Tag: Kuwait

کویت اردو نیوز

Kuwait News Urdu

کویت سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

 

Kuwait is a middle-eastern country with Pakistani expats

  • کویت : ہزاروں غیرملکیوں کی ملازمتیں خطرے میں کیوں پڑگئیں؟

    کویت : ہزاروں غیرملکیوں کی ملازمتیں خطرے میں کیوں پڑگئیں؟

    کویت سے یومیہ بنیادوں پر فلپائنی باشندوں کی واپسی دیگر ممالک کے تارکین وطن کو سوچنے پر مجبور کررہی ہے جس کی بڑی وجہ فلپائنی حکام کے حالیہ اقدامات ہیں۔

    فلپائن کے سرکاری اہلکار ہانس کیڈاک، ایڈمنسٹریٹر فلپائن اوورسیز ایمپلائمنٹ ایڈمنسٹریشن نے انکشاف کیا ہے کہ فلپائنی کارکنان کو کویت بھیجنے کی معطلی کی وجہ سے فلپائن سے خواتین ورکرز کے لیے تقریباً 47ہزار ملازمت کے مواقع ختم ہوجائیں گے۔

    تنظیم کی سربراہ جوانا کنسیپشن نے بتایا کہ فلپائن کے محکمہ اوورسیز لیبر کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2022 کے دوران کویت میں فلپائنی باشندوں کے خلاف بدسلوکی کے 24ہزار واقعات ہوئے جو کہ 2016 میں ساڑھے6 ہزار تھے۔

    ہانس کیڈاک نے کہا کہ پہلی بار کویت جانے والے فلپائنی ورکرز سب سے زیادہ کمزور ہوتے ہیں جنہیں کویت میں سکونت اختیار کرنے کیلئے دشواری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس لیے ہم ان کی فلاح و بہبود کو بہت احتیاط سے دیکھ رہے ہیں۔

    روزنامہ الرائی کی رپورٹ کے مطابق فلپائن کی وزارت تجارت اور صنعت نے اعلان کیا ہے کہ غذائی برآمد کنندگان کا ایک وفد 13 اور 14 فروری کو کویت کا دورہ کرے گا جو خلیجی دورے کے ایک حصے کے طور پر 25 فروری تک جاری رہے گا۔

    مزید پڑھیں: کویت کا فلپائن کی جگہ دوسرے ملک سے ملازمین بلانے کا فیصلہ

    فلپائن کی مائیگرنٹ انٹرنیشنل تنظیم نے ملک کی حکومت سے کویت اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں مشکل حالات کا سامنا کرنے والوں کے لیے قانونی، طبی اور مالی مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • کویت کا فلپائن کی جگہ دوسرے ملک سے ملازمین بلانے کا فیصلہ

    کویت کا فلپائن کی جگہ دوسرے ملک سے ملازمین بلانے کا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت نے فلپائن کی جگہ سری لنکا سے ملازمین بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت نے فلپائنی گھریلو ملازمین کا متبادل ڈھونڈ لیا ہے، کویت سری لنکا سے ملازمین کو لا کر فلپائن کے ساتھ گھریلو ملازمین کے بحران کو دور کرنا چاہتا ہے۔

    روزنامہ القبس کے مطابق یہ اعلان کویت میں گھریلو مزدوروں کی بھرتی کے دفاتر کی جانب سے کیا گیا ہے، سری لنکا کے ساتھ معاہدے تقریباً 200 دینار کم ہیں اور کویت پہنچنے کی رفتار بھی تیز ہے۔

    روزانہ دو سے تین فلپائنی ملک چھوڑ رہے ہیں، جس پر بھرتی دفاتر کے مالکان نے کہا ہے کہ وہ ایک متبادل فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو موجود خلا کو پر کر سکے۔

    واضح رہے کہ فلپائن نے اپنے کارکنوں کو کویت بھیجنا عارضی طور پر معطل کر دیا ہے، جس کی وجہ سے کویت اب متبادل کی طرف جانا چاہتا ہے۔

