Tag: Lamborghini

  • معروف اداکار کا 10 سالہ بیٹا ڈرائیونگ سیٹ پر، گاڑیوں کی ٹکر سے کروڑوں کا نقصان

    معروف اداکار کا 10 سالہ بیٹا ڈرائیونگ سیٹ پر، گاڑیوں کی ٹکر سے کروڑوں کا نقصان

    ہالی ووڈ کے معروف اداکار بین ایفلک کے 10 سالہ بیٹے نے دو مہنگی گاڑیاں آپس میں ٹکرا کر 8 کروڑ روپے کا نقصان کردیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہالی ووڈ اداکار بین ایفلک کے 10 سالہ بیٹے سیموئیل نے شوروم میں کھڑی مہنگی گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرا دی۔

    اتوار کو بین ایفلک گلوکارہ جینیفر لوپیز کے ہمراہ لاس اینجلس میں ایک کار شو روم گئے جہاں بین نے اپنے صاحبزادے کو گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بٹھا دیا۔

    غیر ملکی میڈیا میں شائع ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیموئیل پیلے رنگ کی لیمبورگنی کی ڈرائیونگ سیٹ سے باہر آرہے ہیں، عقب میں سفید رنگ کی بی ایم ڈبلیو کھڑی ہے جس سے سیموئیل کی گاڑی ٹکرائی۔

    رپورٹس کے مطابق جس لیمبورگنی کی ٹکر ہوئی اس کی مالیت 4 لاکھ ڈالر (تقریباً 8 کروڑ 23 لاکھ 14 ہزار پاکستانی روپے) ہے۔

  • گتے کی کار کی انوکھی قیمت، سننے والے بھی حیران رہ گئے

    گتے کی کار کی انوکھی قیمت، سننے والے بھی حیران رہ گئے

    ویلنگٹن : نیوزی لینڈ کے ایک یو ٹیوبر کی جانب سے گتے کی مدد سے بنایا گیا معروف ریسنگ کار لیمبرگنی کا ماڈل 15 لاکھ روپے میں فروخت ہو گیا۔ اپنے اس کارنامے کی اتنی قیمت ملنے پر نوجوان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوبر ڈیوڈ جونز نے گتے سے بنائی گئی لیمبرگنی آج شام ایک چیریٹی ایونٹ میں 10 ہزار سے زائد ڈالر میں فروخت کی ہے اور یہ پیسہ ایک خیراتی ادارے کو عطیہ کر دیا ہے۔

    ڈیوڈ نے بہت خوبصورتی سے گتے کو تراش کر گاڑی کا ماڈل بنایا ہے جو اصل لمبرگنی کار سے تھوڑا بڑا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گتے کی گاڑی 1.65 میٹر چوڑی جب کہ 3.78 میٹر لمبی ہے۔


    ڈیوڈ نے بتایا کہ انہیں گاڑی کا ماڈل بنانے کا خیال اس وقت آیا جب انہیں امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں لمبرگنی چلانے کا اتفاق ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق نوجوان یوٹیوبر نے کار کو ” کارڈبورگنی ” کا نام دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی کا ماڈل بنانے میں انہیں دو ہفتوں سے زائد کا وقت لگا۔

    ڈیوڈ نے گاڑی کی اچھی قیمت لگنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایسا لگتا تھا کہ یہ صرف 50 ڈالر میں فروخت ہوگی۔

  • پولیس نے لمبورگنی میں گردہ ایک سے دوسرے شہر منتقل کیا

    پولیس نے لمبورگنی میں گردہ ایک سے دوسرے شہر منتقل کیا

    اسپورٹس کار لمبورگنی اپنی تیز رفتاری کے لیے مشہور ہے تاہم اب اس کی یہی تیز رفتاری ایک شخص کی جان بچانے کا سبب بھی بن گئی جب پولیس نے اس گاڑی میں پیوند کاری کے منتظر مریض کو بروقت گردہ پہنچا کر اس کی جان بچا لی۔

    اٹلی کے شہر پاؤڈا کی پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک نیلے رنگ کی لمبورگنی کا سفر دکھایا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق اس گاڑی میں ایک گردہ پاؤڈا سے دارالحکومت روم منتقل کیا گیا جہاں ایک جاں بہ لب مریض گردے کے ٹرانسپلانٹ کا منتظر تھا۔

