Tag: Lahore Air port

  • لاہور ایئر پورٹ پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام، قیمتی سامان ضبط

    لاہور ایئر پورٹ پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام، قیمتی سامان ضبط

    لاہور : علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کسٹم حکام نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    اس حوالے سے اے سی کسٹم شفاعت مرزا نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ گزشتہ سات یوم میں مسافروں کے سامان سے بیرون ملک سے اسمگل کی جانے والی لاکھوں روپے مالیت کی اشیاء برآمد کی گئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ مسافروں کے سامان میں غیرملکی شراب کی 250سے زائد لاکھوں روپے مالیت کی کریٹ لاہور ایئر پورٹ پر کسٹم کے ہتھے چڑھ گئے۔ اس کے علاوہ نشے کے عادی افراد کیلئے بیرون ملک سے دس حقے شیشہ پینے کے لیے لائے گئے جو دوران چیکنگ ضبط کر لیے گئے۔

    اے سی کسٹم کے مطابق سینکڑوں جدید مختلف کمپنیوں کے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون بھی مختلف مسافروں کے سامان سے برآمد ہوئے ہیں۔

    اے سی کسٹم نے بتایا کہ غیر ملکی برانڈ کی گاڑیوں کے قیمتی آلات بھی مسافروں سے سامان سے برآمد کیے گئے ہیں، کسی بھی ایسے مسافر کو ہرگز تنگ نہیں کیا جاتا جو اپنے پاس ممنوعہ اشیاء یا اسمگل شدہ اشیاء ساتھ نہیں لاتا۔

    کلکٹر کسٹم عثمان باجوہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کو ہر صورت روکا جائے گا۔

    عثمان باجوہ نے کہا کہ کرنسی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایئر پورٹ پر خصوصی اسکواڈ تعینات کیا گیا ہے، کسٹم ایئر پورٹ ٹریفک عملے کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات پر شاباش دیتا ہوں۔

  • علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    لاہور : علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر کسٹم حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے موبائل فونز اسیسریز برطانیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر محکمہ کسٹم کے اہلکاروں نے کامیاب کارروائی کی ہے، لاہور سے موبائل فونز کی اسیسریز کی برطانیہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شفقت علی نامی مسافر لاہور سے لندن جارہا تھا، دوران چیکنگ مسافر کے سامان سے بڑی تعداد میں آئی پیڈ، چارجز اور دیگر موبائل اسیسریز برآمد ہوئیں۔

    ذرائع کے مطابق مسافر ایمریٹس ایئر لائن کی پرواز ای کے 622 سے لندن جا رہا تھا، کسسٹم حکام نے مسافر کو اسیسریز قبضے میں لے کر مزید کاروائی شروع کردی ہے۔

    کسسٹم حکام کا کہنا ہے کہ قبضے میں لی گئی اسیسریز کی کل مالیت 15 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

  • لاہور ایئر پورٹ : خاتون مسافر کے بیگ سے پستول کی گولیاں برآمد

    لاہور ایئر پورٹ : خاتون مسافر کے بیگ سے پستول کی گولیاں برآمد

    کراچی : لاہور ایئر پورٹ پر ایک خاتون مسافر کے بیگ سے پستول کی گولیاں برآمد ہوئیں جس کے بعد اے ایس ایف اہلکاروں نے خاتون کو پوچھ گچھ کیلئے روک لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر ایک خاتون مسافر کو اے ایس ایف نے حراست میں لے لیا۔ خاتون مسافر کے بیگ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔

    خاتون پرواز3737سے جدہ جارہی تھی۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق 7گولیاں برآمد ہوئی ہیں، جبکہ بیگ سے پستول نہیں ملا، گولیاں برآمد ہونے پر خاتون گھبرا گئی.

    پوچھ گچھ کے دوران مسافر خاتون کا کہنا تھا کہ یہ میرے بھائی کا بیگ ہے جو غلطی سے میرے پاس آگیا، بھائی کے پاس اس کے پستول کا لائسنس بھی موجود ہے.

