Tag: LATEST NEWS

  • کراچی کے نالوں‌ کی صفائی کا کام کل سے شروع ہوگا،  لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل

    کراچی کے نالوں‌ کی صفائی کا کام کل سے شروع ہوگا، لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ کراچی میں 7 سے 9 اگست تک بارش کا امکان ہے، شہر قائد کے مسائل کو حل کرنے کے لیے انہیں سمجھنا ضروری ہے، کل سے شہر کے بڑے نالوں کی صفائی کا کام شروع کیا جائے گا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اےمحمدافضل نے کراچی کی صورت حال پر اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دی اور بتایا کہ کراچی میں گزشتہ دنوں ایک گھنٹے میں 83 ملی میٹر بارش ہوئی، وزیراعظم کی ہدایت پر جب کراچی پہنچا تو اُس وقت تک پانی کی نکاسی ہوچکی تھی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کو سمجھنے کی ضرورت ہے تب ہی مسئلہ حل ہوگا، شہر میں روزانہ 20 ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جس کو ٹھکانے لگانے کا کوئی انتظام موجود نہیں جبکہ ندی نالوں پر ناجائز تعمیرات ہوچکی ہیں۔

    لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ کراچی کے بڑے نالوں کی صفائی کی ذمہ داری این ڈی ایم اے کے سپرد کی گئی ہے، کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ایک ساتھ مل کر بیٹھنا ہوگا تاکہ کوئی دیرینہ حل نکل سکے کیونکہ وقتی  طور پر کیے جانے والے اقدامات سے شہریوں کو ریلیف تو ملے گا مگر مسائل جوں کے توں رہیں گے۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہونے والی بارش سے نقصانات ہوئے جس پر افسوس ہے، کچھ روز پہلے ہونے والی برسات سے چند علاقے متاثر ہوئے، اب ہم ایسا کام کریں گے کہ شہر میں ہونے والی بارشوں سے کم سے کم نقصان ہوگا، کراچی میں این ڈی ایم اے نے اپنا کام شروع کردیا ہے۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کےلئے 6 دن بڑےاہم ہیں، 7 سے 9 اگست تک بارش کا امکان ہے، اُس کے بعد 15 اگست تک ایک اور کمزور سسٹم حدود میں موجود رہے گا، جو وقتاً فوقتاً برستا رہے گا، اُس کے بعد بارش زیادہ نہیں ہوگی۔

  • منی لانڈرنگ کیس، شریف خاندان کے لیے کام کرنے والا اہم ملزم گرفتار

    منی لانڈرنگ کیس، شریف خاندان کے لیے کام کرنے والا اہم ملزم گرفتار

    لاہور: قومی احتساب بیورو نے منی لانڈرنگ میں شریف خاندان کو معاونت فراہم کرنے والے اہم ملزم کو حراست میں لے لیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز خواجہ نصیر کے مطابق شریف خاندان کےخلاف مبینہ منی لانڈرنگ  کیس میں بڑی پیشرفت اُس وقت سامنے آئی جب قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف گروپ کے سی ایف او عثمان کو حراست میں لیا۔

    نیب ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق محمد عثمان شریف خاندان کی مبینہ منی لانڈرنگ کیس کا اہم ملازم ہے، اس حوالے سے نیب کے پاس اہم ثبوت و شواہد بھی موجود ہیں۔

    مزید پڑھیں: شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ کیس ، نیب کی چونکا دینے والی رپورٹ سامنے آگئی

    قومی احتساب بیورو کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ’محمد عثمان بطور سی ایف او شریف خاندان کے اکاؤنٹس پر نظر رکھتا تھا، ملزم غیر قانونی طریقے سے شریف خاندان کے لیے پیسہ باہر بھیجنے میں بھی ملوث ہے‘۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے محمد عثمان کی گرفتار  کی تصدیق کی جبکہ نیب کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل نیب محمد عثمان کو منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: نیب کا شریف خاندان کے گرد مزید گھیرا تنگ ، 7ارب کا ریفرنس تیار

    واضح رہے کہ رواں سال مئی میں نیب نے منی لانڈرنگ اور غیر قانون طریقے سے پیسے بنانے پر شریف خاندان کے خلاف 7 ارب روپے کا ریفرنس تیار کیا تھا۔

