Tag: Landlord

  • فیصل آباد :   زمیندار کی جانب سے کاشتکار  پر بہیمانہ  تشدد ،ویڈیو وائرل

    فیصل آباد : زمیندار کی جانب سے کاشتکار پر بہیمانہ تشدد ،ویڈیو وائرل

    فیصل آباد : نواحی علاقے میں زمیندار کی جانب سے کاشتکار پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی ،کاشتکار پر زمیندار کی ملازمت چھوڑنے کی وجہ تشدد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے نواحی علاقے میں کاشتکار پر تشدد کا واقعہ پیش آیا ، جہاں ایک زمیندار فضل چدھڑ کا ملازم بغیر بتائے نوکری چھوڑ گیا، جس کی رنجش پر زمیندار نے ملازمت چھوڑنے والے ملازم کے رشتے دار کسان منور کو ڈیرے پر بلا کر گارڈز کےحوالے کر دیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سکیورٹی گارڈز نے چمڑے کے چھتر سے کسان کو تشدد کانشانہ بنایا جبکہ کسان منور ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگتا رہا ، اس باوجود سکیورٹی گارڈز منور پر تشدد کرتے رہے۔

  • کرایہ دار نے جنگجو قبیلے کی تلوار سے مالک مکان کا سر قلم کردیا

    کرایہ دار نے جنگجو قبیلے کی تلوار سے مالک مکان کا سر قلم کردیا

    امریکا میں ایک شخص نے مالک مکان کی جانب سے کرایہ مانگے جانے پر سمورائی تلوار سے اس کا سر قلم کردیا، قاتل خود کو ایک خود مختار شہری قرار دیتا رہا تھا۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست کنیکٹی کٹ میں پیش آیا جہاں 42 سالہ جیری ڈیوڈ نے اپنے 64 سالہ مالک مکان اور روم میٹ کا سر سمورائی (ایک قدیم جنگجو قبیلہ) تلوار سے قلم کردیا۔

    پولیس کے مطابق چند روز قبل مقتول وکٹر، اپنے ایک دوست اور پڑوسی کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچا اور کہا کہ اسے اپنے کرایے دار سے خطرہ ہے۔

    اس کے مطابق ڈیوڈ نے کافی عرصے سے کرایہ نہیں ادا کیا تھا اور وکٹر کی جانب سے کرایے کے مطالبے پر وہ اسے سمورائی تلوار سے دھمکا رہا تھا۔

    قتل کے روز وکٹر کے پڑوسی نے پولیس کو کال کی اور بتایا کہ وکٹر اس کی کال کا جواب نہیں دے رہا لہٰذا پولیس اس کے گھر میں داخل ہو۔

    پولیس دروازہ توڑ کر وکٹر کے گھر میں داخل ہوئی تو وکٹر سر بریدہ حالت میں، زخموں سے چور کچن کے فرش پر پڑا تھا، کچن کے فرش پر خون بہہ رہا تھا جبکہ دیواروں پر بھی خون کے چھینٹے تھے۔

    پولیس نے قاتل کو ایک قریبی پارک سے گرفتار کرلیا جبکہ درختوں میں چھپائی گئی اس کی سمورائی تلوار اور چاقو بھی برآمد کرلیا گیا۔

    قاتل کی گاڑی سے ایک کاغذ بھی ملا جس کے مطابق اس نے خود کو خود مختار شہری قرار دے رکھا تھا اور کسی حکومت اور کسی قانون کا تابع نہیں تھا، ڈیوڈ پولیس کی حراست میں ہے اور اس پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