Tag: larkana

  • لاڑکانہ: 15 سالہ بچہ جنسی زیادتی کے بعد قتل

    لاڑکانہ: 15 سالہ بچہ جنسی زیادتی کے بعد قتل

    لاڑکانہ: نوڈیرو کے علاقے میں لاپتہ ہونے والے 15 سالہ بچے کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے نوڈیرو میں کھیتوں سے 15 سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی، پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پہنچی اور لاش کو اسپتال منتقل کیا۔

    اسپتال پہنچنے پر لاش کی شناخت رحمان دایو کے نام سے کی گئی، میڈیکل رپورٹ میں بچے سے جنسی زیادتی کے شواہد بھی ملے ہیں، پولیس نے مطابق مقتول کو ایک روز قبل گھر کے پاس سے اغوا کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش برہنہ اور تشدد زدہ حالت میں برآمد ہوئی جبکہ بچے کے سر پر تیز دھار آلے سے وار کر کے بے دردی سے قتل کیا گیا، ابتدائی پورٹ میں جنسی زیادتی کے شواہد بھی ملے ہیں۔

    دوسری جانب متاثرہ اہل خانہ کو جب لاش ملنے کی اطلاع دی گئی تو گھر پر کہرام مچ گیا، ورثاء کا کہنا ہے کہ رحمان ایک روز قبل دوائی لینے کے لیے گھر سے باہر گیا اور پھر لاپتہ ہوگیا تھا۔

    پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا جبکہ پولیس نے تاحال واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا اور نہ ہی تحقیقات کے لیے کوئی اقدامات کیے۔

  • بے نظیربھٹوکی 64ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے

    بے نظیربھٹوکی 64ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے

    لاڑکانہ : شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا چونسٹھ واں یوم پیدائش آج انتہائی عقیدت احترام سے منایا جائے گا، سالگرہ کی مرکزی تقریب گڑھی خدابخش بھٹو میں منعقد ہوگی، تقریب میں بلاول بھٹو زرداری، خورشید شاہ، مراد علی شاہ اور دیگر رہنما شرکت کریں گے.

    تفصیلات کے مطابق گڑھی خدا بخش بھٹو میں شہید بینظیر بھٹو کی مزار پر سالگرہ کی تقریبات کا آغاز قرآن خوانی سے کیا جائے گا، قرآن خوانی کی تقریب میں میں عوام اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوگی، سالگرہ تقریب میں شرکت کیلئے ملک بھر سے قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ گئے۔

    پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق سالگرہ کی تقریبات ضلعی سطح پر بھی منعقد کی جائیں گی، سالگرہ کی تقریبات میں افطار کے موقع پر کیک کاٹے جائیں گے۔

    بے نظیر بھٹو ملکی سیاسی تاریخ کی بے مثال لیڈر تھیں‘ آپ اکیس جون 1953 کو ذوالفقار علی بھٹو اور نصرت بھٹو کے گھر پیدا ہوئیں۔

    ابتدائی تعلیم کراچی، راولپنڈی اور مری میں حاصل کی اور اعلیٰ تعلیم پہلے ہاورڈ اور پھر آکسفورڈ سے حاصل کی ، بے نظیر جب کبھی پاکستان ہوتی تو اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کے ہمراہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں شامل رہتیں۔

    27دسمبر2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی کے آخری عوامی جلسے سے خطاب کیا اس موقع پر عوام کی کثیرتعداد موجود تھی۔

    خطاب کے بعد جلسہ گاہ سے باہر نکلتے ہوئے اپنے کارکنان سے اظہارِ یکجہتی کے لئے وہ گاڑی کی سن روف سے باہرنکلیں اور اس موقع پرایک نامعلوم شخص نے انہیں گولی کا نشانہ بنایا اوراس کے ساتھ ہی ان کی گاڑی سے محض چند قدم کے فاصلے پر ایک خود کش حملہ ہوا۔

    بینظیربھٹوکو راولپنڈی جنرل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔

    بینظیربھٹوکولاڑکانہ کے سے ملحقہ علاقے نوڈیرومیں ان کے والد ذوالفقارعلی بھٹو کے مزار میں دفن کیا گیا۔

