Tag: LATEST NEWS

  • نئی شپنگ پالیسی کا اعلان، ٹیکسز میں بڑی چھوٹ

    نئی شپنگ پالیسی کا اعلان، ٹیکسز میں بڑی چھوٹ

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے نئی شپنگ پالیسی کا اعلان کردیا جس میں شپنگ کمپنیز کو ٹیکس میں بڑی چھوٹ دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جمعے کے روز علی زیدی نے پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے نئی پالیسی اور شپنگ کمپنیز کو دی جانے والی ٹیکس کی چھوٹ کے حوالے سے آگاہ کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ میری ٹائم سیکٹر کو پاکستان میں کافی نظرانداز کیا گیا لیکن یہ سیکٹر بہت ساری وزارتوں سے منسلک ہے، تمام انڈسٹریز پورٹ کے ساتھ جڑتی ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ شپنگ پالیسی کی تیاری میں مشیر تجارت رزاق داؤد نے بہت زیادہ مدد کی، 1972 میں جب اداروں کی نیشنلائزیشن ہوئی تو شپنگ انڈسٹری بھی اس کی زد میں آئی اور بری طرح‌ سے متاثر ہوئی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ نیشنلائزیشن کے بعد دیگر صنعتیں وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوئیں مگر جہاز رانی کی صنعت اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہوسکی کیونکہ ہمارے پاس کوئی جہاز نہیں اور ہمیں فریٹ کی مد میں بہت زیادہ رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت جو بھی شخص پاکستان میں شپنگ کمپنی اور جہاز رجسٹرڈ کرے گا، اُسے 2030 تک کوئی کسٹم ڈیوٹی ادا نہیں کرنا ہوگی، پاکستان میں شپنگ کمپنی اور جہاز رجسٹرڈ کرنے والی کمپنی کو پہلے برتھ دیا جائے گا جبکہ رجسٹرڈ جہازوں کو بندرگاہ پر پہلے لنگر انداز کیا جائے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ جہاز پر کوئی انکم اور سیلز ٹیکس نہیں ہوگا، پاکستانی جھنڈے والے جہاز کو پورٹ پر کھڑے ہونے کا پہلا حق دیا جائے گا اور پرائیوٹ انٹرپرائزز کا فریٹ ڈالر کے بجائے روپے میں چارج کیا جائے گا۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ ’کارگو شپ خریدنے پر بینک تین فیصد رقم قرض کی صورت میں ادا کرے گا ‘۔

  • الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اراکین پارلیمنٹ سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ سے 2019 اور 2020 کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی گئیں ہیں۔

    ای سی پی نے اراکین کو ہدایت کی ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر ہے لہذا تمام پارلیمنٹ ممبران مقررہ تاریخ سے قبل تفصیلات جمع کرادیں۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک اثاثوں کی تفصلات جمع نہ کروانے والے رکن کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کی جانب سے ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

    یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے 2019 میں بھی اراکین پارلیمنٹ سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کیں تھیں، مقررہ تاریخ تک کوائف جمع نہ کرنے والے 200 سے زائد اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل بھی گئی تھی۔

    جن اراکین کی رکنیت معطل کی گئی تھی اُن میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، موجودہ وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر برائے ماحولیات زرتاج گل سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔

    رکنیت معطل ہونے کے بعد تمام اراکین نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادی تھیں جس کے بعد انہیں بحال کردیا گیا تھا۔

  • کراچی بارش، کرنٹ لگنے سے مزید چار شہری جاں بحق

    کراچی بارش، کرنٹ لگنے سے مزید چار شہری جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں ہونے والی بارشوں میں ایک بار پھر کرنٹ لگنے سے  اب تک چار شہری جاں بحق ہوگئے، صوبائی وزیر توانائی نے پیش کش کی ہے کے الیکٹرک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے والے لواحقین کو سندھ حکومت معاونت فراہم کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ہونے والی مون سون بارشوں کے دوسرے روز بھی مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات پیش آئے جس میں اب تک چار شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔

    سٹی کورٹ میں واقع سول اسپتال کے قریب کرنٹ لگنے سے 8 سالہ بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے، ریسکیو حکام کے مطابق بارش کے پانی میں پھیلنے والے کرنٹ سے دونوں شہری جاں بحق ہوئے، مرنے والوں کی شناخت 8 سالہ انس اور جواد کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ بجلی کے کھمبے میں کرنٹ سے 8 سالہ بچہ جاں بحق ہوا جبکہ سول اسپتال کے قریب بارش کے پانی میں‌ پھیلنے والے کرنٹ‌ سے جوان نامی شہری زندگی کی بازی ہار گیا۔

    مزید پڑھیں: کراچی: کرنٹ لگنے سے اموات، نیپرا کا نوٹس

    علاوہ ازیں لانڈھی اور ماڈل کالونی میں بھی کرنٹ لگنے سے دو شہریوں کی ہلاکت ہوئی، ایک روز قبل کرنٹ لگنے کے واقعات میں دو شہری جاں بحق ہوئے تھے۔

    دوسری جانب وزیرتوانائی سندھ امتیاز شیخ نے کرنٹ سے ہونے والی ہلاکتوں اور فیڈرز ٹرپ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے سربراہان سے رابطہ کیا۔

    امتیاز شیخ نے بارشوں میں کرنٹ سےہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ادارے سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیرتوانائی سندھ نے ہدایت کی کہ ذمہ داران کا تعین کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی بارش : پانی سڑکوں پر موجود، بجلی بھی بحال نہ ہوسکی

    اُن کا کہنا تھا کہ کےالیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کی نا اہلی کا خمیازہ عوام کو بھگتناپڑ رہا ہے، کرنٹ لگنے کے حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اگر کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کراناچاہتے ہیں تو صوبائی حکومت انہیں مکمل معاونت فراہم کرے گی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ماہ جولائی کے آخری دنوں میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں 12 شہری کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے تھے جس پر نیپرا نے نوٹس لے کر کے الیکٹرک سے جواب طلب کیا تھا۔

  • راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا افتتاح: ’لاہور میں کراچی جیسی پانی کی قلت کا خدشہ ہے‘

    راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا افتتاح: ’لاہور میں کراچی جیسی پانی کی قلت کا خدشہ ہے‘

    لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں لاہور کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ اب شہر آلودہ ہوگیا ہے اور یہاں پانی کی قلت کا خدشہ بھی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم نے شاہدرہ میں راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’دنیا بھر سے ہریالی ختم ہوتی جارہی ہے کیونکہ پانی اپنی سطح سے نیچے جاررہا ہے، ہمیں مستقبل میں فوڈ سیکیورٹی کے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑے گا‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’آج ملک میں گندم کابحران ہے اورگنےکی پیداوارختم ہوگئی ہے، گندم بحران کے اور بھی مسائل ہیں جنہیں حل کریں گے، ایسے بحرانوں کی وجہ سے ہمیں  بیرون ممالک سےچیزیں درآمدکرنا پڑ رہی ہے، پاکستان میں کبھی گندم کی کمی نہیں ہوئی مگر اس بار ڈیڑھ ملین ٹن کم پیداوار ہوئی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’جیسے کراچی کو پانی کے مسئلے کا سامنا ہے ایسے مسائل لاہور میں بھی آئیں گے، ہمیں لاہور کے مسائل پر توجہ دینا ہوگی، لاہورکو ہم نے ماڈرن شہر بنانا ہے اور سیوریج کےمسائل حل کرنا ہیں، لاہورمیں آبادی بڑھنے کاخطرہ بڑھ گیا، ہم اس شہرکو ماڈرن بنائیں گے تب ہی یہاں ترقی ہوگی، راوی پر نئے بیراجز بنیں گے، جہاں شہرکا پانی فلٹر کرکےدیاجائےگا‘۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اب ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے شہر آباد کیےجائیں،  راوی ایک بڑا دریا تھا آج سکڑ کر ایک سیم نالہ بن گیا ہے،  روای منصوبہ نہ بنا تو لاہور کے مسائل بڑھ جائیں گے، اس لیے ہم نے پچاس ہزار ارب کی مالیت کا منصوبہ شروع کرنے کا نہ صرف فیصلہ کیا بلکہ اسے مکمل کرنے کا بھی ارادہ  کیا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  منصوبے میں اوورسیز پاکستانی بھی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں،90لاکھ اوورسیزپاکستانیوں کےلیے یہ منصوبہ بہترین موقع ہے، اس منصوبے سے لوگوں کو روزگار ملے گا کیونکہ تعمیراتی شعبے کے ساتھ مزید 40 صنعتیں چلنا شروع ہوجاتی ہیں، اسلام آباد کے بعد یہ دوسرا بڑا پروجیکٹ ہے جہاں شہرآباد ہونے جارہا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اپنی ٹیم کوسمجھایا یہ مشکل پروجیکٹ ہے، اس لیے ہمیں مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا، اگر رکاوٹیں نہ ہوتی تو2004 میں منظور ہونے والا یہ پروجیکٹ اب تک تیار ہوچکا ہوتا، ہماری ٹیم مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود اس منصوبے کو مکمل کرے گی کیونکہ ہم نے کشتیاں جلا دی ہیں اور اب پیچھے ہٹنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے‘۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ کی میں خود نگرانی کروں گا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب بھی منصوبے پر نظر رکھیں گے، ہم نے افتتاحی تقریب کے لیے 6 ماہ قبل محنت شروع کی کیونکہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی جیسے منصوبےملک کو فائدہ دیتےہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’2سال کےبعداب وہ وقت آیا ہے ہم آگے بڑھیں اور ترقی کی منازل طے کریں، ہم نے جو کچھ بھی اچھا کام شروع کیا تو  این آر او ٹولے نے کام میں رکاوٹیں ڈالیں‘۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال سامنا رہا ہے مگر ہم ملک کو اس مشکل سے نکالنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں‘۔

