Tag: lakhimpur kheri

  • بھائی کو بہن کی لاش کندھے پر ڈال کر 5 کلو میٹر پیدل چلنا پڑا، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    بھائی کو بہن کی لاش کندھے پر ڈال کر 5 کلو میٹر پیدل چلنا پڑا، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جہاں دو بھائیوں کو اپنی بہن کی لاش اسپتال سے کندھوں پر لاد کر لے جانی پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق میلانی تھانے کے ایلن گنج مہاراج نگر میں 17 سالہ شیوانی نامی لڑکی کو ایک ہفتہ قبل ٹائیفائیڈ ہو گیا تھا، جس پر بھائیوں نے اسے پلیا کے ایک نجی اسپتال پہنچایا، جہاں وہ جمعرات کو دوران علاج ہی دم توڑ گئی۔

    بھارتی صوبہ اترپردیش شدید بارشوں کی زد پر ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ سیلابی صورت حال ہے، جس کی وجہ سے نقل و حمل میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے، یہی وجہ ہے کہ بھائی لاش گھر لے جانے کے لیے انتظام نہ کر سکے۔

    رپورٹس کے مطابق بھائیوں نے بہن کی لاش اتریا کراسنگ تک ایک تانگے کی مدد سے پہنچائی اور پھر ناؤ سے ندی پار کی، تاہم اس کے بعد اپنے کندھوں پر لاش اٹھاکر 5 کلومیٹر تک پیدل چلے۔

    جب یہ معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو ایس ڈی ایم کارتیکیہ سنگھ نے بیان دیا کہ انھیں بھی سوشل میڈیا کے ذریعے خبر ملی، لڑکی کے گھر والوں نے پولیس یا انتظامیہ سے رابطہ کیا ہوتا تو انتظامی سطح پر انھیں مدد ضرور فراہم کی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے اس طرح کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