    گھریلو مزدوروں کی الدرہ کمپنی نے بھی بتایا کہ سری لنکا سے خواتین کارکنوں کی ایک نئی کھیپ پہلے سے اعلان کردہ قیمتوں پر پہنچ رہی ہے، جو 650 دینار ہیں، جس میں ٹکٹ شامل نہیں۔

  • کویت: تنخواہیں وقت پر نہ دینے والی کمپنیوں سے متعلق سخت فیصلہ

    کویت: تنخواہیں وقت پر نہ دینے والی کمپنیوں سے متعلق سخت فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں تنخواہیں وقت پر نہ دینے والی کمپنیوں سے متعلق سخت فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے وقت پر تنخواہیں نہ دینے والی کمپنیوں کی رجسٹریشن خودکار طریقے سے معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔

    جو کمپنیاں پابندی سے اپنے ورکرز کی تنخواہیں وقت پر منتقل نہیں کرتیں، ان کی فائلیں خود کار طور پر معطل ہو جائیں گی۔

    محکمے کے اعلامیے کے مطابق اگر مقررہ تاریخ کے بعد سات دن کے اندر اندر تنخواہیں منتقل نہیں کی گئیں تو کمپنیاں معطلی کا سامنا کریں گی، معطل شدہ کمپنیوں کے ملازمین کے اقامے کی تجدید یا دوسرے آجر کو اقامہ منتقلی بھی کی جا سکتی ہے۔

    محکمے کے مطابق اس صورت میں ملازم رہائشی قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار نہیں پائیں گے۔

    یہ معطلی کارکنوں کے حق میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکامی کی وجہ سے ایک تعزیری اقدام ہے، اس لیے معطل ہونے کے بعد خلاف ورزی کرنے والے آجر کو دوبارہ ملازمت یا نئے ورک پرمٹ جاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    اتھارٹی نے نے جمعرات کو بتایا کہ کمپنیوں کی فائلوں کی خودکار طور پر معطلی کا فیصلہ کرونا بحران کے دوران 19 مارچ 2020 سے کیا گیا تھا، تاکہ کاروباری مالکان اور کارکنوں پر اس وبا کے منفی اثرات کو دور کیا جا سکے۔

  • حاملہ ملازمہ کا زیادتی کے بعد قتل، لاش آبائی علاقے پہنچا دی گئی

    کویت سٹی: کویت میں حاملہ ملازمہ کے زیادتی کے بعد اندوہناک قتل پر فلپائن میں صدمے کی لہر دوڑ گئی، ملازمہ کی باقیات آبائی علاقے پہنچا دی گئیں۔

    اردو نیوز کے مطابق کویت میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے والی فلپائنی خاتون 35 سالہ جولی بی رانارا کی باقیات گزشتہ روز جمعہ کو کویت سے واپس وطن پہنچنے پر ملازمہ کے علاقے میں سوگ کی کیفیت ہے۔

    فلپائنی خواتین زیادہ تر بیرون ملک گھریلو خدمت گار کے طور پر ملازمت کرتی ہیں جن میں سے جولی بی رانارا ایک تھی، فلپائنی خاتون کی جلی ہوئی باقیات گزشتہ اتوار کو کویت کے صحرائی علاقے سے ملی تھیں۔

    فلپائنی ملازمہ حاملہ تھی اور اس کے ساتھ زیادتی کی گئی، بعد ازاں اسے قتل کر کے لاش جلا دی گئی تھی۔

    کویت میں ملازمہ کے اندوہناک قتل پر فلپائن میں صدمے کی لہر ہے جبکہ کویتی پولیس نے ملازمہ کے آجر کے 17 سالہ بیٹے کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

    دوسری جانب فلپائن کی مائیگرنٹ ورکرز کی سیکریٹری سوزن اوپل نے نیشنل بیورو آف انویسٹی گیشن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے تک جولی بی رانارہ کی موت کی وجوہ پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

    واضح رہے کہ ملازمہ کی موت کی وجہ اور اس کے محرکات کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں جس کے پیش نظر جولی کے خاندان نے جمعہ کو ایک میڈیا بریفنگ میں پوسٹ مارٹم کی درخواست کی ہے۔