  • لاڑکانہ : دومنزلہ عمارت منہدم ، ملبے تلے دب کردوافراد جاں بحق

    لاڑکانہ : دومنزلہ عمارت منہدم ، ملبے تلے دب کردوافراد جاں بحق

    لاڑکانہ :  دومنزلہ عمارت منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کردوافراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے باقرانی روڈ پر ایک عمارت کی تعمیر کے لئے بیس میں کھدائی کی گئی تھی، جس کے قریب ہی ایک اور عمارت کمزور ہونے کے باعث مہندم ہوگئی۔ جس کے نتیجے میں مہندم ہونے والی عمارت کے اوپر بیٹھے دو مزدور ملبے میں دب کر زخمی ہوگئے۔

    ، عمارت کے انہدام کی خبرملتے ہی اہل محلہ، پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا جو تاحال جاری ہیں ، پولیس اہلکاروں اور امدادی رضاکاروں نے مقامی افراد کی مدد سے ملبے تلے دبے دو زخمیوں کو نکال کر چانڈکا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔

    پولیس کے مطابق ہلاک شدگان مزدوروں کا تعلق مظفرگڑھ سے تھا، جو یہاں بیکری پر مزدوری کرنے آئے تھے۔


    مزید پڑھیں : ملتان میں زیرِ تعمیر عمارت کا کچھ حصہ منہدم، 2 ہلاک، 8 زخمی


    ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف ٹیپو اور دیگر افسران نے دورا کیا، اس حوالے سے اے ایس پی عمران خان کا کہنا تھا کہ مہندم عمارت کے نیچے صرف دو مزدور دب کر جاں بحق ہوئے البتہ تمام ملبہ ہٹانے تک امدادی کاروائی جاری رکھی جائے گی۔ ان کے مطابق اگر حادثے میں کسی کی غفلت سامنے آئی تو کاروائی کی جائے گی۔

    اہل محلہ کا کہنا ہے منہدم ہونے والی عمارت کے ساتھ نئی عمارت کی تعمیر کیلئے کھدائی کی جارہی تھی۔

     

  • لاڑکانہ میں اے ایس آئی نے کانسٹیبل کو قتل کردیا

    لاڑکانہ میں اے ایس آئی نے کانسٹیبل کو قتل کردیا

    لاڑکانہ: صوبہ سندھ کےشہرلاڑکانہ میں ضمنی بلدیاتی انتخاب کےدوران ڈیوٹی پرمعمورپولیس اہلکار لڑ پڑے،فائرنگ میں ایک اہلکارجاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کےمطابق لاڑکانہ کی یونین کونسل کارانی میں ممبر ضلع کونسل کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے دوران پولنگ اسٹیشن بٹڑا پرڈیوٹی پرمعموردوپولیس اہلکاروں میں جھگڑا ہوگیا۔

    اس موقع پرفائرنگ میں پولیس اہلکار صدر الدین جونیجو شدید زخمی ہوگیا جسے چانڈکا اسپتال لاڑکانہ منتقل کیا گیا جہاں پروہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے اے ایس آئی خان لاشاری کوحراست میں لے لیا ۔

    پولیس کے مطابق اہلکاروں میں جھگڑا ذاتی تنازع پر ہوا۔فائرنگ کے بعد پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل آدھے گھنٹے تک روکا گیا جس کے بعد پولنگ دوبارہ شروع کرادی گئی

    خیال رہےکہ سندھ کے مختلف اضلاع سکھر، بدین، جیکب آبادمیں بلدیاتی ضمنی انتخابات ہورہے ہیں، پولنگ شام چار بجےتک بغیر کسی وقفے کےجاری رہےگی۔

    سندھ کےشہرسکھر میں چارنشستوں کےلیے ووٹ ڈالے جارہے ہیں جن میں یونین کمیٹی 25سعید آباد اور یوسی 9 نواں گوٹھ میں چیئرمین کی نشست شامل ہے۔

    یوسی 6وارڈ نمبر1 اور یوسی 7 وارڈ 2 کے جنرل ممبرزکےلیے بھی ووٹ کاسٹ کیے جارہے ہیں۔

    دوسری جانب خیرپورمیں9 نشستوں پرعوام اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں جبکہ ٹنڈومحمدخان کی تحصیل بلڑی شاہ کریم کی ایک یونین کونسل کےضلع کونسل ممبر کے لئے ووٹنگ ہو رہی ہے۔

