Tag: Lahore

لاہور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر اور صوبہ پنجاب کا دارالحکومت ہے۔ یہ تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے ایک بہت اہم شہر ہے۔ اسے اکثر "پاکستان کا دل” بھی کہا جاتا ہے۔ لاہور اپنی شاندار تاریخی عمارات، جیسے بادشاہی مسجد، لاہور قلعہ، اور شالامار باغ کے لیے مشہور ہے۔ یہ شہر علم و ادب، فنون لطیفہ، اور ذائقہ دار کھانوں کا بھی مرکز ہے۔ لاہور ایک زندہ دل اور پررونق شہر ہے جو اپنی مہمان نوازی اور ثقافتی روایات کے لیے جانا جاتا ہے۔

  • نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا علی الصبح  لاہور شہر کا دورہ

    نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا علی الصبح لاہور شہر کا دورہ

    لاہور: نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے علی الصبح لاہور شہر کا دورہ کیا، اور ڈیوٹی پر مامور جوانوں سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے آج صبح لاہور شہر کا دورہ کیا، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ بھی ہمراہ تھے۔

    وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پولیس جوانوں کی فرض سے لگن اور جذبے کی تعریف کی، اور پولیس جوانوں کے عزم اور حوصلے کو سراہا۔

    نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ انھیں پنجاب و لاہور پولیس کے بہادر جوانوں پر ناز ہے، انھوں نے جوانوں سے کہا کہ آپ اپنے فرائض محنت اور پروفیشنل ازم کے ساتھ سر انجام دے رہے ہیں۔

    محسن نقوی نے کہا شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی جائے، اور روزمرہ معمولات میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ اسی طرح مزید ہمت سے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں۔

  • لاہور میں ملزمان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد جعلی کرنسی برآمد

    لاہور میں ملزمان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد جعلی کرنسی برآمد

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں 3 ملزمان سے منشیات اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد جعلی کرنسی برآمد کر لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں گلشن راوی پولیس نے مختلف کارروائیوں میں جعلی کرنسی کا کاروبار کرنے والے دو افراد اور ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریکارڈ یافتہ ملزمان عثمان اور مقصود سے جعلی کرنسی نوٹ برآمد ہوئے ہیں، ملزمان جعلی نوٹ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں فروخت کرتے تھے، برآمد ہونے والے جعلی نوٹوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہے۔

    دوسری کارروائی میں منشیات فروش فرمان کو گرفتار کیا گیا، جس سے ایک کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی، ملزم فرمان کو ورکنگ ویمن ہاسٹل کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔

  • مرغی کے گوشت کی قیمت میں من مانا اضافہ

    مرغی کے گوشت کی قیمت میں من مانا اضافہ

    لاہور : ناجائز منافع خوروں نے مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا، نئے نرخ 602روپے فی کلو ہوگئے، شہریوں نے متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کردی۔

    ملک بھر میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا۔ اشیائے خورد ونوش کے ساتھ ساتھ مرغی کے گوشت کی قیمت کو بھی پر لگ گئے۔ قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ذرائع کے مطابق لاہور میں ایک مرتبہ پھر مرغی کی قیمت 600 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی، نرخ 602 روپے تک پہنچ گئے جبکہ چکن کا قیمہ 1100 روپے فی کلو سے بھی بڑھ گیا۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ چکن کا ریٹ تو اب گائے کے گوشت کے برابر ہوگیا ہے، دکاندار خود بھی گوشت کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں۔

    دکاندارں کا کہنا ہے کہ ریٹ بڑھتا ہے تو گاہک خریداری چھوڑ دیتا ہے، زیادہ تر لوگ مرغی کی بجائے گائے کے گوشت کو ترجیح دے رہے ہیں۔

    شہریوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں توازن رکھنے کیلئے پولٹری مافیا کو کنٹرول کیا جائے۔

