Tag: Lai Nullah

  • وزارت داخلہ پنجاب نے نالہ لئی کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی

    وزارت داخلہ پنجاب نے نالہ لئی کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی

    راولپنڈی: وزارت داخلہ پنجاب نے نالہ لئی کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں وزارت داخلہ نے نالہ لئی کے اطراف دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی، دفعہ 144 کا نفاذ کل سے 30 دنوں کے لیے کیا گیا ہے۔

    نالہ لئی اور چھوٹے نالوں میں کسی بھی قسم کا کوڑا ڈمپ کرنے پر پابندی ہوگی، جس کی خلاف ورزی پر مقدمے کا اندراج ہوگا اور فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

    144 کا نفاذ محکمہ موسمیات کی رپورٹ پر اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے، واسا نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو دفعہ 144کے نفاذ کی سفارش کی تھی۔

    بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے واسا کی سفارش پر وزارت داخلہ پنجاب کو دفعہ 144 کے نفاذ کی درخواست کی۔

  • نالہ لئی ٹھیک نہ کرتے تو آج راولپنڈی بھی ڈوبا ہوا ہوتا: شیخ رشید

    نالہ لئی ٹھیک نہ کرتے تو آج راولپنڈی بھی ڈوبا ہوا ہوتا: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج کراچی اور لاہور ڈوبا ہوا ہے، 2 ماہ پہلے نالہ لئی ٹھیک نہ کرتے تو راولپنڈی بھی ڈوبا ہوا ہوتا۔ نالہ لئی کے اطراف 8 منزلہ پلازے بنانے کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ایم ایل ون کے لیے اسی ماہ ٹینڈر لگ جائیں گے، جس اسپتال میں بے نظیر بھٹو کی شہادت ہوئی اس میں ایک روپیہ نہیں لگایا گیا، ہم نے اسپتال کے لیے 40 کروڑ روپے دیے ہیں تاکہ چائلڈ وارڈ بن سکے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ راجا بازار اسپتال کو سوا ارب روپے سے نیا بنانے جا رہے ہیں، راجا بازار اسپتال کا افتتاح اسی ماہ کسی بھی دن کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی یونیورسٹیاں دیکھیں مگر اس وقت وسائل اور حالات نہیں تھے کہ پڑھ سکتا، میں وہاں مزدوری کرتا تھا اور کارپٹ کا کام کرتا تھا۔ آج اللہ کا شکر ہے میں 2 یونیورسٹیاں بنوانے جا رہا ہوں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کے لیے 70 ارب روپے کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں، ایم ایل ون کے لیے عمران خان اور آرمی چیف کا مشکور ہوں، وزیر اعظم، آرمی چیف نے چین سے ہر میٹنگ پر ایم ایل ون پر زور دیا۔ ڈیڑھ سو سال بعد پاکستان کی پٹڑی بدلنے جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چین نے بین الاقوامی یونیورسٹی بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، بنانے میں وقت لگے گا مگر ہم کام شروع کردیں گے۔ اس یونیورسٹی میں سندھ کی بچیوں نے بھی داخلے لیے ہیں۔ ہمارے ہاں بچیوں میں پڑھنے کا جذبہ بہت ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج کراچی اور لاہور ڈوبا ہوا ہے، 2 ماہ پہلے نالہ لئی ٹھیک نہ کرتے تو راولپنڈی بھی ڈوبا ہوا ہوتا۔ نالہ لئی کے دونوں اطراف سڑکیں بنا رہے ہیں، سڑکیں بنانے کے بعد دونوں اطراف پلازے بنا سکتے ہیں، 8 منزلہ پلازے بنانے کی اجازت ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے کسی کی بھی درخواست پر انکوائری کر سکتا ہے، ریفرنس دائر ہونے تک عثمان بزدار کہیں نہیں جارہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ایف اے ٹی ایف میں حکومت کو شکست نہیں ہوئی البتہ اپوزیشن بے نقاب ہوئی ہے۔

  • وزیر اعظم نے شیخ رشید کو نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کا فوکل پرسن مقرر کردیا

    وزیر اعظم نے شیخ رشید کو نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کا فوکل پرسن مقرر کردیا

    اسلام آباد: ہر سال بارشوں میں راولپنڈی کو سیلاب میں ڈبو دینے والے نالہ لئی کے منصوبے کا کام دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم نے وفاقی وزیر ریلوے کو منصوبے کا فوکل پرسن مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کا فوکل پرسن مقرر کردیا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق شیخ رشید فلڈ چینل پروجیکٹ کے بھی فوکل پرسن ہوں گے۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ نالہ لئی منصوبہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں شروع کیا گیا تھا۔ پرویز مشرف کے بعد حکومتوں نے نالہ لئی منصوبہ روک دیا تھا۔

    ترجمان نے مطابق نالہ لئی منصوبے کی ابتدائی لاگت 18 ارب روپے تھی، منصوبے کے تحت نالہ لئی کے دونوں اطراف سگنل فری سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ نالہ لئی منصوبے سے جڑواں شہروں میں ٹریفک مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نالہ لئی منصوبے سے راولپنڈی میں سیلاب کی بھی روک تھام ہوسکے گی۔

    خیال رہے کہ راولپنڈی میں واقع نالہ لئی بارشوں کے موسم میں بھر جاتا ہے اور نالے میں طغیانی آجاتی ہے جس کے باعث پانی سیلابی صورت میں آس پاس کی آبادیوں میں داخل ہوجاتا ہے۔

  • راولپنڈی: طوفانی بارشوں کے بعد نالہ لئی میں طغیانی، نشیبی علاقے زیر آب

    راولپنڈی: طوفانی بارشوں کے بعد نالہ لئی میں طغیانی، نشیبی علاقے زیر آب

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کے نالہ لئی میں طوفانی بارشوں کے بعد پانی کی سطح 18 فٹ تک پہنچ گئی۔ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے فوج کی امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں طوفانی بارش کے بعد شہر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ نالہ لئی میں پانی خطرے کے نشان سے بلند ہوگیا جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

    ڈھوک کالا خان میں نالے کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔

    نشیبی علاقوں میں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے فوج کی امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں۔ راولپنڈی شہر میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔

    واسا کے عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ ملک میں جاری مون سون بارشوں نے مختلف شہروں میں تباہی مچا دی ہے۔ بارش کے باعث صوبہ پنجاب کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ مزید کچھ وقت تک جاری رہے گا جس کے بعد سیلابی صورتحال خطرناک ہوسکتی ہے۔