Tag: Kuwait

کویت اردو نیوز

Kuwait News Urdu

کویت سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

 

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

  • کویت کے ساتھ لیبر سے متعلق معاہدوں کی خوش خبری

    کویت کے ساتھ لیبر سے متعلق معاہدوں کی خوش خبری

    اسلام آباد: بیرون ملک نوکریاں تلاش کرنے والوں کے لیے خوش خبری کے طور پر معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ کویت کے ساتھ لیبر معاہدے کیے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں بات چیت کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے کوئی پاکستانی بطور لیبر کویت نہیں گیا، اب کویت کے ساتھ بھی لیبر سے متعلق معاہدے ہو رہے ہیں، لیبر کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ بھی پاکستان کے معاہدے ہو رہے ہیں۔

    انھوں نے ایک اور خوش خبری دی کہ جو لوگ یو اے ای سے واپس آئے ہیں، انھیں بھی اب آہستہ آہستہ یو اے ای واپس بلا لیا جائے گا، یو اے ای حکام کی کوشش ہے کہ لوگوں کو آہستہ آہستہ واپس بلایا جائے، اس سلسلے میں کرونا میں کمی کے بعد یو اے ای حکام نے سب سے پہلے مجھے طلب کیا۔

    زلفی بخاری نے کہا کرونا وبا کے دوران بیرون ملک سے 4 لاکھ پاکستانی واپس آئے ہیں، ان میں سے 2 لاکھ تو طلبہ تھے، 50 ہزار بیرون ملک سے ایسے پاکستانی آئے جن کو چھٹیاں دی گئیں، اب کوشش ہے کہ جن پاکستانیوں کو چھٹیاں دی گئیں انھیں واپس بلایا جائے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بھی معاہدے کیے جا رہے ہیں، سرمایہ کاری میں درپیش مسائل ختم کیے جا رہے ہیں، ایف بی آر کی جانب سے جو مسائل تھے انھیں بھی دور کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا ہم اوورسیز کے بینک اکاؤنٹس کھولنا چاہتے ہیں جو بڑی کامیابی ہوگی، اس سلسلے میں ڈیجیٹل اوورسیز بینکنگ کا آئندہ ماہ افتتاح ہوگا، جس کے ذریعے اوورسیز پاکستانی بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں، بلز دے سکتے ہیں، سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

    زلفی بخاری نے بتایا کہ پنشن 5 ہزار 200 روپے سے بڑھا کر ساڑھے 8 ہزار کر دی گئی ہے، ان شاء اللہ پنشن کو 15 ہزار روپے تک لے کر جائیں گے، یہ کوشش بھی کر رہے ہیں کہ تمام پنشنرز کو قانونی دائرہ کار میں لے آئیں۔

  • کویت : حساس ادارے کے ڈائریکٹر سمیت سات افسران معطل

    کویت : حساس ادارے کے ڈائریکٹر سمیت سات افسران معطل

    کویت سٹی : کویتی حکومت نے حساس معلومات افشا کرنے کے الزام پر ڈائریکٹر جنرل سیکورٹی ایجنسی سمیت سات افسران کو عہدے سے معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ انس الصالح نے ڈائریکٹر جنرل سیکورٹی ایجنسی سمیت سات افسران کو ان کے عہدوں سے معطل کردیاہے ۔

    یہ فیصلہ انہوں نے گذشتہ سال 2018 میں ہونے والی ایک ریکارڈنگ کو لیک کرنے کے الزام میں کیا، تحقیقتاتی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ان افراد کیخلاف کاروائی کی گئی۔

    اس حوالے سے انس الصالح نے مزید کارروائی کیلئے رپورٹ پبلک پراسیکیوشن کو بھی ارسال کردی ہے۔

  • کورونا وائرس : کویتی حکومت کا بڑا فیصلہ

    کورونا وائرس : کویتی حکومت کا بڑا فیصلہ

    کویت سٹی : کورونا وائرس کی شدت می کمی کے پیش نظر کویتی حکومت نے پورے ملک میں کرفیو کے خاتمے کا اعلان کردیا، تاہم احتیاطی تدابیر اور اور دیگر پابندیاں برقرار رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی مرکزی کابینہ نے کورونا وائرس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں نافذ کیے جانے والے کرفیو کو ہٹانے کا اعلان کردیا ہے، کابینہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ30 اگست سے ملک کے تمام حصوں سے کرفیو ختم کردیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے کویتی حکومت کے ترجمان طارق المیزرم کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرفیو کے خاتمے کے باوجود کرونا وائرس کے حوالے سے پابندیاں برقرار رہیں گی۔

