Tag: landing

  • طوفان کے باعث ہوائی جہاز ڈولنے لگا، لینڈنگ میں ناکامی، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    طوفان کے باعث ہوائی جہاز ڈولنے لگا، لینڈنگ میں ناکامی، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    ٹوکیو : جاپان میں ایک مسافر طیارہ چاروں طرف سے طوفانی ہواؤں کے گھیرے میں آگیا، جس کے باعث ہوائی جہاز فضا میں ڈولنے لگا، ہنگامی لینڈنگ بھی نہ ہوسکی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں آنے والے سمندری طوفان نے کئی شہروں میں نظام زندگی کو درہم برہم کردیا ہے۔

    اس دوران ایک مسافر طیارہ بھی چاروں جانب طوفانی ہواؤں میں گِھر گیا ایسے میں جہاز پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہونے لگا اور فضا میں ہی ڈولنا شروع کردیا صورتحال دیکھ کر مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔

    مذکورہ واقعے کی ایک ویڈیو میں مسافر طیارے کو فضا میں جھولتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب وہ فوکوکا ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی ناکام کوشش کررہا تھا۔ تاہم کافی دیر بعد پائلٹ جہاز کو بمشکل دوسرے ایئر پورٹ پر بحفاظت اتارنے میں کامیاب ہوگیا۔

    مذکورہ طوفان گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق صبح 8:45 پر اوئٹا پریفیکچر کے ساحلی شہر کونیساکی کے ساحل سے ٹکرایا اور شمال مشرق کی طرف بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں ہوا کی تیز لہریں 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں۔ جاپانی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق ہوا کی رفتار اتنی تیز تھی کہ وہ ٹرک کو تنکے کی طرح اڑا لے جا سکتی تھی۔

    جاپان میں آنے والے طوفان کے نتیجے میں اب تک متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور حکام کی جانب سے لاکھوں لوگوں کو اپنے گھروں کو چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • چاند پر لینڈنگ کے بارے میں تنازعات کا آغاز کب ہوا؟

    چاند پر لینڈنگ کے بارے میں تنازعات کا آغاز کب ہوا؟

    آج ہم ایک ڈیجیٹل دور میں جی ر ہے ہیں جہاں کسی بھی خبر کو دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک پہنچنے میں چند منٹ لگتے ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے کچھ ہی گھنٹوں میں اس سے متعلق مثبت اور منفی تبصرے زبان  ِزدِ عام ہوتے ہیں ۔ مگر0 5برس قبل جب امریکہ نے اپنا پہلاانسانی مشن چاند کی جانب بھیجا اور نیل آرم سٹرانگ نے چاند پر پہلا قدم رکھ کر خود کو تاریخ میں امر کیا ، اس وقت آج کی طرح نہ تیز تر مواصلاتی ذرا ئع تھے اور نہ ہی سوشل میڈیا مو جود تھا ۔لہذا ابتدا میں اس مشن کے متعلق جو چہ مگوئیاں ہوئیں اور شکوک وشبہات اٹھائے گئے وہ اخبارات کی سرخیوں تک محدود رہے جن میں بغیر ثبوت کے صرف سنی سنائی باتوں کے ذریعے یہ دکھانے کی کوشش کی گئی کہ انسان کا چاند پر پہلا قدم اصلی نہیں بلکہ کسی سٹوڈیو میں فلمائی گئی ایک فلم تھی۔

    پچاس برس قبل عوام کے پاس تیز تر مواصلاتی ذرائع نہیں تھے لہذاٰاس دور میں مستند معلومات کا حصول محض کتابوں کے ذریعے ہی ممکن تھا۔ چاند کے سفر کے بارے میں شکوک و شبہات پہلی دفعہ 1974 میں بل کیسنگ کی کتاب ‘ وی نیور وینٹ ٹو مون” یا "انسان کبھی چاندپر نہیں گیا ” میں منظر ِ عام پر آئے۔ اگرچہ بل کیسنگ 1950 میں راکٹ ڈائن سے باحیثیت تکنیکی لکھاری وابستہ تھے اور اس حوالے سے کافی معلومات رکھتے تھے مگر پھر بھی انھوں نے کتاب میں سر سری حوالوں کے ذریعے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی اپولو الیون دراصل ایریا الیون نامی پروڈکشن سٹو ڈیو کی تیار کردہ ایک فلم تھی جسے ناسا نے لائیو نشریات کے طور پر دکھایا۔ کتاب کے جلد ہی مشہور ہوجانے کے بعد جب کیسنگ کو اس حوالے سے بحث کا سامنا کرنا پڑا تو انھوں نے اعتراف کیا کہ انکی نا صرف اپولو مشن بلکہ راکٹ کا بارے میں بھی معلومات سرسری ہیں ۔ اس کے باوجود انھوں نے اپنی کتاب میں برملا لکھا کہ اس مشن کے حقیقت ہونے کے امکانات محض 0.0017 فیصد ہیں ۔