    مذکورہ مریض کی حالت خاصی خراب تھی اور ڈاکٹرز اس کے لیے پریشان تھے، عطیہ کردہ گردہ دوسرے شہر میں تھا اور مقامی انتظامیہ گردے کو بروقت مریض تک پہنچانے سے قاصر تھی۔

    تب ہی پولیس کی خدمات حاصل کی گئیں، پولیس نے اپنی لمبورگنی میں عطیہ کردہ گردہ چند گھنٹوں میں مریض تک پہنچا دیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی 230 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے سفر کر رہی ہے۔

    دونوں شہروں کے درمیان سفر میں عام طور پر 6 گھنٹے کا وقت لگتا ہے تاہم تیز رفتار لمبورگنی نے یہ فاصلہ نہایت کم وقت میں طے کیا۔

    اس کام کے لیے گاڑی میں عارضی طور پر کولڈ اسٹوریج بھی بنایا گیا، مذکورہ گاڑی پولیس ڈپارٹمنٹ کی ہی ملکیت تھی جسے مختلف امور کے لیے استعمال کیا جاتا رہا تاہم اب پہلی بار اسے اعضا کی منتقلی کے لیے بھی استعمال کیا گیا۔

  • مال مفت دل بے رحم: دوست نے ادھار مانگی لمبورگنی دیوار میں دے ماری

    مال مفت دل بے رحم: دوست نے ادھار مانگی لمبورگنی دیوار میں دے ماری

    اسپین میں ایک شخص نے اپنے دوست سے ادھار مانگی اسپورٹس کار لمبورگنی دیوار میں دے ماری اور مال مفت دل بے رحم کا محاورہ سچ کر دکھایا۔

    دوستوں کے درمیان مختلف اشیا کا تبادلہ عام بات ہے تاہم بھاری مالیت کی اشیا دوستوں سے لینے سے بھی گریز کرنا چاہیئے، تاہم ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جو کسی شے کی مالیت کا احساس کیے بغیر اسے ادھار مانگ لیتے ہیں۔

    ایسے ہی ایک شخص نے اپنے دوست سے اس کی 2 لاکھ 15 ہزار پاؤنڈ مالیت کی اسپورٹس کار لمبورگنی ہراکین ادھار لے لی، دوست نے بھی دریا دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے یہ گاڑی دے دی تاہم وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ اب وہ اپنی اس بیش قیمت گاڑی کو دوبارہ کبھی نہیں چلا سکے گا۔

    بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سبز لمبورگنی تیزی کے ساتھ دیوار میں جا گھستی ہے جس سے دیوار ٹوٹ جاتی ہے جبکہ گاڑی کا اگلا حصہ تباہ ہوجاتا ہے۔

    حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم جلد ہی پولیس نے اسے اسپتال سے حراست میں لے لیا، ڈرائیور کو حادثے میں معمولی چوٹیں پہنچی تھیں جن کے لیے وہ اسپتال پہنچا تھا۔

    پولیس کی تفتیش کے دوران ڈرائیور نے بتایا کہ اس نے یہ گاڑی اپنے دوست سے ادھار لی تھی۔ پولیس نے اسے غیر محتاط ڈرائیونگ اور تیز رفتاری کے جرم میں حراست میں لے لیا ہے۔

    مقامی افراد کے مطابق حادثے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچیں، اور انہیں وہاں سے دیوار کا ملبہ اور گاڑی اٹھانے کے لیے کئی گھروں کی بجلی منقطع کرنی پڑی۔

    حادثے کا شکار لمبورگنی کی مذکورہ ماڈل کی گاڑی 62 میل فی گھنٹہ فاصلہ صرف 2.9 سیکنڈز میں طے کرسکتی ہے۔

  • کرونا ریلیف فنڈ سے مہنگی اسپورٹس کار خریدنے والا امریکی شخص گرفتار

    کرونا ریلیف فنڈ سے مہنگی اسپورٹس کار خریدنے والا امریکی شخص گرفتار

    امریکا میں ایک شخص نے کاروباری افراد کی مالی معاونت کے لیے جاری کیے جانے والے قرض سے مہنگی اسپورٹس کار خرید لی، پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے رہائشی، 29 سالہ ڈیوڈ ہائنز نے وفاقی حکومت کی قرض اسکیم میں درخواست دی تھی۔