    اس حوالے سے ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کے بیگ سے7گولیاں اے ایس ایف کاؤنٹر پر برآمد ہوئی ہیں لہٰذا قانونی کاروائی کی جائے گی۔ آخری اطلاعات تک واقعے کی تحقیقات جاری تھیں۔

  • پی آئی اے کا ایک اور طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

    پی آئی اے کا ایک اور طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

    کراچی : پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، طیارے کے لاہور ایئر پورٹ پر اترتے ہی انجن سے کوئی چیز ٹکرائی جس سے اس کا توازن بگڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ سے لاہورآنے والی پی آئی اے کی پرواز حادثے سےبال بال بچ گئی،  واقعہ لاہور ایئر پورٹ پر دوران لینڈنگ انجن سے کسی چیزسے ٹکرانےکی وجہ سے پیش آیا۔

    اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کے کپتان نے مہارت اور پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کوایک انجن کی مدد سے بورڈنگ برج پر پارک کیا۔

     ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کردیا گیا ہے، طیارے کو پیش آنے والے حادثے سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آیا کسی پرندے کے ٹکرانے سے ہوا  یا کسی اور وجہ سے؟ البتہ طیارے کی مرمت ہوتے ہی  پرواز کو جدہ کیلئے روانہ کردیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : سیالکوٹ ایئرپورٹ ، پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

    واضح رہے کہ اس سے قبل سیالکوٹ ائیرپورٹ کے رن وے کی حالت انتہائی خراب ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔

    جدہ سے سیالکوٹ آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے746سیالکوٹ ائیرپورٹ پر طیارہ لینڈنگ کے بعد موڑ لے رہا تھا کہ اس دوران رن وے اچانک بیٹھ گیا، رن وے خراب ہونے کی وجہ سے بوئنگ 777 طیارے کا ٹائر پھٹ گیا جس کے باعث ٹائر مکمل طور ناکارہ ہو ٓگیا، حادثے کی وجہ سے پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔

  • کراچی اور لاہور ایئر پورٹس پر مسافر کے ساتھ ایک وزیٹر کو جانے کی اجازت

    کراچی اور لاہور ایئر پورٹس پر مسافر کے ساتھ ایک وزیٹر کو جانے کی اجازت

    کراچی/ لاہور : علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور جناح ٹرمنیل کراچی پر حج آپریشن کے دوران غیرمعمولی رش کے باعث مسافروں کو چھوڑنے اور لینے کیلئے آنے والوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے سیکیورٹی کے پیش نظر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور جناح ٹرمنیل کراچی پر مسافروں کو چھوڑنے اور لینے کیلئے آنے والوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے اور جانے والے مسافروں کو ایک مسافر پر ایک وزیٹر کو اجازت ہوگی۔ ایئر پورٹ کی حدود میں ایک سے زائد وزیٹر کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر عازمین حج کو الوداع کہنے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد پہنچتی ہے جس کے باعث سیکیورٹی مسائل پیدا ہورہے ہیں۔

    ایک وزیٹرکی پابندی پر عملدرآمد کل سے شروع ہوجائے گا، اے ایس ایف ایئرپورٹ کے انٹری پوائنٹ پر ہی ایک سے زائد وزیٹرز کو داخلے کی اجازت نہیں دے گی۔

    علاوہ ازیں کراچی ایئرپورٹ منیجر نے اےایس ایف کو خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پرحج آپریشن سے رش میں غیرمعمولی اضافہ ہورہا ہے۔

    وفاق کی جانب سے ایک سے زائد وزیٹرکی پابندی پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے، کراچی ایئرپورٹ پر ایک سے زائد وزیٹر کو آنے کی اجازت نہیں ہے۔

    ذرائع ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ داخلی راستے پر ہی اے ایس ایف موجود ہوگی، وزیٹر کو شناختی کارڈ کی چیکنگ کے بعد اندر جانے کی اجازت ہوگی۔