  • ٹک ٹاک نے پاکستانی صارفین کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کردیا

    ٹک ٹاک نے پاکستانی صارفین کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کردیا

    بیجنگ: آن لائن ویڈیو شیئرنگ موبائل ایپلیکیشن ٹک ٹاک نے پاکستانی صارفین کے لیے نئی پالیسی جاری کردی۔

    ٹک ٹاک کی جانب سے پاکستان میں ایپلیکیشن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے کمیونٹی گائیڈ لائن جاری کی گئیں ہیں، جن کا مقصد صارفین کو تحفظ اور مثبت ماحول فراہم کرنا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ’گائیڈ لائن صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوں گی اور انہیں خوش آئند ماحول فراہم کرنے کی ضامن بھی ہوں گی‘۔

    پاکستانی صارفین کے لیے جاری ہونے والے رہنما خطوط یا ہدایت نامے میں بتایا گیا ہے کہ کس قسم کا مواد ٹک ٹاک پر شیئر کیا جاسکتا ہے اور کون سی ویڈیوز پر پابندی ہے، ایسے اقدامات تخلیقی صلاحیت کے صارفین کی مزید حوصلہ افزائی کریں گے اور دیگر صارفین کو تفریحی فراہم کرنے کا ذریعہ بھی بنیں گے۔

    مزید پڑھیں: نامناسب ویڈیوز، پاکستان کے حتمی نوٹس پر ٹک ٹاک کا جواب

    ٹک ٹاک نے واضح کیا ہے کہ جو ویڈیوز پاکستانی قوانین کی خلاف ورزی میں شمار کی جائیں گی انہیں پلیٹ فارم سے ہٹا دیا جائے گا اور جو صارف کمیونٹی گائیڈ لائن کی مسلسل خلاف ورزی کرے گا اُسے نشاندہی کے بعد بند کردیا جائے گا۔

    کانٹینٹ مارڈریشن Content Moderation

    کمیونٹی گائیڈ لائن کے تحت کانٹیٹ ماڈریشن کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ٹک ٹاک کی ٹیم متنازع یا غیر اخلاقی مواد کی نشاندہی کرے گی اور جائزہ لینے کے بعد شیئر کرنے والے صارف کو قانون کے مطابق سزا بھی دے گی۔

    کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کانٹینٹ مارڈیشن دراصل آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے منسلک ہے، جو گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کرنے والی ویڈیوز کی فوری نشاندہی کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

    ٹک ٹاک نے واضح کیا ہے کہ پلیٹ فارم پر مزاح، کسی گانے کی لپسنگ ، شاعری سمیت دیگر اقسام کی ویڈیوز گائیڈ لائن کی خلاف ورزی نہیں ہیں، اس کے علاوہ خطرناک چیلنجز، یا نقصان پہنچانے والی ویڈیوز، بے بنیاد معلومات اور غیر اخلاقی مواد کو پالیسی کی خلاف ورزی قرار دیا جائے گا۔

