Tag: Ladies Driving School

  • سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول

    سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول

    ریاض: سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کھول دیا گیا۔ اکیڈمی میں 100 فیصد عملہ سعودی شہریوں پر مشتمل ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی ریجن کے شہر الاحسا میں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کھولا گیا ہے۔

    اسکول کو ’ایسٹرن پراونس ڈرائیونگ اکیڈمی‘ کا نام دیا گیا ہے، اسکول کی افتتاحی تقریب میں گورنر شہزادہ سعود بن نائف اور الاحسا کے کمشنر شہزادہ بن جلوی موجود تھے۔

    ڈرائیونگ اکیڈمی کی عمارت 3 ہزار 500 مربع میٹر کے رقبے میں تعمیر کی گئی ہے جبکہ ٹریننگ کا میدان 50 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اکیڈمی کو 115 گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جبکہ 11 انٹرا ایکٹو سمیلیٹر مہیا کیے گئے ہیں۔ ان کی مدد سے مشرقی ریجن کی خواتین حقیقی ڈرائیونگ کا تجربہ کریں گی۔

    اکیڈمی میں پانچ اسمارٹ کلاسیں کھولی گئی ہیں۔ ایک کلینک، انٹرنیٹ کے ذریعے امتحان کا کمرہ، کانفرنس ہال اور رابطہ مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔

    الاحسا میں قائم کی جانے والی اس لیڈیز ڈرائیونگ اکیڈمی کو ایک اعزاز یہ بھی حاصل ہے کہ یہاں 100 فیصد عملہ سعودی شہریوں پر مشتمل ہے۔ اس کی سرپرستی آرامکو کمپنی کر رہی ہے۔

    آرامکو کے چیئرمین انجینیئر امین الناصر کا کہنا ہے کہ خادم حرمین شریفین نے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت کا تاریخی فرمان جاری کر کے لاکھوں سعودی خواتین اور لڑکیوں کے لیے ترقی کے امکانات روشن کردیے۔

    ان کے مطابق اس کی بدولت یہ خواتین اپنے قدموں پر کھڑی ہو رہی ہیں۔ اس فیصلے کا سعودی معیشت، ترقی اور کاروبار کے ماحول پر بڑا خوشگوار اثر مرتب ہو رہا ہے۔

  • مکہ مکرمہ میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام کا فیصلہ

    مکہ مکرمہ میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام کا فیصلہ

    ریاض: سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں مقیم خواتین کا مطالبہ پورا کرتے ہوئے لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے منصوبے پر غور شروع کردیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے، ابھی تک اس حوالے سے کوئی سرمایہ کار سامنے نہیں آیا۔

    ذرائع کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر ٹریفک پولیس کرنل فواز الحازمی نے لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے حوالے سے پراپرٹی سیکٹر میں کام کرنے والی ایک نجی کمپنی کے صدر دفتر کا دورہ اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ریجنل ڈائریکٹر ٹریفک پولیس اور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے مابین خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام اور فراہم کی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے غور کیا گیا اور اس حوالے سے اہم پیشرفت بھی کی گئی۔

    متوقع ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے حوالے سے تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا، توقع ہے منصوبے پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد مکہ مکرمہ میں مقیم خواتین کا مطالبہ ہے کہ انہیں ڈرائیونگ سکول کی اشد ضرورت ہے۔

    فی الوقت سب سے قریبی اسکول طائف اور جدہ میں ہے جہاں داخلہ لینا مشکل ہے، اگر داخلہ مل جائے تو روزانہ کلاسوسز میں شرکت کرنا اس سے زیادہ مشکل ہے۔