Tag: Kuwait

کویت اردو نیوز

Kuwait News Urdu

کویت سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

 

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

  • کیا کویت میں جزوی کرفیو لگنے جا رہا ہے؟

    کیا کویت میں جزوی کرفیو لگنے جا رہا ہے؟

    کویت سٹی: کویت میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ کرونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے ایک بار پھر جزوی کرفیو لگایا جا رہا ہے تاہم وزارتِ صحت کی جانب سے اس پر واضح بیان سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کے وزیر صحت ڈاکٹر باسل الصباح نے ملک میں جزوی کرفیو کے سلسلے میں پھیلی افواہوں پر سخت ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

    انھوں نے صحت حکام کے ساتھ ملاقات کے دوران ملک میں ایک بار پھر جزوی پابندی کے اطلاق سے متعلق افواہوں کو مسترد کر دیا۔

    کویت کا جزوی کرفیو ختم کرنے کا اعلان

    ڈاکٹر باسل نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ وزارت صحت کی میٹنگ اتوار کو ہونی تھی جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں، تاہم جب کوئی میٹنگ ہی نہیں ہوئی تو جزوی کرفیو سے متعلق فیصلہ کیسے اور کس نے کیا، یہ محض افواہ ہے۔

    یاد رہے کہ کویت نے 31 اگست کو ملک میں 3 ماہ سے جاری جزوی کرفیو ختم کر دیا تھا، یہ جزوی لاک ڈاؤن 28 مئی کو نافذ کیا گیا تھا۔ جزوی لاک ڈاؤن کے تحت شام 6 سے صبح 6 بجے تک جزوی کرفیو ہوتا تھا۔

    کویت نے اس سے قبل 20 اپریل سے ملک بھر میں 16 گھنٹے کرفیو نافذ کر دیا تھا، بعد ازاں اس کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا تھا البتہ اس دوران شام 4 سے رات 8 بجے تک چند محکموں اور اداروں کو کام کرنے کی اجازت تھی۔

  • کویت : سگریٹ پینے والوں کو حکومت کی سخت وارننگ

    کویت : سگریٹ پینے والوں کو حکومت کی سخت وارننگ

    کویت سٹی : کویتی حکومت نے شہریوں خصوصاً سگریٹ پینے والے افراد کو متنبہ کیا ہے کہ تنگ اور چھوٹے عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔

    کویت کی ماحولیاتی پبلک اتھارٹی نے یہ اقدام سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے رد عمل میں کیا، ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ ایک سرکاری دفتر کا ملازم دوران ڈیوٹی سگریٹ نوشی کررہا تھا۔

    جس پر مذکورہ پبلک اتھارٹی نے فوری اقدام کرتے ہوئے تمباکو نوشی کرنے والے شخص کیخلاف ماحولیاتی تحفظ قانون کے آرٹیکل56کے تحت کارروائی کی ہے۔

    ماحولیاتی پبلک اتھارٹی کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ بند اور نیم بند عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کی سختی سے ممانعت ہے، سوائے ان مقامات کے جو سگریٹ پینے کیلیے مختص کیے گئے ہیں۔

    ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون پر عمل درآمد کرتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ انہیں معاشرے کو آلودگی سے پاک کرنے اور لوگوں کو بیماریوں سے بچایا جاسکے۔

  • کویتی حکومت کا ملک بدری سے متعلق اہم فیصلہ

    کویتی حکومت کا ملک بدری سے متعلق اہم فیصلہ

    کویت سٹی : کویت کی وزارت داخلہ نے وزارت خارجی امور سے مدد طلب کرتے ہوئے مختلف جیلوں میں قید مجرمان کو ملک بدر کرنے کی درخواست کی ہے۔

    کویتی وزارت داخلہ نے مطالبہ کیا ہے کہ وزارت خارجہ امور  مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث قیدیوں کو جلد سے جلد  ملک بدر کرنے کے عمل میں تعاون کرے۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیکیورٹی حکام  یومیہ بیس کے قریب ملزمان کو حراست میں لیتے ہیں، ان ملزمان میں منشیات فروش شراب کی فروخت میں ملوث اور منشیات کے عادی افراد شامل ہیں، مذکورہ ملزمان کا تعلق کویتی، جی سی سی، عرب اور  ایشین ممالک کے علاوہ دیگر قومیتوں سے ہوتا ہے۔

    وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق وزارت پر دباؤ ہے کہ ایسے افراد کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈالا جاتا ہے اور ان قیدیوں کی بڑی تعداد کے باعث جیلوں کے انتظامی امور میں مسائل پیدا ہوتے ہیں اور قیدیوں کی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی مشکلات کاسامنا ہے لہٰذا ان مجرمان کی ملک بدری کا عمل تیز کیا جائے۔

    وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ سے سے مطالبہ کیا ہے کہ ان قیدیوں کے متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں سے رابطے کرکے انہیں مسئلہ سے آگاہ کیا جائے تاکہ قیدیوں کو جلد سے جلد جلا وطن کیا جاسکے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ 40سے زائد منشیات فروشوں اور سیکیورٹی اہلکاروں سے بد کلامی میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں محکمہ برائے منشیات کنٹرول کے حوالے کیا گیا۔

     

  • کویتی حکومت نے شہریوں کو زبردست خوشخبری سنادی

    کویتی حکومت نے شہریوں کو زبردست خوشخبری سنادی

    کویت سٹی : کویتی حکومت نے اپنے شہریوں کیلئے ایک نیا منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت انہیں ہزاروں ڈالر کی بڑی رقم دی جائے گی، یہ اقدام دولت کی تقسیم کو زیادہ منصفانہ بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ کویتی حکومت ملازمت کی عمر والے تمام شہریوں کو زندگی بھر سالانہ 50 ہزار ڈالر دینے کا پروگرام ترتیب دے رہی ہے، اس نئے پروگرام کا مسودہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

    مذکورہ پروگرام کے تحت کویت کے شہریوں کو دی جانے والی ہر طرح کی سبسڈی ختم کرکے اس کی جگہ سالانہ 50 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ دولت کی تقسیم کو زیادہ منصفانہ بنانے اور سبسڈی پر خرچ ہونے والی رقم بچانے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

    کویتی حکومت اس پروگرام کی مدد سے قومی معیشت کی تنظیم نو کرسکے گی اور معاشی بحران کے بھنور سے نکل جائے گی۔ کویتی جریدے نے ملک میں قومی پالیسی کے مطالعات کی اسپیشلسٹ ویب سائٹ کویت امپیکٹ کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے۔ جس کا عنوان کویت کی خاطر نئے افکار ہے، یہ رپورٹ انویسٹمنٹ کنسلٹنٹ علی السلیم نے تیار کی ہے۔

    کنسلٹنٹ کا کہنا ہے کہ دولت کی تقسیم پر نظرثانی کا حتمی نتیجہ مقامی شہریوں کو روزگار دینے سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کی صورت میں برآمد ہوگا۔ حکومت پر ملازمت فراہم کرنے کا بوجھ کم ہوگا۔ براہ راست اخراجات کا ضیاع محدود ہوجائے گا اور کویتی معیشت زیادہ پائیدار ہوجائے گی۔

    السلیم کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے باعث حکومت مقامی شہریوں کے لیے غیرضروری آسامیاں پیدا کرنے پر مجبور نہیں ہوگی۔ مشکل یہ ہے کہ ملک میں بیورو کریسی کی وجہ سے وزارتوں کا حجم بڑھ گیا ہے۔ ملازم حد سے زیادہ ہوگئے ہیں۔ موثر اور مفید حل یہی ہے کہ پٹرول کی آمدنی کی تقسیم کا سادہ طریقہ اپنایا جائے۔

  • کویت : قانون کی سنگین خلاف ورزی کرنے والے 5 ملزمان کیخلاف سخت کارروائی

    کویت : قانون کی سنگین خلاف ورزی کرنے والے 5 ملزمان کیخلاف سخت کارروائی

    کویت سٹی : کویتی وزارت داخلہ نے الصبیہ کے علاقے میں ٹائر اسکریچنگ کرنے والوں کو گرفتار کرکے پولیس آپریشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق کویتی وزارت داخلہ نے ٹوئٹر کے اپنے پیج پر بتایا کہ پانچ نوجوان الصبیہ کے علاقے میں ٹائر اسکریچنگ کر رہے تھے، انہوں نے پولیس کو اپنی طرف آتا دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔

    پانچوں کو گرفتار کرکے محکمہ ٹریفک کے حوالے کر دیا گیا اور ان کی گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئیں۔ کویتی وزارت داخلہ نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ سلوی کے علاقے میں ٹائر اسکریچنگ کرنے والے ایک اور نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    اس نوجوان نے ٹائر اسکریچنگ کے ساتھ قانون کا مذاق بھی اڑانے کی کوشش کی تھی، ٹائر اسکریچنگ کی ویڈیوسوشل میڈیا پر ڈال دی تھی اب اسے گرفتار کرکے اس حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی، اسے ٹریفک کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

    کویتی وزارت داخلہ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ تفتیشی مہم جاری رہے گی، کسی کو بھی قانون سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • کویت سے سعودی عرب جانے والی گاڑیوں کے حوالے سے اہم وضاحت

    کویت سے سعودی عرب جانے والی گاڑیوں کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض: کویت میں سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کویت سے سعودی عرب جانے والے غیر ملکیوں اور گاڑیوں سے فیس وصولی کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کویت میں سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کویت سے سعودی عرب جانے والے غیر ملکیوں اور گاڑیوں سے فیس کی وصولی کی اطلاعات غلط ہیں۔

    سعودی سفارتخانے کے ٹویٹر پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دنوں سوشل میڈیا پر یہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ کویت سے سعودی عرب جانے والے غیر ملکیوں اور گاڑیوں پر فیس مقرر کردی گئی ہے۔

    بہت سے لوگوں نے یہ اطلاعات ملنے پر سفارتخانے سے رابطہ کر کے ان اطلاعات کی حقیقت دریافت کی ہے۔

    سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ سراسر غلط اور بے بنیاد ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، کوئی بھی شخص ایسی کسی بھی اطلاع پر جو سرکاری ادارے سے جاری نہ ہوئی ہو کان نہ دھرے۔

  • کویت کو 66 ارب ڈالر قرضہ درکار

    کویت کو 66 ارب ڈالر قرضہ درکار

    کویت: کویتی وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ مملکت کو انفرا اسٹرکچر اور تعمیراتی منصوبوں کے لیے تیس برس میں 66 ارب ڈالر کا قرضہ درکار ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی وزیر خزانہ براک الشیتان نے کہا ہے کہ آئندہ 30 برس کے دوران ملک کو 66 ارب ڈالر کے قرضے کی اشد ضرورت ہوگی-

    گزشتہ روز کویتی پارلیمنٹ میں مالیاتی و اقتصادی کمیٹی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کویتی وزیر خزانہ نے کہا قومی قرضہ مجموعی قومی پیداوار کا 60 فی صد سے زیادہ نہیں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ قرضے کی رقم بنیادی ڈھانچے اور تعمیراتی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

    کویتی وزیر خزانہ نے بتایا پارلیمانی مالیاتی کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ قومی قرضے کی انتہائی حد اور اس کا دورانیہ کم کیا جائے، کویتی حکومت اس تجویز کا جائزہ لے کر جلد جواب دے گی، پارلیمنٹ سے قرضے کا قانون منظور کرانے کے لیے فریقین کے درمیان تعاون ضروری ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل کویتی وزیر خزانہ نے ارکان پارلیمنٹ کو خبردار کیا تھا کہ سرکاری خزانے میں صرف اکتوبر تک ملازمین کی تنخواہیں دینے کی گنجائش ہے۔

    وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ تیل کے نرخوں میں کمی اور کرونا بحران وجہ سے قومی بجٹ کا خسارہ 14 ارب دینار تک پہنچ جائے گا، ان مسائل کی وجہ سے کویت بد ترین اقتصادی بحران سے گزر رہا ہے۔

  • کویت کا جزوی کرفیو ختم کرنے کا اعلان

    کویت کا جزوی کرفیو ختم کرنے کا اعلان

    کویت سٹی: کویت میں 3 ماہ سے جاری جزوی کرفیو ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا، جزوی لاک ڈاؤن 28 مئی کو نافذ کیا گیا تھا۔

