Tag: larkana

  • ‘جب سارے کام وفاق نے کرنے تو سندھ حکومت کا کیا کام؟ ‘

    ‘جب سارے کام وفاق نے کرنے تو سندھ حکومت کا کیا کام؟ ‘

    لاڑکانہ: وفاقی وزیر علی زیدی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو آصف زرداری کا ‘منشی’ قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے علی زیدی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سندھ میں اختیارات وزیراعلیٰ ہاؤس میں پھنس گئےہیں، انہوں نے گزشتہ سال بیس ستمبر کو ایک ہفتے میں اختیارات منتقل کرنےکا کہا تھا، مجھے ایسا لگتا ہے کہ دنیا کا سب سے لمبا ایک ہفتہ چل رہاہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت سےکچرا اٹھتا ہے نہ نالے بنتے ہیں، سارے کام وفاقی حکومت کے ادارے کررہے ہیں، اگر سندھ میں سارے کام وفاق نے کرنے ہیں تو صوبائی حکومت کا کیا کام باقی رہ گیا ہے؟ جس کام کا یہ کریڈٹ لیتےہیں، وہ پرائیویٹ انٹرپرائز چلارہی ہے۔

    پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو آصف زرداری کا منشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مراد علی شاہ زرداری کے جوتے پالش کررہے ہیں جبکہ منشی مراد علی شاہ کوخوش رکھیں تاکہ وہ اوپرپہنچادے، ان لوگوں نے سندھ کو تباہ کردیا ہے۔

  • لاڑکانہ میں دن دیہاڑے پی ٹی آئی رہنما قتل

    لاڑکانہ میں دن دیہاڑے پی ٹی آئی رہنما قتل

    تفصیلات کے مطابق شہداد کوٹ کے علاقے لالورائنک میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما رانا سخاوت راجپوت جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا سخاوت راجپوت اپنے رائس مل پر جارہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی رہنما شدید زخمی ہوئے۔

    حملے کے بعد مقامی افراد نے سخاوت راجپوت کو شدید زخمی حالت میں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    یہ بھی پڑھیں: لاڑکانہ میں طالبہ کی پراسرار موت، پرنسپل چانڈکا کالج کا بیان آگیا

    سخاوت راجپوت کا شمار لاڑکانہ کے دیرینہ کارکنان میں ہوتا تھا، وہ قمبر شہدادکوٹ میں پی ٹی آئی کے سرگرم رہنما تھے اور رائس مل ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہے۔

    اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے سخاوت راجپوت کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا ہے۔

    حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا کہ ایس ایس پی قمبر سخاوت راجپوت کے قاتل بن چکے کیونکہ وہ جرائم پیشہ افراد کے سرپرست بنے ہوئے ہیں، سندھ میں امن امان کی صورتحال مکمل خراب ہوچکی ہے۔

  • ایک اور شہر میں مفت اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز

    ایک اور شہر میں مفت اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز

    کراچی: این آئی سی وی ڈی لاڑکانہ میں مفت اوپن ہارٹ سرجریز کا آغاز کر دیاگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے بروز پیر، 25 اکتوبر 2021 کو لاڑکانہ میں بالکل مفت اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز کر کے ایک او ر سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔

    پہلی اوپن ہارٹ سرجری این آئی سی وی ڈی کے کارڈیک سرجن ڈاکٹر علی رضا منگی نے انستھیزیالوجسٹ اسسٹنٹ پروفیسر کمل کمار کے ساتھ انجام دی۔

    لاڑکانہ، این آئی سی وی ڈی کا پہلا سیٹلائٹ سینٹر ہے، جہاں پر انجیوپلاسٹی، انجیوگرافی، کارڈیک اوپی ڈی، ایمرجنسی اور دیگر سہولیات پہلے سے ہی فراہم کی جاتی ہیں، اور اب لاڑکانہ شہر، کراچی، سکھر اور ٹنڈو محمد خان کے بعد چوتھا شہر بن چکا ہے، جہاں اوپن ہارٹ سرجریز ہونے لگی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل لاڑکانہ کے شہریوں کو امراض قلب کے علاج کے لیے کراچی جانا پڑتا تھا، پروفیسر ندیم قمر نے کہا کہ اب سندھ کے 9 شہروں میں سیٹلائٹ سینٹرز کا آغاز کیا گیا ہے، جو مریضوں کو امراضِ قلب کا مہنگا و جدید علاج انھی کی دہلیز پر بالکل مفت فراہم کر رہے ہیں۔

