Tag: Lahore Police

  • پی ٹی آئی کی حمایت: اداکار کاشف محمود کی گرفتاری و رہائی

    پی ٹی آئی کی حمایت: اداکار کاشف محمود کی گرفتاری و رہائی

    لاہور: پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کرنے والے اداکار کاشف محمود کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا بعدازاں انہیں رہا کردیا گیا۔

    لاہور پولیس نے ویلنشیاء ٹاؤن میں ٹی وی اداکار اور پی ٹی آئی رہنماء کاشف محمود کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں گرفتار کرکے لے گئی، اداکار کے بھائی رحمن محمود نے کہا ہے کہ پولیس سیڑھی لگا کر گھر میں داخل ہوئی ،اہل خانہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور بھائی کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئی۔

    بعدازاں کچھ دیر بعد کاشف محمود کو رہا کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے اداکار کاشف محمود کا کہنا تھا کہ پتا نہیں مجھے اور میرے گھر والوں کو کس جرم کی سزا دی گئی، پولیس نے میرے گھر ایسے دھاوا بولا جیسے ہم بہت بڑے مجرم ہیں، مجھے رہا تو کردیا گیا لیکن مجھے جو تکلیف پہنچ گئی وہ واپس نہیں آسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں میں برداشت ختم ہوتی جارہی ہے، ہم سب کو برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے، بالخصوص حکومت کو، اگر عمران خان کو ووٹ دینا اور انہیں سپورٹ کرنا جرم ہے تو میں یہ جرم بار بار کرتا رہوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ کسی کو ووٹ دینا یا سپورٹ کرنا ہمارا حق ہے، ایک اداکار کو ایسے پکڑا گیا بلکہ کارکنوں کو بھی ایسے گرفتار کرنا غلط ہے، مجھے جو تکلیف دی گئی میں اسے زندگی بھر نہیں بھولوں گا اور اتنا ہی کہوں گا کہ اختلافات اپنی جگہ لیکن برداشت پیدا کی جائے۔

  • لاہور پولیس کا انوکھا کارنامہ، چار سالہ بچے پر فائرنگ کا مقدمہ

    لاہور پولیس کا انوکھا کارنامہ، چار سالہ بچے پر فائرنگ کا مقدمہ

    لاہور : پنجاب پولیس نے انوکھے کارنامہ کی مثال قائم کرتے ہوئے چارسالہ معصوم بچے پر فائرنگ اور دھمکیوں کے مقدمات درج کر دیئے۔ لاہور پولیس نے چار سالہ بچے کو مولا جٹ بنادیا، عدالت نے پولیس کے اس اقدام پر رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی مضحکہ خیز رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چار سالہ اسحاق نے اپنے سے 10 گنا بڑی عمر کی خاتون یاسمین بی بی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور اہل خانہ کو زدوکوب کر کے زخمی کیا اور دھمکیاں بھی دیں۔

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ 4 سالہ اسحاق فائرنگ کرتا ہے، لوگوں کو دھمکیاں بھی دیتا ہے، پولیس نے بچے کو عدالت میں پیش کردیا۔

    اسحاق اپنے باپ کی گود میں بیٹھ کرملزم کی حیثیت میں پیش ہوا، بچے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تھانہ چوہنگ پولیس نے مدعی مقدمہ کی بے بنیاد درخواست پر دھمکیاں دینے اور ہوائی فائرنگ کے الزام میں کمسن بچے اسحاق کو جان بوجھ کر ملوث کیا ہے جبکہ اس کے علاوہ بھی دیگر5رشتے داروں کو اس میں ملوث کیا گیا ہے۔

    انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ بچے کی عبوری ضمانت منظور کی جائے جس پر عدالت فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد کم سن ملزم کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    ایڈیشنل سیشن جج نے کمسن بچے پر مقدمہ درج کرنے پر برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے سترہ اکتوبر تک ضمانت قبل از گرفتاری منظورکرلی اور پولیس سے تفصیلی جواب طلب کرلیا ہے۔

  • لاہور پولیس کے نجی ٹارچر سیل کا انکشاف

    لاہور پولیس کے نجی ٹارچر سیل کا انکشاف

    لاہور: شہر میں‌ پولیس کے ایک نجی ٹارچر سیل کا انکشاف ہوا ہے جہاں ایک ملزم کو 5 روز سے حبس بے جا میں رکھا گیا ہے، ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔

    لاہور کے تھانہ مغل پورہ کی حدود میں پولیس کے نجی ٹارچر سیل کا انکشاف ہوا ہے جہاں 5 روز سے ظہیر نامی ملزم کو رکھا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملزم ظہیر کے خلاف تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں ہے لیکن پولیس اسے نجی سیل میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے

    ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے نجی ٹارچر سیل کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ نجی ٹارچر سیل قائم کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

  • لاہور: پی ٹی آئی کی ریلی کو فول پروف سیکیورٹی دینے سے انکار

    لاہور: پی ٹی آئی کی ریلی کو فول پروف سیکیورٹی دینے سے انکار

    لاہور: پولیس نے تحریک انصاف کی ریلی کو فول پروف سیکیورٹی دینے سے معذرت کرلی اور کہا ہے کہ پوری ریلی کو سیکیورٹی نہیں دے سکتے تاہم تین جگہ پر چیکنگ کی جائے گی۔

    محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی ریلی کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ریلی کو تین مقامات پر روک کرچیک کیا جائے گا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی ریلی کو سیکیورٹی دیں گے اور ریلی کے تمام شرکا کو بیرئیر لگا کر تین مقامات پرچیک کیا جائےگا تاہم پوری ریلی کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی مشکل کام ہے اس لیے کہ تحریک انصاف کی ریلی سے متعلق سیکیورٹی خدشات ہیں۔

    اس ضمن میں‌ وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو کل کی ریلی پر دہشت گردی کے خدشات سے آگاہ کردیا ہے.

  • لاہور میں 5 ماہ سے گھر میں قید بچے بازیاب

    لاہور میں 5 ماہ سے گھر میں قید بچے بازیاب

    لاہور: اقبال ٹاؤن میں پانچ ماہ سے گھرمیں قید دو بچوں کو گلشن اقبال پولیس نے بازیاب کروالیا۔

    تفصیلات کے مطابق سکندربلاک اقبال ٹاؤن کے رہائشی محمد کاشف نے سات سالہ سفیان اور بارہ سالہ بچی سعدیہ کو پانچ ماہ سے گھر میں قید کیا ہوا تھا ، سیکورٹی گارڈ کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مار کر دونوں بچوں کو بازیاب کروالیا۔

    گھر کے مالکان دونوں بچوں پر تشدد کرتے تھے، ان کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود ہیں، بچوں کا کہنا تھا کہ مالکان انہیں پائپ سے مارتے تھے۔

    پولیس نے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیا جبکہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

  • لاہور:3 ڈاکوؤں کا گروہ گرفتار،اسلحہ اورمسروقہ سامان برآمد

    لاہور:3 ڈاکوؤں کا گروہ گرفتار،اسلحہ اورمسروقہ سامان برآمد

    لاہور: پولیس نے کارروائی کرکے تین افراد پر مشتمل ڈکیت گینگ کو گرفتار کرلیا۔

    لاہور کے علاقہ ساندہ میں پولیس نے چھاپہ مار کر تین ڈاکوؤں کے ایک گروہ کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس کے مطابق عامر لودھی، حارث لودھی اور ابراہیم لودھی نامی تینوں ڈاکوؤں سے آٹھ موبائل فونز، اسلحہ، گولیاں اورنقدی قبضہ میں لے لی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں ڈاکو متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔

    پولیس نے تینوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔

  • لاہور: حساس اداروں اور پولیس کی کارروائی،3دہشت گرد ہلاک

    لاہور: حساس اداروں اور پولیس کی کارروائی،3دہشت گرد ہلاک

    لاہور: حساس نے اداروں نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے برکی روڈ پر تحریکِ طالبان فضل اللہ گروپ کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

    لاہور برکی روڈ پر مکان میں حساس اداروں کی کارروائی میں تین دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق فضل اللہ گروپ سےہے اور تینوں دہشت گردوں کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے بتایا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے برکی روڈ پر ایک مکان کرائے پر لے رکھا تھا، واقعے سے قبل مبینہ دہشتگردوں کو فضل اللہ سے رابطے کرنے کے دوران حساس اداروں نے اسپاٹ کیا اور برکی روڈ پر موٹرسائیکل پر فرار ہونے والے مشتبہ دہشتگردوں کومقابلے کے بعد ہلاک کردیا ۔