    یہ قرض اسکیم (پے چیک پروٹیکشن پروگرام لون) وفاقی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے معاشی اثرات کو کم کرنے کے لیے شروع کی گئی اور اس کا مقصد چھوٹے کاروباری افراد کو کم سود پر قرض فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنے ملازمین اور زیر دست افراد یا اداروں کو تنخواہیں دے سکیں۔

    ڈیوڈ نے پے چیک پروٹیکشن پروگرام لون میں 13.5 ملین قرض کی درخواست کی تھی جس میں اس نے مختلف کمپنیز کے نام اپنی درخواست میں لکھے اور کہا کہ اسے ان کمپنیز کو ادائیگی کرنی ہے۔ ڈیوڈ کی درخواست کے بعد اسے 3.9 ملین (39 لاکھ) ڈالر کا قرض دیا گیا۔

    قرض کی ادائیگی کے کچھ ہی دن بعد ڈیوڈ نے اسپورٹس کار لمبورگنی کا جدید ماڈل خریدا جس کی مالیت 3 لاکھ 18 ہزار ڈالر تھی۔

    محکمہ انصاف کے مطابق ڈیوڈ کی درخواست میں بیان کی گئی ایک کمپنی نے شکایت درج کروائی کہ ڈیوڈ نے ان کی رقم انہیں ادا نہیں کی۔

    دوسری جانب ڈیوڈ نے اس رقم سے لمبورگنی کے علاوہ میامی کے مہنگے اسٹورز اور ریزورٹس سے خریداری کی، اس نے ڈیٹنگ سائٹس پر ہزاروں ڈالر خرچ کیے جبکہ مہنگے ملبوسات اور زیورات بھی خریدے۔

    علاوہ ازیں ڈیوڈ نے میامی کے پرتعیش ہوٹلوں میں قیام بھی کیا۔

    تمام انکشافات سامنے آنے کے بعد پولیس نے ڈیوڈ کو گرفتار کرلیا، ڈیوڈ پر بینک فراڈ کرنے، اپنی مالی حالت کے بارے میں گمراہ کن بیانات دینے اور رقم کے غیر قانونی استعمال کے الزمات عائد کیے گئے ہیں۔

    حکام نے ڈیوڈ کی اسپورٹس کار اور اس کے بینک اکاؤنٹ میں موجود 34 لاکھ ڈالر ضبط کرلیے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ڈیوڈ اس سے قبل بھی پولیس کی گرفت میں آچکا ہے، جب اس نے اپنی پرانی لمبورگنی سے ایک شخص کو زخمی کیا اور فرار ہوگیا، اس وقت ڈیوڈ پر 1 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

  • میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو سٹی : شمالی امریکی میکسیکو نے درجنوں سپورٹس اور پُرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے، جنہیں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران ضبط کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکن پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن دوران اپنے قبضے میں لی گئی گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ میکسیکو میں یہ فیصلہ صدر آندرے مینویل لوپز کے سادگی اپنانے سے متعلق پیغام کو عام کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے صدر آندرے مینویل لوپز نے کہا کہ ان 82 مہنگی ترین گاڑیوں کی نیلامی سے جمع ہونے والے رقم معاشرے کے گرے پڑے افراد کی بہبود پر لگائی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان مہنگی گاڑیوں میں لیمبورگینی، پورش سمیت دیگر سپورٹس کار اور بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیلامی کا اہتمام حکومت کی جانب سے ایک منفرد نام کے تحت تشکیل دیئے گئے ادارے نے کیا ہے۔ ادارے کا نام عوام سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی ہے۔

    میکسیکو کے صدر کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد سے ضبط کیا گیا تمام سامان پیچ کر اس سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام بالخصوص غریب اور نادار افراد کی بہبود پر خرچ کیا جائے گا تاکہ ان کے معیار زندگی میں بہتری لائے جا سکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میکسیکو کے نو منتخب صدر نے دسمبر میں اپنی حلف برداری کے بعد سے ملک کو جرائم اور کرپشن کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا اعلان کیا تھا۔