    سوزن اوپل نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ کویتی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو حراست میں لیا اور معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیق کی جا رہی ہے۔

    فلپائن میں کویت کے سفیر مصعد صالح التھویخ نے گزشتہ روز کہا کہ کویتی معاشرہ بھی اس واقعے سے صدمے میں ہے اور غمزدہ ہے۔

    سفیر نے فلپائن کی مائیگرنٹ ورکرز کی سیکریٹری سوزن اوپل کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ ہم اس سلسلے میں مسز جولی بی رانارا کے خاندان کے لیے انصاف کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھیں گے۔

  • حاملہ ملازمہ کا زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل

    حاملہ ملازمہ کا زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل

    کویت سٹی: کویت میں فلپائن سے تعلق رکھنے والی حاملہ ملازمہ کو زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کردیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اردو نیوز کے مطابق کویت میں فلپائن کی ملازمہ کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، ملزم نے واردات کے ثبوت مٹانے کے لیے لاش جلا دی۔

    کویتی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں فلپائنی ملازمہ کے قتل کا معمہ حل کرلیا گیا اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا، قانونی تقاضے پورے کر کے اس سے قتل کے محرکات کے حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

    پولیس کو فلپائنی ملازمہ کی لاش السالمی روڈ پر ملی تھی، اس کے سر پر ضرب لگی تھی، اہلکاروں نے شواہد اکھٹے اور فنگر پرنٹس حاصل کرلیے۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملازمہ کا تعلق فلپائن سے ہے اور اس کے خلاف ہروب کا کیس درج تھا۔

    سیکیورٹی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ملزم کویتی شہری ہے اور اس نے اقبال جرم کرلیا ہے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق فلپائنی ملازمہ حاملہ تھی، ملزم اور جنین کا ڈی این اے کیا جارہا ہے۔

  • کویت میں ‌’’ای فلائی‘‘ اسکوٹرز متعارف

    مختلف ممالک میں اب تک برقی اسکوٹر کے کئی ماڈل سامنے آچکے ہیں، جس کی لمبائی اور چوڑائی بہت مختصر اور وزن بھی بہت ہلکا ہوتا ہے جسے باآسانی ہاتھ سے اٹھا کر بھی لے جایا جاسکتا ہے۔

    ای اسکوٹر پر سوار ہونے والا اس پر ایک وقت میں ایک ہی پاؤں رکھ سکتا ہے اور سوار کو اپنا دوسرا پاؤں پیچھے رکھنا پڑتا ہے۔

    اب کویت میں بھی ایک نیا ماحول دوست “ای فلائی” الیکٹرک اسکوٹر متعارف کرایا گیا ہے جو بہت سے مسائل کو ختم کرنے یا انہیں کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

    جدید ترین اسکوٹی ایک چارج پر 15 کلومیٹر تک چلتی ہے اور اس کی قیمت 329 ڈالر رکھی گئی ہے (فوٹو: بشکریہ نیو اٹلس)

    اس کے علاوہ یہ ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں اور بسوں کے مقابلے میں دھویں کے اخراج کو نمایاں طور پر کم کرتا ہے، الیکٹرک اسکوٹرز فی الحال کویت کی مختلف مارکیٹوں میں دستیاب ہیں۔

    یہ آرام دہ اور سستی سواری عام شہریوں سمیت کالج اور یونورسٹیز جانے والے طلباء و طالبات کیلئے بھی بہترین سہولت ہے۔

    کویت کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ اسکوٹر میں اعلیٰ معیار کے پرزہ جات اور سواری کے تحفظ کا خاص خیال رکھا گیا ہے جو اس کے استحکام اور توازن کو یقینی بناتا ہے۔ اس کے پرزوں کو ری سائیکل اور ری چارج بھی کیا جاسکتا ہے۔

    اسکوٹر کی ایپلی کیشن کے ذریعے دستیاب نقشے کو دیکھ کر قریب ترین مقام پر “ای فلائی” حاصل کرنا ممکن ہے بشرطیکہ اس اسکوٹر کو استعمال کرنے والوں کی عمریں 18 سال یا اس سے زائد اور تربیت یافتہ ہوں۔