    کمپنی نے صارفین نے اپیل کی کہ اگر وہ کوئی نامناسب ویڈیو دیکھیں تو وہ ایپ میں موجود فیچر کو استعمال کرتے ہوئے اُسے رپورٹ کریں تاکہ نامناسب ویڈیوز کو پلیٹ فارم سے ہٹایا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں: اسلام کو نہ ٹک ٹاک سے خطرہ ہے، نہ ہی کتابوں سے: فواد چوہدری

    ٹک ٹاک ترجمان کے مطابق کمپنی نے اپنی سخت پالیسیوں اور قواعد و ضوابط کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے دنیا بھر سے اپ لوڈ ہونے والی سیکڑوں ویڈیوز کو پلیٹ فارم سے ڈیلیٹ کیا۔

    کمپنی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کا شمار اُن پانچ بڑے ممالک میں ہوتا ہے جہاں صارفین کی بڑی تعداد معیاری ویڈیوز بنا کر شیئر کرتی ہے اور ایپلیکیشن کو استعمال کرتی ہے، اس لیے پاکستان سے رپورٹ ہونے والے مواد پر انتظامیہ ایکشن لینے کی پابند ہے۔

  • ایک گھنٹے میں عوامی پارکس کھولنے کا فیصلہ واپس

    ایک گھنٹے میں عوامی پارکس کھولنے کا فیصلہ واپس

    لاہور: صوبہ پنجاب میں پارکس کے انتظامات کو دیکھنے والے محکمے پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی  (پی ایچ اے) نے عوامی اور تفریحی پارکس کھولنے کے فیصلے کو ایک گھنٹے میں ہی واپس لے لیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایچ اے نے پبلک پارکس کھولنے کا مراسلہ آج جاری کیا جسے اتھارٹی نے ایک بار پھر واپس لیتے ہوئے عوامی پارکس کی بندش کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔

    پی ایچ اے کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ’صوبے بھر کے عوامی پارکس کو صبح 8 سے شام پانچ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی‘۔

    مزید پڑھیں: سوشل میڈیا پر شاپنگ مالز اور مارکیٹس کھولنے کا جعلی نوٹی فکیشن وائرل

    مراسلے میں واضح کیا گیا تھا کہ پارکس میں آنے والے عوام کو کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا اور جو شخص فیس ماسک کے بغیر آئے اُسے پارک میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    پی ایچ اے نے ایک گھنٹے کے اندر ہی اجازت نامے کو منسوخ کر کے نیا مراسلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’پبلک پارکس تاحکم ثانی بند رہیں گے‘۔

    پی ایچ اے کے نئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ’سیکریٹری ہیلتھ کے نئے احکامات تک عوامی پارکس کو بند رکھا جائے گا‘۔

  • ایک اور بھارتی اداکار کی خودکشی

    ایک اور بھارتی اداکار کی خودکشی

    ممبئی: بھارت کی شوبز انڈسٹری کے اداکاروں میں خودکشی کا رجحان تیزی سے بڑھنے لگا، ایک اور بھارتی اداکار پھندے پر جھول گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈرامہ انڈسٹری کے لیے کام کرنے والے چوالیس سالہ بھارتی اداکار سمیر شرما کی پھندا لگی لاش اُن کے گھر سے برآمد ہوئی۔

    سمیر شرما نے ’’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘‘ اور ’’کہانی گھر گھر کی‘‘ جیسے مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر اداکار نے خودکشی کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سمیر شرما کی پھندا لگی لاش لاش بدھ کی رات ممبئی میں واقع اُن کے گھر سے برآمد ہوئی۔

    پولیس کے مطابق عمارت کے چوکیدار نے لاش دیکھ کر انتظامیہ کو آگاہ کیا اور پھر انہوں نے متعلقہ تھانے کو واقعے سے متعلق بتایا۔

    مزید پڑھیں: بھارتی شوبز انڈسٹری میں خودکشی کا بڑھتا رجحان، ایک اور اداکار پھندے پر جھول گیا

    پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا جبکہ موت کو حادثاتی قرار دیتے ہوئے اس کا مقدمہ بھی درج کرلیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ لاش دو روز پرانی ہے یعنی سمیر شرما نے دو روز قبل خودکشی کی۔

