Tag: LATEST NEWS

  • سانپ میں موجود قدرتی مادہ کرونا کا خاتمہ کرسکتا ہے؟ حوصلہ افزا خبر

    سانپ میں موجود قدرتی مادہ کرونا کا خاتمہ کرسکتا ہے؟ حوصلہ افزا خبر

    امریکا کے محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ سانپ کی مخصوص نسل میں پایا جانے والا مادہ کرونا ویکسین کو مزید مؤثر بنا سکتا ہے۔

    ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے ماہرین نے ’برمی سانپوں‘ کے جسم میں پائے جانے والے قدرتی مادے (زہر) کو کرونا وائرس  ویکسین کے لیے مفید اور مؤثر قرار دیا ہے۔

    امریکی ماہرین کے مطابق اس مادے یا زہر کا نام ’سیکوالین‘ ہے جو سانپوں کی صرف برمی نسل میں پایا جاتا ہے، اس کے علاوہ یہ مادہ یا تیل شارک کے جگر میں بھی موجود ہوتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس اس مادے کو کرونا ویکسین میں شامل کیا جائے تو  ویکسین بہت زیادہ مؤثر اور مفید ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ سیکوالین مدافعتی نظام کو متحرک اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: سانپ کے زہر سے کینسر کا علاج دریافت کرنے کا دعویٰ

    امریکی ماہرین نے وضاحت کی کہ یہ  مادہ قدرتی طور پر شارک کے جگر میں بھی پایا جاتا ہے مگر سانپ سے اس کا حصول بہت زیادہ آسان ہے کیونکہ اس کی نسل کو معدومی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

    ماہرین کے مطابق انہوں نے تحقیق کے دوران فلوریڈا میں پائے جانے والے مخصوص نسل کے سانپ کا مادہ حاصل کر کے اسے ویکسین میں شامل کیا جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔

    یہ بھی پڑھیں: کرونا سے متاثرہ شخص سانپ کے زہر سے نابینا اور مفلوج ہوگیا

    اسے بھی پڑھیں: سانپ کے کاٹنے کی صورت میں کیا کرنا چاہیے؟ احتیاطی تدابیر اور علاج

    تحقیقی ماہرین نے بتایا کہ دس فٹ لمبے سانپ میں یہ مادہ اتنی زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے کہ اس سے کرونا کی 3 ہزار 500 خوراکیں تیار ہوسکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس مادے کو ویکسین میں پہلی بار 1997 میں اُس وقت شامل کیا گیا تھا جب انفلوائنزا کی ویکسین متعارف کرائی گئی تھی۔

  • ًمسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی نے نوازشریف کو ’بھگوڑا‘ قرار دے دیا

    ًمسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی نے نوازشریف کو ’بھگوڑا‘ قرار دے دیا

    گوجرانوالہ: مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اشرف علی نے نوازشریف کو بھگوڑا قرار دے دیا۔

    گوجرانوالہ میں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ’نوازشریف نظریاتی ہیں اور نہ ہی انقلابی بلکہ وہ بھگوڑے ہیں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’نوازشریف کو قومی اداروں کی تضحیک اور قومی سلامتی کے راز افشا نہیں کرنے چاہیے تھے۔ انہوں نے بطور وزیراعظم جو حلف اٹھایا اُس کی خلاف ورزی کی‘۔

    چوہدری اشرف علی کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی عوام مودی اور جندال کا کھیل کھیلنے والوں کے ساتھ نہیں اور نہ ہی اُن کے ساتھ کبھی کھڑے ہوں گے‘۔

    یاد رہے کہ نوازشریف کی قومی اداروں کے خلاف تقریر اور اہم رازوں پر لب کشائی کرنے کے بعد مسلم لیگ ن میں بغاوت پیدا ہوگئی ہے، متعدد اراکین اسمبلی نے نوازشریف کی تقاریر کی نہ صرف مذمت کی بلکہ اُن کا ساتھ نہ دینے کا عندیہ بھی دیا۔

    مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن نوازشریف سے اختلاف کرنے والے ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹس دے کر پھنس گئی

    یہ بھی پڑھیں: اراکین اسمبلی اب مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں، جلیل شرقپوری

    اس معاملے پر سب سے پہلے رکن صوبائی اسمبلی جلیل شرقپوری نے آواز بلند کی اور اعلان کیا تھا کہ وہ ایسی کسی بھی تحریک کا حصہ نہیں بن سکتے جو ملک کے خلاف ہو۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اب سے کچھ دیر قبل دعویٰ کیا کہ ’مسلم لیگ ن کے 70 فیصد اراکین اور کارکنان نے نوازشریف اور مریم کے بیانیے کو مسترد کردیا ہے‘۔

