Tag: Lahore

لاہور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر اور صوبہ پنجاب کا دارالحکومت ہے۔ یہ تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے ایک بہت اہم شہر ہے۔ اسے اکثر "پاکستان کا دل” بھی کہا جاتا ہے۔ لاہور اپنی شاندار تاریخی عمارات، جیسے بادشاہی مسجد، لاہور قلعہ، اور شالامار باغ کے لیے مشہور ہے۔ یہ شہر علم و ادب، فنون لطیفہ، اور ذائقہ دار کھانوں کا بھی مرکز ہے۔ لاہور ایک زندہ دل اور پررونق شہر ہے جو اپنی مہمان نوازی اور ثقافتی روایات کے لیے جانا جاتا ہے۔

  • آج خواتین بے خوف ہو کر زیور پہن کر بازار جا سکتی ہیں، ایڈیشنل آئی جی سہیل چھٹہ

    آج خواتین بے خوف ہو کر زیور پہن کر بازار جا سکتی ہیں، ایڈیشنل آئی جی سہیل چھٹہ

    لاہور: کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے ایڈیشنل آئی جی سہیل چھٹہ نے صوبے میں جرائم کو قابو کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج خواتین بے خوف ہو کر زیور پہن کر بازار جا سکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات پولیس ٹریننگ سینٹر چوہنگ میں سی سی ڈی افسران کا ایک 7 گھنٹے طویل تربیتی سیشن منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ محکمے کی محنت سے پنجاب میں جرائم کی شرح واضح طور پر کم ہو گئی ہے۔

    سہیل چٹھہ نے کہا ’’پنجاب میں ڈالہ کلچر کے خاتمے کا کریڈٹ سی سی ڈی کو جاتا ہے، محکمے نے عوام کو قاتلوں، ڈاکوؤں اور اغوا کاروں کے خوف سے نکالا، آج خواتین بے خوف ہو کر زیور پہن کر بازار جا سکتی ہیں، اور محکمے کے خوف سے غنڈے قرآن پر ہاتھ رکھ کر جرائم چھوڑ رہے ہیں۔


    لاہور اورنج لائن میٹرو کی پہلی خاتون ٹرین ڈرائیور کون ہیں؟ ویڈیو رپورٹ‌


    اے آئی جی کا کہنا تھا کہ سی سی ڈی میں خود احتسابی کا مضبوط نظام موجود ہے، اور محکمے میں کرپشن ناقابل معافی جرم ہے، کرپٹ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، جب کہ اچھی کارکردگی پر افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔

    انھوں نے کہا اللہ نے سی سی ڈی کو 2 ماہ میں شان دار کامیابی سے نوازا، افسران، جوانوں کی محنت سے عوام میں پہلی بار احساس تحفظ پیدا ہوا، عوام کی محبت نے محکمے پر بھاری ذمہ داری ڈال دی ہے، ہر افسر اور جوان محکمے کی عزت کا محافظ ہے، اس لیے کہ زیادہ اختیارات کے ساتھ زیادہ ذمہ داریاں بھی آتی ہیں۔

  • رکشہ سے 56 کلو بھنگ برآمد، ڈرائیور گرفتار

    رکشہ سے 56 کلو بھنگ برآمد، ڈرائیور گرفتار

    رائیونڈ (28 جولائی 2025): لاہور میں رائیونڈ پر پولیس نے رکشہ سے 50 کلو سے زائد بھنگ برآمد کرکے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں رائیونڈ پر پولیس نے مانگا روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے رکشہ سے 56 کلو بھنگ برآمد کرکے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق مانگا روڈ رائیونڈ پر ملزم کو تلاشی کے لئے روکا گیا، تلاشی لینے پر رکشہ میں موجود سامان سے منشیات برآمد ہوئی، رائیونڈ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم منظور احمد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیشی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    دوسری جانب راولپنڈی میں اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کارروائیوں کے دوران 3 خواتین سمیت 12 ملزمان گرفتار، 2 کروڑ 51 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 245.56 کلوگرام منشیات قبضے میں لے لی۔