  • ماہ رمضان میں چینی تیسری بار پھر مہنگی

    ماہ رمضان میں چینی تیسری بار پھر مہنگی

    مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے ایک اور بری خبر آگئی ، لاہور میں چینی کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران تیسری بار اضافہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آٹے کے بعد اوپن مارکیٹ میں چینی بھی مہنگی ہوگئی، ایک ہفتے کے ‏دوران چینی کی قیمت میں تیسری بار اضافہ ہوا، مارکیٹ میں 100روپے کے بعد 130روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگی۔

    ذرائع کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں 50 کلو چینی ‏کا تھیلا 5700 سے بڑھ کر 6150 روپے کا ہوگیا, دکانداروں کا کہنا ہے کہ مافیاز کی وجہ سے چینی مہنگی ہورہی ہے۔

    مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف 5 روز میں چینی کی قیمت 100 سے بڑھ کر 130 روپے ہوگئی، چینی کی ذخیرہ اندوزی اور افغانستان اسمگلنگ جاری ہے۔

    ہول سیل ڈیلر نعمان احمد کا کہنا ہے کہ حکومت نے فوری طور پر ایکشن نہ لیا تو چینی کی قیمت مزید بڑھے گی، گوداموں میں چینی وافر مقدار میں موجود ہے جان بوجھ کرقیمت بڑھائی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شوگر ملز مالکان اور ڈیلرز قیمت کارٹیل سے بڑھا رہے ہیں، افغانستان میں چینی فی کلو 190 روپے فروخت ہو رہی ہے۔

    دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہ صیام میں چینی کا استعمال بڑھ جاتا ‏ہے، حکومت نے وہ بھی مہنگی کردی ہے، مہنگائی کی ستائی عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ‏مافیاز کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ بڑھتی مہنگائی کو کنڑول ‏کیا جا سکے۔

  • خاتون کی آڑ میں ڈکیتیاں کرنے والا گروہ گرفتار

    خاتون کی آڑ میں ڈکیتیاں کرنے والا گروہ گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خاتون کی آڑ میں ڈکیتیاں کرنے والے 3 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کارروائی کرتے ہوئے 3 رکنی ڈکیت گروہ گرفتار کرلیا۔

    گروہ خاتون کی آڑ لے کر گھروں میں گھس کر وارداتیں کرتا تھا۔

    ایس پی ڈولفن زوہیب رانجھا کا کہنا ہے کہ گروہ کو پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی میں واردات کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، گروہ میں شامل خاتون کے ہینڈ بیگ سے پستول بھی برآمد کیا گیا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق ساہیوال سے ہے، گروہ کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔

  • مینار پاکستان جلسہ: پودوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان، تحریک انصاف پر جرمانہ

    مینار پاکستان جلسہ: پودوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان، تحریک انصاف پر جرمانہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کی پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے مینار پاکستان پر پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے بعد، پودوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچنے پر پارٹی کو جرمانہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے مینار پاکستان جلسے پر پاکستان تحریک انصاف کو جرمانہ کردیا، پی ایچ اے نے تحریک انصاف لاہور کے صدر کو مراسلہ ارسال کردیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے مینار پاکستان جلسے میں کروڑوں کا نقصان کیا، گریٹر اقبال پارک کو 2 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔

    پی ایچ اے کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے مارچ 2022 میں ہونے والے جلسے کے نقصان کے 42 لاکھ روپے بھی تاحال ادا نہیں کیے۔

    پی ایچ اے کی جانب سے نراسلے میں کہا گیا کہ تحریک انصاف اس حالیہ نقصان کا ازالہ کرے۔

  • آنے والا ہفتہ پاکستانی تاریخ میں اہم موڑ ثابت ہوگا، پی ٹی آئی رہنماؤں کی نیوز کانفرنس

    آنے والا ہفتہ پاکستانی تاریخ میں اہم موڑ ثابت ہوگا، پی ٹی آئی رہنماؤں کی نیوز کانفرنس

