Tag: Lahore

لاہور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر اور صوبہ پنجاب کا دارالحکومت ہے۔ یہ تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے ایک بہت اہم شہر ہے۔ اسے اکثر "پاکستان کا دل” بھی کہا جاتا ہے۔ لاہور اپنی شاندار تاریخی عمارات، جیسے بادشاہی مسجد، لاہور قلعہ، اور شالامار باغ کے لیے مشہور ہے۔ یہ شہر علم و ادب، فنون لطیفہ، اور ذائقہ دار کھانوں کا بھی مرکز ہے۔ لاہور ایک زندہ دل اور پررونق شہر ہے جو اپنی مہمان نوازی اور ثقافتی روایات کے لیے جانا جاتا ہے۔

  • لاہور میں لڑکی کی بوری بند لاش برآمد

    لاہور میں لڑکی کی بوری بند لاش برآمد

    لاہور: لاہور کے فیکٹری ایریا سے لڑکی کی بوری بند لاش ملی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کئی روز پرانی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں فیکٹری ایریا کے علاقے سے لڑکی کی بوری بند لاش ملی ہے، لڑکی کو مبینہ طور پر قتل کر کے لاش بوری میں بند کر کے پھینکی گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کی لاش کئی روز پرانی ہے، اور اس کی شناخت ابھی نہیں ہو سکی ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق لڑکی اور اس کے قتل سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہے۔

    دوسری طرف لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں پولیس نے ایک کارروائی میں 10 سالہ بچے سے زیادتی کے ملزم کو گرفتار کیا ہے، بچے کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، کینٹ کے اے ایس پی طارق محمود کے مطابق بچوں کا جنسی استحصال کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

  • جائیداد کے تنازع پر بھائی کے ہاتھوں دو بھائیوں سمیت 4 افراد قتل

    جائیداد کے تنازع پر بھائی کے ہاتھوں دو بھائیوں سمیت 4 افراد قتل

    گوجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے شہر میں جائیداد کے تنازع پر 2 بھائیوں سمیت 4 افراد کو قتل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے اقبال ٹاؤن میں جائیداد کے تنازع پر 2 بھائیوں سمیت 4 افراد کو بے دردی سے قتل کردیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین سو رہے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کردیا، پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقتولین میں 2 بھائی اور 2 کزن شامل ہیں جبکہ ملزمان میں مقتول کا سگا بھائی اور بھتیجے شامل ہیں، ملزمان اور مقتولین میں جائیداد کا تنازعہ اور سابقہ دشمنی چل رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان موقع سے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، موقع سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

    گوجرانوالہ کے ریجنل پولیس افسر ( آر پی او) نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او گوجرانولہ سے رپورٹ طلب کرلی، آر پی او نے ایس پی سول لائن کو ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم بھی دے دیا۔

    آر پی او نے کہا کہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں پیش کرکے سخت سزا دلوائی جائے گی۔

  • لاہور شہر میں جعلی سیمنٹ فروخت کیے جانے کا انکشاف

    لاہور شہر میں جعلی سیمنٹ فروخت کیے جانے کا انکشاف

    لاہور: پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں جعلی سیمنٹ فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے سندر تھانے میں جعلی سیمنٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے، جس میں ایک کاروباری شخص کو جعلی سیمنٹ فروخت کر کے فراڈ کا شکار بنایا گیا۔

    تھانے میں دی گئی درخواست کے مطابق سندر کے علاقے میں بزنس مین الیاس مجید نے 400 سیمنٹ کی بوریوں کا ٹرک منگوایا تھا، جب انھوں نے کوالٹی کنٹرول انجینئر کے ذریعے اسے چیک کرایا تو سیمنٹ جعلی نکلا۔

    الیاس مجید کے مطابق سیمنٹ لانے والوں نے پہلے تو اس جعل سازی سے انکار کیا اور بعد میں سیمنٹ ٹرالی چھوڑ کر بھاگ گئے، جس پر انھوں نے تھانہ سندر میں جعلی سیمنٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمے کی درخواست جمع کرا دی۔

    بزنس مین الیاس مجید کا کہنا ہے کہ جعلی سیمنٹ فروخت کرنے والوں کی جانب سے انھیں سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

  • وزیر اعظم کے احکامات پر نیپرا اور ایف آئی اے نے اووربلنگ انکوائری کا آغاز کر دیا

    وزیر اعظم کے احکامات پر نیپرا اور ایف آئی اے نے اووربلنگ انکوائری کا آغاز کر دیا

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف کے احکامات پر نیپرا اور ایف آئی اے نے اووربلنگ انکوائری کا آغاز کر دیا۔

