Tag: Lady Robber

  • لفٹ لینے کے بہانے خاتون نے موٹر سائیکل سوار شہری کو لوٹ لیا

    لفٹ لینے کے بہانے خاتون نے موٹر سائیکل سوار شہری کو لوٹ لیا

    کراچی : کورنگی میں خاتون ملزمہ لفٹ لینے کے بہانے موٹر سائیکل سوار شہری لوٹ کر ساتھیوں سمیت فرار ہوگئی۔

    اس حوالے سے حذیفہ نامی شہری نے عوامی کالونی تھانے میں شکایت درج کروائی جس میں بتایا گیا کہ فیکٹری سے گھر آتے ہوئے کورنگی سنگر چورنگی پر کھڑی ملزمہ نے اسے روک کر لفٹ مانگی۔

    درخواست گزار کے مطابق مذکورہ نقاب پوش مسلح ملزمہ کے بیک اپ پر 2 موٹرسائیکل سوار 3ملزمان موجود تھے، کورنگی نمبر5ماڈل پارک کے قریب خاتون ملزمہ نے مجھے موٹر سائیکل سے اترنے کا کہا۔

    شہری حذیفہ کا کہنا ہے کہ ملزمہ موٹرسائیکل سے اتری اور اپنے ہینڈ بیگ سے اسلحہ نکال کر میرے سینے پر رکھ دیا، ملزمہ نے سرعام نقدی رقم اور موبائل فون لوٹ لیا۔

    درخواست گزار نے بتایا کہ واردات کے دوران مسلح ملزمہ نے مجھے تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور اپنے دیگر موٹرسائیکل سوار ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہوگئی۔

    متاثرہ شہری نے اندراج مقدمہ کیلئے عوامی کالونی تھانے میں درخواست جمع کر وادی ہے، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کردیں۔

    اندھی گولی لگنے سے خاتون زخمی 

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر سیون اے ایک گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے خاتون زخمی ہوگئی۔

    پولیس حکام کے مطابق زخمی خاتون کی شناخت45سالہ آسیہ کے نام سے کی گئی ہے۔ زخمی آسیہ کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

     

  • لوٹ مار کرنے والی ڈاکو حسینہ کی 30 ہزار روپے کی ضمانت منظور

    لوٹ مار کرنے والی ڈاکو حسینہ کی 30 ہزار روپے کی ضمانت منظور

    کراچی : مقامی عدالت نے جعلی پولیس گارڈ کے ہمراہ لوٹ مار کرنے والی ملزمہ ارم عرف زاہدہ کی 30 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی ہے، عدالت نے پولیس حکام کو آئندہ سماعت پر ملزمان کے خلاف چالان پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

     پولیس کا الزام ہے کہ ملزمہ ارم عرف زاہدہ نے 25 جون کو خود کو ٹی وی رپورٹر ظاہر کرکے کامران اور مریم نامی جوڑے کو ساحل سمندر پر لوٹا تھا، ملزمان نے انجینئر کامران اور ڈاکٹر مریم سے نقد رقم موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لی تھی۔

    پولیس کے مطابق ملزمہ نے اپنی گاڑی پر ایڈوکیٹ ہائیکورٹ کی جعلی نمبر پلیٹ بھی لگا رکھی تھی، بعد ازاں جوڑے سے چھینی گئی موٹر سائیکل ملزمہ کے داماد فرحان سے برآمد ہوگئی۔

    گرفتار ملزم فرحان خود کو ایڈوکیٹ ہائیکورٹ ظاہر کرتا ہے، اس کے علاوہ بغیر رجسٹریشن کی چھینی گئی موٹر سائیکل پر ملزمہ کے بیٹے عمران نے پریس کی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی۔

    گرفتار ملزمہ ارم کا بیٹا عمران بھی خود کو میڈیا رپورٹر ظاہر کرتے ہوئے اپنی ماں کو چھڑانے کیلیے تھانے پہنچ گیا تھا، پولیس کے مطابق ملزمہ کا ایک داماد لطف اللہ سرکاری آفیسر ہے، اس کی سرکاری گاڑی ساس وارداتوں میں استعمال کرتی رہی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ ارم اس سے قبل بھی ساحل سمندر پر جوڑوں کو پکڑ کر لوٹنے کی کئی وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