  • پنجاب حکومت کا زبردست اقدام، شہر بھر میں عرق گلاب کا چھڑکاؤ

    پنجاب حکومت کا زبردست اقدام، شہر بھر میں عرق گلاب کا چھڑکاؤ

    لاہور: پنجاب کی مقامی حکومت نے دارالحکومت میں آلائشوں کے تعفن کو ختم کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں 1500 لیٹر عرق گلاب کا چھڑکاؤ کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آلائشوں کے تعفن کے خاتمے کے لیے بیشتر علاقوں میں عرق گلاب کا اسپرے کیا گیا۔

    ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق عید کے دوسرے روز بھی صفائی آپریشن جاری ہے جس کے تحت لاہور کے علاقے لکشمی چوک، راج گڑھ، مزنگ، گلبرگ، فیروزپور روڈ سمیت دیگر علاقوں میں 1500 لیٹر عرق گلاب کا چھڑکاؤ کیا گیا۔

    فیاض الحسن چوہان کا بیان

    دوسری جانب پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر بزدار حکومت، انتظامیہ نے صفائی ستھرائی کے نظام کو فوکس کیا ہوا ہے جس کے لیے خصوصی آپریشن کیا جارہا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ  پنجاب کے تمام اضلاع میں صفائی کےبروقت اقدامات کیےگئے ہیں، ہمارا بنیادی فوکس آلائشیں اکٹھی کرنا ،اسٹورکرنا، اور انہیں مٹی میں تلف کرنا ، پنجاب میں7113گاڑیاں اور28165 افرادپرمشتمل عملہ کام کررہا ہے، صوبے میں ایک اندازے کے مطابق 93 ہزار 500 ٹن الائشیں ٹھکانے لگائیں جائیں گی۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ یونین کونسلوں میں صفائی کے لیے کیمپ لگائےگئےہیں جبکہ آلائشوں کو تلف کرنےکےلیے بیگزبھی تقسیم کیےگئے ہیں، ایل ڈبلیوایم سی کی جانب سے1.7 ملین بیگز تقسیم کیےگئے، صفائی کے آپریشنز کی خصوصی کنٹرول رومز سے نگرانی کی جارہی ہے،  صفائی کے بعد چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا جس میں چار لاکھ گلوگرام سے زائد چونے کا استعمال کیا جائے گا۔

  • امیتابھ بچن کرونا سے صحت یاب

    امیتابھ بچن کرونا سے صحت یاب

    ممبئی: بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار امیتابھ بچن کا کرونا ٹیسٹ منفی آگیا جس کے بعد انہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن ممبئی کے نانا وتی اسپتال میں گیارہ جولائی زیر علاج تھے،  ڈاکٹرز نے ایک روز قبل اُن کا کرونا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ اب سے کچھ دیر قبل موصول ہوئی۔

    ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ امیتابھ بچن نے کرونا کو شکست دے دی جس کے بعد انہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا۔

    صحت یابی پر امیتابھ بچن نے مداحوں کے نام پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تصدیق کی کہ میں اسپتال سے گھر منتقل ہوگیا ہوں۔

    مزید پڑھیں: امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کرونا سے متاثر، اسپتال منتقل

    یاد رہے کہ بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور اُن کے صاحبزادے اببھیشیک بچن کو گیارہ جولائی کو کرونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    بالی ووڈ انڈسٹری کے 77 سالہ نامور اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ میں کرونا سے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہفتے کی شام امیتابھ بچن کو طبیعت خراب ہونے کے بعد ممبئی کے نانا وتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ امیتابھ بچن کے ساتھ اُن کی بہو ایشوریا رائے اور پوتی کا کرونا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا جو مثبت آیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: ایشوریا رائے کی بیٹی کی کرونا رپورٹ آگئی

    امیتابھ بچن نے کرونا کی تشخیص کے بعد گزشتہ دس روز میں ملاقات کرنے والوں سے درخواست کی تھی کہ وہ بھی احتیاط کریں اور علامات ظاہر ہونے پر اپنا ٹیسٹ ضرور کروائیں۔

  • بحرین جانے کے خواہش مند افراد کے لیے بڑی خوش خبری، حکومت نے اعلان کردیا

    بحرین جانے کے خواہش مند افراد کے لیے بڑی خوش خبری، حکومت نے اعلان کردیا

    ماناما: بحرین کی لیبر مارکیٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 9 اگست کے بعد سے ورک پرمٹ (کام کرنے کے اجازت نامے) کے لیے درخواستیں جمع کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔

    گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق بحرین لیبر مارکیٹ ریگولیٹری اتھارٹی (ایل ایم آر اے) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ غیر ملکی مزدوروں کو ورک ویزہ دینے کا سلسلہ جلد دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔

    اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بحرین میں کام کرنے کے خواہش مند افراد 9 اگست کے بعد اپنی درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت نے کرونا وبا کے پیش نظر رواں سال مارچ میں درخواستیں جمع کرانے کا سلسلہ بند کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں: بحرین کی حکومت نے شہریوں کو خوش خبری سنادی

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے نجی کمپنیوں کو اجازت دے دی ہے کہ وہ غیر ملکیوں کو  بھرتی کرنے  کا سلسلہ دوبارہ شروع کرسکتی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بحرین کے امیر اور ولی عہد  سلمان بن حمد الخلیفہ  نے حکومت کی ایگزیکیٹیو کمیٹی کے ساتھ ہونے والی مٹینگ میں نجی کمپنیوں کو  ایک بار پھر بھرتیاں کرنے کی اجازت دی۔

  • بھارت لاک ڈاؤن، شراب نہ ملنے پر شہری سینیٹائزر پی گئے، 10 ہلاک

    بھارت لاک ڈاؤن، شراب نہ ملنے پر شہری سینیٹائزر پی گئے، 10 ہلاک

    ممبئی: بھارت میں کرونا لاک ڈاؤن کے دوران شراب نہ ملنے پر نشے کے عادی افراد نے گھریلو ساختی سینیٹائزر پیا لیا جس کی وجہ سے 10 شہری ہلاک ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کی پولیس نے جمعے کے روز تصدیق کی کہ شہر میں کرونا کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے بعد شراب کی دکانیں بند ہیں۔

    لاک ڈاؤن میں شراب نہ ملنے کے باعث نشے کے عادی افراد نے گھریلو ساختہ سینیٹائزر پیا جس کے بعد اُن کی حالت تشویشناک ہوئی ۔ آندھرا پردیش کے علاقے کورچیدو کے پولیس سپریٹنڈنٹ سدھارتھ کوشال کا کہنا تھا کہ ‘شراب نہ ملنے پر متاثرہ افراد نے بہت زیادہ مقدار میں سینیٹائزر اور سوڈے کا پانی پیا جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوگئے تھے، متاثرہ افراد کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تو وہ راستے میں دم توڑ گئے جس کی ڈاکٹرز نے بھی تصدیق کی ہے۔’

    پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ ’متاثرہ افراد سینیٹائزر کو شراب کے متبادل کے طور پر استعمال کررہے تھے، مرنے والوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا‘۔

    آندھرا پردیش میں یہ 10 ہلاکتیں ایک ایسے وقت میں ہوئیں جب بھارت میں کرونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد پینتیس ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ بھارت اس وقت کرونا کیسز کے اعتبار سے دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں کرونا کیسز کی تعداد 16 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

  • آسام سیلاب، مسلمان شہری نے ہندو دوست کی مدد کر کے انسانیت مثال قائم کردی

    آسام سیلاب، مسلمان شہری نے ہندو دوست کی مدد کر کے انسانیت مثال قائم کردی

    دس پور: بھارتی ریاست آسام میں سیلاب کی سنگین صورت حال کے باوجود مسلمان شخص نے ایک ہندو کی جان بچا کر انسانیت کا فرض ادا کیا اور لوگوں کے دل جیت لیے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے شمال مشرقی علاقے میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد ریاست آسام کے مختلف شہروں میں سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔

    سیلاب کی وجہ سے عام لوگوں کو تکلیف تھی ہی مگر جو بیمار تھے یہ صورت حال اُن کے لیے بہت زیادہ پریشان کن تھی۔ ایسے سخت اور مشکل وقت میں جرأت کا مظاہرہ کر کے مسلمان شخص نے مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کی مثال قائم کر کے سب کے دل جیت لیے۔

    رپورٹ کے مطابق آسام کے رہائشی سیف الرحمان نامی شہری کے دوست لال چند جگر کے سنگین عارضے میں مبتلا ہیں، کرونا خوف  کی وجہ سے اہل خانہ بھی اُن کے قریب نہیں جاتے مگر سیف الرحمان نے مشکل صورت حال میں مذہبی تفریق کو بلائے طاق رکھا اور انسانیت کے ناطے اپنے دوست کا ساتھ دیا۔