    ترجمان اے این ایف ہیڈ کوارٹر کے مطابق تعلیمی اداروں میں مختلف کارروائیوں میں مانسہرہ، قراقرم ہائی وے روڈ پر کالج کے قریب کارروائی، 700 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    جامشورو سندھ میں یونیورسٹی کے قریب مسافر بس میں سوار مسافر کے قبضے سے 2 کلو آئس برآمد کرکے ملزم گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کر لیا۔

  • گھر میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، گولی چلی یا قتل کیا؟ تفتیش جاری

    گھر میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، گولی چلی یا قتل کیا؟ تفتیش جاری

    لاہور(26 جولائی 2025): جوہر ٹاؤن میں گھر میں گولی چلنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں گھر میں گولی چلنے سے ایک نوجوان اپنی جان کی بازی ہار گیا، واقعہ خودکشی کا ہے قتل کا یہ جاننے کے لیے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق نوجوان کی شناخت اویس  کے نام سے ہوئی ہے، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں، گولی اچانک چلی یا نوجوان نے خود چلائی، یا قتل کا واقعہ ہے اس کی تحقیقات جاری ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردی گئی ہے، اس سے قبل جوہر ٹاؤن میں 36 سالہ خاتون گھر کے اندر گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی، مقتولہ کی شناخت ثناء کے نام سے ہوئی تھی۔

    لاہور پولیس نے بتایا تھا کہ شوہر احمد برہان نے پولیس کو بیان دیا کہ تین سالہ بچے سے اچانک گولی چل گئی، پولیس نے شوہر کو حراست میں لے تفتیش کی، مقتولہ ثنا کو شوہر وجاہت نے گھریلو جھگڑے میں قتل کیا، ملزم نے قتل کا الزام اڑھائی سالہ بچے پر لگایا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-police-officer-killed-in-firing/

  • سی سی ڈی کے مبینہ مقابلوں میں 2 ڈاکو مارے گئے

    سی سی ڈی کے مبینہ مقابلوں میں 2 ڈاکو مارے گئے

    لاہور(24 جولائی 2025): کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ( سی سی ڈی ) کے 2 مبینہ مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سی سی ڈی کی جرائم کے خلاف کارروائی جاری ہے، گزشتہ رات 2 مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو مارا گیا ہے، پہلی کارروائی ہئیر کے علاقے میں کی گئی۔

    سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہئیرکے علاقے میں سی سی ڈی اور ڈاکوؤں میں فائرنگ  کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں زیرِ حراست ملزم انور ملنگی مارا گیا۔

    سی سی ڈی، انور ملنگی کو ریکوری کیلئے ڈیفنس سے ہئیر لے جا رہی تھی، گھات لگائے ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، انور ملنگی مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔

    سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزم کے ساتھی فرار ہوگیا جس کا پولیس تعاقب کررہی ہے جبکہ ہلاک ملزم سنگین جرائم کے الزامات میں گرفتار تھا۔

    دوسری کارروائی سکھیکی مواں بھٹیاں میں کی گئی جہاں سی سی ڈی پولیس  اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، 15 پر ڈکیتی کی اطلاع پر سی سی ڈی پولیس نے کارروائی کی اس دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔

    سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ساتھیوں کی گولی لگنے سے مارا گیا، ہلاک ڈاکو کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی ہے جو درجنوں وارداتوں میں ملوث تھا، ڈاکو کے ساتھی  اندھیرےکا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

    https://urdu.arynews.tv/gujrat-ccd-muqabla/

  • لاہور میں طوفانی بارش برس گئی، جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار جھڑی

    لاہور میں طوفانی بارش برس گئی، جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار جھڑی

    لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں طوفانی بارش برس گئی ہے، جس پر ریسکیو پنجاب ہائی الرٹ ہو گیا ہے، دوسری طرف جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار بارش جاری ہے۔

