Tag: lahore airport

  • لاہور ایئرپورٹ پر کارگو شپمنٹ پر سیکیورٹی چیک کی وجہ سے ایئرلائنز کو لاکھوں کا نقصان

    لاہور ایئرپورٹ پر کارگو شپمنٹ پر سیکیورٹی چیک کی وجہ سے ایئرلائنز کو لاکھوں کا نقصان

    کراچی: لاہور ایئرپورٹ پر کارگو شپمنٹ پر سیکیورٹی چیک کی وجہ سے 2 دنوں میں 12 پروازوں سے کارگو سامان آف لوڈ ہو گیا، جس سے ایئر لائنز کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر کارگو شپمنٹ پر سیکیورٹی چیک پر ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز انتظامیہ نے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے، چیئرمین ایئر لائن آپریٹنگ کمیٹی ادریس احمد نے منیجر لاہور ایئرپورٹ کے نام مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

    مراسلے کے مطابق 6 مارچ سے ایپرن گیٹ پر غیر ضروری سیکیورٹی چیک کا نفاذ کیا گیا، غیر ضروری انسپیکشن سے کارگو شپمنٹ تاخیر کا شکار ہوئیں، تاخیر پر ایئر لائنز کو مجبوراً کارگو آف لوڈ کرنا پڑا، کارگو شپمنٹ آف لوڈنگ سے ایئر لائنز کو مالی نقصان کے ساتھ کلائنٹ کا اعتماد بھی متاثر ہوا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بلاوجہ تاخیر سے پاکستانی ایئر پورٹس کے وقار کو بھی نقصان پہنچا ہے، اور 6 مارچ کو 9 پروازوں کی کارگو شپمنٹ تاخیر کا شکار ہونے سے آف لوڈ ہوئیں۔

    مراسلے کے مطابق تھائی ایئر کی پرواز ٹی جی 246 سے 20 ہزار 141 کلو گرام سامان آف لوڈ ہوا، فلائی ناز کی پرواز ایکس وائے 318 سے 2 ہزار 280 کلو سامان، ایمریٹس کی پرواز ای کے 623 سے 9 ہزار 210 کلو، سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 727 سے 8 ہزار 146 کلو، ایمریٹس کی پرواز ای کے 625 سے 23 ہزار 650 کلو سامان آف لوڈ کیا گیا۔

    لاہور ایئرپورٹ

    پی آئی اے کی پرواز پی کے 247 سے 13 ہزار 420 کلو، فلائی جناح کی پرواز نائن پی 580 سے 1 ہزار 420 کلو، فلائی جناح کی پرواز نائن پی 502 سے 2 ہزار 790 کلو، ٹرکش ایئر کی پرواز ٹی کے 715 سے 7 ہزار 647 کلو گرام سامان آف لوڈ ہوا۔

    ایئر لائنز انتظامیہ کی جانب سے بلاوجہ چیکنگ اور چیکنگ میں تاخیر سے ہونے والے نقصان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے، اور اپیل کی ہے کہ ایئرپورٹ حکام کارگو اسکریننگ پروسیجر پر نظرثانی کریں، اور کارگو ہینڈلنگ میں بغیر کسی رکاوٹ ضروری اسکریننگ اور چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔

  • ایئرپورٹ پر غیرملکی باشندے کے پیٹ سے کوکین بھرے کیپسول برآمد

    ایئرپورٹ پر غیرملکی باشندے کے پیٹ سے کوکین بھرے کیپسول برآمد

    راولپنڈی سمیت ملک کے کئی شہروں میں کریک ڈاؤن کے دوران اے این ایف نے نائجیرین باشندے اور خاتون سمیت آٹھ ملزمان گرفتار کرلیے۔

    ترجمان اےاین ایف ہیڈکوارٹر کا کہنا ہے تین کروڑ اکیاسی لاکھ سے زائد مالیت کی چارسو سات کلو منشیات بھی برآمد کی گئی، مانسہرہ میں کالج کے قریب ملزم کے قبضے سے چارسو پچاس گرام چرس برآمد ہوئی، گرفتار ملزم نے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر بحرین سے آنے والے نائجیرین باشندے کے پیٹ سے 35 کوکین بھرے کیپسول برآمد ہوئے، بلوچستان میں پشین کے غیرآباد علاقے سے 360 کلو چرس برآمد ہوئی۔

    اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ مصری بانڈہ روڈ پشاور کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے اکیس اعشاریہ چھ کلوچرس برآمد کرکے دو ملزموں کو گرفتار کیا گیا، ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب خاتون سے چاراعشاریہ آٹھ کلو افیون اور سات اعشاریہ دو کلو چرس برآمد ہوئی۔

    دوسری کارروائی میں گاڑی میں چھپائی گئی آٹھ اعشاریہ چار کلو چرس برآمد کرکے چار ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر ایک اور کارروائی کے دوران مسافر بس میں سوار ملزم سے دو اعشاریہ چار کلو چرس برآمد ہوئی۔

