Tag: Lahore Police

  • حسان نیازی ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے

    حسان نیازی ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے

    کوئٹہ : مقامی عدالت نے رہنما پی ٹی آئی حسان خان نیازی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بھانجے اور ان کے فوکل پرسن حسان نیازی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    حسان نیازی کو جوڈیشل مجسٹریٹ سیون کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں لاہور پولیس نے راہداری ریمانڈ پرحوالے کرنے کی استدعا کی۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ کلیم اللہ موسیانی کی عدالت نے ملزم حسان نیازی کو چیمبر میں طلب کرکے راہداری ریمانڈ دیا گیا۔

    اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بھانجے اور ان کے فوکل پرسن حسان نیازی تھری ایم پی او کے تحت جیل میں نظر بند کیا تھا۔

    بیرسٹر حسان خان نیازی کو محکمہ داخلہ بلوچستان نے تھری ایم پی او کے تحت ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں نظر بند کیا گیا تھا۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ کلیم اللہ موسیانی کی عدالت نے ملزم حسان نیازی کو چیمبر میں طلب کرکے راہداری ریمانڈ دیا گیا

    اس موقع پر حسان نیازی کے وکیل اقبال شاہ نے کہا کہ حسان نیازی کو عدالت میں ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا گیا جو غلط اقدام ہے، پنجاب پولیس کی پھرتیاں دیکھنے والی ہیں یہ حسان کو بذریعہ سڑک لے گئے، یہ بھی تشدد ہے کہ انہیں چار چار دن تک سونے نہیں دیا جارہا۔

  • پولیس کی زمان پارک میں ایک بار پھر آپریشن کی تیاری

    پولیس کی زمان پارک میں ایک بار پھر آپریشن کی تیاری

    لاہور : سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پر پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کیلئے ایک بار پھر آپریشن کی تیاری کرلی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کا زمان پارک میں گرینڈ آپریشن کیلیے علی الصبح جانے کا امکان ہے جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مختلف ڈویژنز کی نفری کو وائرلیس پیغام کے ذریعے صبح 3بجے متعلقہ تھانوں میں پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اس سلسلے میں پولیس اہلکاروں نے زمان پارک کے اطراف کے علاقوں میں آمد و رفت بند کرنے کیلیے کنٹینروں کی پکڑ دھکڑ بھی شروع کردی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس حکام نے وائرلیس پیغام میں ہدایات جاری کرتے ہوئے سختی سے تنبیہہ کی ہے کہ صبح3بجے نہ پہنچنے والے افسران واہلکار اپنے آپ کو ملازمت سے معطل سمجھیں۔

    ذرائع کے مطابق تھانوں میں پہنچنے والے افسران بریفنگ دیں گے، یہ آپریشن گزشتہ روز کیے جانے والے درج مقدمات کے تحت کیا جائے گا۔

  • حفاظتی ضمانت کے باوجود گرفتار کرنا جنگل کا قانون ہے، عمران خان

    حفاظتی ضمانت کے باوجود گرفتار کرنا جنگل کا قانون ہے، عمران خان

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پولیس حفاظتی ضمانت کے باوجود مجھے گرفتار کرنے آئی یہ جنگل کا قانون ہے، تاہم جیل جانے کیلئے میں ذہنی طور پر تیار ہوں۔

    غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نہیں جانتا اگر گرفتار ہوگیا تو کتنی راتیں جیل میں گزارنی پڑیں گی لیکن میں جیل میں رات گزارنے کیلئے ذہنی طور پر تیار ہوں۔ میں نے18تاریخ تک حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے، پولیس حفاظتی ضمانت کے باوجود آئی، میری گرفتاری کا کوئی جواز نہیں بنتا یہ جنگل کا قانون ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ٹی وی پرچلنے والی خبروں سے پتہ چلا کہ پولیس مجھے گرفتار کرنے آرہی ہے، مجھے لگتا ہے اس بار ان لوگوں کا مجھے جیل میں ڈالنے کا پورا ارادہ ہے، زمان پارک سے تمام ترصورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس جب آئی تو کارکنان زیادہ تعداد میں موجود نہیں تھے، پولیس نے ہٹانے کی کوشش کی پر کارکنان ڈٹ گئے،ٓ پولیس نے پہلے واٹرکینن کا استعمال کیا پھر آنسو گیس کی شیلنگ کی، میرے گھر کے اندر بھی آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔

    اس وقت خاموشی ہے، پولیس مزید نفری جمع کررہی ہے، تشویش کی بات یہ ہے کہ تمام معاملے میں بدنیتی واضح ہورہی ہے، ٓمیں پاکستان میں قانون کی حکمرانی چاہتا ہوں، قانون کی حکمرانی کا مطلب جو بھی خلاف ورزی کرے اسے سزا ملنی چاہیے، ملک میں سب کو قانون کےتابع ہونا پڑے گا، پولیس حفاظتی ضمانت کے باوجود آئی، یہ جنگل کا قانون ہے۔

    مزید پڑھیں : آج عمران خان کو ضرور گرفتار کریں گے، رانا ثنا اللہ

    انہوں نے کہا کہ نہ صرف پولیس بڑی تعداد میں ہے بلکہ رینجرز بھی موجود ہے، ایسا لگ رہا ہے جیسے میں کوئی خطرناک دہشت گرد ہوں اور آپریشن کیا جارہا ہے، یہ لوگ الیکشن نہ کرانے کے لئے ہر اقدام کررہے ہیں، مجھےراستے سے ہٹانے کیلئے جیل بھیجنا یا قتل کرانا چاہتے ہیں، میرے خلاف توہین مذہب، بغاوت، قتل، دہشت گردی کی دفعات کے تحت 80مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بھی کہا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے، میرے وکلا کہتے ہیں پیشی چاہتے ہیں تو کم از کم سیکیورٹی تو دیں، مجھے گرفتار کیا گیا تو کارکنان سڑکوں پر ہوں گے، میں کارکنوں سے کہہ چکا ہوں کہ تشدد سے کوئی فائدہ نہیں، ہم انتخابات چاہتےہیں، تشدد کا انہیں فائدہ ہے جو الیکشن نہیں چاہتے۔

  • لاہور : زمان پارک میں پولیس کے گرینڈ آپریشن کی تیاری

    لاہور : زمان پارک میں پولیس کے گرینڈ آپریشن کی تیاری

    لاہور پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں بڑے آپریشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں، اس سلسلے میں شہر کے تمام تھانوں کی نفری کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے خواجہ رمضان مجید کے مطابق لاہور مال روڈ پل فلائی اوور پر تمام تھانوں سے نفری منگوالی گئی ہے، ڈولفن فورس اور پولیس رسپانس یونٹ (پی آر یو) بھی تیار ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زمان پارک پر گرینڈ تاریخی آپریشن کرکے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو گرفتار کئے جانے کا قوی امکان ہے۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کارکنوں کو جلد سے جلد زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق زمان پارک اور ملحقہ علاقوں کی بجلی بھی بند کر دی گئی ہے ، پولیس کی بھی وقت آپریشن شروع کر سکتی ہے ۔

    پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرم پورہ سے زمان پارک جانے والے تحریک انصاف کے کارکن پر راستے میں تعینات پولیس اہلکاروں نے تشدد کیا جس سے علی سفیان نامی کارکن زخمی ہوگیا۔

    تحریک انصاف کے کارکنوں کی کثیر تعداد زمان پارک کے باہر موجود ہے جہاں وہ عمران خان کے حق میں خوب نعرے بازی کررہے ہیں۔ کارکنوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پارٹی پرچم تھام رکھے ہیں۔ سابق ارکان اسمبلی بھی زمان پارک کے باہر موجود ہیں۔

  • لاہور : ہنگامہ آرائی میں پولیس افسران و اہلکار بھی زخمی ہوئے، ترجمان

    لاہور : ہنگامہ آرائی میں پولیس افسران و اہلکار بھی زخمی ہوئے، ترجمان

    لاہور : پنجاب کے سب سے بڑے شہر لاہور میں نکالی جانے والی ریلی کے موقع پر ہونے والے ہنگامی حالات پر قابو پانے کے دوران پولیس اہلکار اور افسران بھی زخمی ہوئے ہیں۔