    مزید پڑھیں: افغان فوجی جوان کا علاج کرکے پاکستان نے انسانیت کی مثال قائم کردی

    دہلی کے گنگارام اسپتال میں تعینات سینئر ڈاکٹر اوشست ویر نے سیف الرحمان کو ویڈیو کے ذریعے ہدایات دیں جن پر عمل کر کے لال چند کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    سیلاب کا علم ہونے کے باوجود سیف الرحمان کشتی پر سوار ہوکر لال چند کے گھر فوراً مدد کو پہنچے۔ لیور ٹرانسپلانٹ کے ماہر ڈاکٹر اوشست دھیر نے بتایا کہ ’آسام میں کرونا وبا اور سیلاب کی وجہ سے لال چند دوا نہیں لے پارہے تھے، وقت پر دوا نہ کھانے کی وجہ سے اُن کی طبیعت بگڑ گئی تھی، ایسے میں سیف الرحمان کشتی پر سوار ہوکر لال چند سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے اور اُن کے لیے فرشتہ ثابت ہوئے کیونکہ لال چند کی جان جانے کا خطرہ تھا۔

    سیف الرحمان کا کہنا تھا کہ میں نے ڈاکٹر اور مریض کے درمیان ویڈیو کے ذریعے رابطہ کرایا اور پھر ملنے والی ہدایت پر عمل کیا۔

  • سندھ میں کرونا کے کیسز پھر بڑھنے لگے، وزیراعلیٰ کی عوام سے اپیل

    سندھ میں کرونا کے کیسز پھر بڑھنے لگے، وزیراعلیٰ کی عوام سے اپیل

    کراچی: سندھ میں ایک بار پھر کرونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 489 شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے کرونا کی تازہ ترین صورت حال کے حوالے سے اپنا پیغام جاری کیا اور بتایا کہ صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 489 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    مراد علی شاہ نے یہ بھی بتایا کہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا سے مزید 11 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 220 تک پہنچ گئی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں اب تک 11 ہزار 738 مریض کرونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے، اس وقت 8 ہزار 81 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 476 اسپتالوں میں ہیں۔

    مزید پڑھیں: پنجاب: کرونا کیسز میں کمی، آج 218 مریض رپورٹ ہوئے

    مراد علی شاہ کے مطابق اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں میں سے 65 وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ 320 مریضوں کی حالت کو ڈاکٹرز نے تشویشناک قرار دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ’کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 244نئے کیس رپورٹ ہوئے‘۔

    مراد علی شاہ نے صورت حال پر تشیویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحیٰ کے ایام میں ایس او پیز پر عمل کریں اور خود کو محفوظ رکھنے کے ساتھ اپنوں کی بھی حفاظت کریں۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز اور اموات میں بتدریج کمی ہورہی ہے، 24 گھنٹوں میں 903 نئے کرونا کیسز سامنے آئے جبکہ 27 افراد جان سے گئے۔ ملک میں کورونا کیسز اور اموات میں کمی کا سلسلہ برقرار ہے۔

  • حج 2020، وقوفِ عرفہ کی تصویری جھلکیاں

    حج 2020، وقوفِ عرفہ کی تصویری جھلکیاں

    ریاض: فریضہ مقدسہ ادا کرنے والے عازمین نے آج حج کا رکن اعظم ادا کیا اور عرفات کے میدان میں حج کا خطبہ سنا۔ کرونا وبا کے پیش نظر عازمین نے اس دوران سماجی فاصلے کی احتیاطی تدبیر پر سختی سے عمل کیا۔

    اسلام کا پانچواں فرض ادا کرنے والے خوش نصیب عازمین  گزشتہ روز یعنی 8 ذوالحجۃ کو منیٰ میں قیام کیا اور رب کی تعریف و تسبیح بیان کرتے ہوئے اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کی، عازمین نے 8 ذوالحجۃ کی نمازِ ظہر ، عصر اور مغرب پھر 9 ذوالحجۃ شروع ہونے کے بعد عشاء اور فجر کی نماز منیٰ میں ہی ادا کی اور احکاماتِ شریعہ کے مطابق رات وہیں گزاری۔

    فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد عازمین تلبیہ (لَبَّیک، اَللّٰهمَّ لَبَّیک، لَبَّیکَ لَا شَرِیکَ لَکَ لَبَّیک، اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْم لَکَ وَالْمُلْک لَاشَرِيکَ لَک) باآواز بلند پڑھتے وقوفِ عرفہ کے لیے میدان عرفات پہنچے۔

