Tag: Laptop

  • طیارے میں مسافر کے لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اٹھی، کئی افراد زخمی

    واشنگٹن: امریکا کے شہر نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر ایک طیارے میں مسافر کے لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اٹھی، آگ بجھانے کے بعد طیارے کو خالی کروا لیا گیا، اس دوران 7 مسافر معمولی زخمی ہوئے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر امدادی ٹیم کو اس وقت جیٹ بلیو کے جہاز کو خالی کروانا پڑا جب ایک مسافر کے لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اٹھی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جہاز ٹرمینل 5 کے گیٹ کی جانب جا رہا تھا جب لیپ ٹاپ کی بیٹری میں آگ لگ گئی۔

    بارباڈوس کے شہر برج ٹاؤن سے آنے والی جیٹ بلیو کی اس فلائٹ میں عملے نے فوری طور پر آگ بجھا دی۔

    اس کے بعد امدادی ٹیم نے جہاز کو ایمرجنسی سلائیڈ سسٹم کے ذریعے مسافروں سے خالی کروا لیا، حکام کے مطابق سات مسافر معمولی زخمی ہوئے۔

    جیٹ بلیو نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری پہلی ترجیح تحفظ ہے، ایف اے اے اور این ٹی بی ایس کی مدد سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • دیوالی ڈسکاؤنٹ پر آن لائن لیپ ٹاپ خریدنے والا لٹ گیا

    دیوالی ڈسکاؤنٹ پر آن لائن لیپ ٹاپ خریدنے والا لٹ گیا

    بھارت میں ایک شخص کو آن لائن لیپ ٹاپ منگوانا مہنگا پڑ گیا جب ڈبے میں سے لیپ ٹاپ کی جگہ پتھر اور کچرا نکل آیا، دیوالی کے موقع پر دی جانے والی ڈسکاؤنٹ میں درجنوں شہریوں کے ساتھ ایسے ہی واقعات پیش آئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست کرناٹک کے شہر منگلور میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے آن لائن اسٹور کمپنی فلپ کارٹ سے لیپ ٹاپ منگوایا۔

    بھارت میں دیوالی کے موقع پر مختلف آؤٹ لیٹس نے بڑی رعایت کا اعلان کیا تھا اور اسی کا فائدہ اٹھا کر اس شخص نے لیپ ٹاپ خریدا تھا۔

    تاہم جب ڈیلیوری گھر پہنچی تو ڈبہ کھولنے کے بعد اس شخص پر حیرت اور صدمے کا پہاڑ ٹوٹ پڑا کیونکہ ڈبے میں لیپ ٹاپ کی جگہ ایک بڑا سا پتھر اور کچھ ناکارہ ای کچرا پڑا ہوا تھا۔

    مذکورہ شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کا سہارا لیا اور مختلف صحافیوں، نیوز چینلز اور فلپ کارٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے موصول ہونے والے سامان کی تصاویر پوسٹ کردیں۔

    مذکورہ شخص کے ٹویٹس فوراً ہی وائرل ہوگئے اور لوگوں نے اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کمپنی کو برا بھلا کہنا شروع کردیا۔

    خوش قسمتی سے جلد ہی فلپ کارٹ نے ان ٹویٹس کا جواب دیا اور مذکورہ شخص سے رابطہ کر کے اسے اس کی رقم واپس بھجوائی جس کے بعد اس کی جان میں جان آئی۔

    آن لائن شاپنگ میں اس طرح دھوکا دہی کے واقعات کوئی نئی بات نہیں، ایک بار ریاست کرناٹک کے ہی ایک رہائشی کو ڈرون کیمرہ آرڈر کرنے پر آلوؤں سے بھرا ہوا بیگ موصول ہوگیا تھا۔

  • ایسا لیپ ٹاپ جو گلاسز کے بغیر 3 ڈی ڈسپلے کرسکے گا

    ایسا لیپ ٹاپ جو گلاسز کے بغیر 3 ڈی ڈسپلے کرسکے گا

    معروف کمپنی ایسر نے گلاسز فری تھری ڈی ٹیکنالوجی پر مبنی پہلا کانسیپٹ لیپ ٹاپ متعارف کروا دیا، اس لیپ ٹاپ کی تیاری کا اعلان سنہ 2021 کے شروع میں کیا گیا تھا۔

    یہ مختلف اقسام کے ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر فیچرز پر مشتمل ہے۔

    ان فیچرز میں ایک خاص اسٹیریو کیمرا قابل ذکر ہے جس میں ایسے 2 سنسرز موجود ہیں جو آپ کی آنکھوں اور سر کو ٹریک کرتے ہیں، ایک آپٹیکل لینس آنکھوں کے سامنے 2 معمولی مختلف تصاویر کو پیش کرتا ہے جبکہ رینڈرنگ سافٹ ویئر آپ کی حرکت کے ساتھ ریئل ٹائم میں تھری ڈی امیجز کو ایڈجسٹ کرتا ہے۔