    ترجمان ریسکیو پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور میں بارش کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں کو ہنگامی الرٹ پر رکھا گیا ہے، عوام نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں، اور الیکٹرک پولز، کھلے بورڈز اور سوئچز کو ہاتھ نہ لگائیں، بارش کے باعث پھسلن سے حادثات کا خدشہ ہے اس لیے شہری احتیاط کریں، اور کسی بھی ایمرجنسی میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔

    ترجمان موٹر وے پولیس نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ سینٹرل ریجن کے مختلف مقامات پر موسلا دھار بارش جاری ہے، موٹر وے ایم 2 پر لاہور سے کوٹ مومن تک بارش ہوئی، لاہور سیالکوٹ موٹر وے، موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے سمندری تک بارش ہوئی۔

    ترجمان سید عمران احمد نے کہا موٹر وے پولیس سفر کو محفوظ بنانے کے لیے ہر وقت موجود ہے، بارش کے دوران محتاط ڈرائیونگ کریں، رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، وائیپر، لائٹس اور بریکس کو چیک کریں، اور سفر سے قبل گاڑی کی مکمل جانچ کریں، نیز غیر ضروری سفر سے بھی گریز کریں، خاص طور پر شدید بارش میں، اور معلومات یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔


    25 جولائی تک مون سون بارشوں سے کیا ممکنہ خطرات ہیں؟ نشان دہی کر دی گئی


    لاہور شہر میں موسلادھار بارش کے بعد نکاسی آب کے لیے بھی ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، کمشنر زید بن مقصود نے تمام اداروں واسا، ایل ڈی اے، سی بی ڈی، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو فوری فیلڈ میں متحرک ہونے کی ہدایت کی ہے، انھوں نے کہا نکاسئ آب پر مامور ایمرجنسی ٹیمیں سورنگ پوائنٹس پر فوری ردعمل دیں، اور شہر کے تمام نشیبی علاقوں اور مین روڈز پر نکاسی آب یقینی بنائی جائے۔

    دوسری طرف راولپنڈی اسلام آباد اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جڑواں شہروں میں اب تک مجموعی طور پر 46 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور میں 49، گولڑہ 71، بوکڑہ میں 33 ملی میٹر، پی ایم ڈی گیجنگ اسٹیشن پر 18، شمس آباد 14، کچہری 54، پیر ودھائی 49، گوالمنڈی 32، کٹاریاں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • مریم نواز کی ہدایت پر مخصوص علاقوں میں پرندوں کے گھونسلوں کے خلاف آپریشن

    مریم نواز کی ہدایت پر مخصوص علاقوں میں پرندوں کے گھونسلوں کے خلاف آپریشن

    لاہور: وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر نو برڈ زون میں آپریشن تیز کر دیا گیا، ایئرپورٹس کے گرد 8 کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کرنے کا عمل جاری ہے۔

    وائلڈ لائف اور ای پی اے فورسز اور ضلعی انتظامیہ نے نو برڈ زون میں کارروائیاں شروع کر دیں، پرندوں کی موجودگی کو روکنے کے لیے لاہور کنٹونمنٹ، والٹن کنٹونمنٹ اور ایل ڈبلیو ایم سی کے علاقوں میں کچرا ہٹانے کا عمل بھی تیز کر دیا گیا۔

    وزیر اعلی مریم نواز شریف نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے مشن کے تحت انتظامی اداروں کو ایئرپورٹس کے قریب واقع حساس مقامات 30 جولائی تک کلیئر کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

    وائلڈ لائف اور ای پی اے فورس نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن کیا، چھاپے مارے جن میں درجنوں شہریوں کو جرمانے اور گرفتاریاں کی گئیں، کبوتروں سمیت پرندوں کے ڈبے بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