    ادھر میرپورخاص کےوارڈ نمبر10 پرکونسلرکے انتخاب کےلیے پولنگ جاری ہے۔

    واضح رہےکہ بدین کی تحصیل ٹنڈوباگو کے2وارڈز میں جنرل کونسلرز کی نشستوں پر ووٹ ڈالے جارہے ہیں جبکہ جیکب آباداورشکارپورمیں ایک ایک نشست پر انتخاب ہورہاہے۔

  • سانحہ سہون شریف: شہداء کی نمازجنازہ اورتدفین

    سانحہ سہون شریف: شہداء کی نمازجنازہ اورتدفین

    ٹنڈو الہ یار/ لاڑکانہ/ شہداد کوٹ : گزشتہ روز سہون شریف کی درگاہ لعل شہباز قلندرؒ پر خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے متعدد افراد کی نمازجنازہ ادا کردی گئی، اس موقع پرانتہائی رقت آمیزمناظردیکھنے میں آئے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ سیہون شریف میں شہید ہونے والے ٹنڈوالہ یارکے دو نوجوانوں کی تدفین آبائی علاقے میں کردی گئی، سانحے میں شہید ہونے والےدونوں نوجوان آپس میں کزن تھے۔

    نوجوان اپنے مرشد پیر واحد شاہ جیلانی کے ہمراہ درگاہ لال شہباز قلندرپر زیارت کیلئے گئے تھے، دونوں افراد کی نماز جناز آبائی گاؤں قادر بخش سپاہی میں ادا کی گئی جس کے بعد کامارو شریف قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

    لاڑکانہ میں سانحہ سیہون کے 3 شہداء کی تدفین کردی گئی، نمازجنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید فیاض ویسر، شہید نجیب شیخ اور 3 ماہ کے نومولود بچے کی نماز جنازہ امام بارگاہ جعفری میں ادا کی گئی۔

     نماز جنازہ میں میئر لاڑکانہ سمیت شہداء کے ورثا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شیعہ تنظیموں کی جانب سے تینوں لاشوں سمیت باغ جناح چوک پر دھرنا دیا گیا، مظاہرین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف سندھ بھر میں مؤثر کاروائی کی جائے۔

    شہداد کوٹ میں سیہون بم دھماکے میں شہید ہونےوالے 4 افراد کی لاشیں ان کے آبائی شہر میں پہنچا دی گئیں، یاد رہے کہ سیہون بم دھماکے میں شہداد کوٹ کے 6 افراد تاحال لاپتہ ہے۔

    علاوہ ازیں صوبائی وزیر سہیل انور سیال نے سانحہ سہون شہداء کے گھر جاکران کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، اور فریال تالپور کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا، انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مالی امداد کی جائے گی۔

  • لاڑکانہ کشتی حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد چھ ہوگئی

    لاڑکانہ کشتی حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد چھ ہوگئی

    لاڑکانہ : دریائے سندھ میں مسافروں سے بھری کشتی الٹنے کے بعد ایک اورشخص کی لاش نکال لی گئی، ہلاکتوں کی تعداد چھ ہوگئی، مزید لوگوں کی تلاش کے لئےریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ فتح پور کے قریب دریائے سندھ میں کشتی حادثے کے بعد ڈوبنے والے افراد کو بچانے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    ریسکیو ٹیم نے ایک اور شخص کی لاش برآمد کرلی جس کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔ کشتی حادثہ گزشتہ روز پیش آیا تھا۔

    مذکورہ افراد درگاہ محبن پیر جارہے تھے، کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت چالیس سے زائد افراد سوار تھے جس میں سے بائیس افراد کو فوری ریسکیو کر کے بچا لیا گیا تھا تاہم کچھ لوگوں نے تیر کر اپنی جانیں بچائیں۔

    مزید پڑھیں : دریائے سندھ میں‌ کشتی الٹ گئی، 40 افراد سوار، 22 کو بچالیا گیا

    ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد کو تلاش کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں لیکن رات کے اندھیرے میں امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

  • لاڑکانہ: سود خوروں نے رقم کے بدلے کم سن بچیاں مانگ لیں

    لاڑکانہ: سود خوروں نے رقم کے بدلے کم سن بچیاں مانگ لیں

    لاڑکانہ: سود خوروں نے قرٖض کے بدلے مقروض کی بیٹیاں مانگ لیں، نو اور بارہ سالہ بچیوں کی دادی لاڑکانہ پریس کلب پر احتجاج اور دہائی دینے پر مجبور ہوگئی، سندھ حکومت اور آئی جی سندھ سے مدد کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے رہائشی اعجاز نے سود خوروں سے قرضہ لیا تھا اور اب لاپتہ ہے، 10 لاکھ روپے کی عدم ادائیگی کے باعث سود خور اس کی بچیاں فروخت کرنے یا اپنے حوالے کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