    عرفات پہنچنے کے بعد عازمین نے خطبہ حج سُنا اور ظہر عصر کی نمازیں ادا کیں، بعد ازاں غروبِ آفتاب تک قبلۂ رخ کھڑے ہوکر خوب دعائیں کیں۔

    مزید پڑھیں: اللہ پاک انسانوں کو وباؤں اورآفات سے دور رکھے، خطبہ حج

    غروبِ آفتاب کے بعد عازمین تلبیہ پڑھتے ہوئے عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوئے اور اب سے کچھ دیر قبل وہاں پہنچ کر مغرب و عشاء کی نمازیں ایک اذان و اقامت کے ساتھ عشاء کے وقت ادا کیں۔

    عازمین آج یعنی 9 اور 10 ذوالحجۃ کی رات  مزدلفہ میں گزاریں گے اور فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد دعائیں کر کے منیٰ کے لیے روانہ ہوجائیں گے، جہاں وہ بڑے یعنی آخری جمرات (شیطان) کو کنکریاں ماریں گے۔

    بعد ازاں قربانی کر کے  بال منڈوائیں گے اور احرام اتار دیں گے اور پھر طوافِ زیارت (حج کا طواف یا سعی) کا رکن ادا کریں گے۔

    گیارہوں اور 12 ویں ذوالحجۃ کو عازمین منی میں قیام کریں گے اور زوال کے بعد جمرات کو 7، 7 کنکریاں ماریں گے،  جمرات کو کنکریاں مارنے کے بعد عازم کو منیٰ چھوڑنے کی اجازت ہوگی۔

    تیرہوں ذوالحجۃ کو اگر کوئی عازم منیٰ سے روانہ نہیں ہوسکا تو اُس کو حکم ہے کہ وہ زوال کے بعد تینوں جمرات کو کنکریاں مارے۔

    خیال رہے سعودی عرب نے کرونا کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا ہے۔ رواں سال صرف دس ہزار افراد کو فریضہ مقدسہ کی ادا کرنے کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔

    عازمین کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا، جن میں 30 فیصد مقامی اور 70 فیصد غیر ملکی تارکین ہیں، منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچایا گیا، جہاں وہ ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں علیحدہ علیحدہ کمروں میں مقیم رہے۔

    حج کے رکن شروع ہونے سے قبل تمام عازمین کا کرونا کی تشخیص کا ٹیسٹ بھی کیا گیا، محکمہ صحت نے تصدیق کی کہ کسی بھی حاجی کو کرونا کی تشخیص نہیں ہوئی۔

  • کرونا وائرس، ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شہزاد رائے کا بڑا انکشاف

    کرونا وائرس، ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شہزاد رائے کا بڑا انکشاف

    کراچی: پاکستانی گلوکار اور سماجی رہنما شہزاد رائے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور اُن کے اہل خانہ کرونا سے متاثر ہوئے مگر اب صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کرونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شہزاد رائے نے بتایا کہ انہیں اور اہل خانہ کو کرونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

    شہزاد رائے نے لکھا کہ کچھ عرصہ قبل میں اور اہل خانہ وائرس کی تکلیف سے گزرے البتہ اب متاثر ہونے والے تمام لوگ بالکل ٹھیک ہیں۔

    سماجی رہنما نے یورپی یونین کے تعاون سے تیار کی جانے والی ویڈیو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جس کے ذریعے عوام کو  کرونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کو آسانی سے سمجھایا گیا ہے۔

    اس ویڈیو کے ذریعے عوام کو سماجی فاصلے اور ماسک لگانے کی ترغیب دی گئی اور بتایا گیا ہے کہ اگر ان دو کاموں پر پابندی سے عمل کرلیا جائے تو آپ کرونا سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

    اس ویڈیو میں گلوکار شہزاد رائے کو ماسک پہن کر ہیڈ فون لگائے سڑک پر چلتا دکھایا گیا ہے اور پھر یہ دکھایا گیا کہ وہ سماجی فاصلے کو یقینی بناتے ہوئے بزرگ شہری کی مدد کررہے ہیں اور اُسے سڑک پار کروا رہے ہیں۔

    ویڈیو کے آخر میں گلوکار نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ وبا سے بچنے کے لیے عید قرباں بھی سادگی سے منائیں اور عید کے موقع پر سماجی فاصلے کو خاص طور یقینی بنائیں۔ شہزاد رائے نے ’چہرے پر ماسک، ہر پاکستانی کا ٹاسک‘ نعرہ بھی بلند کیا۔