  • کویت : سونے کی خرید و فروخت کرنے والوں کے لئے بڑی خبر

    کویت : سونے کی خرید و فروخت کرنے والوں کے لئے بڑی خبر

    کویتی حکومت نے کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز سے پرانی اسٹیمپ کے ’لوگو‘ کے ساتھ سونے کے نمونوں کی تجارت پر پابندی عائد کی گئی تھی جس کا مقصد مارکیٹ کو اصولی قوانین کے مطابق منظم کرنا ہے۔

    یہ بات کویت کی وزارت تجارت اور صنعت کے قائم مقام انڈر سیکرٹری محمد العنیزی نے اپنے بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ 2021 میں جاری کیے گئے فیصلے میں اس مہینے کے آخر تک کی آخری تاریخ دی گئی تھی۔

    تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ اس تاریخ کے بعد پرانے اسٹیمپ کے لوگو والے ہر نمونے (سونے اور زیورات) پر یہ فیصلہ لاگو نہیں ہوتا اور وہ اپنی قیمت برقرار رکھیں گے۔

    العنیزی نے وضاحت کی کہ اس فیصلے کے تحت دکانوں کے مالکان کو یکم جنوری 2023 تک پرانے اسٹیمپ والے لوگو کو وزارت صنعت و تجارت کو نئی اسٹیمپ لگانے کے لئے دینا ہوگا جسے وزارت 2 سے 3 دن کے اندر اندر نئی اسٹیمپ لگا کر واپس کرے گی۔

    حکم نامے میں دکان مالکان کو یہ واضح طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ یکم جنوری کے بعد پرانے ڈاک ٹکٹ والے لوگو پر مشتمل کسی نمونے کو ڈسپلے نہ کیا جائے۔

    لائسنس یافتہ دکانوں کے مالکان کو 31 دسمبر کے بعد پرانے اسٹیمپ کے ساتھ کسی بھی مقدار میں سونا یا دیگر نمونے فروخت کرنے کا حق نہیں ہوگا۔

    اس حوالے سے باخبر ذرائع نے عندیہ دیا کہ اس فیصلے پر عمل درآمد سے مقامی گولڈ مارکیٹ میں اشیاء کی گردش پر پابندی لگ جائے گی جس کا تخمینہ تقریباً ایک ارب دینار ہے۔

    انہوں نے زور دے کر کہا کہ نوادرات کے لیے نئے ڈاک ٹکٹ کا اپنانا معمول کی بات ہے لیکن پرانے اسٹیمپ کے ساتھ مہر بند سونے کی تجارت کی ممانعت حیران کن ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وہ لاکھوں تولے سونا اور زیورات کو دوبارہ سیل کرنے کو اس کی مشکل کے علاوہ وقت طلب سمجھتے ہیں جس سے دکانوں کے کاروبار میں خلل پڑتا ہے اور انہیں بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

  • کویت : قانون کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکیوں کی شامت آگئی

    کویت : قانون کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکیوں کی شامت آگئی

    کویت میں پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ملکی و غیرملکی افراد کو پکڑلیا۔

    تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے اعلی حکام کی ہدایات پر خصوصی مہم کا آغاز کیا، جس کے تحت العارضیہ کے علاقے کو گھیرے میں لے کر اس کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے۔

    اس خصوصی مہم کے دوران بزرگوں اور خصوصی افراد کے ساتھ انسانی ہمدردی کے پیش نظر نرم رویہ اختیار کیا گیا جبکہ خلاف ورزی کرنے والے دیگر افراد کے خلاف ضروری اور قانونی اقدامات کیے گئے۔

    کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس مہم کے نتیجے میں 257 براہ راست خلاف ورزیاں جاری کی گئیں، نشہ آور اشیاء کی ضبطی کے علاوہ چار افراد غیر معمولی حالت میں پکڑے گئے، دو افراد مجرمانہ طور پر مطلوب تھے جنہیں 14 دن کی قید کی سزائیں سنائی گئیں۔