    ترجمان کے مطابق جن تقاریب پر پابندی ہے ان میں شادی بیاہ کے اجماعات، کسی شخصیت کے اعزاز میں تقریب برسی ی اسالگرہ کے اجتماعات بدستور منعقد نہیں کیے جا سکیں گے۔

  • کویت میں ملازمت کرنے والے تارکین وطن کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت میں ملازمت کرنے والے تارکین وطن کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں بھی کویتائزیشن کا عمل شروع کردیا گیا، سرکاری محکموں میں کام کرنے والے 50 فیصد غیر ملکیوں کو آئندہ 3 ماہ کے اندر فارغ کردیا جائے گا۔

    کویتی اخبار کے مطابق کویت کی سرکاری وزارتوں میں سب کنٹریکٹرز کے ساتھ کام کرنے والے 50 فیصد غیر ملکیوں کو آئندہ 3 ماہ میں فارغ کردیا جائے گا، بیشتر سرکاری وزارتیں اپنی لیبر فورس میں کویتائزیشن پہلے ہی شروع کر چکی ہیں۔

    اس پالیسی کا مقصد غیر ملکیوں کی جگہ سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے کویتوں کی تعداد کو مرحلہ وار بڑھانا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ہنر مند افرادی قوت اور وہ تارکین جن کے پاس مطلوبہ مہارت کے معاہدے ہیں وہ بھی نئی پالیسی سے مستثنیٰ نہیں لیکن کام کے معیار کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے تارکین کو کویتی باشندوں کی دستیابی پر مرحلہ وار فارغ کیا جائے گا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وزارتوں میں سب کنٹریکٹرز کے سااتھ کام کرنے والے بیشتر تارکین وطن پہلے ہی دوسری جگہ چلے گئے ہیں۔

    پارلیمانی ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ کمیٹی کے سربراہ اور کویتی ممبر پارلیمنٹ خلیل الصالح کا کہنا ہے کہ ڈیمو گرافک مسئلے کو حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں، اگلے ہفتے ایک اجلاس ہوگا جس میں نئی پالیسی سے متعلق ڈیٹا اور اعداد و شمار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    رکن پارلیمنٹ نے سول سروسز کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام تارکین وطن کے معاہدوں کو ختم کردے اور 100 فیصد افرادی قوت کی کویتائزیشن کی جائے۔

    خیال رہے کہ اس وقت کویت میں 30 لاکھ سے زائد تارکین وطن مقیم ہیں۔

    عرب نیوز میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے منفی اثرات کے باعث کویت میں موجود کمپنیوں نے معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے اخراجات کم کرنے کی غرض سے غیر ملکی کارکنان کو نکالنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق توقع ہے کہ سنہ 2020 کے آخر تک 15 لاکھ کے قریب غیر ملکی کارکنان کویت سے نکل جائیں گے۔

  • کویتی حکومت کا غیر ملکی افراد کی سہولت کیلئے اہم اقدام

    کویتی حکومت کا غیر ملکی افراد کی سہولت کیلئے اہم اقدام

    کویت سٹی : کویت میں ایک قانون تیار جارہا ہے جس کے تحت کچھ غیر ملکیوں کو ملک میں کام جاری رکھنے کی اجازت دی جائے گی، مالکان کو کوٹہ سے زیادہ غیر ملکیوں کو ملازمت دینے سے منع کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس قانون کے تحت گھریلو ملازمین، جی سی سی ممالک کے افراد، گورنمنٹ  کنٹریکٹ ورکرز، سفارت کار اور کویتی شہریوں کے عزیزو اقارب کو کوٹہ سسٹم سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔

    اس قانون کا مقصد کویت کی آبادی میں توازن پیدا کرنا ہے، اس کے تحت مالکان کو کوٹہ سے زیادہ غیر ملکیوں کو ملازمت دینے
    سے منع کر دیا گیا ہے۔

    مختص کیے گئے کوٹے سے تجاوز کریں گے انہیں دس سال جیل اور تین لاکھ 26 ہزار اور819 ڈالر تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔
    نئی تجویز کے تحت بھارتی شہری آبادی کے 15 فیصد سے تجاوز نہیں کرنے چاہئیں۔

