Tag: Lahore

لاہور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر اور صوبہ پنجاب کا دارالحکومت ہے۔ یہ تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے ایک بہت اہم شہر ہے۔ اسے اکثر "پاکستان کا دل” بھی کہا جاتا ہے۔ لاہور اپنی شاندار تاریخی عمارات، جیسے بادشاہی مسجد، لاہور قلعہ، اور شالامار باغ کے لیے مشہور ہے۔ یہ شہر علم و ادب، فنون لطیفہ، اور ذائقہ دار کھانوں کا بھی مرکز ہے۔ لاہور ایک زندہ دل اور پررونق شہر ہے جو اپنی مہمان نوازی اور ثقافتی روایات کے لیے جانا جاتا ہے۔

  • اسکول دوبارہ کھلنے کے حوالے سے اہم خبر

    اسکول دوبارہ کھلنے کے حوالے سے اہم خبر

    لاہور (31 اگست 2025): ڈپٹی کمشنر لاہور نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے بحال ہو جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد لاہور میں اسکول دوبارہ کھل رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام اسکول یکم ستمبر سے دوبارہ کھل جائیں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے اسکول اور ریلیف کیمپس بدستور بند رہیں گے، والدین اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسکول انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔

    ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ تمام اسکول محکمہ تعلیم کی ہدایات پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔

    تعلیمی ادارے 5 ستمبر تک بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری

    واضح رہے کہ آج بھی لاہور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، جب کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع میں طوفانی بارشیں ہو رہی ہیں، آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی ہے، قصور اور اوکاڑہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، ننکانہ صاحب میں بارش سے گلیاں بازار تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔ ننکانہ کے نواحی گاؤں میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں جب کہ تین افراد زخمی ہو گئے، ملکوال میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 9 ماہ کا بچہ جاں بحق دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

  • 30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کو قتل کرنے والا  مرکزی ملزم گرفتار

    30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

    لاہور : رائیونڈ میں 30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم اویس کوگرفتار کرلیا گیا، ملزم کی نوجوان کوبلا مارنے کی فوٹیج سامنے آئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پھل فروشوں کے ساتھ 30 روپے کے تنازع پر ہونے والے تشدد کے افسوسناک واقعے میں دو بھائیوں کی ہلاکت کے واقعے میں پیش رفت ہوئی۔

    پولیس نے بتایا کہ دو بھائیوں کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم اویس کوگرفتارکرلیا، ملزم اویس کی نوجوان کو بلا مارنے کی فوٹیج سامنے آئی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اویس اور تیمور سمیت دو ملزمان پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید چار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی تفتیش سی سی ڈی چوہنگ کے حوالے کر دی گئی ہے۔

    یاد رہے لاہور کے علاقہ تھانہ رائے ونڈ سٹی کے علاقے میں صرف 30 روپے کی خاطر پھل فروش نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دو بھائیوں پر بہیمانہ تشدد کیا تھا۔

    جھگڑے میں دونوں بھائی شدید زخمی ہو گئے تھےم جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں کچھ دیر بعد 21 سالہ واجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا جب کہ 17 سالہ راشد کو تشویشناک حالت میں اؔئی سی یو منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : صرف 30 روپے کی خاطر پھل فروش کے تشدد سے زخمی دوسرا بھائی بھی دم توڑ گیا

    بعد ازاں رائے ونڈ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نوجوانوں کے والد کی مدعیت میں درج کر کے ایک ملزم پھل فروش تیمور کو گرفتار کیا تھا۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ حملہ آور جب بھائیوں پر تشدد کر رہے تھے تو وہاں موجود ہجوم انہیں بچانے کی بجائے ویڈیو بناتا رہا، خون میں لت پت لڑکا اپنے بے ہوش بھائی کا سر گود میں لیے بیٹھا تھا، ایک ملزم نے آگے بڑھ کر زخمی بھائی کے سر پر زور سے بیٹ مارا تو وہ بھی بے ہوش ہو گیا۔