    کارڈیک سرجن ڈاکٹر علی رضا منگی کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی لاڑکانہ میں دل کا بائی پاس کیا گیا ہے، اور مریض صحت یاب ہو رہا ہے، انھوں نے بتایا کہ جب مریض کو بتایا گیا کہ ان کا بائی پاس آپریشن یہیں لاڑکانہ میں ہوگا تو وہ بے حد خوش ہوئے۔

  • بریانی فروخت کرنے والا یہ لڑکا کون ہے؟؟ جانیے

    بریانی فروخت کرنے والا یہ لڑکا کون ہے؟؟ جانیے

    گزشتہ کچھ عرصے سے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافے سے ہر کوئی پریشان ہے، ایسے حالات میں عالمی وبا کورونا کے سبب لاک ڈاؤن نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی۔

    اسی پریشانی کی وجہ سے  اچھے بھلے پڑھے لکھے نوجوان بھی نوکری نہ ہونے اور محدود وسائل کے باعث معمولی نوعیت کے کاروبار کرنے پر مجبور ہیں، صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں بریانی فروخت کرنے والے نوجوانوں کو بھی ان کے معاشی حالات بریانی بیچنے تک لے آئے ہیں۔

    بریانی فروخت کرنے والا یہ عبدالصمد کوئی عام نوجوان نہیں بلکہ پڑھا لکھا انجنیئر ہے جس نے بیروزگاری سے تنگ آکر اپنے گریجویٹ دوست عاشر عباسی کے ہمراہ لاڑکانہ کی سچل کالونی میں بریانی فروخت کرنے کا کام شروع کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالصمد نے بتایا کہ میں نے ایگری کلچر ڈپارٹمنٹ میں انجینئرنگ پاس کی ہے، ملازمت نہ ملنے کے باعث ایک سال سے بے روزگار تھا۔

    محکمہ ایگری کلچر میں نوکریاں آئی تھیں لیکن وہاں ہمیں درخواست دینے کے قابل بھی نہیں سمجھا گیا، مجھے سندھ حکومت سے بہت مایوسی ہوئی، تو اس کے بعد ناامید ہو کر بریانی بیچنے کا کام کرنا پڑا۔،

    عاشر عباسی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اس نے 2019 میں گریجویشن کی تھی لیکن تاحال نوکری نہیں ملی جس کے بعد دونوں دوستوں نے بریانی کو روزگار کا ذریعہ بنا لیا۔

    انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ حکومت ہمیں نوکریاں فراہم کرے اور ٹیسٹ دینے کا موقع دے تاکہ ہماری پریشانیوں میں کمی آسکے۔

  • تین ماہ سے اذیت میں مبتلا، مریض کو بڑا ریلیف مل گیا

    تین ماہ سے اذیت میں مبتلا، مریض کو بڑا ریلیف مل گیا

    لاڑکانہ: اے آر وائی نیوز کے خبر پر ایکشن، تین ماہ قبل دوران آپریشن مریض کے پیٹ میں رہ جانے والی قینچی کو نکال دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے نواحی علاقے نائچ کے رہائشی غلام شبیر کا تین ماہ قبل آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران ڈاکٹرز کی سنگین غلطی کے باعث مریض کے پیٹ میں قینچی رہ گئی تھی۔

    اے آر وائی نیوز نے متاثرہ شخص کی اسٹوری آن ایئر کی تو چانڈکا میڈیکل کالج کے ڈاکٹرز نے متاثرہ شخص کا آپریشن کیا اور غلام شبیر کے پیٹ سے قینچی نکالی۔

    اطلاعات کے مطابق آپریشن کے بعد مریض کو وارڈ منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، ورثا کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز آپریشن کرنےکے بعد چلے گئے، مریض کی حالت سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز مریض کے رشتے داروں نے چانڈکا اسپتال انتظامیہ کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا تھا، اہل خانہ نے بتایا تھا کہ تین ماہ قبل اسپتال میں مریض کا آپریشن کیا گیا تھا، مریض کے پیٹ میں قینچی چھوڑ کر اوپر سے ٹانکے لگائے گئے تھے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ آپریشن کے بعد تین ماہ سے مریض پیٹ کے درد میں مبتلا رہا، دوبارہ ایکسرے کے بعد پتا چلا مریض کے پیٹ میں قینچی ہے، اے آر وائی نیوز کی خبر کے نتیجے میں چانڈکا اسپتال انتظامیہ نے دوبارہ مریض کو داخل کیا تھا۔