  • پی آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری

    پی آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری

    کراچی : پی آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن جاری ہے، اندرون ملک پروازوں کی روانگی کے بعد بیرون ملک پروازوں کا آغاز آج رات سے کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن جاری ہے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان کی فضائی حدود کو پروازوں کیلئے بند کردیا گیا تھا ۔

    تاہم گزشتہ روز اسے کھولے جانے کے بعد پی آئی اے نے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کردیا تھا جہاں معمول کے مطابق پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرواز پی کے655لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئی ہے جبکہ پرواز پی کے305لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوئی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی کے225لاہورسے رات 12:45پر مسقط کیلئے روانہ ہوگی، لاہور سے دبئی کیلئے پروازوں کا آغاز کل صبح10بجے سے کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی ، تین روز سے بند پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال

    پی کے203لاہور سے دبئی کیلئے پیر صبح10بجے روانہ ہوگی، اس کے علاوہ لاہور سے اندورن و بیرون ملک پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ ہوں گی، ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

  • پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں، محمد ثاقب عزیز

    پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں، محمد ثاقب عزیز

    لاہور : پی آئی اے کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ثاقب عزیز نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو مالی خسارے سے نکالنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ائیر پورٹ کے دورے کے موقع پر کیا، ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے اور نیا ریزرویشن اور ڈپارچر سسٹم اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

    اس سسٹم سے پی آئی اے کو پرانے سسٹم کی بدولت پچاس فیصد بچت ہو گی۔ انہوں نے لاہور ائر پورٹ پر پی آئی اے کارکنان کو ائر لائن کی بہتری کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کارکنان ادارے کا اثاثہ ہیں اور ان کی کاوشوں سے ہی پی آئی ای کے طیارے اڑان بھرتے ہیں۔ پی آئی اے کی ترقی کے لئے تمام کارکنان کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور خلوص نیت سے ادا کرنا ہوں گی۔

    لاہور ائر پورٹ پر پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجر عمر نواز گورایہ اور سٹیشن مینیجر عامر ملک نے چیئرمین کو بریفنگ دی۔ قبل ازیں انہوں نے سول ایوی ایشن کے افسران اے بھی ملاقات کی اور ائر پورٹ پر مسافروں کو سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔

    ائر پورٹ مینیجر سردار سکندر نے ان کو سول ایوی ایشن کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

  • نوازشریف اورمریم نواز کی گرفتاری، لاہور ایئرپورٹ کے اطراف دفعہ144نافذ

    نوازشریف اورمریم نواز کی گرفتاری، لاہور ایئرپورٹ کے اطراف دفعہ144نافذ

    لاہور : نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت نے لاہور ایئرپورٹ کی حدود میں دفعہ144نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا. پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی وطن واپسی پر ان کی گرفتاری سے متعلق پنجاب کی نگراں حکومت نے اہم اقدامات کر لیے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت نے لاہور ایئرپورٹ حدود میں دفعہ144نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایئرپورٹ اور اس کے گردونواح میں پانچ سے زائد افراد کو جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، فیصلے کے تحت پنجاب حکومت دفعہ144پرعملدرآمد کیلئے رینجرز کی مدد بھی طلب کرسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف اور مریم نواز نے وطن واپسی کی تیاری مکمل کرلی ہے اور ٹکٹ بھی بک کرالئے ہیں، یہ دونوں شخصیات13جولائی کی شام کو لاہور ایئرپورٹ پہنچیں گی جس کے فوری بعد انہیں گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : نواز، مریم کا وطن واپسی کا اعلان، نیب کا مجرموں کو ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کا عندیہ

    اس سے قبل وزارت داخلہ نے ایوان فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ دونوں ن لیگی رہنماؤں کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا ہے، نیب ہیڈ کوارٹرزکی جانب سے نواز شریف اور مریم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