    ساتھیوں کی ہلاکت پر دہشت گرد روح اللہ نےخود کو دھماکے سےاڑالیا، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور شناختی کارڈ برآمد ہوئے ہیں۔

    روح اللہ کو واہگہ بارڈر دھماکے کا ماسٹر مائنڈ بھی بتایا جارہا ہے۔

  • داعش کے کتابچے تقسیم کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم جاری

    داعش کے کتابچے تقسیم کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم جاری

    لاہور:پولیس نے داعش کے کتابچے تقسیم کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف نے شہر میں داعش کے کتابچوں کی تقسیم پر سخت نوٹس لیا ہے اور شہر بھر کے ایس ایچ اوز کو داعش کا لٹریچر تقسیم کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے بھی درخواست ہے کہ داعش کا لٹریچر تقسیم کرنے والوں کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔

    واضح رہے کہ لاہور میں داعش کے کتابچے کی تقسیم شروع کردی گئی ہے، داعش کے تقسیم ہونے والے کتابچے میں داعش کے امیر مولانا ابوبکر حسینی بغدادی کے بیانات کے چودہ صفحے شامل کئے گئے ہیں۔

  • پنجاب پولیس کی پھرتیاں، لڑکی کو چھیڑنے پر 6سالہ بچے پر مقدمہ درج

    پنجاب پولیس کی پھرتیاں، لڑکی کو چھیڑنے پر 6سالہ بچے پر مقدمہ درج

    لاہور: پنجاب پولیس کی پھرتیاں اپنے عرج پر پہنچ گئیں،6سالہ بچے کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا اور چالان بھی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ عدالت نے بچے کے خلاف مقدمہ ختم کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے چھ سالہ بچے کیخلاف لڑکی کو چھیڑنے کا مقدمہ درج کرلیا تھا جس کے بعدآج  چھ سالہ بچہ حسین اپنی ماں کے ساتھ ضمانت کیلئے عدالت پہنچ گیا۔

    پنجاب پولیس کا ایک اور کارنامہ سامنے آیا جس میں کسی نوجوان یا دل پھینک بوڑھے پر نہیں بلکہ چھ سالہ بچے پر لڑکی کو چھیڑنے کے الزام میں مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس نے لاہور کے علاقے شالیمار میں چھ سالہ بچے کو لڑکی کو چھیڑنے کے الزام میں گرفتارکر کے مقدمہ درج کرلیا۔

    چھ سالہ حسین اپنی والدہ کے ہمراہ ضمانت کیلئے آج صبح عدالت پہنچ گیا۔ عدالت نے فوری طور پر بچے کے خلاف مذکورہ مقدمہ ختم کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعہ کا نوٹس لےلیا۔ ڈی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ واقعے کی مکمل انکوائری کی جائے گی اور ملوث پولیس افسران کے خلاف محکمانہ قانونی کارروائی بھی ہوگی۔

  • حضرت علیؑ کی یوم شہادت کے موقع پر خصوصی سیکورٹی15ہزار اہلکارتعینات

    حضرت علیؑ کی یوم شہادت کے موقع پر خصوصی سیکورٹی15ہزار اہلکارتعینات

    لاہور:حضرت علیؑ کی یوم شہادت کے موقع پر لاہور میں جلسوسوں کے لیے خصوصی سیکورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے، لاہور پولیس کے پندرہ سو سے زائد اہلکار مرکزی جلوس کی سیکورٹی پر تعینات ہوں گے۔

    حضرت علیؑ کے یوم شہادت کے موقع پر امام بارگاہ مبارک حویلی سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کی نگرانی کے لیے سخت ترین سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    مرکزی جلوس کے روایتی راستوں پر پولیس اہلکاروں کے تعیناتی کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی جلوس کی نگرانی کی جائے گی، امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پر بوقت افطار ختم ہونے والے مرکزی جلوس کی نگرانی پر پندرہ سو پولیس اہلکار تعینات رہیں گے۔

    کمشنر لاہور کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں اکیس رمضان کو حضرت علیؑ کی شہادت کی مناسبت سے برآمد ہونے والے دیگر درجنوں جلوسوں کو بھی اے کٹیگری سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تاحال لاہور انتظامیہ نے اکیس رمضان کو موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