لاہور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر اور صوبہ پنجاب کا دارالحکومت ہے۔ یہ تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے ایک بہت اہم شہر ہے۔ اسے اکثر "پاکستان کا دل” بھی کہا جاتا ہے۔ لاہور اپنی شاندار تاریخی عمارات، جیسے بادشاہی مسجد، لاہور قلعہ، اور شالامار باغ کے لیے مشہور ہے۔ یہ شہر علم و ادب، فنون لطیفہ، اور ذائقہ دار کھانوں کا بھی مرکز ہے۔ لاہور ایک زندہ دل اور پررونق شہر ہے جو اپنی مہمان نوازی اور ثقافتی روایات کے لیے جانا جاتا ہے۔
لاہور: پنجاب کی ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے بیٹے کی غیر موجودگی میں بہو کے ساتھ زیادتی کرنے والے سسر کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ملت پارک میں سسر کی بہو کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے بیٹے کی غیر موجودگی میں بہو کے ساتھ زیادتی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق خاتون کے والد نے 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کرکے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن میں اطلاع دی۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ سسر نے متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنایا،کسی کو بتانے پر سنگین نتائج اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی۔
ڈی سی لاہور نے اعلان کیا ہے کہ کل بروز 16 دسمبر شہر کے تمام پبلک و پرائیویٹ سکول و کالجز بند رہیں گے جب کہ تمام یونیورسٹیاں کھلی رہیں گی۔
ڈی سی لاہور کی جانب سے گورنمنٹ و پرائیویٹ سکول و کالجز میں چھٹی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سقوطِ ڈھاکہ اور اے پی ایس سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ہم شہدائے آرمی پبلک سکول کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کا سانحہ بہت گہرا زخم ہے جس کا بھرپانا ممکن نہیں ہے، سانحہ پشاور میں بچوں کی شہادت نے قوم کو مضبوط اور متحد کیا، پاکستان جلد ایک پر امن ملک ہو گا۔
اس سے قبل راولپنڈی ضلع کے تمام تعلیمی اداروں میں کل عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 16 دسمبر کو ضلع بھر میں تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے 2 دن کی چھٹی کا اعلان کردیا، اس حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جس میں کہا گیا ہے کہ 25 دسمبر بروز بدھ قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر تمام سرکاری دفاتر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جبکہ مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس کے سلسلے میں 26 دسمبر کو چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
لاہور میں نوجوان کے قتل کی لرزہ خیز واردات سامنے آئی ہے جس میں ملزمان نے اپنے ہی دوست کو اغوا کیا اور تاوان لینے کے بعد قتل کر ڈالا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں دوستوں نے دوست کو اغوا کے بعد بے دردی سے قتل کردیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عبداللہ شاہد اور اس کے ساتھی نے رقم کے لالچ میں اپنے دوست احسن سلیم نامی نوجوان کو اغوا کیا۔
ملزمان نے احسن کی رہائی کے بدلے اس کے اہل خانہ سے بھاری رقم کا مطالبہ کیا، تاہم رقم کی ادائیگی کے باوجود ملزمان نے نوجوان احسن کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے مغوی دوست کو قتل کرنے کے بعد ثبوت مٹانے کیلیے اس کی لاش نہر میں پھینک دی۔
پولیس نے نہر سے مقتول کی لاش برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پوسٹ مارٹم کیلیے لاش مردہ خانے منتقل کردی گئی۔ گلبرگ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مفرور ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
لاہور: پنجاب میں ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ایسے میں لاہور میں رواں سال ڈینگی سے ہلاکت کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈینگی بخار کے باعث لاہور کے میو اسپتال میں 14 سال کی بچی دم توڑ گئی، 2 روز قبل بچی کو تیز بخار کے باعث میو اسپتال لایا گیا تھا، محکمہ صحت کی جانب سے بھی بچی کی موت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
محکمہ ہیلتھ کیئر کے مطابق گزشتہ روز صوبے میں ڈینگی کے 85 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، اور ایک ہفتے میں 567 کیس رپورٹ ہوئے، جب کہ رواں سال 6986 ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 11 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ضلع وسطی میں 2، ضلع شرقی میں 3، ضلع کورنگی میں 1، ضلع جنوبی میں ڈینگی وائرس کے 3، ضلع ملیر اور ضلع کیماڑی سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔
لاہور: اسموگ کے باعث لاہور شہر میں فضائی آلودگی سے انفلوئنزا اور وائرل انفیکشن سے شہری متاثر ہونے لگے ہیں، اور اسپتالوں میں خشک کھانسی، سانس میں دشواری کے مریضوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں اسموگ کی وجہ سے ایک طرف بچوں میں نمونیہ، چیسٹ انفیکشن، اور خشک کھانسی میں اضافہ ہوا ہے، دوسری طرف شہری آنکھوں میں جلن اور جلدی امراض میں مبتلا ہونے لگے ہیں، عارضہ قلب اور دمہ کے مریض بھی آلودگی سے متاثر ہونے لگے ہیں۔
گزشتہ روز 6 بڑے سرکاری اسپتالوں میں اب تک 15 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، میو اسپتال میں 24 گھنٹوں میں 4 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں 3500، گنگارام اسپتال میں 3000 مریض رپورٹ ہوئے۔ لاہور کے چلڈرن اسپتال میں 2 ہزار سے زائد بچے رپورٹ ہوئے، سروسز اسپتال اور جنرل اسپتال میں بھی سیکڑوں مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
پروفیسر آف کریٹیکل کیئر پروفیسر اشرف ضیا نے بتایا کہ اسموگ کے اثرات سے خصوصی بچے شدید متاثر ہو رہے ہیں، لاہور میں اس وقت 10 سے زائد وائرل بیماریاں پھیلی ہوئی ہیں، نمونیہ، چیسٹ انفیکشن، پیٹ کی بیماریاں، اور وائرل انفیکشن ان میں سر فہرست ہیں۔
پروفیسر اشرف ضیا کے مطابق خصوصی بچوں کو پروٹین غذا، وٹامنز، ڈرائی فروٹ کا استعمال کرایا جائے، اور ماسک کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
طبی ماہرین کا ان حالات میں مشورہ ہے کہ سانس میں دشواری کے مریض گھروں سے باہر نہ جائیں، پھیپھڑوں اور دمہ کے مریضوں کو خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، طبی ماہرین نے اس سے بھی خبردار کیا ہے کہ اسموگ سے جلدی امراض میں اضافہ اور آنکھیں متاثر ہو رہی ہیں۔
لاہور: پولیس نے مختلف علاقوں میں رکشے میں سوار ہوکر واردات کرنے والے گروہ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گوالمنڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چنگ چی رکشے میں سوار ہو کر وارداتیں کرنے والے 3 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سرغنہ خلیل ساتھی مبشر اور عدنان شامل ہیں جبکہ ملزمان اب تک 43 سے زائد وارداتیں کر چکے ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان چنگ چی رکشہ پر نکلتے اور کھڑی موٹر سائیکلوں کو چوری کرتے تھے، ملزمان سے 3موبائل، 2 گھڑیاں، اسلحہ اور چنگ چی رکشہ برآمد کرلیا گیا ہے۔
لاہور: پولیس کا کہنا ہے کہ کاہنہ میں 15 سالہ لڑکے کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں شہروز نامی ملزم نے 15 سالہ بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے زیادتی کے بعد لڑکے کے پیٹ میں ہوا بھری جس کے باعث بچے کا معدہ پھٹ گیا، حسن علی کو تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ میں دم توڑ گیا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم شہروز کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتاری کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
لاہور کے مختلف مقامات پر پارکنگ مافیا نے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارنا شروع کردیا، 10 روپے والی پرچی کے 30 روپے وصول کیے جارہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے پارکنگ مافیا کے کارندوں کو بے نقاب کردیا، لاہور کے جناح اسپتال علاج معالجے کیلئے آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین سے روزانہ کی بنیادوں پر کروڑوں روپے لوٹے جارہے ہیں۔
پروگرام سرعام کے میزبان اقرار الحسن نے پارکنگ فیس وصول کرنے والے کارندے سے اس حوالے سے دریافت کیا تو پہلے تو وہ صاف مُکر گیا کہ وہ بیس روپے ہی لیتا ہے۔
لیکن وہاں موجود سب شہریوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہم سے بھی تیس روپے ہی وصول کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ شہریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہیلمٹ رکھنے کے تیس روپے بھی علیحدہ سے وصول کیے جاتے ہیں۔
پارکنگ مافیا کے کارندے شہریوں کو لوٹنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے رات 12 بجے کے بعد ریٹ دگنا کردیا جاتا ہے فی موٹر سائیکل 60 روپے لیے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ کار کی پارکنگ فیس 30 روپے ہے لیکن 50 روپے لیے جارہے ہیں، پارکنگ مافیا شہر بھر میں یومیہ بنیادوں پر کروڑوں روپے کا چونا لگا رہا ہے۔
ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹر کاشف جہانگیر نے ٹیم سرعام سے رابطہ کرکے اپنے آفس بلوایا اور کہا کہ وہ خود اس پارکنگ مافیا کے حوالے سے کچھ اہم گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس ریونیو بڑھانے کا جو طریقہ ہے اس میں یہ پارکنگ فیس بھی ہے، کیونکہ اسپتال کے معاملات چلانے کیلیے جو بجٹ فراہم کیاجاتا ہے اخراجات اس سے کہیں زیادہ ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے دس روپے اضافی لینے والی شکایت کا ازالہ کرنے کا بھی وعدہ کیا۔
دوسری جانب لاہور کے میو اسپتال میں بھی ملتی جلتی صورتحال ہے یہاں بھی 20 کے بجائے 30 روپے لیے جاتے ہیں اگر کوئی بحث کرتے تو اس سے 20 روپے لیے جاتے ہیں۔
لاہور : فلم انڈسٹری کے لیجنڈری موسیقار استاد الطاف حسین المعروف طافو خان طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، ان کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی۔
برصغیر پاک و ہند کے عظیم موسیقار ’’کنگ آف ردہم ‘‘ کہلانے والے استاد طافو خان 1945 میں لاہور میں پیدا ہوئے۔
استاد طافو خان نے متعدد فلموں کی موسیقی دی، انہوں نے متعدد نامور گلوکاروں کو بھی متعارف کرایا۔
طافو خان نے700 سے زائد فلموں کے گانے بنائے اور میڈیم نور جہاں نے ان کے ان گنت گیت گائے۔ ”سن وے بلوری اکھ والیا“ نے انہیں شہرت کی بلندی پر پہنچایا۔
استاد طافو خان گزشتہ کئی ماہ سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے، ان کی نماز جنازہ اتوار کو کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی ان کی تدفین شہنشاہ قبرستان میں کی جائے گی۔
مرحوم طافو خان کہتے تھے کہ میڈیم نورجہاں ان کے لئے والدہ کا درجہ رکھتی تھیں اور وہ اپنی زندگی میں مجھے اپنے گھر کا فرد بنا کر گئی تھیں۔
طافو خان کے انتقال پر پاکستان کی پہلی اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر نے گہرے دُکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب ایسے قابل موسیقار کم پیدا ہوتے ہیں، انہوں نے ہمیشہ فن موسیقی کو پروان چڑھایا۔
لاہور : پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل میں رہائش پذیر طالبہ کی لاش ملی ہے، جس کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ اس نے پنکھے سے لٹک کر مبینہ طور پر خودکشی کی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفیہ ام حبیبہ آئی ای آر ڈیپارٹمنٹ میں پانچویں سمسٹر کی طالبہ تھی اور اپنی بہن کے ساتھ ہاسٹل نمبر8 کے کمرہ نمبر91 میں رہائش پذیر تھی۔
پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق لیڈی پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی تحقیقات کا آغاز کردیا، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھےکرنا شروع کردیے۔
ہاسٹل انتطامیہ کی جانب سے پولیس کو اطلاع دیے جانے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر طالبہ ام حبیبہ کی لاش کو قبضے میں لے کر مردہ خانے منتقل کر دیا۔
ہوسٹل ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبہ ام حبیبہ کمرہ نمبر74میں مقیم تھی، لڑکی نے اپنی دوست کے کمرہ نمبر91 میں جاکر دروازہ اندر سے بند کردیا تھا، ہوسٹل وارڈن کے کمرے کا دروازہ توڑنے پر لڑکی کے لٹکی ہوئی لاش ملی۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق طالبہ کی خودکشی کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں تاہم پولیس اور فارنزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر کے تفتیش شروع کر دی، واقعے سے متعلق طالبہ کے والدین کو مطلع کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اکتوبر سال 2016 میں پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل میں داخلہ لینے آنے والی 22سالہ اسپورٹس طالبہ نے بھی خودکشی کی تھی۔ خبر کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل نمبر 5 میں رہائش پذیر طالبہ عائشہ فرقان کی لاش پنکھے کی ہک سے جھولتی پائی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق عائشہ فرقان اٹک کی رہائشی تھی اور ان دنوں اسپورٹس کے ٹرائل کے سلسلے میں لاہور آئی ہوئی تھی اور اپنی کزن سعدیہ کے ہمراہ ہاسٹل نمبر 5 میں بطور ’’پےانگ گیسٹ‘‘ رہ رہی تھی۔ اس نے بی ایس اسپورٹس اینڈ سائنس میں اپلائی کیا اور اس نے ٹرائل پاس ک لیا تاہم ابھی اس کا داخلہ کنفرم نہیں ہوا تھا۔