  • زہریلے کھانے سے دو بچے جاں بحق، ہوٹل مالک اور کچن اسٹاف گرفتار

    زہریلے کھانے سے دو بچے جاں بحق، ہوٹل مالک اور کچن اسٹاف گرفتار

    لاہور (24 اگست 2025): پی آئی اے روڈ پر زہریلا کھانا کھانے سے 2 بچوں کی ہلاکت کے بعد پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے پی آئی اے روڈ لاہور پر واقع ریسٹورنٹ رولنگ پیلس میں زہریلا کھانا کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے، اور ہوٹل مالک سمیت کچن اسٹاف کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق لاہور کی فیملی نے 16 اگست کی رات ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا تھا، لیکن گھر پہنچتے ہی دونوں بیٹیوں اور ایک بیٹے کی طبیعت خراب ہو گئی، افسوس ناک طور پر دونوں بیٹیاں 18 اور 19 اگست کی رات فوت ہو گئیں، 6 سالہ تحریم اور 4 سالہ ارحا زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہوئیں۔

    ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق مقدمہ والد عظیم کی مدعیت میں تھانہ ستوکتلہ میں درج کیا گیا ہے، جس کے بعد ہوٹل مالک اور کچن ملازمین کو گرفتار کیا گیا، واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    شوارما کھانے سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر حافظ آباد میں مبینہ طور پر شوارما کھانے سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی تھی، فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ مضر صحت شوارما کھانے سے 3 فیمیلیوں کے 9 افراد متاثر ہوئے ہیں، جو سول اسپتال میں داخل کر دیے گئے ہیں، اور تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تفصیلی چیکنگ کے بعد شوارما پوائنٹ کو سیل کر دیا، 40 کلو گوشت، 16 لٹر آئل، 15 کلو مایونیز، بھاری مقدار میں فرائز اور سلاد کو تلف کر دیا گیا۔

    ادھر گزشتہ رات ٹھٹھہ شہر میں مکلی کے قریب مضر صحت بریانی کھانے سے خاتون اور بچوں کی حالت غیر ہو گئی، اہل خانہ نے بتایا کہ بریانی باہر سے خرید کر کھائی تھی۔ متاثرہ افراد کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، خاتون اور 3 بچوں کو نیم بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بریانی باہر سے منگوائی گئی تھی جس کے کھانے کے بعد بچوں کی حالت بگڑنا شروع ہو گئی۔

  • لاہور میں رکشہ ڈرائیور چالان سے تنگ آکر کھمبے پر چڑھ گیا

    لاہور میں رکشہ ڈرائیور چالان سے تنگ آکر کھمبے پر چڑھ گیا

    لاہور میں فیروز پور روڈ پر رکشہ ڈرائیور ٹریفک پولیس کے چالان کرنے پر کھمبے پر چڑھ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں فیروز پور روڈ پر رکشہ ڈرائیور کے کھمبے پر چڑھنے کے بعد ریسکیو اہلکار پہنچ گئے۔

    ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے رکشہ ڈرائیور کو اتارنے کی کوششیں جاری ہیں۔

    ریسکیو اہلکار نے اوپر چڑھنے کی کوشش کی تو رکشہ ڈرائیور کہنے لگا کہ میں چھلانگ لگا دوں گا۔

    عینی شاہدین کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار کی جانب سے دو ہزار روپے کا چالان کرنے پر وہ کھمبے پر چڑھا ہے۔

    یہ پڑھیں: کراچی میں رکشہ ڈرائیور نے چالان سے تنگ آکر نس کاٹ لی

    عینی شاہد کے مطابق رکشہ ڈرائیور نے ٹریفک اہلکار کو کہا کہ کھانا کھانے کے پیسے نہیں ہیں گھر کرائے کا ہے مہربانی ہوگی معاف کردیں۔

    شہری نے بتایا کہ پولیس اہلکار نے اسے معاف نہیں کیا اور چالان کردیا، میں اسے منع کرتا رہ گیا کہ کھمبے پر نہیں چڑھو لیکن اس نے بات نہ مانی اور کھمبے پر چڑھ گیا۔