    واضح رہے کہ نوازشریف کی تقریر کی مخالفت کرنے والے اراکین اسمبلی اور رہنماؤں کو مسلم لیگ ن کی قیادت نے شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں، جن اراکین کو نوٹس جاری کیے گئے اُن کی گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات ہوئی تھی۔

  • شہباز گل کا پسندیدہ سیاست دان کون؟ معاونِ خصوصی نے نام بتادیا

    شہباز گل کا پسندیدہ سیاست دان کون؟ معاونِ خصوصی نے نام بتادیا

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے  سیاسی روابط شہباز گل نے  وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد کو پسندیدہ سیاست دان قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ ’شیخ رشید نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود اور اُن کے مسائل پر بات کی‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے ہمیشہ عوامی مفاد کی بات کی، میں انہیں بطور سیاست دان پسند کرتا ہوں۔

    قبل ازیں شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تصاویر شیئر کیں اور ساتھ میں لکھا کہ ’وزیراعلی پنجاب سے تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب حکومت کی دو سالہ اچھی کارکردگی اور اس کی تشہیر پر تبادلہ خیال ہوا۔

    انہوں نے لکھا کہ ’وزیراعلی اور ان کی ٹیم جلد ہی اسلام آباد کے صحافیوں کےساتھ اپنی دو سالہ کارکردگی شئیرکرے گی‘۔ شہباز گل نے لکھا کہ ’ملاقات میں میڈیا ورکرز کے مسائل پر بھی بات ہوئی جبکہ کچھ پرانی یادیں بھی تازہ کیں‘۔

    بعد ازاں معاونِ خصوصی نے یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے اپنے پیغام میں پاک فوج کے شہید بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور لکھا کہ ’چھ ستمبر میرے ان بہادر جوانوں کا دن ہے جس دن پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔ پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستانی قوم اور پاکستانی افواج اپنے چپے چپے کا دفاع کرنے کے لئیے اپنی جان پر کھیل گیے۔

    انہوں نے لکھا کہ ’ہمیں اپنے وطن، اپنی مٹی اور اپنے شہیدوں پر فخر ہے‘۔

  • آزادی کے نظریات اور مقاصد کے مطابق ملک کا نظام بنارہے ہیں، عمران خان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے جشن آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنا پیغام جاری کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے اور عہد کرنے کا دن ہے۔

    عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج وطن کےدفاع میں جانیں قربان کرنے والوں کوخراج عقیدت پیش کرنےکا دن ہے کیونکہ آج کے دن قوم کے بیٹوں نے دھرتی اور نظریے کے دفاع کیلئےقربانیاں دیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کو گزشتہ 70سالوں سے بہت سارے چیلنجز کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہم نےاندرونی اور بیرونی محاذوں پرجنگ لڑی اور اُس میں فتح حاصل کی‘۔

    ’ہماری قوم نے ہمسایہ ملک کی چالوں، دہشت گردی کی لعنت اور قدرتی آفات سے لے کر وبائی امراض کا نہ صرف سامنا کیا بلکہ استقامت کا مظاہرہ بھی کیا، آج ہم ایک بار پھر اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ثابت قدم رہیں گے، اتحاد ایمان اور نظم و ضبط کی مشعل راہ پر چلتے ہوئے ہر چلینج کو نہ صرف تسلیم کریں گے بلکہ اُسے شکست بھی دیں گے‘۔

    عمران خان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’ہم نے ریاستِ مدینہ کو اپنا رول ماڈل منتخب کیا، اس کے مقصد اور حصول کے لیے ہم پوری طرح سے کوشش و جدوجہد کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ملک میں ایسا نظامِ حکومت بنائیں جو آزادی کے نظریات اور مقاصد کے عین مطابق ہو، ہم ایسا نظام بنانے کے لیے کوشاں ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہو‘۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ’آزادی کے موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، اُن کے لیے ہمارے دل غمزدہ ہیں کیونکہ وہ گزشتہ ایک سال سے فوجی محاصرے کا سامنا کررہے ہیں، ہم حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے پیچھے مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ہر دستیاب فورم پر اُن کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے‘۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بین الاقوامی برادری سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنی آواز بلند کرے کیونکہ بھارتی حکومت آر ایس ایس کے نظریے پر عمل کرتے ہوئے خطے کی امن و سلامتی کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کررہی ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ  مجھے یقین ہے کہ بہادر کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور انہیں اُن کا حق ضرور ملے گا۔

    وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللہ رب العزت ہمیں آباؤ اجداد کے وژن کی مناسبت سے ملک کی تعمیر نو کی توفیق عطا فرمائے اور کشمیری بھائیوں کو بھی بھارت کے تسلط سے آزادی عطا فرمائے تاکہ تقسیم کے ایجنڈے کو مکمل کیا جاسکے۔ آمین

  • سانحہ اے پی ایس: طالب علم احمد نواز کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا

    سانحہ اے پی ایس: طالب علم احمد نواز کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا

    لندن: سانحہ اے پی ایس میں دہشت گردوں اور موت کو شکست دینے والے طالب علم احمد نواز کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا۔

    احمد نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں دنیا کی نامور یونیورسٹی آکسفورڈ میں داخلہ مل گیا ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں احمد نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’پانچ برس قبل دہشت گردوں نے مجھے نشانہ بنایا اور میرے اسکول پر اس وجہ سے حملہ کیا کہ ہم تعلیم حاصل کرنے سے باز آجائیں‘۔

    انہوں نے لکھا کہ ’آج مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ مجھے آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا ہے جہاں اب میں مزید تعلیم کا سلسلہ جاری رکھوں‌ گا‘۔

    انہوں مزید لکھا کہ ’جو آپ کی سوچ اور منزل ہوتی ہے اُسی حساب سے آپ کو راستہ بھی مل جاتا ہے‘۔

    یاد رہے کہ دو برس قبل نومبر میں احمد نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا تھا کہ انھیں کولمبو میں ساؤتھ ایشیا یوتھ سمٹ میں ایشین انسپریشن ایوارڈ سے نوازا جائے گا‘۔

    ایوارڈ دینے کی تقریب کا انعقاد 30 نومبر کو کولمبو میں ہوا جس میں احمد نواز کو امن کے فروغ اور نوجوانوں کوبا اختیار بنانے پر اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

    اس سے قبل طالب علم احمد نواز نے برطانوی امتحانات میں اعلیٰ کارکردگی دکھاتے ہوئے پوزیشن حاصل کی تھی ، احمد نے جی سی ایس ای امتحان میں 6 مضامین میں اے سٹارحاصل کئے اور 2مضامین میں اے گریڈ حاصل کیا تھا۔

    بعد ازاں اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احمد نواز نے بتایا تھا ’میری کامیابی کا سہرا والدین اور خیرخواہوں کے سر جاتا ہے، میرا خواب ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کروں، سانحے کے بعد حوصلہ بڑھانے والوں نے بھی ہمت دی، ہمت بڑھانے والوں خاص طور پر ڈی جی ایس پی آر کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘۔

    احمد نواز کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس ہم سب کے لیے ایسا واقعہ ہے جسے کوئی بھی فراموش نہیں کرسکتا، لیکن ہمیں آگے بڑھناہے اور یہ ثابت کرنا ہے کہ مشکلات کے باوجود ہم ہمت ہارنے والے نہیں ہیں۔

    واضح رہے 16 دسمبر 2014 کو پشاور آرمی پبلک اسکول میں خون کی ہولی کھیلی گئی تھی، دہشت گردوں نےعلم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے وحشت و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی تھی اور دردناک سانحے اور دہشت گردی کے سفاک حملے میں 147 افراد شہید ہوگئے تھے، جس میں 132 بچے بھی شامل تھے۔

    سانحہ اے پی ایس پشاور میں زخمی ہونے والے طالب علم احمد نواز کو حکومت نے سرکاری خرچ پر 2015 میں علاج کے لیے برطانیہ بھیجا تھا جہاں اُن کا علاج کوئین الزبتھ اسپتال میں ہوا، برطانوی ڈاکٹرز نے احمد نواز کا علاج کیا جس کے بعد وہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹے اور پھر لندن میں ہی تعلیم کا آغاز کیا۔

  • نیب پیشی پر ہنگامہ آرائی، مریم نواز اور 300 افراد کے خلاف مقدمہ درج

    نیب پیشی پر ہنگامہ آرائی، مریم نواز اور 300 افراد کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر کی پیشی کے دوران ہنگامہ آرائی کا مقدمہ  مریم نواز سمیت دیگر قائدین اور 300 کارکنان کے خلاف درج کرادیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کا مقدمہ چوہنگ تھانے میں نیب کی مدعیت میں  مریم نواز سمیت مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت اور 300 نامعلوم افراد  کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ایف آئی آر میں زخمی پولیس اہلکاروں کا ذکر بھی کیا گیا جبکہ مقدمے میں نیب دفتر پر حملے، توڑ پھوڑ اور کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