    کیسنگ کی کتاب شائع ہوتے ہی اپولو مشن کو جعلی ریکارڈنگ سمجھنے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھتی گئی کیونکہ اس دور میں ویت نام کی جنگ اور واٹر گیٹ سکینڈل کی وجہ سے امریکی حکومت عوام کا اعتبار پہلی ہی کھو چکی تھی۔ 1971میں نائٹ نیوز پیپر کی جانب سے ایک سروے کراوا یا گیا تو مون لینڈنگ پر یقین کرنے والے امریکیوں کی تعداد 30 فیصد تھی۔ جبکہ 1976 میں کیئے جانے والے ایک مستند پول میں یہ تعداد 28فیصد تھی۔ یعنی اس دوران ناسا یا امریکی حکومت کی جانب سے عوام کو حقیقت سے آگاہ کرنے کی تمام کوششیں ضائع ہو گئیں تھیں اور عوام ہنوز اسے متنا زع سمجھتے تھے۔

    اس کے کچھ عرصے بعد اپولو مشن ایک دفعہ پھر عوامی توجہ کا مرکز بن گیا جب فلیٹ ارتھ سوسائٹی کی جانب سے لینڈنگ پر تکنیکی اعتراضات اٹھائے گئے اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ لینڈنگ کی جو فلم ٹی وی پر براہ راست دکھائی گئی تھی وہ والٹ ڈزنی کے مالی تعاون سے تیار کی گئی تھی جس کا سکرپٹ آرتھر سی کلارک نے لکھا تھا۔ واضح رہے کہ فلیٹ ارتھ سوسائٹی ایسے اراکین پر مشتمل ہے جو زمین کے گول ہونے پر یقین نہیں رکھتے اور ان کا دعویٰ ہے کہ زمین ہموار ہے۔اس شدید تنقید کی ایک بڑی وجہ 1978 میں منظرِ عام پر آنے والی مریخ کے سفر پر بنائی گئی فلم "کیپریکون ون ” تھی جس میں دانستہ ایسے مناظر فلمائے گئے جو اپولو لینڈنگ سے کافی زیادہ مماثلت رکھتے تھے۔ اس فلم کو امریکی حکومت کی مخالف لابی نے سپانسر کر کے بنوایا تھا تا کہ عوام میں حکومت کے خلاف نفرت کو کچھ اور زیادہ بڑھایا جا سکے ۔ یعنی وہ عوام کی فلاح کے لیئے کام کرنے کے بجائے اس طرح کے جعلی لینڈنگ مشن دکھا کر عوام کو بے وقوف بنا نے کی کوشش کر رہی ہے۔ لہذا ایسے افرراد جو زیادہ سا ئنسی معلومات نہیں رکھتے تھے وہ اپولو الیون مشن کو جعلی سمجھنے لگے اور یہ سلسلہ وقت کے ساتھ دراز ہوتا چلا گیا۔

