Tag: Lahore

لاہور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر اور صوبہ پنجاب کا دارالحکومت ہے۔ یہ تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے ایک بہت اہم شہر ہے۔ اسے اکثر "پاکستان کا دل” بھی کہا جاتا ہے۔ لاہور اپنی شاندار تاریخی عمارات، جیسے بادشاہی مسجد، لاہور قلعہ، اور شالامار باغ کے لیے مشہور ہے۔ یہ شہر علم و ادب، فنون لطیفہ، اور ذائقہ دار کھانوں کا بھی مرکز ہے۔ لاہور ایک زندہ دل اور پررونق شہر ہے جو اپنی مہمان نوازی اور ثقافتی روایات کے لیے جانا جاتا ہے۔

  • لاہور میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باوجود فضائی آلودگی میں اضافہ کی شرح برقرار

    لاہور میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باوجود فضائی آلودگی میں اضافہ کی شرح برقرار

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باوجود فضائی آلودگی میں اضافہ کی شرح برقرار ہے۔

    محکمہ ماحولیات کے مطابق لاہور شہر کا مجوعی ایئر کوالٹی انڈیکس 380 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا ہے، دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج بھی سرفہرست ہے، شہر میں حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا گیا ہے تاہم اس کے اثرات سامنے نہ آ سکے۔

    ماہرین کی جانب سے شہریوں کو ماسک لگانے اور احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسموگ کنٹرول کے لیے متاثرہ علاقوں میں مصنوعی بارش بھی برسائی جائے گی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے، آج لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26، کم سے کم 13 تک جانے کا امکان ہے، شہر میں نمی کا تناسب 88 فی صد ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ اگلے 24 گھنٹوں میں موسم خشک رہے گا، اور بارش کے امکانات موجود نہیں ہیں۔

  • آنکھوں کے انجیکشن فروخت کرنے پر نوید عبداللہ، بلال رشید کے خلاف مقدمہ درج

    آنکھوں کے انجیکشن فروخت کرنے پر نوید عبداللہ، بلال رشید کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور: آنکھوں کے جعلی انجیکشن فروخت کرنے پر ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں تھانہ فیصل ٹاؤن میں آنکھوں کے انجیکشن سے بینائی جانے کے کیس میں ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر نے ڈرگ ایکٹ کے تحت ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔

    مقدمے میں ملزم نوید عبداللہ اور بلال رشید کو نامزد کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق ڈرگ اتھارٹی نے سائرہ میموریل اسپتال کو سیل کر دیا ہے، جہاں سے ملزمان مختلف اسپتالوں میں جعلی انجیکشن فروخت کر رہے تھے۔

    نگراں صوبائی وزیر جمال ناصر کے مطابق آنکھوں کے انجیکشن ایواسٹن سے بینائی جانے کے کیسز ملتان، صادق آباد، لاہور اور قصور میں پیش آئے ہیں، نوید اور حافظ بلال کے خلاف ایف آئی آر درج ہو گئی ہے، یہ لوگ انجیکشن سے لاکھوں روپے کما رہے تھے۔

    زیادہ فائدے کے لیے آنکھوں کا انجیکشن 6 حصوں میں تقسیم کیے جانے کا انکشاف

    واضح رہے کہ یہ بھی معلوم ہوا کہ لاہور کے نجی اسپتال میں انجکشن کمپنی نے جگہ کرائے پر لے رکھی تھی، جہاں بین الاقوامی کمپنی کا انجیکشن خرید کر 6 حصوں میں تقسیم کیا جاتا تھا، اور الگ الگ خوارکیں بنا کر فروخت کر کے غیر قانونی کمپنی فائدہ کما رہی تھی۔

    ڈی جی ڈرگ کنٹرول محمد سہیل کے مطابق مذکورہ کمپنی ڈرگ کنٹرول اتھارٹی سے لائسنس یافتہ نہیں تھی، اور غیر قانونی طور پر انجیکشن تیار کر رہی تھی، ایک انجکشن کی الگ الگ خوارکیں فروخت نہیں کی جا سکتیں، خرابی بھی اسی سے پیدا ہوئی۔