    بہار شاہ روڈ اور ضرار شہید روڈ سے کبوتروں کے پنجرے ہٹا دیے گئے، گھونسلے ہٹانے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جب کہ شالامار باغ، بھٹہ چوک، جیل روڈ، مغلپورہ، آر اے بازار میں گھونسلے ہٹانے کا آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

    پرندوں سے ہوائی حادثات کے خدشے کے پیش نظر حساس زونز میں کچرا پھینکنے پر مکمل پابندی عائد ہے، اور صفائی مہم کے لیے خصوصی ٹیمیں سرگرم ہیں، اور مستقل نگرانی و رپورٹنگ کا عمل بھی جاری ہے، کھلی جگہوں پر کوڑا پھینکنے، ڈھکن کے بغیر کوڑا دان رکھنے والوں پر بھی جرمانے کیے جا رہے ہیں۔

    الفیصل ٹاؤن میں کبوتروں کے ڈیرے ختم کرنے، پولٹری شاپس کی نگرانی اور گیریژن کلب میں ڈی نیسٹنگ آپریشنز مکمل کیے گئے، مذبح خانوں، پولٹری فارمز، درباروں اور چھتوں پر دانہ ڈالنے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، بارکی روڈ، بیدیاں روڈ، ڈی ایچ اے، عسکری، والٹن روڈ، قذافی اسٹیڈیم کی سخت نگرانی جاری ہے۔

    واضح رہے کہ مریم نواز کی ہدایت پر ایئرپورٹس کے علاقوں میں کبوتر پالنے اور اڑانے پر مکمل پابندی ہے، اور نو برڈ زون میں زیرو ٹالرنس پالیسی لاگو کر دی گئی ہے، آپریشن میں گیریژن گالف کلب میں 142 گھونسلے، باغِ رحمت اسکول ایریا سے 21 گھونسلے، بھٹہ چوک سے 18، شالامار باغ سے 42 اور جیل روڈ سے 15 گھونسلے ہٹائے گئے ہیں۔

  • لاہور کے طوفانی بارش میں 3 مسافر بردار طیارے فضا میں چکر لگاتے رہے

    لاہور کے طوفانی بارش میں 3 مسافر بردار طیارے فضا میں چکر لگاتے رہے

    لاہور میں طوفانی بارش کے باعث 3 مسافر بردار طیارے ایئرپورٹ پر فضا میں چکراتے رہے، پروازوں کو لینڈگ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل گزشتہ رات سے شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث شہر میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، گزشتہ رات شہر آنے والے طیاروں کو لینڈنگ میں سخت مشکل پیش آئی۔

    لاہور ایئرپورٹ آنے والی تین پروازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول نے فضا میں چکر لگانے کی ہدایت کی، لاہور آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کا طیارہ ایئرپورٹ کی حدود میں تھا کہ طوفانی بارش شروع ہو گئی۔

    دبئی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو بھی فضا میں چکر لگانے کی ہدایت کی گئی، اسی طرح جدہ سے لاہور آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کو بھی لینڈنگ میں مشکلات پر فضا میں چکر لگانے کی ہدایت کی گئی۔


    لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع، علاقے زیر آب


    واضح رہے کہ لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع ہو گیا ہے، تیسرا سپیل وقفے وقفے سے شدید بارش کا باعث بن رہا ہے، شدید بارش کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے ہیں، اور اہم شاہراہیں ڈوب گئی ہیں۔

    موسلا دھار بارش کے باعث متعدد افسوس ناک واقعات بھی پیش آئے ہیں، شہر میں بوسیدہ چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جا ں بحق ہوئے۔ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹے میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

  • لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع، علاقے زیر آب

    لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع، علاقے زیر آب

    لاہور: پنجاب کا شہر لاہور تیز بارشوں کی زد پر ہے، شہر میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع ہو گیا ہے، جس سے کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع ہو گیا ہے، تیسرا سپیل وقفے وقفے سے شدید بارش کا باعث بن رہا ہے، شدید بارش کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے ہیں، اور اہم شاہراہیں ڈوب گئی ہیں۔

