Tag: Lahore

لاہور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر اور صوبہ پنجاب کا دارالحکومت ہے۔ یہ تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے ایک بہت اہم شہر ہے۔ اسے اکثر "پاکستان کا دل” بھی کہا جاتا ہے۔ لاہور اپنی شاندار تاریخی عمارات، جیسے بادشاہی مسجد، لاہور قلعہ، اور شالامار باغ کے لیے مشہور ہے۔ یہ شہر علم و ادب، فنون لطیفہ، اور ذائقہ دار کھانوں کا بھی مرکز ہے۔ لاہور ایک زندہ دل اور پررونق شہر ہے جو اپنی مہمان نوازی اور ثقافتی روایات کے لیے جانا جاتا ہے۔

  • لاہور میں اسموگ: شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی رپورٹ طلب

    لاہور میں اسموگ: شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی رپورٹ طلب

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اسموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر کی گئی درخواست پر، عدالت نے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے درخواست گزار ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

    عدالت نے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی جبکہ 16 جون کو تمام محکموں سے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے وکیل کا کہنا ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جارہی ہے، ڈی جی ایل ڈی اے خود تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ بڑی عمارتوں کی چھت پر شجر کاری نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ شہر میں املتاس کے پودے کافی نظر آرہے ہیں، پودے لگانے کے لیے کیا کیا اقدامات کیے جارہے ہیں؟

    عدالت کو بتایا گیا کہ اسکول اور کالجز میں پودے اور نئے درخت لگائے جارہے ہیں۔

    سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ روز گارڈن پارک میں تعمیرات کی جارہی ہیں، ایک پارک کی 17 کنال جگہ پر قبضہ مافیا قابض ہے، درخواستیں دینے کے باوجود ایل ڈی اے نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

    عدالت نے کہا کہ یہ عدالت کا حکم ہے ایل ڈی اے اس پر کارروائی کرے، عدالت نے ایل ڈی اے سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔

  • الیکشن تب ہی ہوں گے جب میں کراؤں گا، آصف زرداری

    الیکشن تب ہی ہوں گے جب میں کراؤں گا، آصف زرداری

    لاہور : پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یہ لوگ 2ماہ میں الیکشن نہیں کرا سکتے، یہ تبھی ہونگے جب میں کراؤں گا۔

    لاہور میں پیپلزپارٹی سینٹرل پنجاب کے ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آئندہ انتخابات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور میں نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے، کارکن صبر کریں، یہ لوگ 2ماہ میں الیکشن نہیں کرا سکتے، یہ تب ہی ہونگے جب میں کراؤں گا۔

    آصف زرداری نے کہا کہ صبر کا وہ پھل ملے گا جس کا آپ کو اندازہ ہی نہیں ہے، سارےدکھ درد دور ہوجائیں گے، میں نے14برس جیل میں معیشت پر بہت ساری کتب کا مطالعہ کیا ہے۔

    پی پی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ میں نے ایسے حل پیش کیے جس کی وجہ سے ہمارے دور میں زر مبادلہ کے ذخائر24ارب ڈالر ہوگئے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ ملکی معیشت کو سنبھال کر زرمبادلہ کے ذخائر100ارب ڈالر تک پہنچاؤں گا، دفاع پر بڑا خرچ نہیں ہوتا خوامخواہ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

    آصف زرداری نے مزید کہا کہ سیاست میں ہرچیز کو کرنے کا حل موجود ہے، جن کو سیاست نہیں آتی، ان کے پاس حل بھی نہیں ہوتا، اسی لیے وہ ہونے والی چیز کو بھی نہیں ہونے دیتے۔

  • سوئمنگ پول میں کرنٹ آنے سے 2 نوجوان جاں بحق

    سوئمنگ پول میں کرنٹ آنے سے 2 نوجوان جاں بحق

    لاہور: سوئمنگ پول میں کرنٹ آنے سے 2 نوجوان جاں بحق ہو گئے، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا، ٹھیکے دار کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں تھانہ گجر پورہ کی حدود میں ایک سوئمنگ پول میں اچانک کرنٹ آنے سے دو نوجوان جانوں سے محروم ہو گئے، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوجوانوں کی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    نگراں وزیر اعلیٰ نے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، اور ایس ایس پی ڈسپلن نے جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا۔

    نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے، انھوں نے ہدایت کی کہ سوئمنگ پول کے مالک اور ٹھیکے دار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

    پولیس نے سوئمنگ پول کے ٹھیکے دار عامر کو حراست میں لے لیا، نگراں وزیر اعلیٰ نے تمام سوئمنگ پولز میں ضروری حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا ہے، انھوں نے کہا بغیر حفاظتی انتظامات سوئمنگ پولز کو فی الفور بند کیا جائے۔

