائب معاون وزیر عبداللہ العسیری نے بیان دیا تھا کہ مملکت کرونا ویکسین حاصل کرنے والے اولین ممالک میں شامل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سعودی عرب: کروناویکسین کے حوالے سے بڑی خوشخبری

    عبداللہ العسیری نے بتایا کہ معاہدوں کے تحت سعودی عرب کو اولین بنیادوں پر ویکسینز فراہم کی جائیں گی، جن کمپنیوں سے معاہدے طے ہوئے ہیں ان کی ویکسینز کے تجربات آخری مراحل میں ہیں۔

  • کویت: شناختی کارڈ گھروں پر پہنچانے کی سروس شروع

    کویت: شناختی کارڈ گھروں پر پہنچانے کی سروس شروع

    کویت سٹی: کرونا وائرس کے باعث حکام نے لوگوں کے شناختی کارڈ ان کے گھروں پر پہنچانے کی سروس شروع کردی، سروس کا آغاز آج سے ہوگا۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویت کی پبلک اتھارٹی برائے سول انفارمیشن نے آج سے سول شناختی کارڈز لوگوں کے گھروں تک پہنچانے کی سروس کا آغاز کیا ہے۔ پی اے سی آئی نے تفصیلات کے ساتھ اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

    پبلک اتھارٹی برائے سول انفارمیشن کے ڈائریکٹر جنرل مساعد الاسوسی کا کہنا ہے کہ اب شہری اور غیر ملکی رہائشی کسی بھی برانچ کا دورہ کیے بغیر بہت آسانی سے سول شناختی کارڈ (بطاقہ) حاصل کر سکتے ہیں جس کی وجہ سے برانچوں میں بھیڑ بھی کافی حد تک کم ہوجائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس نئی خصوصیت سے وقت اور مشقت کی بچت ہوگی اور صحت سے متعلق اقدامات کو محفوظ رکھنے اور کرونا وائرس کا انفیکشن پھیلنے سے بچنے کے لیے سماجی فاصلہ بھی برقرار رہے گا۔

    ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اتھارٹی نے سول شناختی کارڈز کی فراہمی کے لیے ایک لیڈنگ کمپنی سے معاہدہ کیا ہے۔ ایک کارڈ ڈلیوری سروس کی فیس 2 دینار ہے جبکہ اسی پتے پر فراہمی کے لیے اضافی 250 فلس وصول کیے جائیں گے۔

    یہ خدمت کارڈ کی ترسیل کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہے جو درخواست اور سول کارڈ کی فراہمی کے مراحل کو قابل عمل بنائے گی، تیار شدہ کارڈ کمپنی کے حوالے کرنے کی تاریخ سے 2 دن کے اندر صارف کو فراہم کردیا جائے گا۔

    الاسوسی نے مزید بتایا کہ اتھارٹی اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ کارڈز کو خفیہ حیثیت میں مہر بند لفافے میں پہنچایا جائے جس میں اتھارٹی کا لوگو موجود ہو۔ نیا سول کارڈ حاصل کرنے کے لیے کمپنی کو دستاویزات کی اجازت دے کر ڈلیوری کمپنی کے نمائندے کو پرانا سول کارڈ مہیا کرنا ضروری ہے۔