    کمپنی کے مطابق صارفین اس لیپ ٹاپ پر تھری ڈی پراجیکٹس جیسے تھری ڈی پرنٹنگ، آرکیٹکچر یا اینی میشن کو دیکھ سکیں گے۔

    ایسر کی جانب سے چند ٹول جیسے اسپیٹل لیبز ماڈل ویورز بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ مختلف ایپس سے تھری ڈی فائلز کو امپورٹ کرسکیں گے۔

    اسی طرح ڈویلپرز کے ساتھ مل کر بھی مزید ٹولز کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے ایک اسپیٹل لیبز گو ایپ بھی فراہم کی جائے گی جو 2 ڈی مواد جیسے ویڈیوز، گیمز، سادہ گیمز اور دیگر کو اسٹیریو اسکوپک تھری ڈی میں تبدیل کرے گی۔

    اس سے ہٹ کر لیپ ٹاپ میں انٹیل کور آئی 7 پراسیسر، 32 جی بی ڈی ڈی آر 4 ریم (جس کو 64 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے) اور 2 ٹی بی اسٹوریج جیسے فیچرز موجود ہوں گے۔ اسی طرح 15.6 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے لیپ ٹاپ کا حصہ ہوگا۔

    یہ لیپ ٹاپ یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں دسمبر 2021 میں 3599 یورو (7 لاکھ 13 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

  • کوئٹہ کے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم

    کوئٹہ کے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم

    کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے تقریب سے خطاب کیا۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا، نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ بلوچستان میں دیگر صوبوں کی نسبت یونیورسٹیاں بہت کم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں سہولیات میں اضافہ کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت ڈھائی ارب سالانہ یونیورسٹیوں پرخرچ کر رہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ریکوڈک سے 10 ہزار لوگوں کو روزگار ملتا، ماضی کے غلط فیصلوں کی وجہ سے آج ریکوڈک بند ہے۔

  • سائنس وٹیکنالوجی میں عمان نے اہم سنگ میل عبور کر لیا

    سائنس وٹیکنالوجی میں عمان نے اہم سنگ میل عبور کر لیا

    مسقط:عمان نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اہم سنگ میل حاصل کرتے ہوئے مقامی طور پرتیار کردہ لیپ ٹاپ متعارف کرایا ہے، لیپ ٹاپ عربی رسم الخط کو خاص طور پر شامل کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عمان کی وزارت برائے ٹرانسپورٹ ، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم ٹی سی آئی ٹی) نے لیپ ٹاپ کو مقامی میڈیا کے سامنے پیش کیا۔

    جدید لیپ ٹاپ کو (ایم ٹی سی آئی ٹی) کے تعاون سے عمانی نوجوانوں کے ایک گروپ نے تیار کیا، لیپ ٹاپ کا ڈیزائن جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ ہے،جس میں ہلکے وزن کے ساتھ ساتھ خصوصی طور پر آئی ڈی کارڈ ریڈر کو ون ٹچ کے زریعے ٹیبلٹ ڈیوائس میں تبدیل کرنے کا آپشن شامل کیا گیا ہے.

    اس کے علاوہ 4G ، 3G نیٹ ورک کے ساتھ نینوسم کارڈ کا استعمال بھی اس کے فیچرز میں شامل کیا گیا ہے،لیپ ٹاپ کو العنصر کا نام دیا گیا ہے۔

    یہی نہیں لیپ ٹاپ میں عربی رسم الخط کی تراکیب کو بھی شامل کیا گیا ہے، جوکہ اس لیپ ٹاپ کو مزید جدت فراہم کرتی ہے۔

    عمان کی وزارت برائےانفارمیشن ٹیکنالوجی نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ کمپنی نے دنیا میں پھیلی کورونا وائرس کی وبا کے باعث یہ لیپ ٹاپ بنانے کا فیصلہ کیا، جس کا مقصد عمان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کو کام اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

  • دنیا کا خطرناک ترین لیپ ٹاپ سامنے آگیا، قیمت 15 کروڑ روپے سے زائد

    دنیا کا خطرناک ترین لیپ ٹاپ سامنے آگیا، قیمت 15 کروڑ روپے سے زائد

    نیویارک: دنیا کا خطرناک ترین لیپ ٹاپ سامنے آگیا جس کی قیمت 15 کروڑ روپے سے زائد ہے، بنانے والے نے لیپ ٹاپ کو آرٹ آف پیس قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کا خطرناک ترین لیپ ٹاپ فروخت کے لیے مارکیٹ میں آگیا جبکہ تعارفی قیمت 10 لاکھ ڈالرز (15 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) مقرر کی گئی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق لیپ ٹاپ کو بنانے والے گیو او ڈونگ نے اسے آرٹ آف پیس قرار دیا ہے کیونکہ اس میں دنیا کے 6 خطرناک ترین وائرسز لوڈ کیے گئے ہیں۔