    موسلا دھار بارش کے باعث متعدد افسوس ناک واقعات بھی پیش آئے ہیں، شہر میں بوسیدہ چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جا ں بحق ہوئے۔

    ٹھوکر نیاز بیگ کے گاؤں مرید وال میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، رائیونڈ میں چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

    محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹے میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    پنجاب میں گزشتہ روز سے جاری بارش میں ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے، صرف لاہور میں بارش کے دوران حادثات میں دس افراد جان سے گئے۔

  • جانوروں پر تشدد اور مارنے کی دھمکی دینے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج

    جانوروں پر تشدد اور مارنے کی دھمکی دینے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور کے علاقے ڈیفنس میں پولیس نے جانوروں پر تشدد کر نے والی خاتون کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 2 میں خاتون کے خلاف جانوروں پر تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا، انسٹاگرام پر خرگوش کی ہلاکت اور بلی کو مارنے کی دھمکی کی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    مقدمہ تھانہ ڈیفنس بی میں وائلڈ لائف قوانین کے تحت درج کیا گیا، پولیس نے بتایا ملزمہ زخمی جانوروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتی تھی۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق ویڈیو میں ملزمہ بلی اور خرگوش پر تشدد کرتی، انہیں مارنے کی دھمکیاں دیتی تھیں، ملزمہ کے گھر سے بڑی تعداد میں جانور ملے، جن میں بیشتر جانور بدتر حالت میں پائے گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ تمام جانور وائلڈ لائف پنجاب کے حوالے کر دیئے گئے، پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے، اُسے ذہنی امراض کے نجی کلینک میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

  • شاہدرہ حادثہ : 14 سالہ ملزم نے مالک مکان کی لگژری گاڑی کیسے نکالی؟

    شاہدرہ حادثہ : 14 سالہ ملزم نے مالک مکان کی لگژری گاڑی کیسے نکالی؟

    لاہور میں لگژری گاڑی چلانے والے کم عمر ڈرائیور کی ٹکر سے ایک شخص کی ہلاکت اور دو فراد کے زخمی ہونے کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لگژری گاڑی سے حادثے کا ذمہ دار 14 سالہ ملزم حاشر اپنے ماموں کی نہیں بلکہ مالک مکان کی گاڑی اس کی اجازت کے بغیر گھر سے لے کر نکلا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق خرم نامی مالک مکان ایک میڈیسن کمپنی میں منیجر کے عہدے پر فائز ہے اور مذکورہ لگژری گاڑی اسی کمپنی کی ملکیت ہے۔

    حاشر کے نکالنے سے پہلے مالک مکان خرم اپنی اہلیہ کے ساتھ اپنی ہمشیرہ کے گھر گیا تھا جو قریبی محلے میں ہی رہائش پذیر ہیں، اس موقع پر گاڑی گھر میں ہی کھڑی تھی۔

    ملزم 14 سالہ حاشر کے والدین میں علیحدگی ہوچکی ہے اور وہ اپنی نانی کے پاس کرائے کے گھر میں رہائش پذیر ہے، حاشر نے گاڑی کی چابی اپنی نانی سے لی تھی۔

    بعد ازاں گھر میں گاڑی کی غیر موجودگی کا علم ہونے پر مالک مکان خرم نے گاڑی چوری کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 کو دے دی تھی۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مالک مکان کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : کم عمر ڈرائیور نے 3 موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا

    لاہور کے علاقے شاہدرہ میں سنگیت سینما کے قریب تیز رفتار لگژری گاڑی کے 14 سالہ ڈرائیور نے 3 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

    کم عمر بچے کی ڈرائیونگ کرتے ہوئے دو سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آ گئی ہیں، فوٹیج میں گاڑی چلاتے ہوئے بچے کو واضح طور پر دیکھا گیا، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے بچے کو پکڑ کر تھپڑ مارے۔