Tag: Lahore High Court

  • لاہور ہائی کورٹ: پھانسی پانے والے2 افراد کی سزا کیخلاف اپیل مسترد

    لاہور ہائی کورٹ: پھانسی پانے والے2 افراد کی سزا کیخلاف اپیل مسترد

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے سات افراد کے قتل میں پھانسی پانے والے دو افراد کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے سزا بحال رکھی۔

    ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، پھانسی کے سزا یافتہ ذوالفقار اور فدا کے وکیل نے دلائل دیئے کہ کمزور شہادتوں اور ناکافی ثبوتوں کے باوجود انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی، جو انصاف کے خلاف ہے، لہذا سزا کالعدم قرار دی جائے۔

    سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دونوں افراد کے خلاف ٹھوس شواہد اور گواہیاں موجود ہیں، عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد اپیل مسترد کردی۔

    ذوالفقار، فدا اور عباد علی نے 2009 میں شیخوپورہ سے گوجرانوالہ زیورات لے جانے والے آٹھ افراد پر فائرنگ کرکے سات افراد یعقوب، اصغر، محمد رفیع اور امجد سمیت سات افراد کو قتل کردیا تھا۔

    جس پر انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 2010 میں تینوں مجرموں کو سات سات بار پھانسی کی سزا سنائی تھی، مقدمے کا ایک ملزم عباد علی پہلے ہی جیل میں انتقال کرچکا ہے۔

    سانحہ پشاور کے بعد وزیرِاعظم نے پھانسی پر عائد پابندی ختم کردی تھی، جس کے بعد اب تک بائیس مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا یا جا چکا ہے، پنجاب میں چودہ ، سندھ میں سات اور کے پی کے میں ایک دہشتگرد کو پھانسی دی گئی ہے۔

  • لاہور ہائی کورٹ : پھانسی کے قیدی کی سزائے موت کیخلاف اپیل مسترد

    لاہور ہائی کورٹ : پھانسی کے قیدی کی سزائے موت کیخلاف اپیل مسترد

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پھانسی کے قیدی کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کر دی ہے۔

    ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے عمران نامی قیدی کی جانب سے اپیل کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ماتحت عدالت نے ناکافی شواہد کے باوجود پھانسی کی سزا دی جسے کالعدم قرار دیا جائے ۔

    عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد اپیل مسترد کرتے ہوئے ماتحت عدالت کی جانب سے دی گئی پھانسی کی سزا برقرار رکھی۔

    عمران نامی شخص کو 2010 میں دو افراد کے قتل کے الزام میں گوجرانوالہ کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی تھی۔

    واضح رہے کہ سانحہ پشاور کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے دہشتگردوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کے اعلان کے بعد ملک میں سزائے موت کے منتظر قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکانے کا سلسلہ جاری ہے۔

    حالیہ دنوں میں سزائے موت پانے والے مجرمان کی تعداد20ہوگئی ہے۔

  • لاہور ہائیکورٹ: دو ملزمان کی پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل

    لاہور ہائیکورٹ: دو ملزمان کی پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پانچ افراد کے قتل میں گرفتار دو ملزمان کی پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی پھانسی کی سزا کے منتظر یعقوب اور ابرار نے مؤقف اختیار کیا کہ انھوں نے کسی کو قتل نہیں کیا الزامات بے بنیاد ہیں، لہذا ان کی پھانسی کی سزا ختم کی جائے۔

    عدالت نے ملزمان کے خلاف ثبوت ناکافی ہونے کی بنیاد پر ان کی پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا ہے۔

    یعقوب اور ابرار پر الزام تھا کہ انھوں نے دوہزار تین میں فیصل آباد اور میانوالی میں پانچ افراد کو قتل کیا ہے۔

    ملزمان کے وکیل کا کہنا ہے کہ چونکہ دونوں ملزمان اپنی سزا پوری کرچکے ہیں، لہذا جلد ان کی رہائی کے لیے بھی درخواست دائر کی جائے گی۔

  • لاہور:عمر اورآمنہ کی حوالگی کا فیصلہ ماں کے حق میں

    لاہور:عمر اورآمنہ کی حوالگی کا فیصلہ ماں کے حق میں

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں دو بچوں کی جانب سے دائرکی گئی درخواست کا فیصلہ ماں کے حق میں ہوگیا، ماں کا کہنا ہے کہ اُسے بچوں کے سوا کچھ نہیں چاہیئے۔

    لاہور ایسا واقعہ پیش آیا، جہاں باپ کی سخت گیری تو بچوں کے آنسو نہ تھما سکی، البتہ ماں نے بچوں کے روتے زخموں پر مرہم رکھ دیا ۔