    یہ دعویٰ لاہور پولیس نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے، ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں امن وامان کنٹرول کرتے ہوئے پولیس کے کئی افسران و اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق اس دوران ہونے والے تشدد سے2ڈی ایس پیز،1ایس ایچ او سمیت11پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں ڈی ایس پی سبزہ زار، ڈی ایس پی ٹاؤن شپ، ایس ایچ او ہنجروال شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ اہلکاروں میں کانسٹیبل عرفان، ندیم، بلال، وقار اور عبدالستار، کانسٹیبل علی عصمت، سکندر، علی حمزہ زخمیوں میں شامل ہیں، ترجمان پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اسپتال میں زیر علاج بہیمانہ تشدد سے شدید زخمی ہونے والے ایک پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

  • لاہور : شوہر اور سسرالیوں کا بہیمانہ تشدد، خاتون جاں بحق

    لاہور میں شوہر اور سسرالیوں نے گھریلو جھگڑے کے دوران خاتون کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر جان سے مار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں قتل کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد سے شدید زخمی ہونے والی خاتون کو حالت غیر ہونے پر اسپتال لایاگیا جہاں وہ ایک روز بعد دوران علاج دم توڑ گئی۔

    خاتون کی ہلاکت پر پولیس نے اس کے بھائی نثار کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا، جبکہ واقعے کے بعد مقتولہ کا شوہر اور سسرال والے گھر سے غائب ہیں۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم ارشد، اشرف اور نیلم نے مقتولہ پرتشدد کے بعد زہریلی دوا پلائی، پولیس نے مذکورہ ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، لاش کو قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا جائے گا۔

  • لاہور میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا دوسرا فرار

    لاہور کے علاقے مانگا منڈی چاہ تمولی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق 2 ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹ کر فرار ہو رہے تھے کہ موقع پر پولیس پہنچ گئی، پولیس نے ان کا تعاقب کیا تو ڈاکووں نے فائرنگ کردی۔

    پولیس کے مطابق ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے ہلاک ہوا جبکہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی جو ملتان روڈ کا رہائشی تھا، اس سے قبل عرفان کا ساتھی زاہد بھی 2روز قبل مانگا منڈی میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہوا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں نے چند روز قبل ایک واردات کے دوران 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا تھا، عرفان کے قبضے سے موٹر سائیکل اور2پستول برآمد ہوئے ہیں جبکہ ساتھی کی تلاش جاری ہے۔

  • لاہور: بلوڈان گروپ کی 17سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی

    لاہور: بلوڈان گروپ کی 17سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی

    لاہور میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کا سلسلہ تاحال تھم نہ سکا اور اس قسم کے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، پولیس روایتی بےحسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق لاہور کے دو علاقوں میں درندہ صفت ملزمان نے خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا تاہم پولیس ابھی تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کرپائی۔

    ایف آئی آر میں لکھے گئے متن میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے علاقے سٹی رائیونڈ میں 17سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی کی گئی اور ملزمان نے اس کی ویڈیو بھی بنائی۔

    متن میں بتایا گیا ہے کہ رائیونڈ کی رہائشی لڑکی اپنے چھوٹے بہن بھائی کے ساتھ کسی کام سے جارہی تھی کہ راستے سے بدمان زمانہ بلوڈان گروپ کے کارندے لڑکی کو اسلحہ کے زور پر گاڑی میں اغواء کرکے لے گئے۔

    سفاک ملزمان نے مغوی لڑکی سے اجتماعی زیادتی کی اور اس کی ویڈیو بھی بنائی، تھانہ سٹی رائیونڈ میں متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    دوسرے واقعے میں کوٹ لکھپت میں بہنوئی نے شادی شدہ سالی کو جنسی درندگی کا نشانہ بنا ڈالا، ملزم فخرالدین نے بیوی کی بہن کو گھر میں اکیلا پاکر زیادتی کا نشانہ بنایا،تھانہ کوٹ لکھپت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    مزید پڑھیں : لاہور میں ایک ہی دن دو خواتین مبینہ زیادتی کا شکار