    انٹرنیٹ آرٹسٹ گیو او ڈونگ کا یہ تیار کردہ لیپ ٹاپ اس وقت تک محفوظ ہے جب تک اسے وائی فائی سے کنکٹ یا اس میں یو ایس بی نہیں لگائی جاتی۔ گیو او ڈونگ کے مطابق اس لیپ ٹاپ کی تیاری کا مقصد دنیا کو دکھانا ہے کہ ڈیجیٹل ورلڈ میں کیسے کیسے خطرات موجود ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خیال ہوتا ہے کہ کمپیوٹرز میں موجود چیزیں ہمیں متاثر نہیں کرسکتیں مگر یہ درست نہیں، درحقیقت وائرسز کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے جس سے پاور گرڈ یا پبلک انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا جاسکتا ہے۔ یہ لیپ ٹاپ سام سنگ کا این سی 10-14 جی بی ہے جس میں 6 وائرسز موجود ہیں جن کا انتخاب ان کی جانب سے پھیلائی گئی تباہی کو دیکھ کر کیا گیا۔

    اس میں ایک تو 2000 کا آئی لو یو وائرس نامی کمپیوٹر بگ ہے جو اس زمانے میں ای میلز کے ساتھ بھیجا جاتا تھا۔ اسی طرح وانا کرائی رینسم وئیر بھی اس لیپ ٹاپ میں موجود ہے جس نے 2017 میں دنیا بھر میں اسپتالوں اور فیکٹریوں کے کمپیوٹرز کو بند کردیا تھا اور اس کا ذمہ دار شمالی کوریا کو قرار دیا گیا۔

    گیو او ڈونگ کے مطابق وانا کرائی ایسی مثال ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ ڈیجیٹل حملے کس طرح نقصان پہنچا سکتے ہیں کیونکہ اس وائرس سے 10 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوا جبکہ ڈاکٹرز کی لاکھوں اپائنمنٹس منسوخ ہوئیں۔ مجموعی طور پر سام سنگ کے اس لیپ ٹاپ میں جو وائرسز موجود ہیں انہوں نے دنیا بھر میں 95 ارب ڈالرز مالیت کی تباہی مچائی۔

    اس لیپ ٹاپ کا تجزیہ سائبر سیکیورٹی کمپنی ڈیپ انسٹینکٹ نے کیا اور یہ اس وقت آن لائن نیلامی کےلئے دستیاب ہے۔اس وقت لیپ ٹاپ کےلئے 12 لاکھ ڈالرز کی قیمت لگ چکی ہے جو کہ میل وئیر سے بھرے کسی پرانے لیپ ٹاپ کے لیے بہت زیادہ محسوس ہوتی ہے مگر اسے ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں یہ آرٹ ورک ہے۔

  • ہزاروں سال قبل یونانی ’لیپ ٹاپ‘ استعمال کرتے تھے؟

    ہزاروں سال قبل یونانی ’لیپ ٹاپ‘ استعمال کرتے تھے؟

    کیا آپ سمجھتے ہیں کہ لیپ ٹاپ ابھی حال ہی کی ایجاد ہے اور پہلا لیپ ٹاپ 1971 میں بنایا گیا تھا‘ کچھ ماہرین کے خیال میں آج سے ہزاروں سال قبل یونانی لیپ ٹاپ کا استعمال کرتے رہے ہیں۔

    تصوراتی اور مابعد الطبعیاتی ماہرین کا خیال ہے کہ یونان اور مصر کے اہل فن سائنس کے میدان میں ہم سے ہزارہا گنا آگے تھے اوراپنے اس دعوے کا وہ تاریخی حوالہ جات کے ذریعے ثبوت بھی دیتے ہیں۔

    oracle-post-1

    یونان سے تعلق رکھنے والے سو سال قبل مسیح کے ایک مجسمے نے تاریخ دانوں میں بحث کا ایک نیا باب کھول دیا ہے ‘ مابعد الطبعیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مجسمے میں خاتون کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے ہاتھ میں ایک لیپ ٹاپ لیے ہوئے ہے۔

    مورخین اس بات پر بضد ہیں کہ تصویر میں نظرآنے والے مجسمے کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ نہیں بلکہ یہ شے یا تو کوئی جیولری بکس ہے یا پھر مومی تختی جسے قدیم یونان کے لوگ اپنی تحریریں لکھنے کےلیے استعمال کیا کرتے تھے۔