    رکشہ ڈرائیور کا بیٹا بھی موقع پر موجود ہے لیکن ابھی کسی اہلخانہ سے اس کا رابطہ نہیں ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں بھی رکشہ ڈرائیور نے ٹریفک پولیس کے چالان سے تنگ آکر اپنی نس کاٹ لی تھی۔

  • لاہور میں دو بچے کچرے کے ڈھیر میں دب گئے

    لاہور میں دو بچے کچرے کے ڈھیر میں دب گئے

    لاہور کے علاقے ہدایتہ پھاٹک پر دو بچے کچرے کے ڈھیر میں دب گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بچے کوڑے سے بوتلیں نکال رہے تھے اچانک ملبہ ان پر گر گیا، بچوں کو تلاش کیا جارہا ہے۔

    ریسکیو آپریشن جاری ہے لیکن ابھی تک بچوں کے حوالے سے کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہے۔

    ریسکیو حکام کو 5 بجے کے قریب بچوں کے ملبے تلے دبنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

    یہ پڑھیں: لاہور میں 5 سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق

    واضح رہے کہ چند ماہ قبل لاہورکے علاقے مغل پورہ لال پل کے قریب 5 سالہ بچہ عثمان گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا جس کی لاش ریسکیو 1122 عملے نے نکالی تھی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے جعلی رپورٹ جمع کروانے والے دو واسا افسران کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ واسا مغل پورہ کے ایس ڈی او اور سب انجینئر نے جعلی رپورٹ جمع کروائی، رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تمام مین ہولز پر ڈھکن لگا دیے گئے ہیں۔

  • پلاسٹک بیگز سے اینٹیں بنانے کا جدید اور حیرت انگیز کارنامہ

    پلاسٹک بیگز سے اینٹیں بنانے کا جدید اور حیرت انگیز کارنامہ

    لاہور : پاکستان سمیت دنیا بھر میں صدیوں سے اینٹیں روایتی بھٹوں پر مٹی، پانی اور آگ کے امتزاج سے تیار کی جاتی رہی ہیں لیکن آب اینٹیں پلاسٹک کی مدد سے تیار کی جارہی ہیں۔

    اینٹیں بنانے کا پرانا طریقہ کار نہ صرف ماحول پر منفی اثر ڈالتا ہے بلکہ توانائی اور وسائل کے کے بڑے اخراجات کا سبب بھی ہے۔

    ٹیکنالوجی کے اس دور میں اب اینٹیں بھی ایک نئے اور ماحول دوست طریقے سے بن رہی ہیں یعنی پاکستان میں پلاسٹک سے اینٹیں تیار کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پلاسٹک کی بنی اینٹوں ایکو برکس ٹائلز سے بلند و بالا گھر تیار کیے جائیں گے اور مہنگے سیمنٹ کی تیار اینٹوں سے چھٹکارا مل جائے گا۔

    اس حوالے سے کمپنی کے سی ای او گلفام عابد نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پلاسٹک ایک عالمی مسئلہ ہے جو بہت سی مشکلات کا باعث بنتا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر 500 ٹن پلاسٹک صرف لاہور میں ڈاؤن سائٹ پر ضائع ہوتا ہے۔

    اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمارا آئیڈیا تھا کہ شہر کی تمام پلاسٹک کو اکٹھا کرکے اسے کام میں لایا جائے، جس پر ریسرچ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ پلاسٹک کو ایکو برکس میں تبدیل کریں گے۔

    ریت، بجری، سمینٹ اور پلاسٹک کے اشتراک سے اینٹوں ایکو برکس ٹائلز تیار کیے جاتے ہیں، اور اس میں دو اقسام کی پلاسٹک کو استعمال کیا جاتا ہے ایک شاپنگ بیگس اور دوسرا بچوں کے چپس کے پیکٹ کی پلاسٹک شامل ہیں۔