    یاد رہے مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی، نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ لیگی کارکنوں نے نیب دفتر کے باہر رکاوٹیں ہٹادیں تھیں۔

    مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کا لیگی قیادت اور کارکنوں کے حملے کی تفصیلات جاری کرنے کا فیصلہ

    پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں کومنتشر کرنے کیلئے نیب آفس کے باہر واٹر کینن بھی طلب کی تھی، لیگی کارکنان گاڑی ایل ای 3378میں پتھر سےبھرے شاپرلیکرآئے تھے ، لیگی کارکنوں نے گاڑی کےاندر سے پتھر نکال کر پولیس پر برسائے تھے۔

    لیگی کارکنوں کے پتھراؤ کے باعث نیب دفتر پرکھڑیوں کے شیشےٹوٹ گئے جبکہ لیگی کارکنان نے نیب دفتر کے باہر بیریئر بھی توڑنےکی کوشش کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کے قافلے میں جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیاں تھیں، راجہ بشارت

    پولیس نے لیگی کارکنان کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو پتھراؤ کا سلسلہ شروع ہوا جس کے بعد نیب دفتر کے باہر موجود نفری نے شیلنگ کی جبکہ ہنگامہ آرائی کرنے والے متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا۔مسلم لیگ ن نے گرفتار ہونے والے کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جبکہ مریم نواز نے اپنی پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ مسلم لیگ ن حراست میں لیے جانے والے کارکنان کو قانونی معاونت فراہم کرے گی۔
  • حکومت کا جلد خواتین کے لیے پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا جلد خواتین کے لیے پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود و غربت مٹاؤ مہم ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اعلان کیا ہے کہ احساس نشوونما پروگرام کا آغاز جلد کیا جائے گا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ  اسٹنٹنگ کی روک تھام پرمبنی احساس نشوونما پروگرام جلدشروع کیاجارہاہے، پروگرام کے تحت خیبر کے نشوونما مرکز کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ احساس نشوونما پروگرام میں صارف خواتین کو نقد اور ماہانہ ظائف دیےجائیں گے، تمام نشوونما مراکز پر اے ٹی ایم خاص طور پر نصب کیےجارہےہیں، یہ اقدام صارف خواتین کی بائیومیٹرک تصدیق سےآسان ادائیگی کےلیے کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں: احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ، ثانیہ نشتر نے پاکستانی عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

    اُن کا کہنا تھا کہ ’خواتین اور  کمزور بچوں کو صحت بخش اضافی غذا کے پیکٹ فراہم کیے جائیں گے، نشوونما مراکز پر پیکٹوں کی ترسیل و تقسیم کا ریکارڈ رکھا جائے گا، خواتین ،،بچوں کی خوراک اور صحت و صفائی پر چارٹ اور پوسٹر بنائےگئے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی گارڈ اور ان کی اہلیہ سے گفتگو ہوئی، دوران گفتگویہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ ان کی ساری بیٹیاں سکول جاتی ہیں، لڑکوں اور لڑکیوں کو تعلیم کی اہمیت پر گارڈ اور اُن کی اہلیہ نے میری بات سے اتفاق کیا۔

  • وزیرقانون پنجاب کا روالپنڈی جرائم کے حوالے سے بڑا انکشاف

    وزیرقانون پنجاب کا روالپنڈی جرائم کے حوالے سے بڑا انکشاف

    راولپنڈی:  پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے انکشاف کیا ہے کہ روالپنڈی کے متعدد علاقے جرائم کی آماج گاہ بن چکے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے بعض علاقوں میں جرائم پیشہ افراد نے مضبوط نیٹ ورک بنا لیے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ  راولپنڈی کےبعض علاقے جرائم کی آماجگاہ بھی بن چکےہیں، اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے جلد ہی سرچ آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔

    لاہور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ’لڑکی کو برہنہ کر کے سرعام گھمانے کے واقعے پر انتہائی افسوس ہے، پولیس کی جانب سےملزمان کو ریلیف دینےکی تحقیقات کی جارہی ہیں، اگر کوئی ملوث ہوا تو اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘۔

    مزید پڑھیں: راولپنڈی، خاندانی دشمنی پر فائرنگ، 10 افراد جاں‌ بحق، مزید ہلاکتوں‌کا خدشہ

    یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے گلبرگ میں افسوناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں وسیم مسیح نامی لڑکے نے شادی سے انکار پر ام رباب نامی لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی اُسے برہنہ کر کے سڑک پر گھمایا تھا۔