    واضح رہے کہ  بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے یہ سال بہت بھاری ثابت ہوا ہے، گزشتہ دنوں نامور بالی ووڈ اسٹار عرفان خان، رشی کپور کینسر جبکہ میوزک کمپوزر ساجد خان کرونا سے انتقال کرگئے تھے۔

    یاد رہے کہ 14 جون 2020 کو بالی ووڈ کے ابھرتے ہوئے نوجوان اداکار سشانت سنگھ نے بھی خودکشی کی، اُن کے دوستوں کا کہنا تھا کہ اداکار کام نہ ملنے کی وجہ سے شدید ڈپریشن کا شکار تھے۔

    تین جولائی کو چار دہائیوں تک بالی ووڈ انڈسٹری پر راج کرنے والی معروف کوریئو گرافر سروج خان 70 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئیں تھیں۔

    علاوہ ازیں سلمان خان کے ساتھ ریڈی فلم میں کام کرنے والے مزاحیہ اداکار موہیت بگہیل 27 برس کی عمر میں چل بسے، وہ کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے، اس سے قبل 13 مئی کو  بالی ووڈ کی مشہور فلم پی کے میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے ساتھ کام کرنے والے اداکار کینسر کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ کی خودکشی کی کوشش

    علاوہ ازیں 39 سالہ اداکار چرن جیوی سرجا کو 7 جون کو دل میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال لایا گیا، وہ  دوران علاج جانبر نہ ہوسکے تھے۔ چرن جیوی سرجا کی موت کی تصدیق تلنگا فلموں میں کام کرنے والے اداکار اور اہل خانہ نے کی تھی۔

     9 جولائی کو بالی ووڈ فلموں میں مزاحیہ کردار ادا کر کے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے جگدیپ 81 برس کی عمر میں جہانِ فانی سے کوچ کرگئے تھے۔ جگدیپ معروف بالی ووڈ اداکار جاوید جعفری اور نوید جعفری کے والد تھے، اُن کا اصل نام سید اشتیاق احمد جعفری تھا۔

    بعد ازاں بھارت کی نوجوان ٹک ٹاک اسٹار نے خودکشی کی جبکہ اُس سے ایک روز قبل مقامی شوبز انڈسٹری کے اداکار سشیل گودا نے خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔

    رواں سال جولائی کی 13 تاریخ کو اداکارہ اور ماڈل دیویا چوکسے کمسپرسی کی حالت میں کینسر سے جنگ ہار گئیں تھیں، انہوں نے اپنی موت سے قبل انسٹاگرام پر الوادعی پیغام بھی شیئر کیا جسے پڑھ کر مداح مزید غمزدہ ہوگئے تھے، اسی طرح 24 جولائی کو  بالی ووڈ کی معروف رقاصہ اور کوریئو گرافر امالا شنکر 101 سال کی عمر میں دارِ فانی سے کوچ کر گئیں۔ وہ رات سونے کے لیے اپنے کمرے میں گئیں اور سوتی ہی رہ گئیں۔

    یاد رہے کہ تیس جولائی کو مراٹھی فلموں میں کام کرنے والے اداکار بھاکرے کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی تھی جبکہ اس سے دو روز قبل  بھارت کی تامل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی نوجوان اداکارہ وجایا لکشمی نے خودکشی کی کوشش کی تھی، خوش قسمتی سے اُن کی جان بچ گئی تھی۔

    وجایا کا شمار انڈسٹری کے متحرک اداکاروں میں ہوتا ہے کیونکہ گزشتہ دو برس میں انہوں نے شوبز کے لیے بہت زیادہ کام کیا۔ خودکشی کی کوشش سے قبل وجایا نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’کچھ دیر میں میری موت ہوجائے گی‘۔

  • زرمبادلہ کے ذخائر میں 65 کروڑ ڈالرز کا اضافہ

    زرمبادلہ کے ذخائر میں 65 کروڑ ڈالرز کا اضافہ

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے تصدیق کی ہے کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 65 کروڑ ڈالرز کا مزید اضافہ ہوا ہے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اضافے کے بعد زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مالیت 12 ارب 54 کروڑ 22 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔

    اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ورلڈ بینک کی جانب سے ملنے والے 50 کروڑ 55 لاکھ ڈالرز کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق تیس جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے تک ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 56 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئے تھے جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر کی مالیت 12 ارب 54 کروڑ بائیس لاکھ ڈالرز کی سطح پر آگئی۔