  • سکھر: میت منتقل کرنے والا ایمبولینس ڈرائیور اغوا

    سکھر: میت منتقل کرنے والا ایمبولینس ڈرائیور اغوا

    سکھر: صوبہ سندھ میں انسانیت کی خدمت کرنے والے بھی محفوظ نہ رہ سکے، نامعلوم ملزمان نے میت منتقل کرنے والی ایمبولینس اور اس کے ڈرائیور کو اغوا کرلیا ہے۔

    ایدھی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز لاڑکانہ سے ٹھری میر واہ میت پہنچانے والے ڈرائیور عمران ماچھی کو نامعلوم ملزمان نے گاڑی سمیت اغوا کرلیا ہے۔

    فلاحی ادارے لاڑکانہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈرائیور ایمبولینس سمیت رات سے غائب ہے، واقعے سے متعلق لاڑکانہ اور خیرپور پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے، مغوی کی بازیابی میں تاحال پیشرفت نہیں ہوئی ہے، وزیراعلیٰ سندھ سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ فوری طور پر اغوا کئے گئے ڈرائیور کو بحفاظت بازیاب کرائیں۔

    دوسری جانب ایس ایس پی خیرپور نے دعویٰ کیا ہے کہ ایدھی ڈرائیور کو اغوا کرنیوالےملزمان مغوی کے ورثا کو فون کیا ہے اور مطالبہ کیا کہ پہلے ہمارے بندے چھوڑے جائیں۔

    ایس ایس پی خیرپور ظفر اقبال کا موقف ہے کہ ایسا کوئی ملزم گرفتار نہیں جس کا ڈاکو مطالبہ کریں، اغواکاروں کی تلاش کا عمل جاری ہے، کوشش ہے کہ ڈرائیور کو ایمبولینس سمیت بازیاب کرایاجائے۔

  • لاڑکانہ: آوارہ کتوں نے ایک روز میں 26 افراد کو کاٹ لیا

    لاڑکانہ: آوارہ کتوں نے ایک روز میں 26 افراد کو کاٹ لیا

    لاڑکانہ: صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں آوارہ کتوں نے ایک روز میں 7 بچوں سمیت 26 افراد کو کاٹ لیا، تمام متاثرہ افراد کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں آوارہ کتوں نے ایک روز میں 26 افراد کو کاٹ لیا، متاثرین میں 7 بچے، 6 خواتین اور 13 مرد شامل ہیں۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرین کا تعلق لاڑکانہ، رتو ڈیرو اور ڈوکری سے ہے، تمام متاثرہ افراد کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرین کو اسپتال میں کتے کے کاٹے کی ویکسین لگائی گئی ہے۔

    اس سے قبل خیر پور میں ایک روز میں 7 بچیوں سمیت 18 شہری آوارہ کتوں کے کاٹنے سے اسپتال جا پہنچے تھے۔

    زخمی ہونے والے افراد کو جب اسپتال منتقل کیا گیا تو بیشتر زخمیوں کو ویکسین نہ مل سکی، جس کے باعث متاثرہ افراد اور ان کے ورثا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق سال 2020 میں کتے کے کاٹنے کے 2 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 25 متاثرہ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    6 مئی 2021 کو سندھ ہائیکورٹ میں آوارہ کتوں کی روک تھام اور کتے کے کاٹے کی ویکیسن سے متعلق درخواست پر عدالت نے کہا تھا کہ کتے کاٹنے پر اگر متعلقہ افسران پر 50 ہزار ہرجانہ لگا دیں تو واقعات کم ہوجائیں گے۔

  • لاڑکانہ: جے یو آئی رہنما پر قاتلانہ حملہ

    لاڑکانہ: جے یو آئی رہنما پر قاتلانہ حملہ

    لاڑکانہ: صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں جے یو آئی رہنما پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے، حملے میں جے یو آئی کے رہنما عبدالقادر سیال اور ان کا بیٹا عبد العزیز سیال شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لاڑکانہ کے علاقے وگھن میں پیش آیا ، جہاں نامعلوم افراد نے جے یو آئی کے رہنما عبدالقادر سیال کی گاڑی پر فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں عبدالقادر سیال اور ان کا بیٹا عبد العزیز سیال شدید زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے چانڈکا اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اہل خانہ کے مطابق جے یو آئی رہنما عبدالقادر سیال اور بیٹا عبدالعزيز سیال رتوڈیرو سے کراچی جاتے ہوئےحملے میں زخمی ہوئے، اہل خانہ کا کہنا ہے ان کی کسی سے دشمنی نہیں ہے، پوليس نے واقعے کی تفتيش شروع کردی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جےیوآئی نےلاڑکانہ میں پیپلزپارٹی مخالف اتحادبنالیا، اس حوالے سے جے یو آئی نے پاکستان تحریک انصاف، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مقامی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور ضلع میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق جےیوآئی نے لاڑکانہ میں پی پی کےخلاف بنائے جانے والے عوامی اتحاد میں پی ٹی آئی اورجی ڈی اے کے علاوہ قوم پرست تنظیموں کو بھی ساتھ چلنے کی دعوت دی۔