  • بھارت میں لیمبارگینی ’ہوراکین ایوو‘ کا جدید ورژن متعارف

    بھارت میں لیمبارگینی ’ہوراکین ایوو‘ کا جدید ورژن متعارف

    نئی دہلی : دنیا معروف کارساز کمپنی لیمبارگنی نے جدید ٹیکنالوجی اور سہولیات سے آراستہ کار ’ہوراکین ایوو‘ بھارت میں متعارف کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی مہنگی ترین، پُر تعیش اور اسپورٹس کار  تیار کرنے والی کمپنی لیمبارگینی نے جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجی سے آرارستہ کار  ’ہوراکین ایوو‘ کا جدید ورژن بھارت میں متعارف کرا دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کمپنی نے ’ہوراکین ایوو‘ کو بھارت میں متعارف کروانے سے قبل بحرین میں اس کی نمائش کی تھی۔

    کمپنی کا دعویٰ ہے کہ بھارت میں متعارف کی گئی ہوراکین ایوو  اپنی پیشرو کے مقابلے میں زیادہ بہتر صلاحتیوں کی حامل ہے، جدید ہوراکین ایوو میں (ایرو ڈاینامک) ہوا کو کاٹنے کی صلاحیت میں مزید بہتر کی گئی ہے۔

    لیمبارگینی نے ہوراکین ایوو میں جدید ورژن 5.2 لیٹر وی 10 انجن دیا ہے جبکہ گاڑی کی تیز ترین رفتار 323.5 میل فی گھنٹہ ہے، جو 9 سیکنڈ میں 200-0 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔

    کمپنی نے ہوراکین ایو و میں 8.4 انچ کی بڑی ٹچ اسکرین بھی لگائی، جبکہ گاڑی میں لیمبارگینی کے نئے حفاظتی سسٹمز کو بھی نصب کیا گیا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی سے لیس لیمبارگینی ہوراکین ایوو کی قیمت 3 کروڑ 73 لاکھ بھارتی روپے مختص کی گئی ہے۔

  • پوپ فرانسس نے اپنی لامبورگینی گاڑی نیلام کردی

    پوپ فرانسس نے اپنی لامبورگینی گاڑی نیلام کردی

    روم: مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اپنی قیمتی لامبورگینی گاڑی نیلام کردی جس سے حاصل ہونے والی فلاحی کاموں میں خرچ کی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پوپ فرانسس کو یہ قیمتی لامبورگینی گاڑی کا تحفہ اٹلی کی اسپورٹس کاریں تیار کرنے والے ادارے لامبورگینی نے گزشتہ برس نومبر میں دیا تھا، گاڑی کے نئے مالک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

    لامبورگینی کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق اس گاڑی کو پوپ فرانسس کے حکم کے مطابق ریاست موناکو میں 7 لاکھ 15 ہزار یورو میں نیلام کردیا گیا ہے، جس کی مالیت امریکی 2 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔

    گاڑی کو نیلام کرنے والے ادارے کے مطابق 7 لاکھ یورو کی زائد کی اس رقم میں سے 70 فیصد یا 5 لاکھ یورو کی رقم شمالی عراق کے شہر موصل کی تعمیر نو کے لیے مہیا کی جائے گی جسے شدت پسند تنظیم داعش نے تباہ کردیا تھا۔

    نیلامی کی باقی ماندہ رقم کو مختلف حصوں میں ایسے فلاحی کاموں کے لیے استعمال کیا جائے گا جو وسطی افریقہ کے غریب مریضوں کی ادویات کی فراہمی یا پھر نادار انسانوں کی سماجی مددد کے لیے چلائے جارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پوپ فرانسس نے پاکستانی نوجوان کا سندھی اجرک کا تحفہ قبول کرلیا

    یہ پہلی بار نہیں ہے کہ پوپ فرانسس نے کوئی چیز نیلامی کے لیے پیش کی اس سے قبل بھی فلاحی کاموں کے لیے پوپ فرانسس چیزیں نیلامی کے لیے پیش کرچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