Tag: lapata karkunan

  • لاپتہ کارکنان کی بازیابی کیلئے متحدہ اراکین کا سندھ اسمبلی میں احتجاج

    لاپتہ کارکنان کی بازیابی کیلئے متحدہ اراکین کا سندھ اسمبلی میں احتجاج

    کراچی : لاپتہ ارکان کی بازیابی کے لئے متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین نے سندھ اسمبلی میں ہنگامہ مچادیا۔ خواجہ اظہار الحسن نے آفتاب احمد کے انتقال پر تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا,اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی نے رواں سال کے اجلاس کے سو دن مکمل کرلئے، اس موقع پر اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر شور شرابے کا شکار ہوگیا۔

    لاپتہ کارکنان کی بازیابی کے لئے ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے بھرپور احتجاج کیا، لاپتہ کارکنان اور منتخب نمائندوں کو ہراساں کرنے پر ایم کیو ایم ارکان نے ا سپیکر کے ڈائس کے سامنے نعرے لگائے اور شدید احتجا ج کیا۔

    ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین نے کہا کہ ہمارے سیکڑوں کارکنان کو لاپتہ کیا گیا ہے ۔ اسپیکر نے کہا کہ آپ لوگوں کا رویه درست نہیں ، کل بھی آپ نے یہی رویہ اختیار کیا تھا۔ بعد ازاں اسپیکر آغا سراج درانی نے اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردیا۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ اظہارالحسن نے ڈاکٹرفاروق ستارکے کو آرڈینیٹرآفتاب احمد کے انتقال پرتحقیقاتی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔

    خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ اسمبلی کے سو دنوں پر خوش ہونے والوں کو سو پاکستانیوں کی گمشدگی کا علم تک نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اپنی ذمہ داری اٹھا نہیں سکتے تو کراچی کی کپتانی چھوڑدیں۔

     

  • ایم کیوایم کے زیراہتمام کراچی پریس کلب کے باہراحتجاجی دھرنا

    ایم کیوایم کے زیراہتمام کراچی پریس کلب کے باہراحتجاجی دھرنا

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کی گرفتاری، شہداء کے قاتلوں کی عدم گرفتاری اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف ایم کیو ایم نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔

    متحدہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انصاف فراہم نہ کیا گیا تو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے اور احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب پر کارکنان کی گرفتاریوں اور لاپتہ و اسیر کارکنان کی بازیابی اور رہائی کیلئے ایم کیو ایم نے علامتی دھرنا دیا ۔

    دھرنے میں گرفتار، لاپتہ کارکنان اور شہداء کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی تصاویر اٹھائے گرفتار شدگان کی رہائی اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔

    متحدہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر انصاف فراہم نہ کیا گیا تو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے اور احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔

    کنورنوید جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ایک سو پینسٹھ افراد کو گرفتار اور اکہتر کو لاپتہ کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ ہمیں انصاف دلائیں، واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے اتوار کے روز بھی پریس کلب کے سامنے علامتی دھرنا دینے اور مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