Tag: land sliding

  • بونیر ایک بار پھر سیلاب کی زد میں، ہائی الرٹ جاری

    بونیر ایک بار پھر سیلاب کی زد میں، ہائی الرٹ جاری

    بونیر : ضلع بھر میں مسلسل بارش کے بعد ایک بار پھر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا، پیر بابا کے علاقے میں سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم کا کہنا ہے کہ پیر بابا کے علاقے میں سیلابی پانی کے بہاؤ میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے تاہم سیکڑوں گھروں اور دکانوں میں پانی جمع ہوگیا۔ بٹئی اور قدر نگر میں پانی کی سطح بلند، پیر بابا خوڑکی طرف تیزی سے بہاؤ جاری ہے۔

    بونیر کے چغرزی بامے روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے تاہم لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں ایک ایکسیویٹر آگیا جس سے امدادی کاموں میں مصروف بھاری مشینری تباہ ہوگئی۔

    بونیر کے ڈپٹی کمشنرکاشف قیوم نے بتایا کہ سیلابی ریلا گزر رہا ہے خوش قسمتی سے اب تک کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی آرہی ہے، شہری مطمئن رہیں۔

    سیلابی پانی مرکزی بازار کے پیچھے، سڑک کے ساتھ ہائی لیول تک پہنچ گیا، مساجد اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقلی کے اعلانات کیے جاتے رہے۔

    بونیر کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں سے سیلاب اور تیز بہاؤ کا شدید خطرہ ہے، عوام کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے سرکاری رہائش گاہوں کو ہنگامی صورتحال میں پناہ گاہیں قرار دے دیا
    ریسکیو1122،سول ڈیفنس، پولیس اور دیگر ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں، عوام سےاپیل ہے کہ غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔

     

  • کولمبیا میں لینڈ سلائیڈنگ سے 18 افراد جان سے گئے

    کولمبیا میں لینڈ سلائیڈنگ سے 18 افراد جان سے گئے

    جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 18 افراد لقمہ اجل بن گئے، لینڈ سلائیڈنگ سے تقریباً 30 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شہر میڈیلن اور کیوبڈو کو ملانے والی شاہراہ کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے، بتایا جارہا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ مسلسل جاری بارشوں کے سبب پیش آیا ہے۔

    دوسری جانب امریکا کی مشرقی ریاستیں شدید بارشوں اور برفانی طوفان کی زد میں آگئیں، جس کے سبب 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیویارک سمیت 12 ریاستوں میں 4 لاکھ سے زائد مکانات اور کاروباری مراکز بجلی سے محروم ہوچکے ہیں۔

    امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شدید بارشوں کی وجہ سے ساڑھے تیرہ ہزار پروازیں منسوخ اور ساڑھے آٹھ سو سے زائد تاخیر کا شکار ہیں۔

    بچے کا سر سلاخوں میں پھنس گیا، دردناک مناظر کیمرے کی آنکھ میں قید

    نیو جرسی اور کنکٹی کٹ میں دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے اور ڈیم کو نقصان پہنچنے سے شہری گھر چھوڑنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

  • طورخم ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودہ گرگیا، مال بردار گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں

    طورخم ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودہ گرگیا، مال بردار گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں

    خیبر : طور خم سرحدی گزرگاہ کے قریب ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد کنٹینرز اور مال بردارگاڑیاں ملبے تلے دب گئیں، کچھ گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

    تفصیلات کے مطابق طورخم ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد کنٹینرز اور مال بردار گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں اور اس دوران متعدد گاڑیوں میں آگ بھی لگ گئی جبکہ آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر عبدالناصر خان نے میڈیا کو بتایا کہ ملبے تلے دب جانے والی گاڑیوں میں عملہ بھی موجود ہے، جس کے باعث جانی نقصان کا خدشہ ہے، لنڈی کوتل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ بھاری مشنری اور ریسکیو عملہ امدادی کارروائی میں مصروف ہے، ملبہ ہٹانے اور ریکسیو آپریشن مکمل ہونے تک اصل نقصانات کا اندازہ لگانا قبل از وقت ہوگا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کئی افراد زخمی ہوئے، اب تک 8 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 3 زخمیوں کو لنڈی کوتل اسپتال منتقل کردیا گیا۔

  • برازیل میں طوفانی بارشیں : 100افراد زندہ درگور

    برازیل میں طوفانی بارشیں : 100افراد زندہ درگور

    اطلاعات کے مطابق برازیل کے شہر پیٹروپولس میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی ہے، طوفانی بارش کے بعد درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں، غیرملکی میڈیا کے مطابق سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں ہلاک افراد کی تعداد 100 کے قریب پہنچ گئی ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق شہر میں تیز بارشوں کے بعد ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد سڑکیں بند، کئی مکانات اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