    سری لنکن، فلپائنی اور مصری شہری 10 فیصد سے زیادہ نہیں ہونے چاہیں، جبکہ بنگلہ دیشی، پاکستانی، نیپالی اور ویت نامی شہری پانچ فیصد سے زیادہ نہیں ہونے چاہیں۔

    دیگر ممالک کے شہری تین فیصد سے زیادہ نہیں ہونے چاہئیں، اس قانون کا ڈرافٹ منظوری کے لیے کویت کی ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ کمیٹی کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔

    کمیٹی نے کہا ہے کہ قانون کے نفاذ کے بعد کوٹے سے تجاوز کرنے والے غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کا نہیں کہا جائے گا لیکن
    مختلف صنعتوں کے مقررہ ٹارگٹ حاصل کرنے تک بیرون ملک سے بھرتی روک دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ کویت میں گزشتہ دو برسوں کے دوران بھی غیر مُلکی ملازمین کی جگہ مقامی افراد کو بھرتی کرنے کی خاطر چار  ہزار 640 غیر مُلکی ملازمین کی نوکریاں ختم کر دی گئیں جبکہ 1500 کویتی نوجوانوں کو بینکوں میں بھرتی کرنے کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔

    گزشتہ سال کویتی حکومت کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں ہزاروں غیر مْلکیوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔

    2019ء میں بھی 6 ہزار سے زائد تارکین وطن کو کویت سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ یہ افراد غیر قانونی طور پر کویت میں مقیم تھے۔ ان ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں پاکستانی بھی سینکڑوں کی گنتی میں شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والے افراد قانون محنت اور قانونِ رہائش کی خلا ف ورزی کے مرتکب پائے گئے جب کہ معمولی جرائم میں ملوث بہت سے افراد بھی ڈی پورٹ کیے گئے۔

  • کویت : منی لانڈرنگ، ٹک ٹاک اسٹارز کی شامت آگئی، حکومت نے ایکشن لے لیا

    کویت : منی لانڈرنگ، ٹک ٹاک اسٹارز کی شامت آگئی، حکومت نے ایکشن لے لیا

    کویت سٹی : کویت میں پبلک پراسیکیوٹر نے بینک بیلنس حد سے زیادہ بڑھ جانے پر دس معروف سوشل میڈیا سٹارز کے اکاونٹس منجمد کردیے۔

    کویتی پبلک پراسیکیوٹر ضرار العسعوسی نے سوشل میڈیا کی دس معروف شخصیات کے اثاثے منجمد کردیے اور ان کے سفر پر پابندی لگادی۔

    کویتی جریدے کے مطابق پبلک پراسیکیوٹر نے یہ فیصلہ سوشل میڈیا سٹارز کے خلاف مالیاتی امور کے سراغرساں ادارے کی اس رپورٹ کی بنیاد پر کیا ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ ان کے بینک اکاؤنٹ کے بیلنس حیران کن حد تک بڑھ گئے ہیں۔

    پبلک پراسیکیوشن نے گزشتہ ہفتے یہ معاملہ ریاستی سلامتی کے ادارے کے حوالے کیا تھا۔ جس سے کہا گیا تھا کہ وہ سوشل میڈیا کی معروف شخصیتوں کے اثاثوں کا پتہ لگائے اور اس بات کا ثبوت حاصل کرے کہ ان کے پاس اتنی بری رقم کہاں سے کہاں سے آئی ہے، سوشل میڈیا کی ان شخصیات منی لانڈرنگ کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    مزید پڑھیں : ٹک ٹاک اسٹار کو کرتب دکھانا مہنگا پڑ گیا، ویڈیو وائرل

    چین میں واقعہ فیروزن جھیل میں ٹک اسٹار نے ویڈیو بنانے کی تھانی تو اسے لینے کے دینے پڑ گئے، ٹک ٹاک اسٹار خوش قسمتی سے موت کے منہ سے واپس آگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ برف سے ڈھکی جھیل میں ایک جگہ سے جیسن کلارک اندر کی جانب چلے جاتے ہیں اور دوسرا شخص ویڈیو بنانے میں مصروف ہیں لیکن وہ تیرتے ہوئے راستہ بھٹک جاتے ہیں جس کے سبب ان کی مشکلات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

