Tag: landsliding

  • سوات میں لینڈ سلائیڈنگ، 4 بچے ملبے تلے دب گئے، 2 جاں بحق

    سوات میں لینڈ سلائیڈنگ، 4 بچے ملبے تلے دب گئے، 2 جاں بحق

    سوات: خیبر پختون خوا کے شہر سوات میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 4 بچے ملبے تلے دب گئے، جن میں سے 2 جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سوات میں لینڈ سلائیڈنگ سے دو بچے جاں بحق جب کہ دو شدید زخمی ہو گئے ہیں، واقعہ مینگورہ کے علاقے وتکے گل آباد میں پیش آیا۔

    حادثے کے فوری بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، مقامی انتظامیہ، ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو اور پاک فوج کی ٹیموں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

    ملبے سے نکالے گئے چاروں بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دو بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی، جب کہ دو شدید زخمی بچوں کا علاج جاری ہے، افسوس ناک واقعے پر علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی ہے۔

  • سگریٹ نے ایک شخص کو موت سے بچا لیا، مگر کیسے؟

    سگریٹ نے ایک شخص کو موت سے بچا لیا، مگر کیسے؟

    یاؤنڈے: افریقی ملک کیمرون میں ایک شخص کی جان محض ایسے بچی کہ وہ ایک سیکنڈ قبل اس مقام سے اٹھ کر چلا گیا جہاں اگلے لمحے مٹی کے تودے کی صورت میں موت کئی افراد کو ساتھ لے گئی۔

    سگریٹ نوشی سخت مضر صحت ہے، اس میں کوئی شک نہیں، لیکن کیمرون کے دارالحکومت یاؤنڈے میں ایک جشن کی تقریب میں شریک شخص سگریٹ کی طلب میں اٹھ کر گیا تو اگلے لمحے اس مقام پر مٹی کا تودہ آ گرا۔

    روئٹرز کے مطابق یاؤنڈے میں ایک جشن کی تقریب میں شریک افراد پر مٹی کا تودہ گرنے سے 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے، اور واقعے سے چند لمحے قبل مکولو ڈوس نامی ایک شخص سگریٹ پینے کے لیے اپنی جگہ سے اٹھ کر چلا گیا تھا۔

    یہ جشن فٹ بال کے ایک میدان میں ہو رہا تھا، جس کے باہر سرخ مٹی کا ایک ٹیلہ تھا، مکولو ڈوس نے بتایا کہ وہ دیگر مہمانوں سے الگ ہو کر سگریٹ پینے جا رہے تھے، جب انھوں نے اچانک مٹی کا تودہ گرنے کی آواز سنی۔

    مکولو ڈوس کے مطابق جب انھوں نے مڑ کر وہاں دیکھا جہاں وہ چند لمحے قبل بیٹھا ہوئے تھے، تو وہاں نہ تو حاضرین نظر آئے نہ ہی کرسیاں، وہ سب مٹی تلے دب چکے تھے۔

    بچ جانے والے ایک اور شخص فوٹوسو کلاڈ مائیکل نے بتایا ’’میرے سر پر ایک پتھر آ لگا، جب میں نے اوپر دیکھا تو مٹی نیچے کی جانب سرکتی ہوئی دکھائی دی، میں اپنی جگہ سے اچھلا، لیکن زمین پر گر گیا، میں دوبارہ اٹھا لیکن دوسری بار بھی گر گیا۔‘‘ مٹی تلے جزوی طور پر دب جانے والے مائیکل ان لوگوں میں شامل تھے جنھیں مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔ تاہم اس سانحے میں مائیکل کی والدہ، بھائی اور بہترین دوست مر گئے تھے۔

    خیال کیا جاتا ہے کہ کیمرون میں 2019 کے بعد یہ سب سے مہلک لینڈ سلائیڈنگ تھی۔

  • پہاڑ موٹر سائیکل سوار کے پاس گر پڑا، خوفناک ویڈیو وائرل

    پہاڑ موٹر سائیکل سوار کے پاس گر پڑا، خوفناک ویڈیو وائرل

    آپ نے لینڈ سلائیڈنگ کے بہت سے مناظر کی ویڈیوز تو دیکھی ہوں گی جن میں پہاڑوں کو ٹوٹ کر گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ایک ایسی ہی خوفناک ویڈیو بھارت کی ریاست اترکھنڈ کی بھی سامنے آئی ہے کہ جہاں ایک پہاڑ سے اچانک مٹی کے تودے اور بڑی سی پتھریلی چٹان ٹوٹ کر گرتی ہے۔