    مقامی انتظامیہ کے مطابق ہلاکتوں کے بعد شہر میں 3 دن سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ برازیل کے شہر پیٹروپولیس میں مٹی کے تودے گرنے اور طوفانی سیلاب سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    شہر جو ریوڈی جنیرو کے شمال میں پہاڑوں میں واقع ہے جو کہ طوفانی بارشوں کی زد میں آ گیا، ان شدید بارشوں کی وجہ سے پہاڑی محلوں میں مکانات تباہ ہوگئے اور کاریں سیلابی پانی شہر کی گلیوں میں بہہ جانے کے باعث بہہ گئیں۔

    سرچ اور ریسکیو ٹیمیں زندہ بچ جانے والوں کے لیے مٹی کو چھان رہی ہیں۔ برازیل کے نیشنل سول ڈیفنس نے کہا کہ مقامی وقت کے مطابق بدھ کی رات تک 24 افراد کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔

    سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں بڑے پیمانے پر نقصان اور گاڑیوں کو سڑکوں پر تیرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

  • برازیل میں طوفانی بارشوں نے قیامت ڈھادی، 23 افراد ہلاک

    برازیل میں طوفانی بارشوں نے قیامت ڈھادی، 23 افراد ہلاک

    برازیل میں شدید طوفانی بارشوں نے تباہی پھیلادی جس کے نتیجے میں23 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ریو ڈی جینیرو کا پہاڑی علاقہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل میں شدید بارشوں کے سبب مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    تیز بارش کے نتیجے میں سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ریو ڈی جینیرو کا پہاڑی علاقہ ہوا جہاں مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق برازیل کے صدر جائر بولسونارو جو اس وقت ماسکو کے سرکاری دورے پر ہیں، نے ٹوئٹر پر کہا کہ انہوں نے اپنے وزراء کو پیٹرو پولیس میں سیلاب کے متاثرین کی مدد کا کام سونپا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ہلاکتیں ریو ڈی جنیرو کے شمال میں پیٹرو پولیس قصبے میں ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔

  • عمان میں تباہی : سمندری طوفان سے لینڈ سلائیڈنگ، بچے سمیت 4 ہلاکتیں

    عمان میں تباہی : سمندری طوفان سے لینڈ سلائیڈنگ، بچے سمیت 4 ہلاکتیں

    عمان میں شاہین نامی سمندری طوفان کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں میں ایک بچے سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عمان میں 120 سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے لگیں اور تیز بارشیں بھی جاری ہیں جبکہ مختلف حادثات میں ایک بچے سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو حکام کا کہنا تھا کہ دو ہلاکتیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئیں جبکہ بچے کی ہلاکت فلیش فلڈ کے نتیجے میں ہوئی۔

    تقریباً 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ طوفان کو عمان کے شمالی ساحل سے شام کو گزرنا تھا۔

    طوفان کی وجہ سے پروازیں معطل ہوئیں جبکہ اسکولز بند کیے گئے۔ سلطنت کے دارالحکومت مسقط میں گاڑیاں گہرے پانی میں پھنسی ہوئی تھیں، جبکہ سڑکیں خالی پائی گئیں۔

    ملک کے خلیجی پڑوسی متحدہ عرب امارات میں حکام کا کہنا تھا کہ وہاں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔ عمان کی قومی کمیٹی برائے ایمرجنسی مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ مسقط صوبے کے روسیل انڈسٹریل ایریا میں ایک گھر پر لینڈسلائیڈنگ کے بعد امدادی ٹیموں نے وہاں سے دو آدمیوں کی لاشیں نکالیں۔

    کمیٹی نے مزید بتایا کہ اس ہی صوبے میں فلیش فلڈ کے نتیجے میں ایک بچہ ہلاک ہوا جبکہ ایک شخص لاپتہ ہے۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق مسقط سے آنے اور جانے والی کچھ پروازوں کو معطل کردیا گیا تھا تاکہ خطرات سے بچا جاسکے۔

    ملک کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ کسی بھی نشیبی سطح پر واقع علاقے یا وادی میں جانے سے گریز کریں۔ عمان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ’موسم کی خراب صورتحال کے باعث‘ ملک میں حکام نے اتوار اور پیر کی عام تعطیل کا اعلان کرکے اسکولوں کو بند کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ خلیج میں مہلک طوفان وقتاً فوقاً آتے رہتے ہیں۔ مئی 2018 میں سمندری طوفان میکونو نے جنوبی عمان اور یمنی جزیرے سکوترا میں تباہی مچائی تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    تاہم سمندری طوفان شاہین سے نمٹنے کی تیاری متحدہ عرب امارات میں بھی کی جا رہی ہے۔ حکام نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ ساحل اور نچلی سطح پر واقع علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔

    سنیچر کو متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا تھا کہ ’ہم سب کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ متعلقہ حکام ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

    ابوظبی میڈیا آفس کے مطابق عمان کی سرحد کر قریب واقع شہر العین میں تمام تعمیراتی کام منگل تک روک دیے گئے ہیں، جبکہ پیر اور منگل کو بچے گھر سے کلاسز میں شرکت کریں گے۔