    بے بس دادی اپنے بیٹے کے لاپتہ ہونے کے بعد پوتیوں کے ساتھ پریس کلب کے سامنے اعلیٰ حکام سے فریاد کرنے پہنچ گئی، بارہ سالہ مریم اور نوسالہ زینب کی دادی نے روتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ وہ کسی قیمت پربھی اپنی پوتیوں کو سود خوروں کےحوالے نہیں کریں گی۔

    انہوں نے کہا کہ میری پوتیوں کی زندگی اورعزت خطرے میں ہے، سود خوروں نے زندگی مشکل کردی، ان کی دھمکیوں سے گھبرا کرگھر سے بے گھر ہوگئی ہوں۔

    ان کڑے حالات میں بچیاں اپنے باپ کو ڈھونڈ رہی ہیں۔ معصوم بچیاں اپنے بھیانک مستقبل کی جھلک دیکھ کرخوفزدہ ہیں۔ دادی کی اپیل ہے کہ حکومت سندھ اور آئی جی پولیس ان کی مدد کریں۔

  • بے نظیربھٹو کی نویں برسی، تیاریاں مکمل، جیالوں کی آمد جاری

    بے نظیربھٹو کی نویں برسی، تیاریاں مکمل، جیالوں کی آمد جاری

    لاڑکانہ : بے نظیر بھٹو کی نویں برسی کی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہوگی۔ تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ملک بھر سے قافلوں کی لاڑکانہ آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے دسواں یوم شہادت کے موقع پر گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں برسی کی تقریب کیلیے پنڈال سج گیا۔

    ستائیس دسمبر کی شام اس جگہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن جمع ہوکراپنی شہید لیڈرکو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ تقریب کیلیے بم پروف اسٹیج تیار کر لیا گیا۔ اس حوالے سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، برسی میں شرکت کیلیے پارٹی رہنما گڑھی خدا بخش پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار پر حاضری دی، بے نظیر کی قریبی ساتھی ناہید خان بھی مزار پر فاتحہ خوانی کیلیے پہنچیں، جیالوں کی بڑی تعداد بھی برسی میں شرکت کیلیے گڑھی خدا بخش آرہی ہے۔

     کارکنان بڑی تعداد میں بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دے کر قرآن خوانی بھی کررہے ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں سے جیالے قافلوں کی صورت میں لاڑکانہ کی جانب رواں دواں ہیں۔

  • حکمران قومی دولت لوٹ کر آف شور کمپنیاں بنا رہے ہیں، عبدالغفورحیدری

    حکمران قومی دولت لوٹ کر آف شور کمپنیاں بنا رہے ہیں، عبدالغفورحیدری

    لاڑکانہ : ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکمران قومی دولت لوٹ کر آف شور کمپنیاں بنا کر دولت ملک سے باہر منتقل کررہے ہیں، ایسے حالات میں ملک کس طرح ترقی کرسکتا ہے۔ اقلیتوں کے لیے پیش کئے جانے والے بل پر شدید افسوس ہے، مولانا فضل الرحمٰن سمیت جے یو آئی کے کسی رہنما کی بیرون ملک تو ملک میں ہی کوئی کمپنی نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں جے یو آئی کے شہید رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی برسی کے موقع پر شہید اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جے یو آئی کو عوامی خدمت سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے جو ناقابل برداشت ہے، ایسی قوتوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ جے یو آئی کو ایک موقعہ دیا جائے ہم مختصر عرصے میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

    شہید اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ غفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ 20 فیصد سے بھی کم لوگ ملک کے وسائل پر قابض اور عیاشیاں کررہے ہیں جبکہ 35 فیصد افراد غربت کی لکیر سے بھی نیچے ہیں۔ وہ سیاسی رہنما جنہوں نے انتخابات سے قبل کرپشن کرنے والوں کے پیٹ پھاڑ کر پیسے نکالنے کی باتیں کیں وہ خود اقتدار میں آکر کرپشن کرنے میں مصروف ہوچکے ہیں۔