    ذرائع کے مطابق دونوں مقدمات میں مفرور ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ واضح رہے کہ لاہور میں زیادتی کے ایک کے بعد ایک واقعے نے پنجاب پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

  • ہوٹل میں تیزاب پینے والے بچوں کی حالت تشویشناک، منیجر گرفتار

    ہوٹل میں تیزاب پینے والے بچوں کی حالت تشویشناک، منیجر گرفتار

    لاہور : لاری اڈے کے قریب مقامی ہوٹل میں انتظامیہ نے سالگرہ منانے کیلئے آنے والے بچوں کو مبینہ طور پر پانی کے بجائے تیزاب پلادیا جس سے ان کی حالت تشویشناک ہوگئی۔

    مقامی شہری عادل نے تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کرا دیا، مدعی کا مؤقف تھا کہ گریٹر اقبال پارک میں واقع نجی ریستوران میں پانی پینے اور استعمال کرنے سے میرے بھتیجے اور بھانجی کی حالت بگڑ گئی۔

    اس نے بتایا کہ بھتیجے احمد کا ہاتھ پانی سے دھلوایا گیا تو اس کا ہاتھ بھی جھلس گیا جب کہ ڈھائی سالہ وجیہہ کو پانی پلایا تو اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔

    تیزاب پینے سے فیملی کے3افراد کے متاثرہونے کا واقعہ 4روزپہلے پیش آیاتھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں ایک شخص بچے کے ہاتھ پانی سے دھلوارہا ہے۔

    فیملی کے مطابق دونوں بچوں کی حالت بگڑنے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ متاثرین میں اڑھائی سال کی بچی وجیہہ،کزن احمد اور ماموں شامل ہیں۔

    دوسری جانب پولیس نے فیملی کی درخواست پر ریسٹورنٹ انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج کرکے مینجر کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غلطی ہوئی یا دانستہ طور پر ایسا کیا گیا اس کی تفتیش جاری ہے۔

    تیزاب پینے سے بچی 4دن سے آئی سی یو میں داخل ہے، دوران علاج اڑھائی سال کی وجیہہ کو اب تک8خون کی بوتلیں لگ چکی ہیں۔

  • لاہور پولیس نے یاسمین راشد، شفقت محمود سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کو بے قصور قرار دے دیا

    لاہور پولیس نے یاسمین راشد، شفقت محمود سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کو بے قصور قرار دے دیا

    لاہور: لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں لاہور پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور شفقت محمود سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کو بے قصور قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس کی سماعت آج سیشن عدالت لاہور میں ہوئی، لاہور پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو بے قصور قرار دے دیا۔

    پولیس نے کہا کہ اس سلسلے میں رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرا دی گئی۔

    عدالت میں تحریک انصاف کے 13 رہنماؤں نے ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں، وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ پولیس نے تفتیش میں بے گناہ قرار دے دیا ہے اس لیے عدالت سے ضمانت کی درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں، جس پر عدالت نے بھی کیس نمٹا دیا۔

    جن رہنماؤں نے درخواستیں واپس لیں ان میں حماد اظہر، یاسر گیلانی، یاسمین راشد، عندلیب عباس، جمشید چیمہ، مسرت جمشید، اعجاز چوہدری، ندیم عباس بارا، میاں اسلم، اور محمود الرشید و دیگر شامل ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف اسلام پورہ، شفیق آباد، شاہدرہ، گلبرگ اور بھاٹی گیٹ تھانے میں مقدمات درج تھے۔

    پی ٹی آئی رہنما مراد راس نے کہا آج ہم سب پر دہشت گردی کی دفعات ختم ہو گئی ہیں، ہمارا فوکس عوام کو ریلیف دینے میں ہے، ہم جو بھی پنجاب کے عوام کے لیے کر سکیں گے، وہ نظر آئے گا۔