  • کاروباری اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری

    کاروباری اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری

    لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کاروباری اوقات کار میں تبدیلی کردی، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    ڈی سی لاہور کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق رات10 بجے کی بجائے 11 بجے تک کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے، تمام چھوٹی اور بڑی مارکیٹیں رات 11 بجے بند ہوں گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شاپنگ مال، سویٹس شاپ، بیکریاں بھی پورا ہفتہ رات 11 بجے بند ہوں گی جبکہ ریسٹورنٹ، ہوٹلز، کافی شاپ اور کیفے بھی رات 11 بجے تک کھولنے کی اجازت ہے۔

    اس کے علاوہ میڈیکل اسٹور، فارمیسی، ٹائر پنکچر شاپس، پیٹرول پمپس پر وقت کی کوئی پابندی نہیں ہوگی جبکہ سی این جی اسٹیشنز، تندور، دودھ دہی کی دکانیں پورا ہفتے24گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

  • لاہور: مین ہول میں گرنے والے 2 افراد چل بسے

    لاہور: مین ہول میں گرنے والے 2 افراد چل بسے

    لاہور: گجو متہ میں صفائی کے دوران مین ہول میں گرنے والے 2 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے گجو متہ کے علاقے میں صفائی کے دوران مین ہول میں 2 افراد  گرگئے، دونوں افراد میں ہول میں گرنے کے باعث دم توڑ گئے۔

    پولیس کے مطابق امدادی ٹیموں نے مین ہول سے دونوں افراد کی لاشیں نکالی لی، پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔

    اس سے قبل ہی لاہور کے علاقے غازی روڈ پر صفائی کے غرض سے مین ہول میں اترنے والےت واسا کے 2 اہلکار اپنی جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    اُس واقعے پر ریسکیوذرائع کا کہنا تھا کہ واسا اہلکارجومین ہولزمیں اتر کر صفائی ستھرائی کا کاکام کرتے ہیں واسا کی جانب سے انہیں کوئی حفاظتی کٹ تک مہیا نہیں کی جاتیں جس کی وجہ سے ایسے افسوسناک حادثات پیش آتے ہیں۔

    عوام کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ جب سے شروع ہوا ہے لاہور میں مین ہولز کی صفائی پرزیادہ توجہ نہیں دی جا رہی اس لئے جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہیں، گٹر ابل رہے ہیں ۔

  • لاہور اور صادق آباد میں خواتین کو ہراساں کرنے والے افراد گرفتار

    لاہور اور صادق آباد میں خواتین کو ہراساں کرنے والے افراد گرفتار

    لاہور: جہاں کراچی میں ایک خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کا تاحال پتا نہیں چل سکا ہے، وہاں لاہور اور صادق آباد میں خواتین کو ہراساں کرنے والے افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے لوہاری گیٹ گلی میں بچی سے فحش حرکات اور ہراساں کرنے والا اوباش گرفتار کر لیا گیا، ویڈیو وائرل ہونے پر ایس پی سٹی نے ملزم کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کر دی تھی۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم اندرون لاہور کی تنگ گلیوں میں لڑکیوں کو تنگ کرتا تھا، ویڈیو میں ملزم کو فحش حرکات کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم کی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے 1 گھنٹے میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    دوسری طرف صادق آباد کے علاقے لغاری کالونی میں نازیبا حرکت کر کے ایک خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم بھی دھر لیا گیا ہے،ملزم کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

  • لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر پولیس کے چھاپے

    لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر پولیس کے چھاپے

    لاہور: پولیس نے لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارنا شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف فیصلے کے بعد لاہور پولیس نے سڑکوں پر امن و امان کی صورت حال کو قابو میں‌ رکھنے کے لیے پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے شروع کر دیے ہیں۔

    اس سلسلے میں آپریشن پولیس سڑکوں پر لا اینڈ آرڈر کو کنٹرول کرے گی، جب کہ انویسٹی گیشن اور سی آئی اے پولیس رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔

    کسی بھی احتجاج کی صورت میں مظاہرین کو فوری حراست میں لیا جائے گا، پولیس کو کارکنوں کی فہرستیں بھی دوبارہ فراہم کر دی گئیں ہیں۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید کی سزا سنادی گئی اور ایک لاکھ جرمانہ عائد کر دیا، انھیں 5 سال کے لیے الیکشن ایکٹ کے تحت نا اہل بھی قرار دے دیا گیا ہے۔