  • اغوا ہونے والے کم سن بچوں کی لاشیں آٹے کے صندوق سے برآمد

    اغوا ہونے والے کم سن بچوں کی لاشیں آٹے کے صندوق سے برآمد

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور کے علاقے ملت پارک سے لا پتا ہونے والے بچوں کی لاشیں ایک گھر میں آٹے کے صندوق سے برآمد ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ملت پارک لاہور سے دو بچے لاپتا ہو گئے تھے، جس پر بچوں کے والد ساجد نے اپنی مدعیت میں ناظم کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کروا دیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملت پارک کے علاقے میں گھر سے 2 کم سن بھائیوں کی لاشیں مل گئی ہیں، اغوا ہونے والے کم سن بچوں کی لاشیں آٹے کے صندوق سے برآمد ہوئیں، 5 سالہ ارتضیٰ اور 3 سالہ راحیل کے اغوا کا مقدمہ گزشتہ روز درج کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہیں ڈی ایس پی سمیت پولیس اہل کار فرانزک ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے تھے، بچوں کی لاشیں خراب ہو چکی ہیں، فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔

    تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا فی الوقت پتا نہیں چل سکا ہے کہ بچوں کو قتل کیا گیا ہے یا وہ خود آٹے کے ڈرم میں چھپنے کے بعد بند ہونے سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

    بچوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے جس سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

  • لاہور: خواتین سے زیادتی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ، ایک ہی دن 4 خواتین نشانہ بن گئیں

    لاہور: خواتین سے زیادتی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ، ایک ہی دن 4 خواتین نشانہ بن گئیں

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں خواتین سے زیادتی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہو گیا ہے، ایک ہی دن میں سفاک ملزمان نے 4 خواتین کو درندگی کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں خواتین کے خلاف جنسی حملوں کے واقعات بڑھ گئے ہیں، مختلف علاقوں میں جنسی درندوں نے چار خواتین کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا، جس پر پولیس نے الگ الگ پرچے کاٹ لیے ہیں، تاہم کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقے اٹاری سروبہ میں پٹواری نے خاتون کو ساتھی کے ہمراہ مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا، اور فحش ویڈیو بنا کر 16 لاکھ ‏روپے بھی ہتھیا لیے، خاتون فرد بنوانے پٹوار خانے گئی ہوئی تھی۔

    قائد اعظم ‏انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقے میں ایک شخص نے نوکری کا جھانسہ دے کر جواں سال لڑکی سے زیادتی کر ڈالی۔

    شاد باغ کے علاقے میں نوید اور اس کی بیوی گھر میں موجود تھے، نامعلوم ملزم دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا، نوید کو سر پر ڈنڈے مار کر زخمی کیا اور ہاتھ پاؤں باندھ دیے، ملزم بیوی سے زیادتی کر کے فرار ہو گیا۔

    ادھر نواب ٹاﺅن میں 3 ملزمان نے ایک جواں سال لڑکی کو اجتماعی ‏زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے تمام ‏واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں تاہم کسی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔

  • لاہور میں آصف زرداری کی سیاسی سرگرمیاں، اہم شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل

    لاہور میں آصف زرداری کی سیاسی سرگرمیاں، اہم شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل

    لاہور: پنجاب میں آصف زرداری کی سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں، مختلف علاقوں سے کئی اہم شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان، گوجرانوالہ اور جلالپور بھٹیاں سے اہم سیاسی شخصیات نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، آصف زرداری نے انھیں پارٹی پرچم پہنائے۔

    پی پی میں شامل ہونے والوں میں تونسہ سے حافظ طاہر احمد قیصرانی، امام بخش قیصرانی، اور عرفان گردیزی شامل ہیں، حافظ طاہر قیصرانی نے مخدوم احمد محمود کے ہمراہ آصف زرداری سے ملاقات کی، جس میں نیئر بخاری، دوست محمد کھوسہ، عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔

    حافظ طاہر احمد قیصرانی تونسہ سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے، آصف زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں رانا فاروق سعید، حسن مرتضٰی ،شہزاد چیمہ اور فیصل میر شریک ہوئے۔ اجلاس میں آصف زرداری نے عہدے داروں سے تنظیمی امور اور انتخابی تیاریوں پر مشاورت کی۔

    این اے 74 گوجرانوالہ سے چوہدری علی اشرف وڑائچ نے آصف زرداری سے ملاقات میں پی پی میں شمولیت اختیار کی، پی پی 58 گوجرانوالہ سے چوہدری حارث میراں نے سابق صدر سے ملاقات کی اور وہ پی پی میں شامل ہو گئے، اس ملاقات میں نیر حسین بخاری، سید حسن مرتضیٰ،امتیاز صفدر وڑائچ، اظہر حسن ڈار، ودود ڈار و دیگر بھی موجود تھے۔

    این اے 79 حافظ آباد جلال پور بھٹیاں سے چوہدری انصر کی بھی آصف زرداری سے ملاقات ہوئی ہے، چوہدری انصر بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔

  • سابق صدر آصف علی زرداری دبئی سے لاہور پہنچ گئے

    سابق صدر آصف علی زرداری دبئی سے لاہور پہنچ گئے

    لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری دبئی سے لاہور پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری خصوصی طیارے سے لاہور پہنچ گئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ زرداری آج لاہور میں مصروف دن گزاریں گے۔

    ذرائع کے مطابق آصف زرداری پی ٹی آئی رہنماؤں کی پی پی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کریں گے، جو رات 8 بجے بلاول ہاؤس میں ہوگی، پریس کانفرنس میں یوسف رضا گیلانی، مخدوم احمد محمود حسن مرتضیٰ، رانا فاروق بھی شریک ہوں گے۔

    آصٖف زرداری پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت سے ملاقات کریں گے، جس میں 9 مئی کے واقعات کے بعد کی صورت حال کے تناظر میں سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، زرداری آئندہ انتخابات کے حوالے سے بھی مشاورت کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق آصف زرداری کی چوہدری شجاعت حسین اور دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقات کا امکان ہے، ان کا لاہور میں قیام 3 دن تک ہوگا۔

  • لاہور میں 150 سنگین مقدمات میں مطلوب ڈاکو مارا گیا

    لاہور میں 150 سنگین مقدمات میں مطلوب ڈاکو مارا گیا

    لاہور: 150 سنگین مقدمات میں مطلوب ڈاکو کرامت علی عرف کاکا مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سی آئی اے چوہنگ اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ سے متعدد وارداتوں میں مطلوب ریکارڈ یافتہ ڈاکو کرامت علی عرف کاکا ہلاک ہو گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکو کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم نے این سی ایف کے قریب چھاپا مارا تھا، ڈاکوؤں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی، اس دوران ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ سے ان کا ساتھی کرامت علی شدید زخمی ہو گیا تھا جو بعد ازاں ہلاک ہو گیا۔

    ہلاک ڈاکو کرامت عرف کاکا ایک سو پچاس سنگین مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھا، دیگر ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان کی تلاش جاری ہے۔

  • پی آئی اے حج آپریشن: 9 ہزار عازمین سفر مقدس کے لیے روانہ

    پی آئی اے حج آپریشن: 9 ہزار عازمین سفر مقدس کے لیے روانہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی رواں برس کی پہلی حج پرواز 327 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا قبل از حج آپریشن جاری ہے، ہفتہ 27 مئی کی صبح تک 33 پروازوں کے ذریعے 9 ہزار عازمین حج کو سعودی عرب پہنچا دیا گیا۔

    لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 743 کے ذریعے 327 عازمین حج مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئے، لاہور ایئرپورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کے موقع پر ایک سادہ پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

    پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی اور جنرل مینیجر پیسنجر ہینڈلنگ ذوالقرنین مہدی نے عازمین حج کو رخصت کیا۔

    عازمین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے ملک بھر کے ایئر پورٹس پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لاہور سے 41 پروازوں کے ذریعے 11 ہزار سے زائد عازمین حج کو مدینہ منورہ اور جدہ پہنچایا جائے گا۔

    پی آئی اے کا روانگی حج آپریشن 22 جون کو مکمل ہوگا جبکہ سعودی عرب سے حجاج کی واپسی 2 جولائی سے شروع ہوگی جو 2 اگست تک جاری رہے گی۔

  • پنجاب میں طوفانی بارش اور آندھی نے تباہی مچا دی، 5 بچے ایک خاتون جاں بحق

    پنجاب میں طوفانی بارش اور آندھی نے تباہی مچا دی، 5 بچے ایک خاتون جاں بحق

    لاہور: پنجاب میں طوفانی بارش اور آندھی نے تباہی مچا دی، 5 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں طوفانی بارش اور آندھی کے باعث میانوالی میں دیوار گرنے سے چار بچے جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔

    جھنگ میں شیڈ گرنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق، جب کہ 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں، بھکر میں دیوار گرنے سے خاتون اور بچہ زخمی ہوئے۔

    آندھی کے باعث مختلف علاقوں میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، ملتان میں دکان کی چھت زمین بوس ہو گئی، جس کی وجہ سے ایک شخص اور بچی زخمی ہو گئی۔ گھر کی چھتیں گرنے سے 7 افراد زخمی ہوئے۔

    پنڈی بھٹیاں میں بل بورڈ گر گئے، حادثات میں چار افراد زخمی ہوئے، مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کے بعد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی ترسیل بری طرح متاثر ہو گئی ہے۔

    ادھر لاہور اور گرد و نواح میں طوفانی بارش، اور آندھی کے باعث سو سے زائد فیڈر بند ہو گئے، جوہر ٹاؤن، ٹاؤن شپ، ایئر لائن سوسائٹی، واپڈا ٹاؤن، نواب ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، باغبان پورہ، فیروز پور روڈ، کوٹ لکھپت، غازی روڈ، کاہنہ اور بند روڈ بھی اندھیرے میں ڈوبے رہے، لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش اور آندھی رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