لاڑکانہ : پیپلز پارٹی کی سابق چیئرپرسن اور پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیربھٹو کی 62 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے، بے نظیر کو 27 دسمبر 2007 میں لیاقت باغ راولپنڈی میں قتل کردیا گیا تھا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی اور مقامی تنظیموں کی جانب سے ملک بھرمیں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے اور مرکزی تقریب لاڑکانہ میں ہوگی۔
پیپلزپارٹی نے اس بار سابق وزیراعظم بے نظیربھٹو کی سالگرہ بھرپورجوش و جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی قیادت کی طرف سے ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے وہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر سالگرہ کی تقریبات کا اہتمام کریں۔
پارٹی سے ناراض رہنما ناہید خان اور صفدر عباسی کل ایوان اقبال لاہور میں سہ پہر تین بجے سالگرہ کا کیک کاٹیں گے۔ پیپلزپارٹی سیکرٹریٹ کراچی میں سہ پہر تین بجے قرآن خوانی اور دعا ہوگی۔
دوسری جانب بے نظیر بھٹو کی باسٹھ ویں سالگرہ کے موقع پرنوڈیرو میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جہاں سالگرہ کی تقریب بھی انتہائی سادگی سے منائی جائے گی۔
سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی سالگرہ تقریب میں شرکت کیلئے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت لاڑکانہ پہنچ گئی ہے۔
سالگرہ کی مرکزی تقریب نوڈیرو کے بھٹو ہاؤس میں ہوگی جس میں شرکت کے لئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، بختاور بھٹو زرداری، سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک اور دیگر پارٹی رہنما نوڈیرو کے بھٹو ہاؤس میں پہنچ گئے ہیں ۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدابخش پہنچ کر بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی اور پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر رحمٰن ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