    واقعہ کے مطابق آمنہ اورعمر نامی دو کمسن بچوں نے لاہورہائی کورٹ میں درخواست دائر کی کہ اُن کی ماں اور باپ دونوں انہیں رکھنے کو تیار نہیں لیکن جب ماں کورٹ میں آئی تو اصل حقائق سے پردہ اُٹھا۔

    اُس کا کہنا تھا کہ اُس کے شوہر اور سسر نے اُس سے بچے چھین کر رابطہ منقطع کردیا تھا۔

    بچوں کے وکیل کا کہنا ہے کہ پہلے بچوں کو اپنے پاس رکھنے سے متعلق ماں کا موقف کچھ اور تھا تاہم کورٹ نے تمام بیانات اورحقائق کودیکھتے ہوئے فیصلہ ماں کے حق میں دیا اور بچے ماں کے حوالے کردیئے گئے ہیں۔

    عدالت نے اگلی پیشی پر بچوں کے والد کو طلب کرلیا ہے۔

  • عمران خان الیکشن کمیشن کے فیصلے کو قبول کریں ، سردارعلی محمد

    عمران خان الیکشن کمیشن کے فیصلے کو قبول کریں ، سردارعلی محمد

    لاہور:سردار ایاز صادق کے صاحبزادے سردار علی محمد نے کہا ہے کہ عمران خان دھاندلی کا شور مچانے کے بجائے الیکشن کمیشن کے فیصلےکا انتظار کریں۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سردارعلی محمد نے کہا کہ حلقہ این اے ایک سو بائیس میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست عمران خان نے دی تھی، اب ان کی درخواست پر ووٹوں کے تھیلے کھل رہے ہیں تو انہیں کمیشن کی طرف سے آنے والی رپورٹیں بھی خوش دلی سے قبول کرنی چاہئیں۔تیس ہزار ووٹ بوگس قرار دینے کا الزام حقیقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت کو دباؤ میں لانا چھوڑ دیں۔ دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ثابت ہو چکے ہیں۔

  • دہشتگرد فیض کے ڈیتھ وارنٹ کیخلاف ہائیکورٹ کی حکومت سے وضاحت طلب

    دہشتگرد فیض کے ڈیتھ وارنٹ کیخلاف ہائیکورٹ کی حکومت سے وضاحت طلب

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آباد جیل میں قید دہشتگرد فیض احمد کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کیخلاف درخواست پر سپرنٹنڈنٹ جیل سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ میں فیصل آباد جیل میں قید دہشتگرد فیض کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت میں مجرم نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کی پھانسی کیخلاف اپیل سپریم کورٹ میں زیرِالتواء ہے ، اس کے باوجود انسدادِ دہشتگردی کی عدات نے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے اور 14جنوری کو پھانسی دینے کا حکم دے دیا ہے۔

    اپیل میں کہا گیا کہ انسدادِ دہشتگردی عدالت کی جانب سے ڈیتھ وارنٹ کو سپریم کورٹ کے فیصلے تک کالعدم قرار دیا جائے۔

    لاہور ہائی کورٹ کے دوکنی بینچ نے ریمارکس دیئے کہ جب سپریم کورٹ میں اپیل زیرِ سماعت ہے تو ڈیتھ وارنٹ کیسے جاری کئے گئے، عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ سپرنٹنڈنٹ جیل سے تفصیلات لےکر ایک گھنٹے میں پیش ہوں۔

    واضح رہے کہ فیض احمد کو ننکانہ میں لانس نائیک طارق محمود کو شہید کرنے پر سزائے موت سنائی گئی تھی۔

  • این اے118 :عدالت نے مزید 99 تھیلوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا حکم دیدیا

    این اے118 :عدالت نے مزید 99 تھیلوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا حکم دیدیا

    لاہور :الیکشن ٹریبونل میں حلقہ این اے ایک سو اٹھارہ دھاندلی کیس کی سماعت ہوئی عدالت نے حلقے کے مزید ننانوے تھیلوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا۔

    مسلم لیگ ن کے ایم این اے ملک ریاض نے الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کی تھی ووٹوں کے ننانوے بیگ محکمہ خزانہ میں پڑے رہنے کی وجہ سے ان کی تاحال مکمل جانچ پڑتال نہیں ہوسکی لہذا حکم دیا جائے کہ ان تھیلوں کی بھی جانچ پرتال کی جائے جس پر عدالت نے کمیشن کو جانچ پڑتا ل مکمل کرکے سات جنوری کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

    این اے ایک سو اٹھارہ سے ن لیگ کے ملک ریاض نے کامیابی حاصل کی جس کے خلاف پی ٹی آئی کے حامد زمان نے درخواست دائر کی تھی۔

  • کوٹ لکھپت جیل کے 5دہشتگردوں کی سزائے موت برقرار

    کوٹ لکھپت جیل کے 5دہشتگردوں کی سزائے موت برقرار

    لاہور:  ہائیکورٹ نے سزائے موت کے پانچ مجرموں کی سزا کیخلاف حُکم امتناعی کی درخواستیں خارج کردیں ہیں، فوجی عدالت کی جانب سے سزائے موت دیئے جانے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