    توشہ خانہ کیس : چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرلیا گیا

    عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جس پر انھیں لاہور میں زمان پارک سے گرفتار کر کے کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • لاہور بھاٹی گیٹ میں‌ مکان میں‌ آتش زدگی، ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق

    لاہور بھاٹی گیٹ میں‌ مکان میں‌ آتش زدگی، ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق

    لاہور: بھاٹی گیٹ میں‌ مکان میں‌ آتش زدگی کے باعث ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ محلہ سمیاں میں آتشزدگی کا انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک ہی خاندان کے دس افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مکان میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، ریسکیو عملے نے مکان میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا ہے، اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، تمام میتیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، آگ نے مکان کی تینوں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، متاثرہ عمارت میں ظہیر الدین بابر کی فیملی رہائش پذیر تھی۔

    آگ لگنے سے عمارت میں موجود تمام افراد پھنس گئے تھے، اور آگ لگتے ہی فیملی کے تمام افراد نے خود کو مکان کے پچھلے کمرے میں بند کر لیا تھا، تاہم ان کی جانیں نہیں بچائی جا سکیں۔

  • لاہور میں 14 سالہ لڑکے کو کرنٹ لگا کر قتل کر دیا گیا، گھر سے آم لینے نکلا تھا

    لاہور میں 14 سالہ لڑکے کو کرنٹ لگا کر قتل کر دیا گیا، گھر سے آم لینے نکلا تھا

    لاہور: لاہور میں 14 سالہ لڑکے کو کرنٹ لگا کر قتل کر دیا گیا، مقتول گھر سے آم لینے نکلا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے تھانہ ڈیفنس سی کی حدود باؤ والا میں مبینہ طور پر عثمان نامی لڑکے کو کرنٹ لگا کر قتل کر دیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ 24 گھنٹوں میں موصول ہو جائے گی، اور قتل سے حقائق بھی سامنے آ جائیں گے، پولیس کا کہنا ہے کہ عثمان کو کرنٹ لگا ہے، اور جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔

    مقتول عثمان کی والدہ نے کہا ہے کہ 14 سالہ عثمان کو نامعلوم شخص نے تشدد کا نشانہ بنایا اور کرنٹ لگا کر قتل کیا۔ 14 سالہ عثمان کی لاش گھر کے قریب مارکیٹ میں پلازہ کی چھت سے ملی تھی۔

    والدہ کے مطابق قتل کا واقعہ ہفتے کے دن پیش آیا، جب عثمان گھر سے آم لینے گیا تھا اور واپس نہیں آیا۔ واضح رہے کہ قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزم کے خلاف مقتول کے چچا صفیان علی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

  • لاہور اور جڑواں شہروں میں تیز بارش

    لاہور اور جڑواں شہروں میں تیز بارش

    لاہور: جڑواں‌ شہروں اور لاہور میں‌ تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور اور گرد و نواح میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، تیز بارش کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو گئی ہے۔

    حویلی لکھا، سرائے عالمگیر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، ڈسکہ، فیروزوالا اور گرد و نواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آئے، پتوکی اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

    جلالپور بھٹیاں، سکھیکھی، پھول نگر، چنیوٹ، فاروق آباد، پھالیہ اور گرد و نواح میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ نارووال شہر اور گرد و نواح میں طوفان کے بعد 10 گھنٹے سے بجلی بند ہے، بجلی کی طویل بندش اور شدید گرمی سے شہری پریشان ہیں جب کہ واپڈا افسران، کمپلین آفس سمیت تمام حکام کے موبائل فون بند آ رہے ہیں۔

    پنجاب میں آسمانی بجلی نے قیامت ڈھادی، 11 افراد جاں بحق

    ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 58 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جب کہ ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے واسا ڈیم ہیوی مشینری کے ساتھ مصروف ہے۔

  • لاہور میں تیز آندھی نے دیوار گرا دی، خاتون جاں بحق

    لاہور میں تیز آندھی نے دیوار گرا دی، خاتون جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں تیز آندھی کے باعث دیوار گر گئی، حادثے میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن لاہور کے علاقے کھوکھر چوک میں گزشتہ رات تیز آندھی نے قیامت ڈھا دی ہے، ایک گھر کی دیوار ڈھہ جانے سے خاتون دب کر جاں بحق ہو گئی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیوار گرنے سے 2 خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق زخمیوں کو علاج معالجہ کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