    اپولو الیون مشن کو جعلی قرار دینے کے لیئے سوویت یونین کی جانب سے ایک باقاعدہ منظم مہم بھی چلائی گئی جس میں سوویت یونین کی کمیونسٹ پارٹی اور سوویت سائنسدانوں نے اپولو مشن کو جعلی قرار دینے میں ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا۔ اس مقصد کے لیئے مشن کی جاری کی جانے والی ویڈیو پر بے شمار تکنیکی اعتراضات اٹھائے گئے جیسے امریکی جھنڈے کا ہوا میں لہرا نا ، تصاویر میں آسمان پر ستاروں کی عدم موجودگی اور نیل آرم سٹرانگ کی سپیس واک میں تکنیکی نقائص شامل ہیں ۔ صرف اپولو الیون ہی نہیں اس کے بعد چاند کی جانب بھیجے جانے والے اپولو سلسلے کے تمام مشنز کو بھی جعلی قرار دیا گیا اگرچہ عوام امریکہ اور روس کے درمیان عشروں سے جاری سپیس وار سے ناواقف نہیں تھے اور سائنسی معلومات رکھنے والے افراد جانتے تھے کہ سپیس ٹیکنالوجی میں روس امریکہ سے کافی آگے تھا۔ اور اپولو الیون سے پہلے چاند پر انسان بردار مشن بھیجنے کے لیئے پوری طرح پر عزم بھی مگر حیرت کی بات ہے کہ اس کے بعد روس نے چاند کی جانب اپنا مشن خود ہی ختم کر دیا مگر وہ امریکہ کے چاند مشن کو جعلی قرار دینے کے لیئے ہمیشہ لابنگ کرتا رہا اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    دنیا بھر میں عوام کی ایک بڑی تعداد اب بھی اس مشن کو جعلی ہی سمجھتی اور پاکستان سمیت ترقی پزیر ممالک میں یہ آج بھی ہاٹ تاپک سمجھا جاتا ہے ۔ پاکستان میں سائنس میں بے رغبتی اور ملکی میڈیا کی جانب سے سائنسی خبروں کو اہمیت نہ دینے کے باعث اس طرح کی متنازع خبریں ہر دور میں پھیلتی رہی ہیں اور تعلیم یافتہ حلقوں کے انھیں رد کرنے اور عوام کو صحیح معلومات فراہم کرنے کی کوئی خاص کوشش نہیں کی جاتی ۔ حالانکہ ہمارا ہمسایہ اور حریف ملک بھارت 22 جولائی کو اپنا مشن "چندریان2″چاند کی جانب روانہ کرنے وا لا ہے اور چین نے بھی اسی برس چاند کی تاریک ترین سطح پر اپنا خلائی مشن بھیجا ہے مگر ہماری عوام آج بھی اپولو الیون کو جعلی قرار دینے میں جتی ہوئی ہے ۔ یہی وقت ہے کہ پاکستان کا خلائی تحقیقاتی ادارہ سپارکو ایک واضح لائحہ عمل کے ساتھ پاکستان کا خلائی پروگرام مضبوط بنیادوں پر شروع کرے۔جس سے عوام میں بھی سائنسی شعور بیدار ہوگا اور و روزمرہ زندگی میں خلائی سائنس کی اہمیت کو بخوبی سمجھ سکیں گے۔

  • طیارے کا انجن دوران پرواز فیل، پائلٹ کی مہارت سے مسافر محفوظ

    طیارے کا انجن دوران پرواز فیل، پائلٹ کی مہارت سے مسافر محفوظ

    واشنگٹن : امریکی حکام نے طیارہ حادثے سے متعلق بتایا کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پائلٹ نے فلائٹ بحفاظت شمالی کیرولینا میں اتار لی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی فضائی کمپنی کے طیارے کا ایک انجن دوران پرواز خراب ہوگیا جس کے باعث جہاز میں سوار مسافر شدید خوفزدہ ہو گئے تاہم پائلٹ نے ماہرانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کی محفوظ لینڈنگ کی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی شہر اٹلانٹا سے بالٹیمور جانے والی امریکی ایئر لائن کی فلائٹ1425 اپنی منزل کی جانب گامزن تھی کہ دوران پرواز اچانک جہاز کے ایک انجن کی نوز کون ہلتی جلتی دکھائی دی جس کے باعث مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    رپورٹ کے مطابق خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا اور پائلٹ نے فلائٹ بحفاظت شمالی کیرولینا میں اتار لی۔

    طیارے میں سوار مسافر کے موبائل سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوہے کی نوز کون دوران پرواز ٹوٹ کر وانجن میں گھوم رہی تھی۔

    واقعے کے عینی شاہد کا کہنا تھا کہ حادثے کے تقریباً ایک گھنتے بعد پائلٹ نے اعلان کیا کہ ہم پرواز کی ایمرجنسی لینڈنگ کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

    مسافر کا کہنا تھا کہ میں یہ جانتے ہوئے بھی جہاز میں سگنل نہیں آتےموبائل اٹھایا اور اپنی والدہ کو محبت کا پیغام(آئی لو مام) بھیجا۔

  • امریکا: انجن میں خرابی کے باعث طیارے کی ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ

    امریکا: انجن میں خرابی کے باعث طیارے کی ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ

    واشنگٹن : امریکا میں زیرتربیت پائلٹ نے انجن میں خرابی کے باعث طیارے کو الاباما کے مصروف ہائی وے پر اتار دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست الاباما میں دوران پرواز سنگل انجن والے طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوئی،  ایئرپورٹ دور ہونے کے باعث پائلٹ نے طیارے کو سڑک پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔

    سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک چھوٹا طیارے میں دو افراد سوار تھے جو ہنگامی لینڈنگ میں محفوظ رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کہنا تھا کہ ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافر یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ کی لینڈنگ کے دوران قریب میں گاڑیاں موجود ہیں جبکہ طیارے کا پائلٹ محفوظ رہا۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں ہورہا ہے کہ پائلٹ نے یہ کیسے کر لیا، یہ منظر براہ راست دیکھنے کے بعد بھی یقین نہیں آرہا ہے کہ پائلٹ نے طیارے کی سڑک پر لینڈنگ کروائی۔

    سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو ہائی وے پر سفر کرنے والے ایک مسافر نے بنائی تھی۔

    پولیس کے مطابق پائلٹ نے بتایا کہ طیارے کے انجن میں خرابی ہوئی ایئرپورٹ دور تھا اس لئے سڑک پر طیارے کو اتارنا مجبوری تھی۔

    ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارے کو لینڈ کیا اور ٹریفک رواں دواں ہونے کے باوجود کسی گاڑی اور کسی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    مزید پڑھیں : لاس اینجلس: انجن کی خرابی، خاتون پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    یاد رہے کہ رواں جون میں امریکی شہر لاس اینجلس میں زیر تربیت خاتون پائلٹ نے انجن میں خرابی کے سبب نجی طیارے کو مصروف ہائی وے پر اتار دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : شکاگو: انجن میں خرابی، پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    خیال رہے کہ  شکاگوں میں دورانِ پرواز  چھوٹے طیارے کے انجن میں خرابی کے باعث پائلٹ نے طیارے کو شکاگو کے مصروف ترین لیک شور ڈرائیو نامی ہائی وے پر اتار تھا اور خوش قسمتی سے اس حادثے میں بھی پائلٹ محفوظ رہے تھے۔

  • روس:‌مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار، 18 افراد زخمی

    روس:‌مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار، 18 افراد زخمی

    ماسکو : روسی شہر سوچی کے ہوائی اڈے پر مسافر بردار طیارہ بوئنگ 800-737 میں آتشزدگی کے باعث تین بچوں سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے شہر سوچی میں یوٹیئر نامی فضائی کمپنی کا مسافر بردار طیارہ یو ٹی 579 رن وے پر لینڈنگ کرنے کے بعد خوفناک آتشزدگی کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 18 افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے بوئنگ 800-737 میں 164 مسافروں سمیت 170 افراد سوار تھے، جائے حادثہ سے 18 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ متاثرہ طیارے میں لینڈنگ کی کوشش کے دوران ایئر پورٹ کے گرد لگی کوئی جالیوں سے ٹکرانے کے باعث آگ بھڑکی تھی، جبکہ طیارہ حادثے کے باعث رن وے اتر کر دریا میں جا گرا۔

    یو ٹیئر ایئر لائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں طیارے کا ویل اسٹینڈ اور بائیں پر کو نقصان پہنچا ہے اور آتشزدگی بھی بائیں انجن میں ہوئی تھی۔

    روسی میڈیا کہنا ہے کہ تفتیش کاروں جہاز حادثے کے بعد مسافروں کو غیر مناسب سروس فراہم کرنے کے جرم میں کرمنل انوسٹی گیشن کا آغاز کردیا ہے۔

    روسی وزارت صحت کے جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارہ حادثے میں تین بچوں سمیت 18 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 6 افراد کاربن مونو آکسائیڈ گیس سے متاثر ہوئے تھے جبکہ 4 افراد آتشزدگی کے باعث جھلسے تھے۔

    روسی نشریاتی اداروں کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کے نتیجے میں کسی بھی مسافر کے ہلاک ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم سوچی ہوائی اڈے کا ایک ملازم حادثے کے شکار افراد کو ریسکیو کرنے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوا ہے۔


    مزید پڑھیں : سابیریا میں روسی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 18 افراد ہلاک


    یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں روسی شہر سائبیریا کے جنوب مغرب میں واقع گاؤں آئیگارکا میں روس کا مسافر بردار ہیلی کاپٹر حادثے کے باعث گر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • شکاگو: انجن میں خرابی، پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    شکاگو: انجن میں خرابی، پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    واشنگٹن : امریکی شہر  شکاگو میں پائلٹ نے انجن میں خرابی کے باعث چھوٹے طیارے کو شہر کے مصروف ترین ہائی وے پر اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز  دورانِ پرواز  چھوٹے طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوگئی، جس کے باعث پائلٹ نے طیارے کو شکاگو کے مصروف ترین لیک شور ڈرائیو ہائی وے پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔

    امریکی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ طیارے کی لینڈنگ کے دوران قریب میں گاڑیاں موجود ہیں جبکہ طیارے کا پائلٹ اور خاتون مسافر  بلکل محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ طیارے کی ہائی وے پر لینڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، تاہم موقع کے امدادی خدمات انجام دینے والے رضا کاروں نے طیارے کو دھکیل کر سائڈ پر کرکے ٹریفک کی روانی بحال کی۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں ہورہا ہے کہ پائلٹ نے یہ کر کیسے لیا، یہ منظر براہ راست دیکھنے کے بعد بھی یقین نہیں آرہا ہے کہ طیارہ ہائی وے پر اتار لیا گیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق طیارے نے مصروف ترین ہائی وے پر شام 3:15 منٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی، پولیس کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے بتایا ہے کہ طیارے کے انجن میں خرابی ہوگئی تھی اور ایئرپورٹ بھی دور تھا اس لئے سڑک پر طیارے کو اتارنا مجبوری تھی۔

    ایف ایف اے انویسٹی گیشن کی جانب سے پائلٹ اور خاتون مسافر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے تاہم قرب و جوار میں رہائش پذیر لوگوں کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    عینی شاہد کے مطابق پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارے کو لینڈ کیا اور ٹریفک رواں دواں ہونے کے باوجود کسی گاڑی اور کسی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر پی آئی اے کی پہلی آزمائشی پرواز کی کامیاب لینڈنگ

    نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر پی آئی اے کی پہلی آزمائشی پرواز کی کامیاب لینڈنگ

    کراچی : نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پہلی آزمائشی پرواز نے کامیاب لینڈنگ کرلی ۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پہلی آزمائشی پرواز پی کے 9001 نے نیواسلام آبادایئرپورٹ پر کامیاب لینڈنگ کی، پی کے9001کے پائلٹ کیپٹن بجرانی تھے جبکہ فرسٹ آفیسرز حمادخان اور مدثر مشتاق بھی آپریٹو کریو میں شامل تھا۔

    ترجمان کے مطابق نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کیلئے پی آئی اے کے ایئربس طیارہ نے بینظیر ایئر پورٹ اسلام آباد سے سے اڑان بھری تھی۔

    پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان پہلی آزمائشی پرواز میں موجود تھے، انھوں نے نیو ایئر پورٹ پر آپریشن کا جائزہ لیا۔

    واضح رہے کہ دس سال کے طویل عرصے میں 90 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اسلام آباد کے نئے وسیع و عریض بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح رواں ماہ 20 اپریل کووزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔

    خیال رہے کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کو پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ قرار دیا جارہا ہے، جدید ترین سہولیات سے آراستہ اس ایئرپورٹ کیلئے 2 رن وے بھی بنائے گئے ہیں۔

    نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے، یہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔

    نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے تین کلومیٹر سے زائد طویل ہے، جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے، اس رن وے پر دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تیونس میں ایمرٹس ائیرلائنز کے اترنے پر پابندی

    تیونس میں ایمرٹس ائیرلائنز کے اترنے پر پابندی

    تیونس : تیونس میں متحدہ عرب امارات کی ائیرلائنز کے اترنے پر پابندی لگا دی ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق تیونس کے حکام کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ائیرلائنز کے تیونس میں اترنے پر پابندی عائد کردی گئی،  ایسا متحدہ عرب امارات کی جانب سے تیونس کی شہری خواتین کو متحدہ عرب امارات میں اترنے سے روکنے پر لگائی گئی ہے۔

    تیونس کے وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ایئرلائنز پر پابندی اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک اماراتی ایئرلائنز بین الاقوامی معاہدوں اور قوانین کے مطابق طریقہ کار نہیں اپناتیں۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل ایمرٹس ایئرلائن نے دبئی جانے والی چند تیونسی خواتین کو بورڈنگ دینے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد تیونس کی وزارت خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے تیونس کی خوابین کے امارات سفر پر پابندی کے بارے میں وضاحت مانگی تھی۔

    امارات کے سفیر کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سیکیورٹی امور کے پیش نظر کیا گیا اور اب اس فیصلہ کو ختم کردیا گیا ہے اور تیونس کے تمام شہری امارات کا سفر کرسکتے ہیں۔

    دوسری جانب امارات کے حکام کے مطابق پروازوں پر پابندی حفاظتی معلومات میں کمی کی وجہ سے لگی۔

    امارات کے وزیر خارجہ انور گرگاش نے کہا ہے کہ وہ اپنے تیونسی بھائیوں سے سیکیورٹی معلومات کے لیے رابطہ کیا، جو مخصوص طریقہ کار کے لیے ضروری تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