    یہ خوفناک واقعہ چمبا ہائی وے پر پر پیش آیا، اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح اچانک ایک اونچے پہاڑ سے مٹی کے تودے گرتے ہیں۔

    ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے مبینہ طور پر زیر زمین پانی کی پائپ لائن کو نقصان پہنچا اور گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوئی۔

    ابتدائی طور پر پہاڑ سے گرنے والے چھوٹے بھاری پتھروں کی وجہ سے شاہراہ کو تقریباً 12.30 بجے بند کر دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے اس کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مٹی کے تودے زوردار آواز کے ساتھ نیچے سڑک پر گرتے ہیں اور وہاں کھڑے سیاح اس منظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کررہے ہیں۔

    ویڈیو میں ایک منظر تو بہت ہی خطرناک ہے کہ پہاڑ ٹوٹنے کے ساتھ ہی صرف چند لمحوں قبل ایک موٹر سائیکل سوار سڑک پر سے گزر رہا ہے لیکن وہ معجزاتی طور پر وہ کسی نقصان سے محفوظ رہا۔

    یاد رہے کہ بھارتی ریاستوں اترکھنڈ اور ہماچل پردیش کے کچھ علاقوں میں گزشتہ چند ہفتوں سے موسم کی شدید خراب صورتحال دیکھی جا رہی ہے۔

    اس موقع پر پتھروں کو دھول کے بادل کے درمیان ڈھلان سے نیچے گرتے دیکھا جا سکتا ہے، وہاں کچھ گاڑیاں بھی کنارے پر موجود تھیں جہاں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔

     

  • لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ کاغان بند، 2 افراد جاں بحق

    لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ کاغان بند، 2 افراد جاں بحق

    مانسہرہ: صوبہ خیبر پختونخواہ میں شاہراہ کاغان لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گزشتہ روز سے بند ہے، لینڈ سلائیڈنگ میں میاں بیوی بھی جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں نکال لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے جل کھڈ میں لینڈ سلائیڈنگ سے میاں بیوی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں کر کے ملبے سے میاں بیوی کی لاشیں نکال لیں۔ جاں بحق افراد لیہ کے رہائشی تھے۔

    ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کے مطابق ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔

    جل کھڈ اور بڑوئی کے درمیان گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ کاغان 8 مقامات پر بند ہو گئی تھی جس سے گلگت آنے جانے والے سینکڑوں مسافروں اور سیاحوں نے رات گاڑیوں اور کھلے آسمان تلے گزاری۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ شاہراہ کاغان کو کھولنے میں مزید کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں، خراب موسم کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل وادی نیلم میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد لینڈ سلائیڈنگ میں‌ پھنسے 52 افراد کو بذریعہ ہیلی کاپٹر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

    فوج نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرہ آبادی کو امداد فراہم کی تھی جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ بھی قائم کیا گیا تھا۔

  • آزاد کشمیر: لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دس مکانات ملبے تلےدب گئے

    آزاد کشمیر: لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دس مکانات ملبے تلےدب گئے

    میرپور: آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مدرسے سمیت دس سے زائد مکانات ملبے تلے دب گئے۔

    تفصیلات کے مطابق میرپورآزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے مدرسہ بھی متاثر ہوا، ریسکیو عملے نے فوری طور پر امدادی آپریشن شروع کردیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کا یہ واقعہ خالق آباد میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک مدرسے سمیت دس سے زائد مکانات زمین بوس ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوع پہنچ امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں، متاثرہ علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث لوگوں کو پریشانی کاسامنا ہے۔

    دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 23 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پنجاب میں بھی بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، ملتان، ڈی جی خان، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارروال میں بھی شدید بارشیں ہوئیں، مختلف حادثات میں بچوں سمیت تئیس افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    ملک بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، 23 افراد جاں بحق، ایمرجنسی نافذ

    علاوہ ازیں گوادر میں سڑک آبی ریلےکی نذر ہوگئی، آواران کا زمینی رابطہ منقطع جبکہ مکران اور لسبیلہ میں ایمرجنسی نافذ ہے، ایم ایٹ سڑک ہوشاب کے مقام پر ریلے میں بہہ گئی، کوسٹل ہائی وے کا بسول ندی پل کا ایک حصہ ٹوٹ گیا۔

  • شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ، 8 افراد جاں بحق

    شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ، 8 افراد جاں بحق

    داسو: شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گاڑی ملبے تلے دبنے سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کوہستان میں شاہراہ قراقرم پر برسین کے مقام پیش آیا جہاں لینڈ سلائیڈنگ سے آٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشیں ملبے سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کردی گئیں، مزید 3سے4 افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

    جائے وقوعہ پر بھاری مشینری کے ذریعے امدادی کارروائی جاری ہے، جاں بحق ہونے والے تمام افراد مقامی مزدور ہیں۔

    پولیس کے مطابق جائے حادثہ پر شاہراہ قراقرم کی توسیع کا کام جاری ہے، روڈ کے توسیعی کام کی وجہ سے لینڈسلائیڈنگ ہوتی رہتی ہے، یہ حادثہ بھی اسی نوعیت کا لگتا ہے۔

    شاہراہ قراقرم پر مسافر کوچ کھائی میں جاگری، 17 افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ مئی 2016 میں شاہراہ قراقرم جگلوٹ کے مقام پر لینڈ سلائیڈینگ کے باعث ٹریفک کیلئے بند ہوگئی تھی۔

    شاہراہ قراقرم بند ہونے کے باعث گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے اسلام آباد جانے والے اور اسلام آباد سے گلگت بلتستان آنے والے مسافر جگلوٹ اور گلگت میں پھنس گئے تھے۔

    علاوہ ازیں گذشتہ سال اکتوبر میں شاہراہ قراقرم پر کوچ کھائی میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • چترال : برفانی تودا گرنے سے 12افراد دب گئے، برفباری سے نظام زندگی درہم برہم

    چترال : برفانی تودا گرنے سے 12افراد دب گئے، برفباری سے نظام زندگی درہم برہم

    چترال : وادی کیلاش میں برفانی تودا گر نے سے12افراد دب گئے، تمام افراد کو زندہ نکال لیا گیا، واقعے میں 2افراد زخمی ہوئے، ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد بجلی اور گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد بجلی اور گیس کی عدم فراہمی اور کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بند ہونے کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    لواری ٹنل بند ہونے سے شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، عوام نے حکومت سے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی اپیل کی ہے،ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد پہاڑ برف سے ڈھک گئے، معمولات زندگی نے مشکلات کا کمبل اوڑھ لیا۔

    بجلی غائب، گیس بند، راستے برف سے اٹ گئے، بالائی علاقوں میں رنگین موسم مشکلات بھی ساتھ لے آیا، چترال میں وادی کیلاش کے علاقے شیخان دے میں برفانی تودا گر گیا برفانی تودے تلے12افراد دب گئے، مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو نکال لیا، واقعے میں 2افراد زخمی ہوگئے۔

    اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے پہاڑوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی، بٹوگاہ ٹاپ، بابوسر، نیاٹ ویلی، فیری میڈوز میں مسلسل برفباری سے راستے بند، لوگ محصور ہوکر رہ گئے، لواری ٹنل بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    کوہستان، استور، اسکردو کے باسی بھی راستے بند ہونے اور سہولتیں نہ ملنے کے سبب اذیت سے دوچار ہیں، برفباری کا سلسلہ جاری رہنے سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا، انتظامیہ نے شاہراہ ریشم پر سفر کرنے والوں کو وارننگ جاری کر دی ہے۔

    عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں تاکہ ان کے معمولات بحال ہوسکیں۔