    ترجمان اےاین ایف ہیڈکوارٹر کا کہنا ہے گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار

    اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار

    ایف آئی اے این سی بی انٹرپول اور امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر کاروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ارسلان اشرف کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کو ساوتھ افریقہ سے لاہور ائرپورٹ پہنچنے پر گرفتار کیا گیا۔

    ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا،  گرفتار ملزم پنجاب پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کے خلاف سال 2022 میں اقدام قتل کی دفعات کے تحت تھانہ ونڈو گجرانوالہ میں مقدمہ درج تھا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم گزشتہ 3 سال سے بیرون ملک فرار تھا، ملزم کو بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔

  • لاہور : کروڑوں روپے مالیت کے ہیرے اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    لاہور : کروڑوں روپے مالیت کے ہیرے اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    لاہور ائیر پورٹ پر کسٹمز حکام نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے ہیرے اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹمز حکام نے لاہور ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرکے مسافر کے قبضے سے ہیرے اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کرلیں۔

    کلکٹریٹ آف کسٹمز ایئرپورٹ لاہور کے مطابق دبئی سے آنے والے مسافر راشد خالد کی شک کی بنیاد پر تلاشی لی گئی جو کامیاب ثابت ہوئی۔

    ملزم نے ہیرے اور دیگر قیمتی اشیاء انتہائی مہارت کے ساتھ سامان کے اندر خفیہ طور پر چھپا رکھے تھے جسے محکمہ کسٹمز کے اہلکاروں نے کارروائی کرکے برآمد کیا۔

    کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ مسافر کے سامان سے ہیرے، دوائیں اور گھڑیاں برآمد کرلی گئیں ہیں، برآمد ہونے والے ہیروں کی مالیت 1کروڑ81 لاکھ روپے بنتی ہے۔

    تحویل میں لیے گئے سامان پر 90 لاکھ کی کسٹمز ڈیوٹیز اور ٹیکسز عائد ہیں، ہیرے اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے مسافر راشد خالد کو مزید تفتیش کیلئے پراسیکیوشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    کسٹم حکام کا مزید کہنا ہے کہ اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

  • لاہور ایئرپورٹ کن اوقات میں بند رہے گا؟ بڑی خبر آ گئی

    لاہور ایئرپورٹ کن اوقات میں بند رہے گا؟ بڑی خبر آ گئی

    لاہور: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے لاہور ایئرپورٹ کی روزانہ بندش کے اوقات کار جاری کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون سیزن میں ایئر پورٹس کے اطراف پرندوں کی بھرمار کی وجہ سے سی اے اے نے ایک نوٹم جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور ایئر پورٹ کو روزانہ 3 گھنٹے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    نوٹم کے مطابق لاہور ایئر پورٹ کے دونوں رن وے صبح 5 بجے سے 8 بجے تک بند رہیں گے، ایئر پورٹ کی روزانہ 3 گھنٹے بندش کا اطلاق 10 جولائی سے 10 ستمبر تک ہوگا۔

    فضائی میزبان کو سانس لینے میں دشواری، غیر ملکی پرواز کی کراچی میں‌ ہنگامی لینڈنگ

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بذریعہ نوٹم ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز کو بھی اس سے آگاہ کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ ہنگامی صورت حال میں رن وے طیارے کی لینڈنگ کے لیے دستیاب ہوگا۔

  • منشیات کی بھاری مقدار بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    منشیات کی بھاری مقدار بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    اینٹی نارکوٹکس فورس نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے بذریعہ کارگو بیرون ملک بھاری مقدار میں آئس اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بذریعہ کارگو بیرون ملک بھاری مقدار میں آئس اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

      اے این ایف حکام کے مطابق منشیات کپڑوں میں جذب کر کے شارجہ اسمگل کی جا رہی تھی کارگو بھیجنے والے لاہور کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے آئس کو کپڑے سے علیحدہ کرنے کیلئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔

    اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد آئس کی درست مقدار کا تعین ہو گا ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ کے لاؤنج میں آگ، حج پرواز کو روک دیا گیا

    لاہور ایئرپورٹ کے لاؤنج میں آگ، حج پرواز کو روک دیا گیا

    لاہور ایئرپورٹ کے لاؤنج میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس سے ایئرپورٹ کے لاؤنج میں دھوا بھر گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایئر پورٹ کے لاؤنج میں لگنے والی آگ کے باعث مسافروں کو باہر نکال کر دوسرے ہال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ آگ امیگریشن کاؤنٹر کی سیلنگ میں لگی، جس سے امیگریشن سسٹم کو جزوی نقصان پہنچا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ائیرپورٹ کے لاؤنج میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے جبکہ آگ سے ایئرپورٹ کا امیگریشن سسٹم جل چکا ہے۔