    واقعے میں وسیم اور اُس کے 9 دوست شامل تھے، واقعے کی ایف آئی آر لڑکی کی مدعیت میں گلبرگ کے تھانہ غالب مارکیٹ میں درج کی گئی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔

    ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا تھا کہ ’ وسیم مسیح ولد سلیم مسیح، رانجھا مسیح ولد سلیم مسیح، نعمان عرف نومی، سکندر مسیح اور 6 دیگر افراد نے لڑکی کے والدین کی غیرموجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 5 جولائی کو رات ساڑھے دس بجے کے قریب ام رباب انجم ولد ذوالفقار انجم کے گھر پر حملہ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ‌راولپنڈی میں‌ بھائی نے بہن کو قتل کردیا

    اوباش نوجوانوں نے گھر میں گھس کر ملازم راشد اور لڑکی کے رشتے دار ندیم منشا کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ام رباب کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گھر سے باہر لے گئے تھے۔ ملزمان نے لڑکی کو سڑک پر برہنہ کیا اور پھر اسلحے کے زور پر اسے سڑک پر گھماتے رہے۔

    بعد ازاں اہل علاقہ نے بیچ بچاؤ کرا کے لڑکی کو وسیم مسیح اور اس کے ساتھیوں سے چھڑوایا۔

  • بلوچستان، اسمارٹ‌ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے حوالے سے بڑا اعلان

    بلوچستان، اسمارٹ‌ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے حوالے سے بڑا اعلان

    کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں نافذ ہونے والے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے صوبے بھر میں 15 اگست تک نافذ کیے جانے والے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا۔

    محکمہ داخلہ کی جانب سے نوٹی فکیشن واپس لینے کے بعد صوبے بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کو ختم کردیا گیا۔

    بلوچستان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد کل سے تمام کاروباری مراکز، مارکیٹس، اسٹورز پر عائد ہونے والے اوقات کار کو ختم کردیا گیا جس کے بعد انہیں رات گئے تک کھلنے کی اجازت ہوگی۔

    یاد رہے کہ محکمہ داخلہ بلوچستان نے کہا ہے کہ صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت شاپنگ مالز، مارکیٹس اور گوداموں کو  ہفتے میں 6 روزصبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلنے کی اجازت دی گئی تھی۔

    محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران بلوچستان میں ریسٹورنٹس، ہوٹلز کو ہوم ڈلیوری اور ٹیک آوے سروس کے لیے 24گھنٹے کھلا رکھے جاسکیں گے، جبکہ کسی بھی دکان میں ایک وقت میں 4 سے زائد لوگ موجود نہیں ہوں گے۔

    صوبائی حکومت نے کاروباری حضرات کو خبردار کیا تھا کہ وہ ایس او پیز کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

  • فاسٹ فوڈز اور ریسٹورنٹس کے ایس او پیز جاری

    فاسٹ فوڈز اور ریسٹورنٹس کے ایس او پیز جاری

    لاہور : سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے پنجاب میں فاسٹ فوڈز اور ریسٹورنٹس کھولنےکے قواعد و ضوابط (ایس او پیز) جاری کردیے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکرٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر نے ایس او پیز کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس میں  فاسٹ فوڈز اور ریسٹورنٹس مالکان کو  ہدایت کی ہے کہ وہ قواعد و ضوابط کر سختی سے عمل کریں۔

    محکمہ ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ فاسٹ فوڈ،ریسٹورنٹس کے ہالز میں سماجی محفلوں کی اجازت نہیں ہو گی، گنجائش کے لحاظ سےصرف50 فیصدلوگوں کو بیٹھ کر کھانا کھانے کی اجازت ہوگی۔

    مزید پڑھیں: محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولز کھولنے سے متعلق ایس او پیز تیار کر لیے

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ 60سال سے زائد عمر کے لوگوں کو کو ریسٹورنٹس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اسی طرح بچوں کو بھی داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ہیلتھ کیئر نے نوٹی فکیشن میں واضح کیا ہے کہ ریسٹورنٹس میں ہر میز کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ لازمی برقرار رکھا جائے گا،پلے ایریاز مکمل بند رہیں گے۔

    ریسٹورنٹس میں کام کرنے والے ملازمین سماجی فاصلے، ماسک اور گلوز کا لازمی استعمال کریں گے جبکہ شہریوں کو بھی ماسک کے بغیر  داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں: ایک گھنٹے میں عوامی پارکس کھولنے کا فیصلہ واپس

    سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ ہر میز (ٹیبل) پر سینیٹائزر رکھنا لازمی ہوگا، بوفے ایریاز میں ویٹر کے علاوہ کسی کو کھانا لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