    ذرائع لیسکو کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین کو کروڑوں روپے اوور بلنگ شکایات پر انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے، یہ انکوائری نیپرا اور ایف آئی اے کر رہی ہے۔

    جن صارفین کو پروریٹا بل ملے وہ واپس ہو جائیں گے، پروریٹا سسٹم کی منظوری کنسلٹنٹ منسٹری ثاقب جمال اور لیسکو انتظامیہ نے دی تھی، اعلیٰ سطح کمیٹی وزارت اور لیسکو مینجمنٹ ذمہ داران کا تعین کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق افسران کے خلاف کارروائی کے لیے وزیر اعظم آفس کو رپورٹ بھجوائی جائے گی، جب کہ کل شام تک اووربلنگ رپورٹ مرتب کر لی جائے گی۔

    خیال رہے کہ پروٹیکٹڈ صارفین کو 3 ہزار کے بجائے 8 ہزار روپے کے بل بھجوائے گئے تھے۔

  • چوہدری پرویز الہٰی کی اہل خانہ کے ساتھ تصویریں بھی سامنے آ گئیں

    چوہدری پرویز الہٰی کی اہل خانہ کے ساتھ تصویریں بھی سامنے آ گئیں

    لاہور: چوہدری پرویز الہٰی جیل سے رہائی کے بعد گھر پہنچے تو اہل خانہ نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا، اہل خانہ کے ساتھ ان کی تصاویر بھی سامنے آ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الہٰی گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل لاہور سے رہا ہو گئے، رہائی کے بعد وہ ظہور الہٰی پیلس پہنچ گئے جہاں اہلیہ اور دیگر افراد نے ان کا استقبال کیا۔

    اپنے گھر میں چوہدری پرویز الہٰی کی اہل خانہ کے ساتھ تصویریں بھی سامنے آ گئی ہیں، جن میں وہ جیل اور عدالتی پیشیوں کی تکالیف کے بعد پرسکون اور مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔ 78 سالہ پرویز الہٰی کو محض بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دینے اور منحرف نہ ہونے کے جرم پر اس عمر میں بھی سخت ذہنی و جسمانی اذیت دی گئی۔

    پرویز الہٰی نے اس موقع پر کہا ’’میری گرفتاری اور ظلم میں سب سے اہم کردار محسن نقوی کا رہا، میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تھا، ہمیشہ رہوں گا، میں ثابت قدم رہا، ججوں نے حق اور سچ کا ساتھ دیا۔‘‘

    پرویز الہٰی کوٹ لکھپت جیل سے رہا

    ’شجاعت صاحب کے بچوں سے مینڈیٹ واپسی تک کوئی بات نہیں ہو گی‘

    انھوں نے کہا کہ گجرات کے لوگوں کو زیادتیاں اور ظلم سہنا پڑا، ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا، چوہدری شجاعت کے بچوں سے مینڈیٹ کی واپسی تک کوئی بات نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی بھرتی کیس میں پرویز الہیٰ کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے، پولیس نے صدر پی ٹی آئی کو اکتوبر 2023 میں گرفتار کیا تھا۔

  • حج پر روانگی سے چند گھنٹے قبل ڈاکوؤں نے شہری کو گولی مار کر قتل کردیا

    حج پر روانگی سے چند گھنٹے قبل ڈاکوؤں نے شہری کو گولی مار کر قتل کردیا

    لاہور: اقبال ٹاؤن میں حج پر روانگی سے چند گھنٹے قبل ڈاکوؤں نے گولی مار کر قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر باپ کو قتل کرکے بیٹے کو زخمی کردیا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق پروفیسر شعیب گزشتہ روز مقامی ایکسچینج سے کرنسی نکال کر گھر آرہا تھا، گھر کے قریب پہنچتے ہی 2 ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر روکا، ڈاکوؤں نے کرنسی چھینی اور مزاحمت پر فائرنگ کر دی۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق گھر میں موجود پروفیسر شعیب کے والد ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے جبکہ پروفیسر شعیب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے، ڈاکو 6500 ریال لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ پروفیسر شعیب کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا جس میں قتل، ڈکیتی و دیگر دفعات شامل ہیں، مقتول فاروق کو حج کی ادائیگی کے لیے آج سعودی عرب روانہ ہونا تھا جبکہ ان کا بیٹا شعیب شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔

  • مسلح افراد نے پولیس افسر کو گولیوں سے بُھون دیا

    مسلح افراد نے پولیس افسر کو گولیوں سے بُھون دیا

    لاہور : پنجاب کے شہر لاہور میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس افسر شہید ہوگیا، واقعہ مصری شاہ کے علاقے میں پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مصری شاہ میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے سب انسپکٹر ارشد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

    پولیس حکام کے مطابق سب انسپکٹر ارشد اپنی ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس جارہا تھا، راستے میں نامعلوم ملزمان نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی، سب انسپکٹر ارشد کو گردن، چھاتی اور پیٹ میں تین گولیاں لگیں۔

    پولیس کے مطابق سب انسپکٹر ارشد نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جان دے دی، شہید سب انسپکٹر ارشد لاہور کے باغبان پورہ انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھا۔

    سب انسپکٹر پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کو ارشد پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    علاوہ ازیں تھانہ کاہنہ کے علاقے گجومتہ میں گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن احمد زنیر چیمہ کی ایس ڈی پی او کاہنہ کو فوری ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔

  • ’’حکومت جو چاہے کر لے 16 روپے کی روٹی نہیں بیچیں گے‘‘

    ’’حکومت جو چاہے کر لے 16 روپے کی روٹی نہیں بیچیں گے‘‘

    لاہور: متحدہ نانبائی ایسوسی ایشن نے روٹی کی قیمت کم کرنے سے انکار کر دیا۔

    نانبائی ایسوسی ایشن نے سرکاری احکامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جو چاہے کر لے 16 روپے کی روٹی نہیں بیچیں گے۔

    ایسوسی ایشن نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کا تھیلا 1600 روپے اور فائن میدہ 7500 روپے کرنے تک روٹی سستی نہیں کریں گے، 5 روز مزید انتظار کرنے کے بعد غیر معینہ مدت تک ہڑتال پر جائیں گے۔

    اعلامیے میں بتایا گیا کہ لاہور شہر کے بیش تر تندوروں پر پرانی قیمت بحال کر دی گئی ہے۔

    دوسری طرف شرقپور شریف میں حکومت کی جانب سے روٹی 16 اور نان 20 روپے کیے جانے کے خلاف نان روٹی ایسوسی ایشن نے احتجاج کیا ہے، ایسوسی ایشن نے کہا کہ آج حکومت کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔

  • پیاز کے سرکاری نرخ کیا ہیں اور مارکیٹ میں کتنی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے؟

    پیاز کے سرکاری نرخ کیا ہیں اور مارکیٹ میں کتنی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے؟

    لاہور: ملک بھر میں مہنگائی کے طوفان نے شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے، دکانوں پر شہریوں سے من مانی قیمتوں کی وصولی ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں بازاروں میں پیاز کے سرکاری نرخوں پر انتظامیہ عمل درآمد کرانے میں ناکام نظر آ رہی ہے، فی کلو پیاز کا سرکاری ریٹ 175 روپے ہے جب کہ دکانوں میں 230 سے 250 میں فروخت ہو رہی ہے۔

    مارکیٹ ذرائع کے مطابق فی درجن انڈوں کی قیمت بلند ترین سطح 400 تک پہنچ گئی ہے، اور مرغی کے گوشت کی 615 روپے فی کلو میں فروخت جاری ہے۔

    پیاز کی قیمت میں کمی کیلئے حکومت کا اہم اقدام

    ایل پی جی کی سرکاری قیمت 256 روپے مقرر ہے تاہم مارکیٹ میں 300 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

  • 9 مئی واقعات میں گرفتار نہ ہونے والے ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

    9 مئی واقعات میں گرفتار نہ ہونے والے ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

    لاہور: 9 مئی واقعات میں گرفتار نہ ہونے والے ملزمان کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی آپریشنز اور انویسٹی گیشن ٹیموں کو نو مئی واقعات میں گرفتار نہ ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹاسک سونپ دیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 9 مئی واقعات کی تحقیقات میں مزید 382 ملزمان کی گرفتاری مطلوب ہے، 282 اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے لاہور میں دہشت گردی کے 14 مقدمات درج ہوئے جب کہ 49 مقدمات دیگر سنگین دفعات کے تحت درج ہوئے، 1035 ملزمان دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار کیے گئے، اور 884 ملزمان دیگر مقدمات میں گرفتار کیے گئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات میں 741 ملزمان جوڈیشل ہوئے، اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات میں 318 ملزمان کو جوڈیشل رکھا گیا، جب کہ دیگر تمام ملزمان ضمانتوں پر ہیں یا مقدمات سے ڈسچارج کیے جا چکے ہیں۔