    کراچی سے حج آپریشن کا آغاز، پہلی دو پروازیں مدینہ روانہ

    ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ کے دیگر کاؤنٹرز کو مسافروں کے لئے کھول دیا گیا ہے، جبکہ لاہور سے جانے والی پہلی حج پرواز کو عارغی طور پر روک لیا گیا۔

  • یونان جانے والے 3 مسافر آف لوڈ، لاہور ایئرپورٹ کی حدود سے ایجنٹ بھی گرفتار

    یونان جانے والے 3 مسافر آف لوڈ، لاہور ایئرپورٹ کی حدود سے ایجنٹ بھی گرفتار

    کراچی: لاہور ایئرپورٹ پر یونان جانے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا، جب کہ ایئرپورٹ کی حدود سے ایجنٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر ایک کارروائی میں یونان جانے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا ہے، ملزمان کی نشان دہی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے محمد دلدار نامی ایجنٹ کو بھی ایئرپورٹ کی حدود سے گرفتار کر لیا گیا۔

    ملزمان فلائٹ نمبر EY242 سے یونان جا رہے تھے، جن میں محمد زبیر، وحید اختر اور اسد دانیال شامل ہیں، ملزمان کی جانب سے پیش کیا جانے والا یونان کا ویزا جعلی نکلا۔

    ملزمان کے پاسپورٹس پر ایتھنز روانگی اور پاکستان آمد کی جعلی اسٹیمپس لگی ہوئی تھیں، مسافروں کی آمد و روانگی کے حوالے سے سسٹم میں کوئی سفری ریکارڈ موجود نہ تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے فی کس 25 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹوں سے کارڈ اور جعلی اسٹیمپس لگوائیں۔

    ایجنٹ محمد دلدار کا تعلق سیالکوٹ سے ہے، جس کے موبائل سے متعدد پیغامات اور جعلی سفری دستاویزات برآمد کر لی گئی ہیں، ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا۔

  • برطانیہ کی جانب سے تحفے میں ملنے والی جدید اسکیننگ مشین لاہور ایئرپورٹ پر نصب

    برطانیہ کی جانب سے تحفے میں ملنے والی جدید اسکیننگ مشین لاہور ایئرپورٹ پر نصب

    کراچی: برطانیہ کی جانب سے تحفے میں ملنے والی جدید اسکیننگ مشین لاہور ایئرپورٹ پر نصب کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئر پورٹس کے لیے جدید اسکیننگ مشینوں کا تحفہ دیا گیا ہے، جدید اسٹیٹ آف آرٹ اسکیننگ مشین علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نصب کر دی گئی۔

    ڈائریکٹر سیکیورٹی سی اے اے شاہد قادر کا کہنا ہے کہ برطانوی سیکیورٹی ایجنسی ڈی ایف ٹی کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ بیگجز مشین تحفہ کے طور پر دی گئی ہے۔

    سی اے اے کے مطابق جدید مشین مسافروں کے سامان کے ساتھ ساتھ جہاز کے لیے نقصان دہ آلات اور بارودی مواد کو جانچنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

    برطانوی ہائی کمشنر لاہور ایئرپورٹ پر باضابطہ طور پر اس مشین کا افتتاح کریں گی، اور کراچی کے بعد لاہور میں بھی جدید اسکین مشین کا نظام ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے حوالے کر دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ برطانیہ کی ڈی ایف ٹی کی جانب سے کراچی کے بعد لاہور ایئرپورٹ پر یہ مشین نصب کی گئی ہے، جس سے لاہور سے برطانیہ جانے والے مسافروں کے سامان کی جدید طرز پر اسکیننگ ہو سکے گی۔

  • لاہور ایئرپورٹ: متعدد پروازیں منسوخ، کئی تاخیر کا شکار

    لاہور ایئرپورٹ: متعدد پروازیں منسوخ، کئی تاخیر کا شکار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فنی وجوہات کی بنا پر متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوگیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن طیاروں میں کمی اور دیگر فنی وجوہات کی بنا پر متاثر ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آج روانہ ہونے والی 6 پروازیں منسوخ اور 5 تاخیر کا شکار ہیں۔

    شارجہ جانے والی پرواز پی اے 412، شارجہ سے آنے والی پرواز پی اے 413، ابو ظہبی جانے والی پرواز پی اے 430 اور ابو ظہبی سے آنے والی پرواز پی اے 431 منسوخ کردی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی اے 405 اور کراچی سے لاہور آنے والی پرواز پی اے 406 بھی منسوخ کردی گئی۔

    علاوہ ازیں شارجہ جانے والی پرواز ای آر 721 تین گھنٹے، دبئی جانے والی پرواز ای آر 723 ڈھائی گھنٹے اور دبئی سے آنے والی پرواز ای آر 724 ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