    لاہور ہائیکورٹ نے فوجی عدالت کی جانب سے سزائے موت پانے والے پانچ دہشت گردوں احسان عظیم،عامر یوسف ،آصف ادریس ،محمد ندیم اور کامران اسلم کی حکم امتناعی کی درخواستیں خارج کردیں، جسٹس ارشد محمود تبسم نے درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سُناتے ہوئے فوجی عدالت کی جانب سے سزائے موت دیئے جانے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

    جسٹس ارشد محمود تبسم نے کہا کے مجرموں کے ڈیٹھ وارنٹ قانون کے مطابق جاری ہوں گے، فوجی عدالت نے بارہ جنوری دوہزار چودہ کو پانچوں دہشت گردوں کو تین حوالداروں ، ایک نائب حوالدار، دو لانس نائیک، صوبیدار اورپوسٹ پر تعینات نسٹیبل کو گجرات کے علاقے چناب پل کے قریب فائرنگ کرکے شہید کیا تھا۔

    دس جون دوہزار چودہ کو دہشتگردوں کی تمام اپیلیں مجاز فورم سے مسترد ہوئیں تھیں ۔ مجرم اس وقت کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سزائے موت کے منتظر ہیں ۔

  • این اے122:  لاہورہائیکورٹ نے ایازصادق کی اپیل مسترد کردی

    این اے122: لاہورہائیکورٹ نے ایازصادق کی اپیل مسترد کردی

    لاہور: ہائیکورٹ نے این اے ایک سو بائیس پر ٹریبونل فیصلے کے خلاف قومی اسپیکر اسمبلی ایاز صادق کی درخواست مسترد کردی، تھیلے کھول کر ووٹوں کی جانچ پڑتال آج سے شروع ہوگی۔

    کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس اعجاز الحسن نے کی سردار ایازصادق کے وکیل نے دلائل دیئے کہ عمران خان کی الیکشن ٹریبونل میں دائر درخواست جعلی اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ تھی، جسکے خلاف مقدمہ بھی درج ہوچکا ہے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن ٹریبونل سے اس حوالے سے ان کے اعتراضات نہیں سنے، عمران خان کی شہادتیں مکمل ہونے کے بعد ٹریبونل نے فیصلہ سنا دیا جبکہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں، اعتراضات کا فیصلہ کیے بغیر کیس کی سماعت نہیں کی جاسکتی۔

    عدالت نے سردار ایاز صادق کی جانب سے الیکشن ٹریبونل کے این اے ایک سو بائیس سے متعلق فیصلے اور ٹریبونل کے جج کاظم ملک کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیں۔

    ایاز صادق کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے، ایاز صادق کی اپیل مسترد ہونے کے بعد این اے ایک سوبائیس پر ووٹوں کی جانچ پڑتال آج سے شروع ہوگی۔

  • لاہور ہائیکورٹ: سردار ایاز صادق نے 122 میں ووٹوں کے تھیلوں کی جانچ پڑتال کو چیلنج کردیا

    لاہور ہائیکورٹ: سردار ایاز صادق نے 122 میں ووٹوں کے تھیلوں کی جانچ پڑتال کو چیلنج کردیا

    لاہور: قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے حلقہ این اے 122 میں ووٹوں کے تھیلے کھول کر جانچ پڑتال کرنے کے الیکشن ٹریبونل کے حکم کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

    اسپیکر سردار ایاز صادق کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قانون کے مطابق ٹریبونل کو کسی بھی درخواست کے خلاف اعتراضات پر پہلے فیصلہ سنانا چاہیے تاہم ٹریبونل نے حلقہ این اے 122 کے متعلق درخواست اعتراضات سننے کی بجائے تھیلے کھول کر جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے جو قوانین کے خلاف ہے لہذا اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

    سردار ایاز صادق کی جانب سے درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حلقے سے ن لیگ کے امیدوار تیرانوےہزارتین سو نواسی ووٹ لیکر کامیاب قرارپائے تھے جبکہ عمران خان چوراسی ہزارپانچ سو سترہ ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے تھے۔

    سردار ایاز صادق کی جانب سے الیکشن ٹریبونل کے جج کاظم ملک کے خلاف توہین عدالت کی دارخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ ٹریبونل کسی بھی درخواست پر پہلے اعتراضات کا فیصلہ کرے جس کے بعد کارروائی آگے بڑھائی جائے تاہم کاظم ملک نے عدالتی احکامات کے خلاف ووٹوں کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے، جو سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے لہذا ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

    اس قبل الیکشن ٹریبونل نے عمران خان کی درخواست پر حلقہ این اے 122 میں ووٹوں کے تھیلے کھول کر ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا حکم دیا تھا۔