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ آنے والا ہفتہ پاکستانی تاریخ میں اہم موڑ ثابت ہوگا، امید ہے عدلیہ آئین کا دفاع کرتی نظر آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں اسد عمر اور فواد چوہدری نے کہا کہ اب پاکستان میں آئینی حکومت بہت زیاہ دور نہیں، آئین پر عمل درآمد کے علاوہ پاکستان میں کوئی راستہ نہیں، امید ہے عدلیہ آئین کا دفاع کرتی نظر آئے گی، عدلیہ کو پتا ہے پوری قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں پاکستان بنا تھا اور اسی مہینے میں بہتری کا سفر بھی شروع ہوگا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ اظہر مشوانی کو اغوا ہوئے 3 دن گزر گئے ان کا کچھ پتا نہیں، شاہد حسین لندن چھوڑ کر پاکستان آئے وہ بھی تین دن سے غائب ہیں، عامر مغل کے گھر چھاپا مارا گیا لیکن وہ نہیں تھے تو 10 سال کے بچوں کو پولیس لے گئی، پاکستان کے لوگوں کی اس طرح سے بے عزتی برداشت نہیں کر سکتے۔

    انھوں نے کہا جس طرح حکومت چل رہی ہے یہ دوبارہ فیٹف لسٹ میں ڈلوائیں گے، 72 گھنٹوں میں اب تک آٹے کی قطاروں میں 6 لوگ مر چکے ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ہم سوچتے ہیں اگر ہم اقتدار میں آئے تو آپ کو سیاست کا پورا موقع دیں گے، عمران خان نیشنل پارٹی اور نیشنل ایجنڈے پر چل رہے ہیں، آج ہم سری لنکا نہیں بنے تو صرف اور صرف عمران خان کی وجہ سے، لوگ تنگ ہیں چاہتے ہیں کہ اب انقلاب کی طرف بڑھا جائے۔

  • زمان پارک کشیدگی: پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا انعقاد غیر یقینی کا شکار

    زمان پارک کشیدگی: پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا انعقاد غیر یقینی کا شکار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں حالات خراب ہیں جس کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ 8 کے بقیہ میچز غیر یقینی کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں کشیدگی اور خرابی حالات کی وجہ سے پی ایس ایل 8 کے کوالیفائرز کا انعقاد غیر یقینی کا شکار ہوگیا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیموں کی تیاری مکمل ہے مگر پنجاب حکومت کی کلیئرنس کا انتظار کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل پلے آف میچز نہ ہونے کا نقصان بڑا ہوگا، پی ایس ایل کے میچز منسوخی یا منتقلی کا اثر ایشیا کپ پر پڑ سکتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا مسلسل پی ایس ایل پر منفی خبریں چلا رہا ہے، بھارت ایشیا کپ کو پاکستان سے منتقل کروانا چاہتا ہے جس کا حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے ہوگا۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل کا کوالیفائر، ایلیمنیٹر 1، 2 اور فائنل میچ بالترتیب 15، 16، 17 اور 19 مارچ کو لاہور میں ہونا ہے۔

  • عمران خان کو کیسے گرفتار کرنا ہے؟ پولیس حکام نے سر جوڑ لیے

    عمران خان کو کیسے گرفتار کرنا ہے؟ پولیس حکام نے سر جوڑ لیے

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کب اور کیسے کرنی ہے؟ اس حوالے سے پولیس  حکام نے سوچ بچار شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ کیس میں عدالت کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی گرفتاری کی تیاریاں شروع کردیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری سے متعلق اسلام آباد پولیس کی لاہور پولیس سے مشاورت جاری ہے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت کے بعد عمران خان کی گرفتاری کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق عمران خان کو کب اور کیسے گرفتار کیا جائے اس کا فیصلہ محکمہ داخلہ کرے گا،پنجاب اسمبلی کی کابینہ میٹنگ میں عمران خان کی گرفتاری پرغور کیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میٹنگ کے بعد محکمہ داخلہ عمران خان کی گرفتاری پر فیصلہ دے گا، محکمہ داخلہ سے اجازت کے بعد پولیس عمران خان کو گرفتار کرے گی، ان کو ریلی میں گرفتارکرنے سے حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔

    ہیلی کاپٹر پر پولیس کے لاہور جانے کی خبریں درست نہیں
    واضح رہے کہ ہیلی کاپٹر پر اسلام آباد پولیس ٹیم کے جانے کی خبریں بھی درست نہیں ہیں، پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی آج کوئی ٹیم لاہور روانہ نہیں ہوئی، کیونکہ اسلام آباد پولیس کی ایک ٹیم پہلے سے لاہور موجود ہے۔

  • گزشتہ روز کی ہنگامہ آرائی پر عمران خان کے خلاف مقدمہ درج

    گزشتہ روز کی ہنگامہ آرائی پر عمران خان کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر گزشتہ روز ہنگامہ آرائی اور پرتشدد واقعات رونما ہونے پر مقدمہ درج کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ڈی ایس پی رائیونڈ کی مدعیت میں گزشتہ روز کی ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ تین چار سو پر مشتمل جھتے نے، جس میں مسلح افراد بھی موجود تھے، قومی سلامتی کے اداروں کو دھمکیاں دیں، مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے برسائے۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق مشتعل افراد کے پولیس پر پتھراؤ اور ڈنڈے مارنے سے 13 پولیس افسران اور اہل کار زخمی ہوئے، کارکنوں کے پتھراؤ کی وجہ سے خود پی ٹی آئی کے بھی 6 کارکن زخمی ہوئے۔

    متن میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ پولیس زخمیوں کو سروسز اسپتال لایا گیا جہاں پی ٹی آئی کے کارکن بھی زیر علاج تھے، زیر علاج زخمیوں میں علی بلال دم توڑ گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی پر پولیس نے دھاوا بول دیا تھا، نگراں پنجاب حکومت نے اچانک دفعہ 144 لگائی، پولیس تشدد سے ایک کارکن جاں بحق ہو گیا، زمان پارک کے باہر پنجاب پولیس پی ٹی آئی کارکنوں پر چڑھ دوڑی تھی، اور کینال روڈ میدان جنگ بن گیا تھا۔

    پولیس اہل کاروں نے پی ٹی آئی کارکنوں پر آنسو گیس کے شیل کی بارش کر دی، کارکنوں کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا، جب کہ پولیس نے زبردست لاٹھی چارج کیا، اور پانی کی توپ بھی چلا دی۔

    مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جاں بحق کارکن علی بلال کو آنسو گیس کا شیل لگا اور پولیس نے بھی تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس کارروائی میں متعدد کارکن شدید زخمی ہیں، اہل کاروں نے ڈنڈے مار مار کر گاڑیوں کے شیشے بھی توڑے، زمان پارک اور کینال روڈ سے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    ڈنڈا بردار پولیس اہل کاروں نے خواتین کی گاڑی پر بھی حملہ کیا اور ڈنڈے برساتے رہے، گاڑی کے اندر سے خواتین چیختی چلاتی رہیں، جب خواتین کی گاڑی آگے بڑھی تو پانی کی بوچھاڑ ہوئی اور گاڑی واپس موڑ لی، ڈری سہمی خواتین بچاؤ بچاؤ چلاتی رہیں اور قرآنی آیات کا ورد کرتی رہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایک زخمی خاتون کو اپنی گاڑی میں اسپتال پہنچایا۔

    اقوام متحدہ نے لاہور میں پولیس تشدد سے پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے، اور کہا کہ اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات کی جانی چاہیے، ہلاک اور زخمی کرنے والے ذمہ داروں کا جوابدہ ہونا ضروری ہے، دنیا میں ہر کسی کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے۔