    2018 کے انتخابات میں جے یو آئی نہ صرف بڑی قوت بن کر سامنے آئے گی بلکہ وڈیروں اور چودھریوں کا راج ختم کرتے ہوئے غریب افراد کا راج قائم کیا جائے گا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سندھ اسمبلی کی جانب سے اقلیتوں کے لیے پیش کئے جانے والے بل پر شدید افسوس اور بل پاس ہونے پر ممبران کی جہالت پر بھی افسوس ہے، نہ انہیں آئین ساز ادارے کا پتہ ہے نہ قانون کے پتہ۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت سے اپیل ہے کہ اس قانون کو فوری طور پر واپس لیں ورنہ ایسا نہ ہو کہ سو پیاز بھی کھانے پڑیں اور سو جوتے بھی۔

    مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ملک میں مغربی روایات قائم کرکے شرمناک کھیل کھیلا جارہا ہے۔ جمعے کے بابرکت دن کو بلیک فرائی ڈے قرار دے کر مغرب کی روایت قائم کی گئی۔ رمضان میں تاجر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مہنگی کردیتے ہیں انہوں نے بلیک فرائے ڈی پر آدھی قیمت پر اسٹال لگائے۔

    ، ملک میں بسنے والے 10 فیصد افراد یورپ کو خوش کرنے کے لیے سیکیولر اسٹیٹ بنانے چاہتے ہیں لیکن 90 فیصد لوگ چاہتے ہیں کہ ملک میں اسلامی ریاست قائم ہو جے یو آئی ملک کو سیکیولر اسٹیٹ بنانے نہیں دے گی ہم ایسے عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ افسوس ناک امر ہے کہ جس ملک میں آرمی چیف روزانہ دہشتگردوں کی پھانسی کی سزاؤں پر دستخط کرتے ہیں وہیں پاکستان کے عظیم لیڈر شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے پکڑے جانے والے قاتلوں کو قتل کے اعتراف اور دو سال گذرنے کے باوجود کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جارہا ہے اسے کیا سمجھا جائے کہ ملکی عدالتیں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کررہی؟

    اس موقع پر جے یو آئی کے مرکزی اور صوبائی رہنماوٴں نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں سندھ بھر سے جے یو آئی کے سینکڑوں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

  • وفاقی اجلاس میں صرف ایک وزیراعلیٰ کو مدعو کیا جاتا ہے، مراد علی شاہ

    وفاقی اجلاس میں صرف ایک وزیراعلیٰ کو مدعو کیا جاتا ہے، مراد علی شاہ

    کراچی / لاڑکانہ : وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے الزام لگایا ہے کہ وفاقی سطح کے ہراجلاس میں ایک مخصوص وزیراعلٰی کو ضرور شامل کیا جاتا ہے اور باقی کو نکال دیا جاتا ہے، وفاقی حکومت اب یہ کام نہ کرے، انہوں نے عمران خان کو ملازمت کی پیش کش بھی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی سطح پر جب بھی کوئی کمیٹی بنتی ہے تو اس میں صرف ایک وزیر اعلیٰ نظر آتا ہے۔ ملک کے مسائل کا حل صوبہ سندھ میں ہے، وزیر اعظم کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ چاروں صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں، سندھ کو الگ کرنے کی کوشش کریں گے تو ” گو نواز گو“ کے نعرے لگیں گے۔

    یہ بات انہوں نے گڑھی خدا بخش اور کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، سندھ کے وزیراعلیٰ نے کپتان کو ملازمت کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کرکٹ کھیلیں وہ ابھی بھی سیمی فائنل اور فائنل میں الجھے ہوئے ہیں۔

    عمران خان ہوتے تو پاکستان ٹیم کل کا میچ بھی ہار جاتی، انہیں دوبارہ سے کرکٹ کھیلنی چاہئیے اور اگر انہیں نوکری چاہئیے تو سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کو سفارش کر سکتا ہوں۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کے مطالبات کے حوالے سے حکومت پر دباؤ ڈالیں گے۔ سانحہ کار ساز کے شہداء کی قبروں پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کو سانحہ کار ساز کی دوبارہ سے تفتیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    مقدمہ پرانا ہونے کی وجہ سے ملزمان تک پہنچنا ضروری ہے لیکن ہم سانحہ کے ذمہ داروں تک ضرور پہنچیں گے۔ وزیراعلٰی سندھ کے انداز اوراطوار بتارہے ہیں کہ وہ وفاق اور کپتان سے ایک ساتھ مقابلے کے لیےتیاری کررہے ہیں۔