    پتھر کے دور میں دانتوں کی تکلیف کا علاج کیسے؟

     دوسری جانب وہ ماہرین جو کہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ دورِ قدیم کا انسان کسی بھی صورت ہم سے زیادہ ترقی یافتہ تھا وہ دلیل دیتے ہیں کہ یہ شے درحقیقت ایک لیپ ٹاپ ہی ہےجبھی اس کی سائیڈ میں دو سوراخ موجود ہیں جو کہ یقیناً یو ایس بی یا اس سے مشابہہ کسی اور ڈیوائس کے لیے استعمال کیے جاتے ہوں گے۔

    oracle-post-4

    oracle-post-2

    ان کا کہنا ہے کہ اس مجسمے میں موجود لیپ ٹاپ نما شے نہ تو کسی مومی تختی سے مماثل ہے ( یونان سے ملنے والی کسی مومی تختی کی سائیڈ پر سوراخ نہیں ملے) اور نہ ہی یہ کوئی جیولری بکس ہے۔وہ دلیل دیتے ہیں کہ مجسمے میں موجود خاتون کی آنکھوں کا فوکس عین اس جگہ ہے جہاں لیپ ٹاپ کی اسکرین کا سنٹر ہوتا ہے اور وہ اپنی انگلی سے جس انداز میں اسے چھو رہی ہے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ کوئی ٹچ اسکرین شے استعمال کررہی ہے ۔ اگر یہ جیولری بکس ہوتا تو خاتون کی نگاہیں سطح پر موجود جیولری پر مرکوز ہوتیں ناکہ اس شے کے اٹھے ہوئے حصے پر جیسا کہ مجسمے میں واضح دیکھا جاسکتا ہے۔

    oracle-post-3

    مابعد الطبعیاتی ماہرین نے لیپ ٹاپ کو ’اوریکل آف ڈیلفی ‘ نامی تاریخی کردار قراردیا ہے جس کے ذریعے اس قدیم دور کے پجاری خدا‘ خلائی مخلوق یا مستقبل سے آںے والوں سے رابطہ کیا کرتے تھے۔ محققین کے نزدیک پائیتھیا نامی ایک حسین لڑکی ڈیلفی کے مندر میں اوریکل (غیبی آواز ) کا مرکز تھی اور اسی کے ذریعے پجاری خدا سے رابطہ کیا کرتے تھے۔

    مابعد الطبعیاتی ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اوریکل نامی مشہور لیپ ٹاپ بنانے والی کمپنی کو یہ خیال کیوں آیا کہ وہ ایک ایسی شے کو اپنے نام کے طور پراختیار کرے جو کہ سائنسی عقائد سے بالکل الگ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ من وعن ایسا ہی ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ سائنسدان اور مورخین ہمارے پیش کردہ دلائل پر بھی کام کریں تاکہ ان کا مدلل جواب دیا جاسکے ۔

    ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ قدیم دور میں مستقبل بعید میں آنے والی کسی ٹیکنالوجی کا ٹائم ٹریلولرز کے ذریعے استعمال خارج از امکان نہیں ہے۔

     

  • آئندہ سال ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی، شہباز شریف

    آئندہ سال ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی، شہباز شریف

    لاہور: وزیر اعلیٰ میاں پنجاب شہباز شریف نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ سال ملک سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی بلکہ وافر مقدار میں‌ بجلی بھی دستیاب ہوگی۔

    پوزیشن ہولڈر طلبا کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’’اگلے سال نہ صرف ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی بلکہ وافر مقدار میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں:  مودی کو اقتصادی راہداری ہضم نہیں‌ ہورہی، شہبازشریف

     وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ’’آج کے نوجوانوں کو کل ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اس کے لیے انہیں دل لگا کر تعلیم حاصل کرنی ہوگی، امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ تقسیم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے طلبہ کو جدید سہولیات فراہم کیں تاکہ ہمارے بچے جدید تعلیم سے آراستہ ہو سکیں۔

    مزید پڑھیں: اورنج لائن ٹرین شہبازشریف کا ڈالر بناؤ منصوبہ ہے، چوہدری پرویزالٰہٰی

     انہوں نے کہا کہ شورو غل ملکی مفاد میں نہیں ہے اس لیے تمام جماعتوں کو مل کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،  عمران خان کی جانب سے اورنج لائن منصوبے پر تنقید کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’عوام کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں پر وہ لوگ تنقید کرتے ہیں جو خود طیاروں اور ہیلی کاپٹروں میں سفر کرتے ہیں‘‘۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی ٹی یونیورسٹی کو انڈوومنٹ فنڈ کی مد میں 50 کروڑ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