    کارروائی کے دوران جعل سازی کا زیر التواء مقدمات میں ملوث، کفیل سے بھاگ جانے والے، اقامہ کی خلاف ورزی کرنے والے دو دیگر افراد، منشیات کا عادی شخص جس کے قبضے میں منشیات کی گولیوں کی بھاری مقدار برآمد ہوئی گرفتار کرلیا گیا جبکہ دو مطلوبہ گاڑیاں بھی پکڑی گئیں۔

  • کویت میں ہیضے کا پہلا کیس سامنے آ گیا

    کویت میں ہیضے کا پہلا کیس سامنے آ گیا

    کویت سٹی: کویت میں ہیضے کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں پڑوسی ملک سے حال ہی میں واپس آنے والے ایک شہری میں ہیضے کے انفیکشن کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

    کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (کے یو این اے) نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ متاثرہ شہری کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے اور اس کا ایک اسپتال میں علاج بھی جاری ہے۔

    وزارت نے ایک بیان میں کویت میں ہیضے کے پھیلنے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے، تاہم وزارت کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر محفوظ پانی اور خوراک کے ذرائع سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق ہر سال پوری دنیا میں ہیضے کے 1.3 سے 4 ملین کے درمیان کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، جب کہ ہیضے کے انفیکشن سے ہر سال دنیا بھر میں 21 ہزار سے لے کر 143,000 کے درمیان اموات ہوتی ہیں۔

    عراق اور شام اس وقت ہیضے کی وبا کا شکار ہیں، رواں ماہ شام میں ہیضے کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1400 تک پہنچ گئی ہے۔

  • کویت: فیملی ویزوں کے جلد اجرا کا امکان

    کویت: فیملی ویزوں کے جلد اجرا کا امکان

    کویت سٹی: کویت میں فیملی ویزوں کے جلد اجرا کا امکان ہے، دوسری جانب امیگریشن اور پاسپورٹ کے محکموں نے ان والدین کی درخواستیں وصول کرنا شروع کردی ہیں جن کے 5 سال سے کم عمر بچے دیگر ممالک میں موجود ہیں۔

    کویت نیوز کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کویت کی وزارت داخلہ، جس کی نمائندگی ریزیڈنسی افیئر سیکٹر کرے گی، آئندہ چند دنوں میں فیملی ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کرنے کے لیے ہدایات جاری کرے گی۔

    انہوں نے اشارہ کیا کہ پہلے مرحلے میں بچوں کا احاطہ کیا جائے گا، جس کے بعد وزارت کی طرف سے طے کیے جانے والے معیار کی بنیاد پر، ملک میں بیویوں، ماؤں اور والد کو اپنے خاندانوں میں شامل ہونے کی اجازت دینے کا عمل آہستہ آہستہ شروع ہو جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسا قدم وزارت داخلہ کے فریم ورک کے اندر ایک مخصوص مدت کے لیے ویزوں کے اجرا کی معطلی کے بعد اٹھایا گیا ہے جس سے اس سلسلے میں مخصوص کنٹرول اور طریقہ کار طے کرنے کی خواہش ہے، اس سے مخصوص کنٹرول کے مطابق رہائشیوں کے اپنے خاندانوں کے ساتھ دوبارہ ملنے کے حقوق، آبادیاتی تبدیلی اور تحفظ کی کوششوں کو ہم آہنگ کیا جائے گا۔

    دوسری جانب کویت کی وزارت داخلہ کے امیگریشن اور پاسپورٹ امور کے محکموں نے آج سے 5 سال سے کم عمر کے بیرون ممالک پھنسے ہوئے غیر ملکی بچوں کے والدین کی جانب سے اپنے بچوں کو خاندان میں شامل کرنے کی درخواستیں وصول کرنا شروع کر دیں ہیں۔

    متعلقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر سے تمام امیگریشن محکموں کو ایسے آڈیٹرز ملنا شروع ہو جائیں گے جو اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو خاندان میں شامل کرنے کے لیے ویزا جاری کرنے کی شرائط پر پورا اترتے ہیں۔