    کویت حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے 28 مئی سے شام 6 سے صبح 6 بجے تک کا جزوی کرفیو نافذ کیا تھا جسے اب ختم کردیا گیا ہے۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت صحت نے صورتحال بہتر ہونے کی نوید دیتے ہوئے کرفیو کے خاتمے کا اعلان کیا۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس عرصے میں اپنے ہم وطنوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اداروں اور افراد نے بہت قربانیاں دی ہیں، اب ہم ان قربانیوں کا صلہ دیکھنے جارہے ہیں۔

    کویت نے اس سے قبل 20 اپریل سے ملک بھر میں 16 گھنٹے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں اس کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا تھا البتہ اس دوران شام 4 سے رات 8 بجے تک چند محکموں اور اداروں کو کام کرنے کی اجازت تھی۔

    فی الوقت کویت میں کرونا وائرس کے 84 ہزار 636 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 76 ہزار 650 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کویت میں کرونا وائرس سے 530 اموات ہوچکی ہیں۔

  • کویتی حکومت کی ایئرپورٹ آنے والے مسافروں کو اہم ہدایات

    کویتی حکومت کی ایئرپورٹ آنے والے مسافروں کو اہم ہدایات

    کویتی سول ایوی ایشن نے کویت انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر مسافروں کے ساتھ آنے والوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ مسافروں کے علاوہ  کسی کوایئرپورٹ آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    کویتی اخبار ’الرائی ‘ کے مطابق سول ایوی ایشن نے وزارت صحت کی جانب سے ہدایات پرعمل کرتے ہوئے کورونا بچاؤ کی تدابیر کے تحت ہوائی اڈے پر سماجی فاصلے کے اصول کو یقینی بنانے کےلیے غیر ضروری افراد کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پر سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کےلیے مسافر کو لینے اور رخصت کرنے کےلیے آنے والوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    پابندی کا فیصلہ ایئر پورٹ کی عمارت میں ہونے والے ازدحام کو ختم کرنا ہے جو غیرضروری افراد کی وجہ سے ہوتا ہے جس کے سبب کورونا بچاو کے لیے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہو جاتا ہے۔

    ایئر پر غیر معمولی ازدحام کو ختم کرنے اور لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کےلیے حکام کی جانب سے ہوائی اڈے پر مسافروں کے علاوہ دوسروں کے جانے پر پابندی عائد کی ہے۔

  • کورونا وائرس : کویتی حکومت کا اہم فیصلہ

    کورونا وائرس : کویتی حکومت کا اہم فیصلہ

    کویت سٹی : کویتی محکمہ شہری ہوابازی نے افغانستان سے آنے والی کمرشل پروازوں پر تاہدایت ثانی پابندی لگادی ہے، یہ پابندی نئے کورونا وائرس کے تناظر میں لگائی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق کویتی محکمہ شہری ہوابازی نے افغانستان سے آنے والی پروازوں پر پابندی کا سبب نہیں بتایا تاہم مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نئے کورونا وائرس کی وبا کا خطرہ بڑھ جانے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

    کویت نے افغانستان کو کووڈ 19 کے حوالے سے ممنوعہ ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ یاد رہے کہ کویت نے 31 ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگائی ہے۔ ان میں مصر، لبنان، عراق اور ایران شامل ہیں، یہ وہ ممالک ہیں جہاں کووڈ 19 کے نئے مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

    دریں اثنا کویت میں پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا کے 432 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، متاثرین کی تعداد بڑھ کر80 ہزار 960ہوگئی۔

    کویتی خبر رساں ایجنسی کونا نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا پچھلے چوبیس گھنٹے میں 618 افراد صحت یاب ہوئے۔ شفا یاب ہونے والوں کی تعداد 72 ہزار 925 ہوگئی۔

    بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ روز کورونا سے تین اموات ہوئی ہیں۔ وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 518 ہوگئی ہے، کویت میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد 7 ہزار 517 ہے جس میں 99 انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کویت میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران تین ہزار سے زیادہ کورونا وائرس ٹیسٹ کیے گئے ہیں، اب تک مجموعی طور پانچ لاکھ 90 ہزار 623ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