    لاڑکانہ عوامی اتحاد میں پی ٹی آئی کے اہم رہنما اللہ بخش انڑ اور رہنما امیربخش بھٹو جبکہ جی ڈی اے کے رہنما صفدر عباسی اور معظم عباسی شامل ہیں۔

  • برسی کی تقریب میں مریم نواز کی مزاحیہ تقریر

    برسی کی تقریب میں مریم نواز کی مزاحیہ تقریر

    لاڑکانہ: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق چیئر پرسن شہید بے نظیر بھٹو کی برسی میں پہنچیں تو مزاحیہ تقریر کر ڈالی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق چیئر پرسن اور سابق وزیر اعظم شہید بے نظیر بھٹو کی تیرہویں برسی منائی گئی، اس موقع پر جہاں ملک بھر سے جیالے گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کے مزار پر پہنچے تو وہیں اپوزیشن کے تمام سیاستدان بھی برسی میں شریک ہوئے۔

    اس موقع پر پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور کو چیئرمین آصف زرداری نے خطاب کیا۔

    برسی میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی شریک ہوئیں تاہم اپنے خطاب کے دوران مزار اور برسی کا تقدس بھول کر مزاحیہ تقریر کر ڈالی۔

    مریم نواز وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کر کے قہقے لگانے کی نقل کرتی رہیں۔

    انہوں نے مضحکہ خیز انداز اپناتے ہوئے وزیر اعظم کے حوالے سے کہا کہ وہ پی ڈی ایم کے جلسے دیکھتے ہیں، مردان کے جلسے میں بلاول بھٹو شریک نہ ہوسکے تو انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں لڑائی ہوگئی۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج مولانا فضل الرحمٰن شریک نہ ہوسکے تو عمران خان نے کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں لڑائی ہوگئی، کل کسی جلسے میں مریم نواز شریک نہ ہوسکے گی تب بھی وزیر اعظم یہی کہیں گے۔

  • خیرپور: کچے کے علاقے میں پولیس کا بڑا آپریشن، 7 ڈاکو مارے گئے

    خیرپور: کچے کے علاقے میں پولیس کا بڑا آپریشن، 7 ڈاکو مارے گئے

    لاڑکانہ : خیر پور میں  کچے کے علاقے میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام ڈاکو پٹھان اور اقبال ناریجو سمیت مبینہ7 ڈاکو ہلاک کردیے اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر ایس ایس پی مسعود بنگش کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے کیٹی ممتاز کے قریب خیر پور اور لاڑکانہ کے کچے کے علاقے میں بڑا آپریشن کیا ، آپریشن کے دوران موجود ڈاکووں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جو سات گھنٹوں سے زائد جاری رہا۔

    جس کے نتیجے میں 7 ڈاکو ہلاک ہوگئے جب کے پولیس نے بھاری تعداد میں جدید اسلحہ بھی بر آمد کرکے ڈاکوؤں کی آماج گاہوں کو تباہ کردیا، برآمد ہتھیاروں میں اینٹی ائیر کرافٹ گن راکٹ لانچر و دیگر شامل ہیں۔

    ایس ایس پی مسعود بنگش نے بتایا کہ ہلاک ڈاکووں میں سندھ کے بدنام ڈاکو پٹھان اور اقبال ناریجو بھی شامل ہیں، جو ایک سو سےزائد سنگین نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے، جب کی ان کی سر کی قیمت 10۔ 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

    ایس ایس پی مسعود بنگش کا کہنا تھا کے 7 ڈاکووں کی ہلاکت لاڑکانہ پولیس کی بڑی کامیابی ہے، جس سے سندھ کے کچے میں امن امان کی صورت حال مزید بہتر ہوگی۔

    دوسری جانب 7 گھنٹوں سے زائد جاری رہنے والے لاڑکانہ پولیس کے آپریشن سے متعلقہ خیرپور پولیس مکمل طور پر لاعلم ہیں۔