    ان تمام اجزاء کو ایک مخصوص طریقے سے ملاکر مکسچر بنایا جاتا ہے جس کے بعد یہ پلاسٹک کی اینٹیں تیار ہوتی ہیں۔

  • اجتماعی زیادتی کے ایک اور کیس میں ملزمان کا پولیس کے ہاتھوں انکاؤنٹر

    اجتماعی زیادتی کے ایک اور کیس میں ملزمان کا پولیس کے ہاتھوں انکاؤنٹر

    لاہور (10 اگست 2025): چوہنگ واقعے کے بعد پنجاب کے شہر لاہور میں پولیس نے اجتماعی زیادتی کے ایک اور کیس میں ملزمان کا انکاؤنٹر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سی سی ڈی پولیس کا اجتماعی زیادتی کے ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 2 ملزمان ہلاک ہو گئے، جن کی شناخت شعیب اور زبیر کے نام سے ہوئی ہے۔

    سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ملزمان نے 2 روز قبل مانگا منڈی سے 13 سالہ لڑکی کو اغوا کیا تھا، اور مغوی لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹر شبیر زخمی ہوا، جب کہ انسپکٹر عمران یوسف کی بلٹ پروف جیکٹ پر گولیاں لگیں۔

    قبل ازیں، لاہور کے علاقے چوہنگ میں ایک واقعہ شہ سرخیوں کی زینت بنا تھا جس میں 4 ملزمان نے شوہر کے سامنے اس کی بیوی سے اجتماعی زیادتی کی تھی، سی سی ڈی پولیس نے ملزمان سے آمنا سامنا ہونے کے کئی واقعات میں یکے بعد دیگر چاروں ملزمان کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔


    لاہور : شوہر کے سامنے بیوی سے گینگ ریپ کا چوتھا ملزم بھی انجام کو پہنچ گیا


    ادھر نارووال میں 2 خطرناک ملزمان سی سی ڈی حراست سے فرار ہو گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان قتل، ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں ملوث میں تھے، دوران ریکوری ملزمان کے 4 ساتھیوں نے کریل پل پر فائرنگ کی، اس دوران دونوں خطرناک ملزمان ساتھیوں سمیت فرار ہو گئے، جب کہ ایک اہلکار فائرنگ سے زخمی ہوا۔

  • جناح اسپتال مریض کا زبردستی آپریشن، مقدمے کے بعد ڈاکٹر شبیر معطل

    جناح اسپتال مریض کا زبردستی آپریشن، مقدمے کے بعد ڈاکٹر شبیر معطل

    لاہور (09 اگست 2025): جناح اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں زبردستی داخل ہونے اور مریض کا زبردستی آپریشن کرنے پر ڈاکٹر شبیر چوہدری کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد محکمہ صحت نے انھیں معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور کے ڈاکٹر شبیر چوہدری کے خلاف دو روز قبل مریض کا زبردستی آپریشن کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد اب محکمہ صحت پنجاب نے متحرک ہوتے ہوئے ڈاکٹر شبیر کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کر دیا ہے۔

    ڈاکٹر شبیر کو محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ادھر پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شبیر محکمہ صحت کو رپورٹ کیے بغیر جناح اسپتال میں زبردستی داخل ہوئے تھے، ان پر اسپتال سے 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کا سامان غائب کرنے کا بھی الزام ہے۔


    جناح اسپتال لاہور کے آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز غائب


    واضح رہے کہ جناح اسپتال لاہور میں آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز اور فرنیچر اچانک غائب ہونے پر محکمہ صحت نے نوٹس لیا تھا، اور تین رکنی کمیٹی نے تحقیقات کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو حیران کن رپورٹ فراہم کی۔

    بتایا گیا کہ اسپتال سے غائب اشیا میں او ٹی ٹیبلز، بیڈز، اے سی، وہیل چیئرز اور فرنیچر شامل ہیں، جن کی مالیت 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد ہے، یعنی قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ اس رپورٹ کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ڈاکٹر شبیر حسین کو سامان غائب ہونے پر شوکاز نوٹس جاری کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ 7 روز میں وضاحت نہ دی گئی تو ان کے خلاف یک طرفہ کارروائی ہوگی۔