    مزید پڑھیں: ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 81 لاکھ ڈالر کا ریکارڈ‌ اضافہ

    تیس جولائی تک زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 19 ارب 56 کروڑ 29 لاکھ ڈالرز کی سطح پر پہنچ گئے جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب دو کروڑ ڈالرز کے ذخائر موجود ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری رپورٹ میں زرمبادلہ کےذخائر کاحجم 18ارب91کروڑ ڈالرز بتایا گیا تھا۔

  • عائشہ فاروقی رخصت، زاہد حفیظ دفتر خارجہ کے ترجمان مقرر

    عائشہ فاروقی رخصت، زاہد حفیظ دفتر خارجہ کے ترجمان مقرر

    اسلام آباد: وزارتِ خارجہ نے عائشہ فاروقی کی جگہ زاہد حفیظ کو دفتر خارجہ کا ترجمان مقرر کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دفتر خارجہ کی موجودہ ترجمان عائشہ فاروقی ٹریننگ کے لیے روانہ ہورہی ہیں جس کی وجہ سے زاہد حفیظ کو ترجمان کا عہدہ دینے کا فیصلہ کیا۔

    وزارت خارجہ نے زاہد حفیظ کی تقرری کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا جس کے بعد انہوں نے عہدہ سنبھال لیا۔

    زائد حفیظ کون ہیں؟

    زاہد حفیظ چوہدری وزارتِ خارجہ میں گزشتہ 26 برس سے خدمات انجام دے رہے ہیں، انہوں نے بطور ڈائریکٹر جنرل افغانستان، ایران، ترکی اور جوائنٹ سیکریٹری نیشنل سیکیورٹی کے عہدے پر ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔

    زاہد حفیظ چودھری وزارت خارجہ میں بطور ڈائریکٹر جنرل جنوبی (ساوَتھ) ایشیا اور سارک میں تعینات ہوچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ وزارت خارجہ نے عائشہ فاروقی کو 19 دسمبر کو ترجمان دفتر خارجہ مقرر کیا تھا۔ اس سے قبل عائشہ فاروقی ہیوسٹن میں پاکستان کی قونصل جنرل کی حیثیت سے ذمہ داری انجام دے رہی تھیں۔

    عائشہ فاروقی کو ڈاکٹر فیصل کی جگہ دفتر خارجہ کا ترجمان تعینات کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ  بطور سفارت کار فرانس، مصر، برطانیہ، ترکی اور امریکا میں خدمات انجام دے چکی تھیں۔

  • کھانسی سے کرونا کی تشخیص کرنے والی موبائل ایپ

    کھانسی سے کرونا کی تشخیص کرنے والی موبائل ایپ

    برلن: جرمنی کی ٹیکنالوجی کمپنی نے کھانسی سے کرونا کی تشخیص کرنے والی موبائل ایپ کی تیاری شروع کردی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمن کی ٹیکنالوجی کمپنی نے Neue Aufnahme نامی ایک ایسی ایپ تیار کی تیاری کرلی جو کھانسی کی آواز سے جسم میں کرونا وائرس کی موجودگی کا بتائے گی۔

    کمپنی کے مطابق یہ ایپ کسی بھی شخص‌کی کھانسی کی آواز کو ریکارڈ کرے گی اور 30 منٹ‌کے اندر آواز کا تجزیہ کر کے مذکورہ شخص کے بارے میں بتائے گی کہ آیا وہ کرونا کا مریض ہے یا نہیں ہے۔

    صارفین ایپ میں اپنی چھینک کی آواز بھی ریکارڈ کرسکیں گے جس کے بعد اُس کی آوازوں کا موازنہ کرونا سے متاثرہ افراد کی آوازوں کے ساتھ کرے گی اور اسی بنیاد پر وائرس کی تشخیص سے متعلق نتائج دے گی۔

    کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ ایپ صارفین کی عمر، جنس اور صحت سے متعلق تمام تر معلومات لوگوں کی ریکارڈنگ سننے کے بعد خود ہی پہچان لے گی۔

    ابھی تک کمپنی نے یہ وضاحت پیش نہیں کی کہ یہ ایپ عام صارفین کو دستیاب ہوگی یا نہیں البتہ ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کا ماننا ہے کہ اس کو تجربے کے لیے اسپتالوں میں دیا جائے گا۔