  • کویتی حکومت کا تارکین وطن کی سہولت کیلئے اہم فیصلہ

    کویتی حکومت کا تارکین وطن کی سہولت کیلئے اہم فیصلہ

    کویت سٹی : کورونا بحران کے آغاز سے اب تک ایسے 70 ہزار ایسے غیرملکی ریکارڈ پر آئے ہیں جن کے کویتی اقامے ختم ہوگئے ہیں۔ کویتی وزارت داخلہ نے ایسے تارکین وطن کا مسئلہ ٹھوس بنیادوں پر حل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا۔

    کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق آئندہ ہفتے کویت کی وزارت داخلہ کے اعلی افسران بیرون کویت موجود 70 ہزار غیرملکیوں کے معاملات کا ہر پہلو سے جائزہ لیں گے۔

    اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ کے حکام تارکین وطن کی کویت واپسی سے متعلق اہم فیصلے کریں گے۔ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ زائد المیعاد اقامے والے 70 ہزار غیرملکیوں کو متعدد زمروں میں تقسیم کر دیا گیا ہے- ہر زمرے میں شامل تارکین کے معاملات الگ الگ بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

    کویتی وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جن غیرملکیوں کی کویت واپسی کا فیصلہ ہوگا ان کے لیے وزٹ ویزے جاری ہوں گے- ان ویزوں پر وہ کویت واپس آئیں گے.

    کویت پہنچ کر ان کے وزٹ ویزے سابقہ ریزیڈنٹ پرمٹ میں تبدیل کردیے جائیں گے۔ کویتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان 70 ہزار افراد میں سے 3 زمروں میں شامل غیرملکیوں کی بابت طے کیا جا رہا ہے کہ انہیں واپسی کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایسے غیرملکی کارکن جن کی عمریں 60 برس سے زیادہ ہوچکی ہیں۔

    ایسے غیرملکی کارکن جن کے اقامے فرضی کمپنیوں کے ہیں اور یہ کارکن ان کمپنیوں کے حقیقی ملازم نہیں ہیں۔
    وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاں گھریلو عملے کا تعلق ہے تو ان کی کویت واپسی یا عدم واپسی کا فیصلہ سکیورٹی ریکارڈ اور عمر کی بنیاد پر کیا جائے گا-

    اگر کسی گھریلو ملازم کی عمر 60 برس سے اوپر ہوچکی ہوگی تو اس کے کفیل سے کہا جائے گا کہ وہ اس کی جگہ کوئی کم عمر ملازم لائے جبکہ گھریلو عملے میں سے کسی ایسے شخص کو جس کا سکیورٹی ریکارڈ خراب ہوگا اور اس کا اقامہ بیرون کویت ختم ہوچکا ہوگا اسے واپسی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    بیرون کویت رہتے ہوئے زائد المیعاد اقامے کے مسئلے سے دوچار تارکین کے مالی حقوق کی بابت کویتی وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے جن لوگوں کے کویت نہ آنے کا فیصلہ کر لیا جائے گا افرادی قوت کا محکمہ ان کے حقوق ان کی کمپنی سے وصول کرکے انہیں بھجوائے گا- اس کی کارروائی کے لیے محکمہ ای پلیٹ فارم پر درخواستیں طلب کرے گا۔

  • کرونا بحران: کویتی باشندوں کی مدد کے لیے خصوصی ایپ جاری

    کرونا بحران: کویتی باشندوں کی مدد کے لیے خصوصی ایپ جاری

    کویت: وزارتِ اقتصادی امور کی جانب سے کرونا بحران سے متاثر ہونے والے شہریوں کی مدد کے لیے ایک خصوصی ایپ جاری کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی وزیر سماجی امور اور وزیر مملکت برائے اقتصادی امور مریم العقیل نے کرونا بحران سے متاثر شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے اسپیشل ایپ ’کویتیون بلا رواتب‘ جاری کی ہے۔

    مریم العقیل کا کہنا تھا کہ اس خصوصی ایپ کے ذریعے کویت میں نادار شہریوں کی مدد کی جائے گی، ’کویتیون بلا رواتب‘ سے مراد ایسے کویتی ہیں جنھیں تنخواہ نہیں مل رہی ہے۔

    خصوصی ایپ پر کرونا بحران سے متاثر ہونے والے نادار کویتیوں کی درخواستوں کی وصولی شروع کر دی گئی ہے۔

    اس سے قبل کویتی وزیر مریم العقیل نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کویتی حکومت جلد ہی کرونا وبا سے متاثر ہونے والے ہر کویتی شہری کو ای پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔

    کویتی خبر رساں ادارے کے مطابق مریم العقیل نے کہا ہے کہ کویتی شہریوں کی درخواستوں کی جانچ کی جائے گی، جن کے پاس آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ہوگا ان کی مالی اعانت کی جائے گی، کویتی حکومت کی جانب سے ایسے افراد کے معاشی مسائل حل کیے جائیں گے۔

    یہ کہا جا رہا ہے کہ کویت کرونا بحران سے متاثر اپنے نادار شہریوں کے مسائل سائنسی انداز میں انسانی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرنے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔

  • کویت میں تاریخ رقم، 8 خواتین جج کے منصب پر فائز

    کویت میں تاریخ رقم، 8 خواتین جج کے منصب پر فائز

    کویت سٹی: کویت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 8 خواتین جج بننے جارہی ہیں، کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق علی الغانم کا کہنا ہے کہ فیصلے کی بدولت کویتی خواتین ترقی کے عمل میں مزید آگے بڑھیں گی۔

    عرب میڈیا کے مطابق کویت کے پبلک پراسیکیوٹر ضرار العسعوسی نے 8 خواتین کو پراسیکیوشن سے ترقی دے کر جج کے منصب پر فائز کیا ہے، اب یہ خواتین اعلیٰ عدالتی کونسل سے اس کی منظوری کی منتظر ہیں۔

    کویت خلیجی ممالک میں چوتھا ملک ہے جہاں خواتین جج کے منصب پر فائز کی جارہی ہیں، عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کویت کی اعلیٰ عدالتی کونسل کا اجلاس منگل کو ہوگا جس میں خواتین کو جج بنائے جانے کے فیصلے کی منظوری دی جائے گی، یہ خواتین ستمبر کے شروع سے بحیثیت جج کام کرنا شروع کردیں گی۔

    کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق علی الغانم نے کہا ہے کہ جج کے منصب پر کویتی خواتین کے تقرر کے فیصلے کا انتظار تھا، اس کی بدولت کویتی خواتین ترقی کے عمل میں مزید آگے بڑھیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ خواتین تمام میدانوں اور شعبوں میں برسہا برس سے اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں۔

    جج مقرر کی جانے والی 8 خواتین میں فاطمہ عبد المنعیم عطیہ، فاطمہ فیصل الکندری، فاطمہ یعقوب الفرحان، سنابل بدر الحوطی، بشائر عبدالجلیل علی، بشائر صالح الرقدان، راوی عسام الطبطبائی اور لولوۃ ابراہیم الغانم شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ کویت خلیجی ممالک میں پہلا نہیں جو عدلیہ میں خواتین کی تقرری کر رہا ہے، اس سے قبل امارات، قطر اور بحرین بھی اپنے یہاں عدلیہ میں خواتین کی تقرریاں کر چکے ہیں۔

  • کویت: فرنٹ لائن ورکرز کے لیے مفت فضائی ٹکٹس

    کویت: فرنٹ لائن ورکرز کے لیے مفت فضائی ٹکٹس

    کویت سٹی: کویت کی فضائی کمپنی جزیرہ ایئر ویز کرونا وائرس کے خلاف صف اول پر لڑنے والوں والے فرنٹ لائن ورکرز کو 50 ہزار مفت فضائی ٹکٹس دے گی۔

    کویتی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق کویت کی فضائی کمپنی جزیرہ ایئر ویز کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے مسلسل کوشش کرنے والوں کو تحفے کے طور پر کویت بھر میں 50 ہزار مفت ایئر ٹکٹس دے گی۔

    فضائی کمپنی کے چیئرمین مروان بودئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہمیں امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عمل پیرا ہونے پر فخر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ساتھی فرنٹ لائن ورکرز کو اس وبا کے خلاف لڑ کر اپنے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کو ترجیح دینے کی کوششوں پر انعام دے رہے ہیں۔

    یہ ٹکٹس 2021 کے آخر تک قابل استعمال رہیں گے اور فضائی کمپنی کی جہاں جہاں پروازیں جاتی ہیں ان میں سے کسی بھی مقام تک کا فضائی سفر کیا جا سکے تھا۔

    ٹکٹس کی فراہمی کے لیے لوگوں کو نامزد کیا جائے گا اور حکومت ان کی منظوری دے گی۔