  • لاہور: پولیس کی مختلف کارروائی میں ریکارڈ یافتہ اشتہاری سمیت 17 ملزمان گرفتار

    لاہور: پولیس کی مختلف کارروائی میں ریکارڈ یافتہ اشتہاری سمیت 17 ملزمان گرفتار

    لاہور(7 اگست 2025):کاہنہ پولیس نے 72گھنٹے میں مختلف کارروائی کے دوران 17 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں کاہنہ پولیس نے 72گھنٹے میں 17 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں 6 منشیات فروش، 3 ریکارڈ یافتہ اور 4 اشتہاری شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں 2 ہوائی فائرنگ،2 ملزمان اسلحہ رکھنے والے بھی شامل ہیں جبکہ منشیات فروشوں سے 3 کلو سے زائد آئس اور 2 کلو 300 گرام چرس برآمد ہوا۔

    لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار اشتہاری اقدام قتل، غیر قانونی اسلحہ سمیت دیگر 6 مقدمات میں مطلوب تھے، ریکارڈ یافتہ ملزمان چوری، بوگس چیک و دیگر 19 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں،گرفتار 2 ملزمان سے 4 پستول، میگزینز و گولیاں برآمد ہوا۔

    اس سے قبل لاہور چوکی میو اسپتال پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کے دوران ریکارڈ یافتہ سمیت 2 منشیات فروش کو گرفتار کیا تھا۔

    ملزمان کو دوران  پیٹرولنگ مختلف مقامات سے گرفتار کیا گیا، پولیس کے مطابق ملزمان سے ہزاروں مالیت کی 1100 گرام چرس اور 305 گرام آئس برآمد کر لی گئی، گرفتار ملزمان میں طارق اور عثمان عرف پیا شامل ہیں۔

  • دنیا کا پہلا جدید ترین اینٹی اسموگ سسٹم پاکستان کے کس شہر میں تعینات کیا گیا ہے؟

    دنیا کا پہلا جدید ترین اینٹی اسموگ سسٹم پاکستان کے کس شہر میں تعینات کیا گیا ہے؟

    (2 اگست 2025): لاہور میں اسموگ کے تدارک کیلئے جدید ترین ڈسٹ سسپنشن سسٹم اسمبلنگ شروع کردی گئی، یہ سسٹم بروقتِ ضرورت مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس حوالے سے ایکس پر کی گئی پوسٹ میں بتایا کہ دنیا کا پہلا آزمودہ ڈسٹ سسپنشن سسٹم 15 جدید اینٹی اسموگ گنز کے ساتھ لاہور پہنچ چکا ہے اور اسے اسمبل کیا جارہا ہے۔

    مریم نواز نے بتایا کہ جدید فوگ کینن باریک پانی کی دھند سے خطرناک فضائی ذرات PM2.5 اور PM10 کو زمین پر گرا کر ہوا صاف کرتے ہیں، اینٹی اسموگ گنز لاہور میں نصب ایئر کوالٹی نیٹ ورک اور ماحولیات تحفظ فورس سے منسلک ہوں گی۔

    کیا پنجاب کا نیا اسموگ پلان کارآمد ہوگا؟ ایک تجزیہ

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آلودگی کی شدت بڑھنے پر اینٹی اسموگ گنز  خودکار طور پر فعال ہو جائیں گی، یہ اینٹی اسموگ گنز سسٹم سیٹلائٹ ڈیٹا، ڈرونز، کیو آر کوڈڈ  بھٹہ خشت اور اے ائی ٹریکنگ سسٹم سے منسلک ہوگا۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ اینٹی اسموگ گنز ماحولیات کے تحفظ کے لئے انقلابی قدم ہے، ٹیکنالوجی، جدت اور شہریوں کی شمولیت کے ساتھ اسموگ کے خلاف جنگ جیتیں گے۔