  • بھارت: لینڈ سلائیڈنگ کی خوفناک وائرل ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    بھارت: لینڈ سلائیڈنگ کی خوفناک وائرل ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں 25 جولائی کو لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 9 سیاح ہلاک ہوگئے تھے، حال ہی میں حادثے کی سامنے آنے والی ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہماچل پردیش کے ضلع کنور کے بٹسیری میں گزشتہ 25 جولائی کو لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ پہاڑوں سے گرنے والے پتھروں سے 9 سیاح ہلاک ہوئے تھے جبکہ کچھ سیاح زخمی بھی ہوئے جن میں نوین اور شیرل اوبرائے شامل ہیں۔

    حادثے کے دوران وہ دونوں گاڑی سے نیچے گر پڑے جس کی وجہ سے ان کی جانیں بچ گئیں۔ زندہ بچنے کے بعد نوین نے اپنے موبائل فون میں اس حادثے کے منظر کو ریکارڈ کر لیا جو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہے۔

    ویڈیو میں دونوں زخمی سیاح واقعے سے متعلق اور وہاں کی صورتحال کے بارے میں بتا رہے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ دونوں سیاح محفوظ ہیں اور علاج کے بعد دونوں کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔

    انتظامی افسران نے کنور آنے والے مقامی لوگوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک مقامات اور ندیوں سے فاصلہ رکھیں۔

  • گلگت بلتستان میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہیں بند

    گلگت بلتستان میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہیں بند

    چلاس: شاہراہ قراقرم پر 9 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد شاہراہ کی بحالی کا کام جاری ہے، دوسری جانب گلگت استور روڈ کو لینڈ سلائیڈنگ کے بعد کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ شاہراہ قراقرم کھولنے کا کام صبح سے جاری ہے، شاہراہ قراقرم پر 9 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تھی۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی ٹیمیں روڈ بحالی کا کام کر رہی ہیں۔

    محکمہ داخلہ کے مطابق مزید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ نہیں ہوئی تو شاہراہ جلد کھول دی جائے گی، سڑک کو جلد کھلوانے کے لیے مزید مشینری بجھوائی جارہی ہے۔ بین الاضلاعی شاہراہوں کو بھی ہنگامی بنیادوں پر کھولا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند استور ویلی سڑک کھول دی گئی، حکام کا کہنا ہے کہ تعمیرات عامہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سڑک کھول کر آمد و رفت بحال کردی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گلگت استور روڈ 15 مقامات پر لینڈ سلائیڈئنگ کے باعث بند تھا، شاہراہ پر ہر قسم کا ٹریفک بحال کردیا۔

  • خواتین کے پاؤں تلے زمین نکل گئی، ویڈیو وائرل

    خواتین کے پاؤں تلے زمین نکل گئی، ویڈیو وائرل

    بیجنگ: چین میں فٹ پاتھ پر چلنے والی 2 خواتین حادثے کے نتیجے میں زخمی ہوگئیں جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کے صوبے چون گنگ وولونگ میں دو خواتین کی پاؤں تلے سچ مچ زمین نکل گئی، حادثہ سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خواتین فٹ پاتھ پر جارہے ہیں کہ اچانک وہ حصہ دھنس جاتا ہے جس سے وہ دونوں زخمی ہوئے، ریسکیو حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ان کی جان بچالی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کے ساتھ یہ حادثہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے سبب پیش آیا اور وہ سڑک کے جس حصے پر چل رہی تھیں اور وہ حصہ دھنس گیا۔

    ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ کے بعد چون گنگ وولونگ سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کی حالت خطرے سے باہر ہے ابتدائی طبی امداد کے بعد دونوں کو ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی پیدل چلنے والی ایک خاتون مین ہول میں جاگری تھیں اور ویڈیو میں آواز سنی جاسکتی ہے جس میں خاتون کا کہنا تھا کہ ’آپ مجھے نہیں دیکھ سکتے۔‘

  • چترال میں پہاڑی تودہ مکان پر آگرا، تین جاں بحق

    چترال میں پہاڑی تودہ مکان پر آگرا، تین جاں بحق

    چترال : مضافاتی علاقے دنین میں مکان پر پہاڑی تودہ گرنے سے خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں اہل خانہ کے ایک فردکے علاوہ دو مہمان بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چترال کے مضافاتی علاقے دنین میں گجان گاؤں میں مکان پر پہاڑی تودہ گر گیا۔ جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے۔ مرنے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ز ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق پیر کے دن علی الصبح 5.45 بجے دنین کے گجان گاؤں میں سلیم خان نامی شحص کے گھر پر پہاڑی تودہ گر گیا جس کے نتیجے میں تین افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔
    مرنے والوں میں وسیم خان ولد شکور خان 35 سال، تنویر خان ولد قربان خان عمر 33 سال اور اس کی والدہ عمر 65 سال سکنہ بروز گول دیہہ جاں بحق ہوئے۔

    ریسکیو عملہ کو جونہی اطلاع ملی تو ان کا ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ روانہ ہوئے اور ان تینوں کی لاشیں ملبے سے برآمد کرکے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال منتقل کئے ۔

    مرنے والوں میں دو مہمان تھے۔ تنویر خان اور اس کی والدہ بروز سے سلیم خان کے ہاں بچے کی مبارک باد کے سلسلے میں آئے ہوئے تھے،جہاں موت ان کا انتظار کررہی تھی ۔